اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزارت مذہبی امور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سات سالوں کے دوران حج ادا کرنے والے درخواست گزار اس سال سرکاری اسکیم کے تحت حج 2017کے لئے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو آئندہ حج کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں تین وقت کا کھانا فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے،انہوں نے کم سے کم خرچ پر سفر اور قیام کی بہتر سہولتیں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا اعتراف معاشرے کے تمام طبقوں نے کیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جاوید لطیف کے سماجی بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا کوئی بھی پارٹی رہنما کسی بھی ایسے پبلک فورم یا ٹی وی شو میں شرکت نہیں کرے گا جہاں ن لیگی رہنما جاوید لطیف مدعو ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسے شخص کے پبلک فورم پر آنے پر پر پابندی لگ جاتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مراد سعید کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا اور مراد سعید نے طیش میں آکر جاوید لطیف کو مکا رسید کردیا۔مراد سعید نے کہا کہ جاوید لطیف نے ان کے خاندان کے بارے گھٹیا الفاظ استعمال کیے جبکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر مراد سعید کی جگہ میں بھی ہوتا تو اس سے زیادہ کرتا۔

 

ایمز ٹی وی(تجارت) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 40ہزار روپے والے پریمیم پرائز بانڈز کا اجراء کردیا ،جس کاانعام 8کروڑ روپے ہے،زکوٰۃ کٹوتی سے مستثنیٰ ہوں گے تاہم ٹیکس کٹوتی حکومت کی متعین کردہ شرح کے مطابق ہوگی ۔
اسلام آباد میں پرائز بانڈز کے اجرا کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی اقتصادی ریٹنگ بہت بہتر ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ماہرین پاکستان کو 2030 میں دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شمار کررہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہناتھاکہ پریمیم بانڈز کے اجرا پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ماسوائے بینکوں کے ہر فرد اور کمپنی یہ بانڈز خرید سکتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں رجسٹرڈ پرائز بانڈ بہت عرصے سے چل رہاہے ،40ہزار روپے کے بانڈ کی رجسٹریشن آج سے شروع کی جارہی ہے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اوپنر ناصر جمشید کے خلاف برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی وسیع پیمانے پر تحقیقات کررہی ہے۔
ناصر جمشید کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی اداروں نے ان کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں لے لیا ہے انہیں برطانیہ چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔
شہریار خان نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ابھی تک تین ہی نام شامل ہیں۔ کچھ اور کرکٹرز کے بارے میں قیاس آرائیاں غلط ہیں۔ کوئی اور پاکستانی کرکٹر اس اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شامل نہیں ہے۔
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے کرکٹ اسپاٹ فکسنگ کے معاملے میں جاری تحقیقات کے تناظر میں ناصر جمشید سمیت تین افراد کو حراست میں لیا تھا۔
ان گرفتاریوں کا تعلق پاکستان سپر لیگ کےمیچ فکسنگ اسکینڈل سے ہے انھیں اب اپریل 2017تک ضمانت پر رہائی دی جا چکی ہے۔ این سی اے کے بیان میں ان افراد کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔
ایک انٹر ویو میں شہریار خان نے کہا کہ خالد لطیف اور شرجیل کے خلاف پی سی بی کا تحقیقاتی ٹریبونل اگلے چند دن میں اپنی تحقیقات شروع کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریبونل کیلئے قوانین بنائے جائینگے اور پہلی سماعت میں کرکٹرز کو طلب کیا جائے گا۔ امید ہے کہ دو ہفتے میں تحقیقات مکمل ہوجائیں گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسمارٹ فونز کے ذریعے جاسوسی کے معاملے پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
آئی فون بنانے والی ایپل انکارپوریٹڈ کا کہنا ہے کہ وکی لیکس میں سامنے آنے والی آئی او ایس کی زیادہ تر کمزوریاں دور کرلی ہیں، باقی پر کام جاری ہے۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ صارفین کی معلومات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، وکی لیکس میں سامنے آنے والے تازہ معاملے کو جلد حل کرلیں گے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ وکی لیکس میں سامنے آنے والے معاملے سے آگاہ ہیں، آپریٹنگ سسٹم کی کمزوریاں دور کر لیں گے۔
گوگل اور لینکس نے وکی لیکس کے والٹ سیون انکشافات پر بات کرنے سے انکار کردیا۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ لیکس میں ان کمپنیز پر سی آئی سے پیسے لے کر آپریٹنگ سسٹم میں خامیاں چھوڑنے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن ان کمپنیز نے ان الزامات کی اب تک تردید نہیں کی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کی نشاندہی کرنے والوں کو 5لاکھ روپے تک کا انعام دینے کی سفارش کردی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق دودھ، مکھن، دیسی گھی، چائے کی پتی، آئس کریم، کیچپ، اچار، ہلدی، سرخ مرچ اور دیگر مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس ضمن میں فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کرنے والوں کے لیے 5لاکھ روپے تک کا انعام دینے کی بھی سفارش کی ہے، یہ فیصلہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
ادھر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں مردہ گوشت پکڑنے والی ڈولفن فورس کی ٹیم کے لیے 50ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔
نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ اگر پولٹری فارم مردہ گوشت بیچنے میں ملوث ہو تو اس کا لائسنس فوری کینسل کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس پولٹری فارم کے مالک نے مردہ گوشت بیچاہے اس کے مالک کے خلاف پرچہ درج ہو گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سیکرٹری پانی و بجلی کی جانب سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کو چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری بجلی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
سیکریٹری پانی و بجلی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پورٹ قاسم پر درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا 1320 میگاواٹ کا منصوبہ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔
خورشید شاہ کی زیر صدارت ہونے والے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت 12 ہزار 114 میگا واٹ کے بجلی کے 19 منصوبے ہیں، یہ سارے منصوبے چینی سرمایہ کاری سے مکمل ہوں گے، ان پر حکومت کو کچھ ادا نہیں کرنا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے پہلے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح
سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ سی پیک میں کوئلے کے 3ہزار 960 میگا واٹ کے منصوبے، 2714 میگا واٹ کے ہائیڈرو ، 9 سو میگاواٹ سولر اور درآمدی کوئلہ کے 4260 میگا واٹ کے منصوبے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر 1320 میگا واٹ درآمدی کوئلے کا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔
یونس ڈھاگہ نے بتایا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کا پیشگی ٹیرف 8.3 سینٹ ہے جبکہ ہائیڈرو کے علاوہ تمام توانائی کے منصوبوں کا اپ فرنٹ ٹیرف ہو گا۔
سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ پورٹ قاسم میں کوئی پاکستانی کمپنی نہیں ہے، پورٹ قاسم پر قطری اور چینی کمپنی کام کر رہی ہے۔
کمیٹی کے رکن شیخ رشید نے قطری اور چینی کمپنیوں کے مالکان کے بارے میں استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ہر چینی کمپنی کے پیچھے کوئی نہ کوئی چہرہ ہے۔
سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے بریفنگ میں بتایا کہ گوادرمیں ہمیں بہت بڑی سرمایہ کاری کی امید ہے، 300 میگا واٹ کے منصوبے پر چینی کمپنی کام کرے گی۔
سیکرٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ ابھی تک گوادر نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں، پہلے یہ ایران سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن سے منسلک تھا، وزیراعظم نے گوادر کو نیشنل گریڈ سے منسلک کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس میں ڈیڑھ سال لگے گا۔
سیکرٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران سے 105 میگا واٹ بجلی درآمد کی جا رہی ہے، تھر میں کوئلے کے منصوبے میں 70 میٹر تک کھدائی ہو چکی ہے 130 میٹر پر کوئلہ نکلے گا۔
چیئرمین پی اے سی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چین سے لیا گیا کل قرضہ 35 ارب ڈالر ہے، یہ بھی بتایا جائے کہ قرض کی کیا شرائط ہیں اور اس پر شرح سود کتنا ہے، چین دیگر ممالک میں سرمایہ کاری پر شرح سود کتنا وصول کرتا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ پارلیمنٹ کے لان میں جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والے شہداءکی یاد میں یادگار تعمیر کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے لان میں جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں یاد گار کا افتتاح کرنے کی تقریب کے موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ یاد گار کی تعمیر کا سہرا چیئرمین سینیٹ رضاربانی کوجاتاہے، آج ہمیں جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کا عہد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کے واقعے سے پارلیمنٹیرینز کے سر جھکے ہوئے ہیں، ہمیں پارلیمنٹ سمیت ہرجگہ سننے اوربرداشت کرنے کی پالیسی اپنانا ہوگی، اس واقعے سے ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط ہوئے جو جمہوریت نہیں چاہتے، ہمیں اپنے رویوں سے جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے۔ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ ہم یہاں ہاتھا پائی کر نے آئے ہیں یا عوامی مسائل حل کرنے۔ یادگار جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں بنائی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر تو آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو بہت جلد آپ کو مختلف کاروباری اداروں سے رابطوں کا سامنا ہوگا۔
جی ہاں فیس بک نے واٹس ایپ سے آمدنی کے حصول کا فیصلہ کیا ہے اور کاروباری ادارے اب براہ راست اس ایپ کے ایک ارب سے زائد صارفین سے رابطہ کرسکیں گے۔
واٹس ایپ نے اپنے نئے بزنس ٹول کی آزمائش شروع کردی ہے اور یہ کمپنی کاروباری اداروں سے صارفین سے رابطہ کرنے کے لیے فیس لے گی جبکہ صارفین کو اسپام پیغامات کے سیلاب کے لیے تیار ہونا پڑے گا۔
واٹس ایپ نے گزشتہ سال اپنے صارفین سے ٹوکن فیس لینے کا سلسلہ ختم کردیا تھا جبکہ فیس بک 2014 میں اس ایپ کو خریدنے کے بعد سے اسے آمدنی کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
اس بزنس چیٹ ٹول سے صارفین کو اپنے بینک سے رابطہ یا فضائی کمپنیوں سے پروازوں کے بارے میں جاننے کا موقع مل سکے گا۔
واٹس ایپ نے یہ بزنس ٹول وائے کومبنیٹر کے اشتراک سے متعارف کرایا ہے جس کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ واٹس ایپ کے اس ٹیسٹ واقف تو نہیں مگر ہم نے دیکھا ہے کہ متعدد کمپنیاں اس ٹول کے ذریعے اپنی مصنوعات کی تشہیئر کرنا چاہتی ہیں۔
ایک کمپنی نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ بہت بڑا موقع ہے کیونکہ اس سے بھارت، برازیل اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کاشتکاروں کو واٹس ایپ کے ذریعے صارفین تک رسائی کا موقع مل سکے گا'۔
ابھی یہ آزمائش ابتدائی مراحل میں ہے مگر توقع کی جارہی ہے کہ اس کا اطلاق ان علاقوں میں زیادہ ہوگا جہاں واٹس ایپ بہت زیادہ مقبول ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف کمپنی ٹویوٹا نے اپنی ایک اور کانسیپٹ گاڑی آئی ٹی آر آئی ایل متعارف کرا دی ہے جو اس کے خیال میں 2030 تک سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی۔
یہ الیکٹرک اور خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑی جنیوا میں منعقدہ موٹر شو کے دوران پیش کی گئی۔
بالکل ہی منفرد ڈیزائن کی اس گاڑی کو چلانے کے لیے اس میں ایک الیکٹرک موٹر دی گئی ہے جو اس کے پچھلے پہیوں کو چلنے میں مدد دیتی ہے۔
ٹویوٹا کو توقع ہے کہ یہ چارج ہونے پر 124 میل تک سفر کرسکے گی اور اگرچہ یہ زیادہ تیزرفتار تو نہیں ہوگی مگر اس میں سفر کا تجربہ پرلطف ثابت ہوگا۔
اس کے اگلے پہیے دس ڈگری تک پتلے ہوسکتے ہیں جبکہ پچھلے ٹائرز روڈ پر اپنی شکل برقرار رکھیں گے۔
تاہم اگلے پہیوں کی شکل میں تبدیلی کے نتیجے میں اسے 25 ڈگری کے زاویئے پر بھی ڈرائیو کیا جاسکے گا اور تنگ جگہوں سے گزرنا بھی ممکن ہوجائے گا۔
اس میں کوئی گیج یا پیڈل نہیں بلکہ تمام ضروری معلومات اس میں لگائے گئے ڈسپلے میں نظر آئیں گی جبکہ ہاتھوں سے بریکس وغیرہ لگائے جاسکیں گے اور وہ بھی اس صورت میں جب خودکار ڈرائیونگ کا فیچر استعمال نہ کیا جائے۔
اس کی باہری باڈی ری سائیکل میٹریل سے تیار کی گئی ہے اور دیکھنے میں یہ گاڑی نہیں لگتی۔