ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(پشاور)خیبر پختونخوا میں جہیزپر پابندی لگانے کا بل تیار کرلیا گیا ہے اور بل آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب شادی پر صرف 75 ہزار روپے خرچ کیے جاسکتے ہیں جس کیلئے جماعت اسلامی کی رکن اسمبلی راشدہ رفعت کی جانب سے ایک بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
بل میں تجویز دی گئی ہے کہ تحائف سمیت ولیمہ اوردیگراخراجات75 ہزارسے زائد نہیں ہونگے،دلہا دلہن کو 10 ہزار روپے تک کاہی تحفہ دیا جا سکے گا۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ نکاح اور بارات میں مہمانوں کی تواضع صرف مشروبات سے کی جائے گی ،ولیمے میں چاول،گریوی اور میٹھے کے علاوہ دیگرپکوان پر پابندی ہوگی۔
بل میں مزید تجویز دی گئی ہے کہ جہیز میں نقدرقم یادیگر لوازمات رکھنے پر قا نونی کارروائی ہو گی اورجہیز پر مجبورکرنے والوں کو 2ماہ قید اور 3لاکھ جرمانے کی سزاسنائی جاسکے گی جبکہ والدین یا دیگر رشتہ داردلہن کو صرف تحا ئف دے سکیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانٹرینگ ڈیسک) پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں سوشل میڈیا پر ہراساں کیے جانے کے حوالے سے شکایات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ان میں سے بیشتر شکایات کنندگان خواتین ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ برس سائبر کرائم ایکٹ کے تحت 700 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور ان میں بیشتر سوشل میڈیا کے حوالے سے ہی تھیں اور اس سال ابتدائی دو ماہ میں ہی یہ تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں درج کروائی جانے والی ایسی درخواستوں کی تعداد 120 ہے۔ 
حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے موصول ہونے والی بیشتر شکایات خواتین کی جانب سے ہی سامنے آ رہی ہیں کیونکہ ایسے واقعات میں زیادہ تر خواتین ہی نشانہ بن رہی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے پاس سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 95 فیصد سے بھی زیادہ سوشل میڈیا کے حوالے سے ہیں اور ان میں سے بیشتر شکایات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو تصویروں یا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائیاں کی گئی ہیں اور ان میں ملزمان گرفتار بھی ہوئے ہیں لیکن اس طرح کے بیشتر واقعات میں فریقین کے درمیان صلح ہو جاتی ہے اور کچھ لوگ عدالت میں جانے سے پہلے ہی صلح کر لیتے ہیں اور بعض عدالت میں ہی صلح کا فیصلہ کرتے ہیں.

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)ایکسپو سینٹر کراچی میں 3تا 5مارچ تک ہونے والے بین الاقوامی پاکستان آٹو پارٹس شو 2017ء میں67 بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو پارٹس اینڈ ایکسزسریز مینوفیکچررز (پاپام) کے چیئرمین مشہود علی خان نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس صرف6 عالمی کمپنیوں نے آٹو پارٹس شو میں شرکت کی تھی، تاہم اس سال نمائش میں کافی حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ اس سالPAPS 2017

میں بڑی تعداد میں عالمی شرکاء شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار85 مقامی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو اجاگر کریں گی، جبکہ17 اسپانسرز، 6یونیورسٹیاں،17 معاون ادارے اس شو کا حصہ ہیں۔ مجموعی طور پر192 کمپنیاں اس سال شو میں اپنی مصنوعات کو پیش کریں گی، جبکہ گزشتہ برس104 کمپنیوں نے نمائش میں حصہ لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آٹو پارٹس شو کا مقصد آٹو پارٹس انڈسٹری کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا، جہاں وہ دنیا بھر میں اپنی صلاحیت اور مصنوعات کو پیش کرسکے۔ یہ تین روزہ نمائش ہے جس میں مکمل آٹو انجینئرنگ سیکٹر شرکت کرے گا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(فاٹا)ادارہ شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے کہا ہے کہ فاٹا سے عارضی نقل مکانی کرنے والوں کے لئے مردم شماری کی نئی پالیسی بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیاہے۔
ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ادارہ شماریات آصف باجوہ نے کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ اور حکومت کے ساتھ ملکر ٹی ڈی پیز کے لئے مردم شماری کی نئی پالیسی بنائی جائے گی۔ مردم شماری 15 مارچ سے شروع کرانے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں اور سول سائیڈ کےلئے وزارت خزانہ نے 7 ارب 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردئیے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لئے فنڈز بھی جلد ہی جاری کر دئیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں سیکیورٹی حصار بنایا جائے گا۔ ضرورت کے تحت بعض علاقوں میں 6 فوجی بھی تعینات کئے جائیں گے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ ابھی بھی فاٹا کی7 میں سے 3 ایجنسیوں میں آپریشن جاری ہیں۔ فاٹا کے آئی ڈی پیز کی مردم شماری کے لئے جلد پالیسی کا اعلان کر دیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بہترین سول اورملٹری تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور قوم کے مفادمیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے چودھری نثارنے حال ہی میں ترقی پانےوالے میجرجنرلز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول اورعسکری قیادت کو ہم آوازہوکرمتفقہ طورپرملک کیلئے کام کرناچاہیے.
پاکستان کے دشمن اچھے عسکری اور سول تعلقات کے خواہاں نہیں ہے اور کچھ ناسمجھ دوست بھی عسکری اور سول اداروں کو ایک پیج پر نہیں دیکھنا چاہتے۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ عسکری اور سیاسی قریبی تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں،سول اور عسکری اداروں کوہم آواز اور عملی طور پر ہم آہنگ ہونا ہوگا اوراس سے ملک کو آنے والوں سالوں میں فائدہ ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فاٹا اصلاحات کی سفارشات پیش کی گئیں ۔اجلاس میں سیفران کے وفاقی سیکریٹری،سرتاج عزیز اور وزیر سیفران عبد القادر بلوچ نے بریفنگ دی ۔
اس موقع پر پیش کی گئی سفارشات میں کہا گیا کہ 10سال کا منصوبہ تیار کر کے فاٹا کی ترقی کا عمل شروع کیا جائے گا،فاٹا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے ۔فاٹا کو خیبر پختونخواہ کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی اور بتا یا گیا کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کرنے کے لیے 5سال درکار ہوں گے ۔
سفارشات میں کہا گیا کہ ایف سی آر قوانین کا خاتمہ کرنے کے لیے آئینی اصلاحات کی جائیں اور فاٹا سے فوج کے انخلا کے لیے لیویز میں 20ہزار مقامی افراد بھرتی کیے جائیں ۔ فاٹا کی معاشی ترقی کے لیے جامع اصلا حات کی جائیں ، این ایف سی میں سے فاٹا کے لیے 3فیصد حصہ مختص کیا جائے ۔فاٹا میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے بینچز قائم کیے جائیں ۔وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات سے متعلق سفارشات کی اصولی منظوری دے دی ہے
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصا ف کے چیئر مین عمران خان نے بھی وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے تاکہ فاٹا کے حالات کو بہتر کیا جا سکے اور یہاں پر تیز ی کے ساتھ ترقیاتی کام کرائے جا سکے ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں اصلاحات کے بغیر ان علاقوں میں دہشت گردی کا خاتمہ بہت مشکل ہے ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )کے فائنل میچ کیلئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے500 روپے والا ٹکٹ حاصل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے 5 مارچ کو لاہور قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے شیخ رشید نے میچ دیکھنے کیلئے 500 والا ٹکٹ خریدا جس پر پی ایس ایل انتظامیہ نے ان سے رابطہ کیا کہ شیخ صاحب آپ 500 والے انکلوژر میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ آپ وی آئی پی انکلوژر میں بیٹھیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو ہورہا ہے اور ٹکٹس کی فروخت ابھی تک جاری ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) محکمہ موسمیات نے پی ایس ایل فائنل کے دن لا ہورکا موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

5 مارچ کو دوپہرسے لے کررات گئے تک موسم خشک اور خوشگوار رہے گا. دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک درجہ حرارت 26 سے 28 سینٹی گریڈ جبکہ شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک درجہ حرارت 17 سے 22 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران شمال مغرب سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جس کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ بک رہی ہیں جب کہ فائنل میچ کی سیکیورٹی کے لیے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(خیبرایجنسی)باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے نصب 12بموں کو ناکارہ بنا کر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق آج باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی میں لیویز فورس نے کامیاب کارروائی کی، جس کے دوران علاقہ راغ گان ڈھیرئی میں سڑک کنارے نصب12 عدد دیسی ساختہ بم برآمد کرلیے گئے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے برآمد شدہ بموں کو ناکارہ بنایا، کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ بھی سخت کردی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی( اسلام آباد)خاتون اول پاکستان بیگم محمودہ ممنون حسین اور ترک خاتون اول ایمینےنے کہا ہے کہ پاکستان ، ترکی اور شمالی ترک جمہوریہ قبرص کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ہیں اوریہ برادر ملک خوشی اور غمی کے مواقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔ انھوں نے یہ بات ایوان صدر میں ظہرانے کے موقع پر کی جو معزز مہمانوں کے اعزاز میں دیا گیا تھا۔

 

ظہرانہ میں وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اوروزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ خاتون اول نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکی اورترک جمہوریہ شمالی قبرص کے عوام سے یگانگت محسوس کرتے ہیں کیونکہ ہم تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔

 

انھوں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں، دونوں سکھ دکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔یہ تعلقات محبت ، باہمی احترام، جذبہ خیر سگالی، عتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بیشتر مسائل پر ہمار ا مؤقف یکساں ہے اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

 

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم، طبقاتی تقسیم اورچائلڈ لیبرکے خلاف ترک خاتون اول کی جدوجہد دنیا بھر کی مسلم خواتین کیلئے قابلِ تقلید ہے۔ پاکستانی خواتین سیاست میں بھی اہم کردارادا کر رہی ہیں۔

 

پاکستان اور ترکی میں خواتین کا مستقبل بہت تابناک اور شاندار ہے۔ ترک خاتون اول نے کہا کہ وہ پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ اس موقع پر خاتون اوّل جمہوریہ ترک ایمینے اور محترمہ میرال ایکن سی، ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی خاتون اوّل ایوان صدر میں پرتپاک استقبال پر بیگم محمودہ ممنون حسین کا شکریہ اد ا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔