Reporter SS
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)پاکستان کی نامور اداکارہ نادیہ جمیل نے 2013 میں ریلیز ہونے والی ٹیلی فلم ’بے حد‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، تاہم اس کے بعد انہوں نے اسکرین سے دوری اختیار کرلی تھی۔ اور اب نادیہ بہت جلد ایک نئے ڈرامے کے ساتھ ٹی وی پر واپسی کرنے جارہی ہیں۔اردو ون پر نشر ہونے والے اس ڈرامے میں نادیہ، گوہر رشید کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔ نادیہ کے بھائی نے ڈان امیجز کو بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی چائلڈ میرج (بچوں کی شادیوں) کے موضوع پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نادیہ اس ڈرامے میں لیڈی ہیلتھ ورکر کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ نادیہ کے طویل عرصے تک اسکرین سے غائب رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے ان کے بھائی نے کہا ’انہوں نے اپنی صحت کی وجہ سے شوبز سے وقفہ لیا، لیکن اس ڈرامے کے موضوع کو دیکھتے ہوئے نادیہ نے اسکرین پر واپسی کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔ اس ڈرامے کی ہدایات انجلین ملک دے رہی ہیں، جس میں نادیہ اور گوہر کے علاوہ سرمد کھوسٹ، مہرین راحیل اور علی طاہر اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔ڈرامے کی شوٹنگ پنجاب میں کی جائے گی۔
ایمز ٓٹی وی (صحت /کراچی )حوا علم الشفا ٹرسٹ کے زیر اہتمام فاطمہ میڈیکل کمپلیکس سرجانی ٹائون میں تین روزہ فری آئی اینڈ جنرل میڈیکل کیمپ 6مارچ سے 8مارچ تک روزانہ صبح9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک لگایا جائیگا جس میں مفت آنکھوں کے آ پریشن کئے جائینگے اور ادویات د ی جائینگی۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)یوکرین سے تعلق رکھنے والی ایک معذور ماڈل نے ریمپ پر جلوہ گر ہوکر نئی روایت قائم کردی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 23 سالہ الیگزینڈرا کیوٹس کا خواب اُس وقت پورا ہوا جب انہوں نے سیاہ رنگ کے خوبصورت جوڑے میں ریمپ پر شائقین کی خوب داد وصول کی۔ ریمپ پر الیگزینڈرا کیوٹس چار ماڈلز کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں، تاہم شو کی تمام تر توجہ ان کی جانب مرکوز رہی۔الیگزینڈرا کیوٹس وہ پہلی معذور لڑکی ہیں، جنہوں نے یوکرین میں وہیل چیئر کے سہارے ریمپ پر واک کی۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا ’میں کیٹ واک کرکے یہ ثابت کرنا چاہتی تھی کہ وہیل چیئر پر موجود کوئی لڑکی بھی یہ کام کرسکتی ہے‘۔ الیگزینڈرا کیوٹس نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے کئی ماڈلنگ ایجنسیز کے نام خط لکھے اور طویل عرصے کے انتظار کے بعد انہیں ریمپ پر جلوہ گر ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید بتایا ’میں نے کئی ماڈلنگ ایجنسیوں کو خط لکھے تاہم سب کی جانب سے مجھے انکار کا سامنا کرنا پڑا.
انہوں نے مجھے کہا کہ میں بہت خوبصورت ہوں، لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ مجھے پروموٹ کیسے کریں کیوں کہ مارکیٹ میں اب تک اس چیز کی جگہ نہیں‘۔
ایمز ٹی وی (گلگت ) گلگت بلتستان ہوٹل ایسو سی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان ہوٹلوں کو ہوٹل انڈسٹری کا درجہ دیا جائے اور گلگت بلتستان ہوٹل مالکان کو وہ تمام حقوق دئے جائیں جو ملک کے دیگر صوبوں کے ہوٹل مالکان کو حاصل ہیں۔ صوبائی حکومت کے امن دوست اقدامات کی وجہ سے گلگت بلتستان میں ہوٹل انڈسٹری زندہ ہوگئی ہے۔ علاقے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کیوجہ سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا۔
ان خیالات کا اظہار صدر ہوٹل ایسو سی ایشن ناصر علی مقپون نے ہوٹل ایسو سی ایشن کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے اقدامات کیوجہ سے گلگت بلتستان کے ہوٹل مالکان نےبہتر آمدن کیوجہ سے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ہوٹل ما لکان بھی گلگت بلتستان محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا چاہتے ہیں۔ محکمہ سیا حت ہوٹلوں کو انڈسٹری کادرجہ دیکر گلگت بلتستان کے ہوٹل مالکان کے بنیادی مطالبہ منظور کرے تاکہ گلگت بلتستان میں ہوٹلوں کو دیگر صوبوں کی طرح ہوٹل انڈسٹری کا درجہ مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کا عملہ صفائی کے نام پہ ہوٹلوں پہ چھاپے مارتے ہیں اور ہزاروں روپے جرمانے کرتے جسکی وجہ سے ہوٹل مالکان کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہوتا ہے ۔ کئی مالکان نے جیل کی ہوا بھی کھائی ہے۔ وزیر اعلیٰ اس سلسلے کا نوٹس لیں اور ہوٹل مالکان کے تحفظات کو دور کریں۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی ) جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کے طلبہ کا کردار ناگزیر حیثیت کا حامل ہوتاہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ طلبہ کو تعلیمی اداروں میں قیادت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ ہی نوجوان مستقبل میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں گے ۔ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی نے ہمیشہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے اہم کردار اداکیا ہے،شعبہ کی اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل کے قیام کا مقصد طلبہ میں قائدانہ ،ٹیم ورک اور کرائسز مینجمنٹ جیسی صلاحیتوں کو نکھارناہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی ویب سائٹ کے افتتاح اور اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل ڈی پی اے کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کونسل کے منتخب عہدیداران سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل حنا آغانے کلمات تشکراداکرتے ہوئے کہا کہ شعبہ کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیوں سے طلبہ کی قائدانہ صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔اس موقع پر کونسل کے جنرل سیکریٹری زبیرخانزادہ،عزیرخالد ،اور ممبران سید زین حیدر،سکینہ رضا،ارحمہ خان،تشفہ خان، علی سجاد اور رمشاشاہد بھی موجودتھے۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام چکرا گوٹھ کورنگی میں خدیجہ گرلز کالج میں تقریب ہوئی جس میں المصطفیٰ کے چیئرمین حاجی محمد حنیف طیب،حاجی محمداسمٰعیل،زبیر حبیب، ڈاکٹر عبدالرحیم، الیاس میمن،علامہ عامراخلاق صدیقی،معین خان، ادریس عبدالغفار،احمدرضا طیب،قاضی نورلااسلام شمس، عبدالغفار سعیدی،فرحان اشرفی ،قدیرشریف ، سرور خان، جنید بغدادی نے شرکت کی مہمان خصوصی نامورعالم دین شیخ ڈاکٹرعبدالعزیز الخطیب الحسنی الجیلانی نےاظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ خداتعالیٰ نے انسان کو جو فضیلت عطافرمائی، اُس میں سب سے بڑاشرف اور انعام علم ہے ۔
اقراء پہلی وحی ہے جس نے انسانیت پر علم کے دروازے کھول دیئے ۔انہوں نے کہاکہ خدیجہ گرلزکالج مستقبل میں اس غریب بستی کے بچوں کیلئے بہت بڑاسرمایہ ثابت ہوگایہ صدقہ جاریہ ہے ، انہوں نے کالج کی تعمیر کیلئے سرمایہ فراہم کرنے والے حاجی محمد اسمٰعیل چامڑیاکو دعاؤں سے نوازا۔ المصطفیٰ کے چیئرمین حاجی محمد حنیف طیب نے شرکاء کو بتایاکہ کورنگی میں المصطفیٰ کایہ دوسرابڑاتعلیمی پروجیکٹ ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)آٹھ روزہ پیرس فیشن ویک میں موسمِ خزاں اورموسمِ سرما کے دیدہ زیب ملبوسات کی نمائش کا آغاز ہو گیا۔ خوشبوؤں کے شہر میں آج کل فیشن کی بہاریں عروج پر ہیں ۔
2017-2018کے ان ملبوسات میں جہاں ایک طرف اسٹائل کا مکمل خیال رکھا گیا ہے وہیں رنگوں کے چناؤ میں بھی خواتین کی پسند کو مد نظر رکھ کر کلیکشن تیار کی گئی ہیں۔ پہلے روز ’ریڈی ٹو ویئر ‘نامی فیشن ویک میں کئی نامورفرنچ ڈیزائنر کوچےسمیت دیگر کئی ڈیزانرز کی کلیکشن حاضرین کے سامنے پیش کی گئی ۔
دلکش رنگوں کی حامل اسکرٹس ، میکسی اورشرٹس کی کلیکشن میں ماڈلز ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں تو کوئی بھی داد دئیے بغیر نہ رہ پایا۔ صرف یہی نہیں ریمپ کو بھی نہایت خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا تھا۔پیرس کا یہ رنگا رنگ ریڈی ٹووئیر فیشن ویک 8مارچ تک جاری رہے گا۔