جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تجارت) سندھ میں تجارتی و صنعتی گیس کنکشنز پر پابندی کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی نے سال 2012 سے 2015 کے دوران 129 کنکشنز جاری کیے ہیں جن میں صنعتی، تجارتی اور سی این جی اسٹیشنز کو جاری کیے گئے کنکشنز بھی شامل ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی رپورٹ 2015-16میں غیرقانونی گیس کنکشنز کی فراہمی کا انکشاف کرتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پرائم منسٹر سیکریٹریٹ کی جانب سے 18اپریل 2011 اور 23اپریل 2011 کو جاری کردہ خطوط میں صنعتی و تجارتی گیس کنکشنز کے اجرا پر پابندی عائد کی گئی تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے اس پابندی کے 4 سال کے دوران صنعتی یونٹس کیلیے 50، سی این جی اسٹیشنز کو 10 جبکہ کیپٹیو پاور پلانٹس کیلیے 69نئے کنکشنز جاری کیے۔ سال 2012 میں 89، سال 2013میں 21، سال 2014میں 12اور سال 2015کے دوران 7 کنکشنز جاری کیے گئے۔

سال 2012کے دوران 37 صنعتی یونٹس، 5سی این جی اسٹیشنز اور 47کیپٹیو پاور پلانٹس کو کنکشن جاری کیے گئے۔ سال 2013کے دوران 7 صنعتی یونٹس اور 14کیپٹیو پاور یونٹس کو کنکشن دیے گئے۔ سال 2014 کے دوران 5صنعتی یونٹس اور 7 کیپٹیو پاورز پلانٹ کو کنکشن دیے گئے۔ سال 2015 کے دوران ایک صنعتی یونٹ، پانچ سی این جی اسٹیشنز اور ایک کیپٹیو پاور پلانٹ کو کنکشن جاری کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پابندی کے باوجود نئے کنکشنز جاری کرنے کے ساتھ 41سی این جی اسٹیشنز کو گیس کے اضافی کمپریسر نصب کرنے کی بھی اجازت دی گئی جن میں کراچی کے 28، سندھ کے دیگر شہروں کے 11، کوئٹہ کے 2 سی این جی اسٹیشنز شامل ہیں۔ اس طرح 41سی این جی اسٹیشنز کو بھی گیس کی اضافی مقدار استعمال کرنے کی اجازت دی گئی جو پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)سمندر میں نصب دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن نے ہوا سے مسلسل 24 گھنٹے تک بجلی بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جس کے مطابق اس نے گزشتہ ہفتے ایک دن میں 9 میگاواٹ بجلی تیار کی اور دنیا کی تمام ونڈ ٹربائنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ڈنمارک میں ہوا سے بجلی بنانے کے محکمے (ڈیپارٹمنٹ آف وِنڈ انرجی) کی تیار کردہ یہ ونڈ ٹربائن ’’وی 164‘‘ کے نام سے شہرت رکھتی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن بھی قرار دی جاتی ہے جسے حال ہی میں مزید بہتر کرکے مسلسل 24 گھنٹے تک کام کرنے اور پہلے سے کہیں زیادہ بجلی تیار کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔

پہلے یہ روزانہ 4 سے 6 میگاواٹ جتنی بجلی بناسکتی تھی لیکن نئی تبدیلیوں کے بعد اس نے روزانہ 9 میگاواٹ بجلی کی پیداوار دینے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ یہ بجلی اتنی ہے کہ اس سے 7200 عام گھروں میں توانائی کی ضرورت پوری کی جاسکتی ہے۔ فی الحال اس کے نئے ترمیم شدہ ڈیزائن کی آزمائشیں ڈنمارک کے شہر اوئسٹرلڈ (Østerild) کے ساحل سے چند کلومیٹر دور سمندر میں جاری ہیں جن کی کامیاب تکمیل کے بعد اسی طرح کی مزید ونڈ ٹربائنز تیار کرکے انہیں سمندر میں دوسرے مقامات پر نصب کرکے بجلی کی وسیع تر ضروریات پوری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ’’وی 164‘‘ کی اونچائی 722 فٹ جب کہ اس میں ٹربائنوں (پنکھوں) کی چوڑائی 538 فٹ ہے جو دنیا کی کسی بھی دوسری ونڈ ٹربائن کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اس نے 2014 میں کام شروع کیا تھا اور 2016 میں ڈنمارک کی حکومت نے اسے مزید بہتر بنانے کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا جو گزشتہ مہینے ہی مکمل ہوا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ونڈ ٹربائن کی جسامت بڑھانے کے بجائے اس کی کارکردگی میں اضافے پر توجہ دی گئی اور اس طرح یہ 9 میگاواٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قابل ہوئی۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)اگر تو آپ انٹرنیٹ پر سرچ یا گوگل اور فیس بک اکاﺅنٹس وغیرہ پر سائن ان کرنے لگتے ہیں تو یقیناً آٹو کمپلیٹ کے فیچر سے ضرور واقف ہوں گے۔ویسے تو یہ کافی کارآمد فیچر ہے جو کہ ہر بار لاگ ان ہونے کے دوران آپ کو آئی ڈی اور پاس ورڈ لکھنے سے بچاتا ہے مگر بدقسمتی سے کچھ ہیکرز اسے لوگوں میں زیادہ مقبول براﺅزرز میں اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے لگے ہیں۔

جی ہاں واقعی آٹو کمپلیٹ کے ذریعے ہیکرز آپ کی ذاتی معلومات جیسے کریڈٹ کارڈ نمبر اور آن لائن اکاﺅنٹس کے پاس ورڈز وغیرہ چرا سکتے ہیں اور آپ کو اس کا علم بھی نہیں ہوگا۔درحقیقت ہیکرز خفیہ ٹیکسٹ باکس ان ویب سائٹس کے آٹو کمپلیٹ میں چھپا دیتے ہیں جہاں آپ اپنی آئی ڈی، پاس ورڈ اور کریڈٹ کارڈ نمبر درج کرتے ہیں۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس سے تحفظ بہت آسان ہے۔یہ بات فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈویلپر سامنے لائے تھے جنھٰن احساس ہوا کہ اس کے ذریعے ہیکر لوگوں کو ہدف بنا سکتے ہیں۔

ہیکرز اس کے ذریعے گوگل کروم، سفاری اور اوپیرا کے صارفین کو نشانہ بنا سکتے ہیں جبکہ پاس ورڈ منیجر کا کام کرنے والی ایکسٹیشنز بھی ان کا ہدف بن جاتی ہیں۔ تو اگر آپ ان براﺅزر میں سے کسی کو استعمال کررہے ہیں تو بہتر ہے کہ براﺅزر سیٹنگز میں جاکر آٹو فل ان ایبل کے چیک کو ہٹا دیں جبکہ ویب پاس ورڈ محفوظ کرنے والے سیکشن کو بھی ان چیک کردیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) ٹیلنٹ ہنٹ 2016 کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں لاہور یونیوسٹی آف منیجمنٹ سائنس کی ٹیم فاتح قرار پائی ہے جو لندن میں ہونے والی فیوچر لیڈرز لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ فیوچر لیڈرز لیگ ایک بین الاقوامی اجتماع ہے جو دنیا بھر سے طلبہ کو مستقبل کی قیادت کا تجربہ حاصل کرنے کے لیے ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے۔ 2016 میں کیمپس میں فعال سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کی 9ممتاز جامعات میں کام شروع کیا گیا اور بزنس و انجینئرنگ سمیت متنوع تعلیمی پس منظر کے حامل 5000سے زیادہ طلبہ و طالبات تک ٹیلنٹ ہنٹ کی رسائی حاصل ہوئی ۔

موصول ہونے والے300رجسٹریشنز میں سے بارہ سرکردہ ٹیموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور چار ہفتوں کے دوران ان کو پختہ کرنے اور ان کے خیالات کو آگے بڑھانے کے لیے تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا گیا ۔ سیمی فائنلز پوسٹ کے لیے ان کی سوچ کو جانچنے کی خاطر طلبہ کو محدودفنڈنگ فراہم کی گئی ، اس طرح صرف چھہ ٹیمیں فنالے رائونڈ تک آسکیں۔کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو فیوچر لیڈرز پروگرام انٹرن شپ پروگرام ایسسمنٹ سینٹر میں داخل ہونے کا موقع ملے گا ۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)چینی کمپنی ہیواوے نے ڈوئل کیمروں والے فونز کے حوالے سے کافی شہرت حاصل کی ہے مگر اس کا نیا فون سنگل کیمرے کے ساتھ ہے۔یہ ہے ہیواوے آنر 8 لائٹ جو کہ رواں ہفتے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ 5.2 انچ اسکرین میں 1920x1080 پکسل ریزولوشن دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 7.0 نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم ہے۔اس فون میں ہیواوے اوکٹا کور ہائی سلیکیون کرین 655 پراسیسر، 3000 ایم اے ایچ بیٹری، تھری جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے بڑھایا جاسکتا ہے۔

فون کے دیگر فیچرز میں بارہ میگا پکسل بیک جبکہ آٹھ میگا پکسل فرنٹ کیمرہ قابل ذکر ہیں۔کمپنی کے مطابق اس کا کیمرہ ڈوئل کیمروں جیسا بہترین تو نہیں مگر پھر بھی یہ صارفین کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے کافی ہے۔اس کی قیمت 290 ڈالرز (30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ 14 فروری سے فن لینڈ اور سوئیڈن میں سب سے پہلے فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

بعد ازاں اسے دنیا کے دیگر حصوں میں بھی صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔کمپنی کے دعوﺅں کو دیکھا جائے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس فون میں جو فیچرز دیئے گئے ہیں وہ اس وقت سام سنگ کے اے سیریز کے برابر ہی ہے جبکہ اس کی قیمت بھی گلیکسی اے سیریز کے مقابلے میں کافی کم ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی )ملک میں تین طرح کے نصاب ہیں۔ ہماری نصابی کمیٹی دن رات محنت کر رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ جلد ہم ایک نصاب کا نظام رائج کر دیں گے ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہری نے ضیاء الدین یونیورسٹی میں بین الاقومی کانفرنس ’’بنیادی صحت کی دیکھ بھال میں جدت‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جس وقت میں نے پی ایم ڈی سی کی صدارت سنبھالی ، اس وقت بیس ہزا رجسٹریشن نامکمل تھیں، جنھیں ہم نے مکمل کیا۔

ملک میں تین طرح کے نصاب ہیں۔ ہماری نصابی کمیٹی دن رات محنت کر رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ جلد ہم ایک نصاب کا نظام رائج کر دیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نوے فیصد میڈیکل کی تعلیم فراہم کرنے والے ادارے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ بدقسمتی سے دس فیصد ایسے ادارے ہیں جنہوں نے تعلیم کو کاروبار بنالیا ہے۔ ایسے جعلی اداروں اور حکام کے خلاف ہم نے کریک ڈائون کا آغاز کردیا ہے ۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کئی ایسے لوگ بھی محض پیسے بنانے کے لیے طبی ادارے چلا رہے ہیں جن کا طب کے شعبے سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے ۔

 

 

پاکستان تحریک انصاف کو پشاور میں بھی بڑا دھچکا لگ گیا ، عمران خان کے درینہ دوست اور بانی رہنما طاہر عمر زئی نے مسلم لیگ نواز میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصا ف کے بانی رکن طاہر عمر زئی نے عمران خان کو خیر آباد کہہ دیا اور وزیر اعظم نوازشریف کے مشیر امیر مقام کے ہمراہ مسلم لیگ نواز میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر عمر زئی کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں ہوتا ہے اور وہ عمران خان کے درینہ دوستوں میں شامل ہیں تاہم انہیں خیبر پختونخوا حکومت کے طرز حکمرانی کے حوالے سے شدید تحفظات تھے۔
جس کا اظہا ر عمران خان کے سامنے بھی کیا گیا تھا مگر ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور آج انہوں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے نواز لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دو ہزار پانچ کے زلزلے نے ایک ٹانگ چھینی لیکن ہمت اور حوصلہ نہ چھین پایا۔ پاکستان کی انشا افسر دنیا کے لیے روشن مثال بن گئیں۔ ایک ٹانگ سے اسکینگ کرتی ہیں،بڑے بڑوں کو چیلنج دیتی ہیں،یہ جواں سال لڑکی دو ہزار اٹھارہ میں جنوبی کوریا کے پیرالمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھی پُرعزم ہے ۔
برفیلے میدانوں اور برف پوش پہاڑوں پر انشا افسر جب اپنی مہارت دکھاتی ہیں تو مجبوری اور معذوری میلوں پیچھے رہ جاتی ہے،یہ جذبہ ہی تو ہےجو عزم اور ہمت کی صورت انشا کی نسوں میں لہو بن کر دوڑتا ہےتو دیکھنے والوں کی سانسیں تھم جاتی ہیں۔
لیکن یہ سفر آسان نہیں تھا،تکلیفوں اور آزمائشوں نے رکاوٹ بن کر کئی بار راستہ روکا،امریکا میں علاج کے دوران ہی درد دل رکھنے والے جوڑے نے ماں باپ بن کر رہائش کے ساتھ ساتھ انشا کے تعلیم کے اخراجات برداشت کیے۔ امریکا میں برفانی کھیلوں کے کئی مقابلوں میں کامیابی انشا کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑی نظر آئی،اب انہوں نے اگلے سال جنوبی کوریا میں ہونے والے پیرا لمپکس پر نظریں جمالیں ہیں،جہاں سبز ہلالی پرچم کو سربلند کرنا ان کا مشن بن چکا ہے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی انتظامیہ نے محمودآباد ٹریٹمنٹ پلانٹ(ٹی پی ٹو) کی قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
ادارہ فراہمی ونکاسی آب نے محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ نزد پارسی کالونی کی اراضی واگزار کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اس ضمن میں واٹربورڈ نے قبضہ کنندگان کو اراضی خالی کرنے کے لیے 3دن کی مہلت دی ہے جبکہ ان کو باقاعدہ قانونی نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ واٹربورڈ کے محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ جوکہ پارسی کا لونی کے قریب واقع ہے کی اراضی ٹریٹمنٹ پلانٹ IIکے لیے مختص ہے اس اراضی کے کچھ حصے پر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنا ہوا ہے مذکورہ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والا 46ملین گیلن سیوریج کے پانی کو صاف کرنے کی سہولت ہے، 49.25 ایکڑ زمین سابقہ سٹی نا ظم نے پریڈی اسٹریٹ کے متا ثرین کو کے ایم سی کو نسل کی منظوری سے دی اس پر سندھ ہا ئیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہے اس کے علا وہ با قی40 ایکڑ سے زائد اراضی پر غیرقانونی طریقے سے لینڈ مافیا نے قبضہ کررکھا ہے اس وجہ سے ٹریٹمنٹ پلانٹ IIبند ہوچکا ہے۔
واٹربورڈ اس اراضی کا قانونی مالک ہے اور یہ زمین خصوصی طور پرٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص کی گئی ہے جبکہ نامعلوم افراد اس اراضی کو غیرقانونی طریقے سے خرید اور فروخت کررہے ہیں اور واٹربورڈ کی اراضی پر ناجائز تعمیرات بھی جاری ہیں اس کے معاملات یا لین دین کی بابت کسی بھی قسم کے اختیارات واٹربورڈ نے نہ تو کے ایم سی، کے ڈی اے، لینڈ یوٹیلائزیشن بورڈ آف ریونیو سندھ ، کچی آبادی سندھ اور نہ ہی کسی دوسرے ادارے کو دے رکھے ہیں اور نہ ہی ان اداروں کو واٹربورڈ کی اراضی کے سلسلے میں لیز یا الاٹمنٹ کا اختیار حاصل ہے۔
نوٹس کے مطابق واٹر بورڈ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ لوگوں نے غیر قا نو نی طور واٹر بورڈ کی زمین کو لیز کرالیا ہے جو کہ غیرقانونی ہے لہٰذا ہر خاص و عام کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ مذکورہ محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اراضی سے متعلق کسی بھی قسم کے معاملات بشمول لیز یا الاٹمنٹ، خریداری نہ کی جائے اور موجودہ قابضین کو 3یوم کا نوٹس دیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر واٹربورڈ کی 40 ایکڑ سے زائد اراضی جو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص ہے خالی کریں، بصورت دیگر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے واٹربورڈ کی اراضی قانون کے مطابق زبردستی خالی کرالی جائے گی اور غیر قانونی قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے واٹربورڈ کے چیف انجینئر چیف سیکیورٹی آفیسر، ڈائریکٹر لیگل افیئر وایڈمن اورایگزیکٹو انجینئر ٹی پی ٹو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں ضروری کارروائی مکمل کرلیں ،نوٹس کی میعاد گزرنے کے بعد ٹی پی ٹو کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ اور ناجائز تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے کے لیئے پولیس نے انوکھا حل نکالا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مساجد میں اعلان کرانےکافیصلہ کرلیا ہے۔ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائمزکیخلاف آگاہی کےاعلانات کرائےجائیں گے اوراسٹریٹ کرائم کا شکار افرادپولیس کو رپورٹ کریں۔اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے اورنگی ٹاؤن میں اب مساجد سے اعلانات کرائیں جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے

ایس ایس پی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر مساجد سے اعلانات کرائیں جائیں گے۔انہوں نے اس سلسلے میں اورنگی ٹاؤن کے مکینوں سے پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ لوگ جرائم پیشہ افراد اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی پولیس کو کرائیں۔