جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بنگلہ دیش میں دو ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ میں کے دوران بلے باز نے وکٹ مار کر 14 سالہ لڑکے کا قتل کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پولیس جہانگیر عالم نے غیرملکی خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی شہر چٹاگانگ میں فیصل حسین فیلڈنگ کررہےتھے جب بلے باز کو آؤٹ قرار دیا گیا۔
بلے باز کو یہ دیکھ کر شدید غصہ چڑھا جب انہوں نے دیکھا کہ وہ اسٹمپ یا باؤلڈ ہوئے اور غصہ میں آ کر اسٹمپس کو اٹھا کر ہوا میں پھینک دیا۔ اس موقع پر اسٹمپس قریب ہی موجود فیصل کی گردن اور سر کے حصے کے جا لگی۔
وکٹ لگنے کے بعد فیصل درد کی شدت سے کراہتے ہوئے زمین پر گر گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اسپتال میں وہ جانبر نہ ہو سکے اور ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس نے ملزم بلے باز کو حراست میں لے لیا ہے اور غیرارادی حملے کے نتیجے میں ہونے والے موت کا مقدمہ چلایا جائے گا۔
کھیلوں خصوصاً کرکٹ میں جنون کی حد تک لگاؤ رکھنے والے بنگلہ دیش میں میچوں کے درمیان جھگڑے اور لڑائیاں عام سی بات ہے اور اس میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
گزشتہ سال مئی میں ڈھاکا میں ہونے والے میچ کے دوران امپائر کی جانب سے گیند کو نوبال قرار دیے جانے پر اس کا مذاق اڑایا اور بلے باز نے اسٹمپ سے 16 سالہ کرکٹر کو مار مار کر ہلاک کردیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کلفٹن میں قائم افغان قونصلیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
شہر قائد میں افغان قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت اور ایک کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
نجی ٹی وی نیوز کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ تقریبا ً30 سے 45 منٹ سے جاری ہے اور اس کے نتیجے میں ایک شخص کے ہلاک اور ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر قونصل خانے اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ہے اور فائرنگ کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔
کراچی کے پوش علاقے میں قائم افغان قونصلیٹ کے قریب نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، تاہم کسی سیکیورٹی ادارے کی جانب سے ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
افغان قونصیلٹ کے اندر سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں، پولیس حساس اداروں اور رینجرز نے قونصلیٹ کو چاروں جانب سے گھیرے میں لے لیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)ویسے تو کون ہے جسے انگور کھانا پسند نہیں ہوگا؟ مگر یہ پھل صرف لذیذ ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے انتائی مفید بھی ہے۔اس مزیدار پھل کو کھانا پسند کرنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اس سے دماغ کو الزائمر امراض سے تحفظ ملتا ہے۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق انگور کھانے کی عادت دماغی تنزلی کا خطرہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے سے ان اثرات سے تحفظ میں مدد ملتی ہے جو کہ الزائمر امراض سے جڑے ہوتے ہیں۔

اسی طرح ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ انگور کو کھانا بھی بینائی کے لیے اچھا ہوتا ہے اور یہ بڑھاپے میں اندھے پن کا خطرہ کم کردیتا ہے۔میامی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے سے آنکھوں کے قرینے میں نقصان دہ مالیکیولز کے اخراج کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ انگور چونکہ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں اسی لیے وہ ڈی این اے کو نقصان سے بچا کر صحت مند خلیات کو تحفظ دیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں بینائی کو فائدہ ہوتا ہے۔قرینہ آنکھ کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں موجود خلیات روشنی پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والے امراض سے اندھے پن کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین کے مطابق انگوروں کو غذا میں شامل کرنے سے قرینے کی صحت کو تحفظ ملتا ہے اور وہ مضر صحت مالیکیولز سے ہونے والے نقصان کی بھرپائی کرکے آنکھوں کے افعال کو بحال رکھتے ہیں۔انگور وٹامن سی ، کے اور بیٹا کروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کے اندر سے نقصان دہ مالیکیولز کو نکال باہر کرتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) معروف سیاسی رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ لیاری کے بے گناہ لوگوں کو قتل کیا گیا تاہم اب اس علاقے سے لاشیں اٹھنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، عذیر بلوچ کو جیل میں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں یہی وجہ ہے کہ اب تک عدالت میں اُس کا کوئی چالان پیش نہیں کیا گیا۔
نبیل گبول نے کہا کہ لیاری سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے، 2005 سے پہلے گینگ وار کا کوئی وجود نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر گینگ وار کو مدد فراہم کی گئی، سندھ کے وزیر داخلہ نے گینگ وار کے کارندوں کو ہتھیار پھینکنے کے بجائے مقابلہ کرنے کے احکامات دیے اور گینگ وار کے لوگوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
لیاری کی گلیوں میں گھومتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ جس وقت میں اس حلقے سے قومی اسمبلی کا رکن بنا تو نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کیں اور لوگوں کو اسلحے سے دور رکھنے کی کوشش کی مگر پھر حکومت نے اس طرف دھیان دینا چھوڑا اور لوگوں کو اسلحہ فراہم کیا۔
نبیل گبول نے کہا کہ صوبائی حکومت نے لیاری گینگ وار کے کارندوں کو مکمل تعاون فراہم کیا اور برا وقت آنے پر نوجوانوں کو چھوڑ کر بیرونِ ملک فرار ہوگئے، گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف ابھی تک عدالت میں کوئی چالان پیش نہیں کیا گیا بلکہ حکومت اُسے جیل میں سہولتیں فراہم کررہی ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے لیاری کے مکینوں نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رینجرز آپریشن کی وجہ سے اس علاقے کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں ورنہ ایک وقت ایسا تھا کہ ہم اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور تھے۔
لیاری میں امن قائم ہونے کے بعد سے کھلیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد بچے باکسنگ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں، نبیل گبول نے باکسنگ کلب پہنچ کر اپنے اندر چھپے باکسر کو متعارف کرواتے ہوئے باکسنگ بھی کھیلی جس پر علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی ) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا ہے کہ کامیابی کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے، وقت کو ضائع ہونے سے بچانے اور بہتر فوائد کیلئے طلباء اپنی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کریں اور عزم کریں کہ وہ ہروقت مطالعہ کریں گے اپنے ساتھ ہمیشہ اچھی کتابیں رکھیں ، ہم نے یونیورسٹی میں بہترین تعلیمی کلچر فروغ دے دیا ہے جہاں بنا کسی رکاوٹ کےکلاسز کا انعقاد بڑی کامیابی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے داؤد یونیورسٹی میں ’تحقیق کے طریقہ کار‘ کے موضوع پر منعقد ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں دائود یونیورسٹی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، اکیڈمک کورآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ،رجسٹرار کیپٹن (ر) سید وقار حسین شاہ ، تمام شعبوں کے چیئرپرسنز ، اساتذہ ، کلیہ ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں شعبہ انڈسٹریل انجینئرنگ کے رانو خان وسان نے ’تحقیق کے طریقہ کار‘ پر معلوماتی لیکچر دیتے ہوئے طلباء کو ریسرچ ماڈلز ، مقامی تجزیات اور رجحانات اور تحقیق کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے پہلے سے متعین قواعد و ضوابط کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) گل رعنا ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین محمد آصف خان اور فائنانس سیکرٹری محمد حسن خان نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

موجودہ منیجنگ کمیٹی میں چیئرمین محمد اطہر خان، وائس چیئرمین پلوشہ حسن، جنرل سیکرٹری محمد فیضان خان، جوائنٹ سیکرٹری سرمد مسعود، فائنانس سیکرٹری ملیحہ خان، آڈیٹر عارفہ ندیم اور اراکین میں ارم شکیل اور حبیبہ رحمٰن شامل ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) اگر تو کسی دوست کے ہاتھوں میں موجود بال پین کے بٹن کو بار بار دبانا طبعیت پر گراں گزرتا ہے یا کسی کے پرزور انداز سے کھانا چبانا غصہ دلا دیتا ہے تو آپ اسے تنہا شخص نہیں بلکہ یہ کچھ افراد کا مشترکہ مسئلہ ہے۔مگر اس کی وجہ کیا ہے ؟ اس کا راز آخرکار کھل گیا ہے۔یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ نیوکیسل یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق کچھ لوگوں کے دماغ آوازوں کی حساسیت کے حوالے سے دیگر افراد سے مختلف ہوتے ہیں اور مخصوص آوازیں ان کے اندر غصہ یا دیگر جذبات کا باعث بنتی ہیں جو کہ ایک ذہنی عارضہ ہے۔

محققین نے اسے مسو فونیا ( misophonia) کا نام دیا یعنی آواز سے نفرت، جن میں لوگوں کو چبانے، بال پین کلک، پیروں کو فرش سے ٹکرانے یا کسی اور طرح کی آواز پر شدید کوفت اور منفی جذبات کا تجربہ ہوتا ہے۔ اس حوالے سے لوگ کافی عرصے سے شکایت کررہے ہیں اور جن لوگوں کو اس کا تجربہ نہیں ہوتا انہیں تو یہ چیز مضحکہ خیز لگتی ہے مگر ڈاکٹروں نے اب اس کا راز تلاش کرلیا ہے۔اس تحقیق کے دوران چالیس سے زائد افراد پر تجربات کیے گئے جن میں سے بیس مسو فونیا کے شکار تھے اور انہیں مختلف آوازیں سنا کر ایم آر آئی ٹیسٹ کیے گئے۔ دونوں گروپس کے نتائج بہت مختلف تھے اور مسوفونیا کے شکار افراد کا آوازوں پر ردعمل ہٹ کر تھا۔

تحقیق کے مطابق ایسے افراد کے دماغ کے ان حصوں میں ابنارمل کنکشنز نظر آئے جو کہ معلومات اور جذبات کا تجزیہ کرتے ہیں، جبکہ ان کے دل کی دھڑکن بھی بڑھی اور پسینہ آنے لگا۔ محققین کا کہنا تھا کہ یہ واقعی ایک مرض ہے جسے پہلے طبی دنیا میں اہمیت نہیں دی جاتی تھی مگر ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ آوازیں کچھ افراد کے دماغ کو بدلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بار جب معلوم ہوجائے کہ دماغ میں کس طرح کی آوازیں تحریک کا باعث بنتی ہیں تو انہیں علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو بھی شکست دیدی ۔
بھارت میں جاری ورلڈ بلائنڈ ٹی 20 کے معرکے میں قومی ٹیم نے بھارت ، سری لنکا ، انگلینڈ سمیت 5ٹیموں کوزیر کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کو بھی ہرا دیا ۔
جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 100سکور بنائے جس کے جواب میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ہدف صرف چھٹے اوور میں ہی پورا کر لیا ۔ یادر ہے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حیدرآباد ) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے کراچی میں جاپانی قونصل جنرل توشی کازو اسومورا نے اپنے پولیٹیکل و کمرشل قونصل مراتا اور عبید انور کے ہمراہ ملاقات کی۔ جس میں جامعہ سندھ کے ایریا اسٹڈی سینٹر میں جاپان زبان سکھانے کے لیے استاد کی تقرری اور جامعہ سندھ کے طلباءکو ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان بھیجنے کے علاوہ تعلیمی و تحقیقی میدان میں جامعہ سندھ اور جاپان کی بڑی جامعات کے مابین تعلیمی معاہدے کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاپانی قونصل جنرل توشی کازو اسومورا اپنے دو رکنی وفد کے ساتھ جامعہ سندھ کے ایریا اسٹڈی سینٹر پہنچے جہاں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت‘ سینٹر کے ڈائریکٹر حماد اللہ کاکیپوٹو و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ ایریا اسٹڈی سینٹر میںہونے والی ملاقات میں یونیورسٹی آف ملائیشیا پرلس کے دو پروفیسرز ڈاکٹر ہوزلی حسین‘ ڈاکٹر زریدہ محمد و دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ڈاکٹر برفت اور ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو نے جاپانی و ملائیشیا کے مہمانوں کو سندھی اجرک کے تحائف پیش کیے۔

ملاقات میں ڈاکٹر برفت نے کہا کہ پاکستان کے صوبہ سندھ اور جاپان کی ثقافت آپس میں بہت مماثلت رکھتی ہیں‘ ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور جاپان کے تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے جامعہ سندھ مختلف جاپانی جامعات کے ساتھ معاہدے کرے گی۔

انہوں نے قونصل جنرل کو بتایا کہ جامعہ سندھ میں کی ترقی اور تعلیمی اصلاحات کے لیے کوششیں شروع کی گئی ہیں‘ جلد ہی یہ دنیا کی بہترین جامعات میں سے ایک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی قونصلیٹ ایکسچینج پروگرام و دیگر اسکالرشپ کے تحت جامعہ سندھ کے طلباءو اساتذہ کو جاپان بھیجنے میں کردار ادا کرے تاکہ وہ نوجوان جاپانی جامعات سے تربیت حاصل کرکے واپس آکر اپنے ملک کی خدمت کریں۔

انہوں نے کہا قونصل جنرل ایریا اسٹڈی سینٹر میںجاپانی زبان سکھانے کے لیے اساتذہ مقرر کرے تاکہ سندھ کے نوجوانوں کوجاپانی زبان سکھائی جا سکے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم /کراچی ) فردوس اتحاد کے زیراہتمام محکمہ نوجوانان امور حکومت سندھ کے تعاون سے منعقد ہونے والا دوسرا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید انٹر کالجیٹ گرلز تقریری مقابلہ گورنمنٹ کالج شاہراہ لیاقت کی صوبیہ امین نے جیت لیا۔

یہ مقابلہ 42 گرلز کالجوں کے درمیان منعقد ہوااور آخری مقابلے میں 13 کالجوں کی طالبات نے کوالیفائی کیا جس میں صوبیہ امین نے پہلی، گورنمنٹ کالج کورنگی کی ابیہا زیدی نے دوسری اور عبداللہ گرلزکالج کی ماہم عبداللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس ونوجوانان امور شہزاد پرویز بھٹی مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر سکینہ سموں نے صدارت کے فرائض انجام دیئے انہوں نے طالبات میں نقد انعامات، ٹرافیز اور اسناد تقسیم کیں۔