منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(کوالالمپور) ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے میانمارمیں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک میں خون ریزی بند نہیں کرواسکتیں تو پھر انہیں نوبل امن انعام دینے کا کیا فائدہ ہوا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سوچی کو نوبل امن انعام دینے کا کیا فائدہ ہوا کہ وہ اپنے ملک میں حکمران ہونے کے باجود روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی نہیں رکواسکتیں۔

نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر ہزاروں افراد ہمسایہ ممالک ہجرت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں ہمیں اب ہر صورت میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی رکوانی ہے اور ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے اس موقع پر مظاہرین نے ’’اللہ اکبر اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اس خون ریزی کو رکوانے کے لئے کچھ کرے جب کہ دنیا آرام سے بیٹھ کر یہ خون ریزی نہیں دیکھ سکتی۔

 

 


ایمزٹی وی(نئی دہلی) بھارتی ریاست تامل ناڈو کی وزیر اعلی جے للیتا کی موت سے متعلق مختلف اور متضاد خبریں مسلسل گردش میں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے للیتا کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں ہنگامی طور پر چنئی کے مقامی اسپتال میں داخل کروادیا گیا۔ اسپتال کے باہر ان کے سیاسی حامیوں اور مداحوں کا ہجوم جمع ہے اور ان کی صحت یابی کےلئے دعائیں کی جارہی ہیں۔

بھارت میں ساؤتھ کی فلموں کی سابق اداکارہ اور تامل ناڈو کی چار بار منتخب وزیرِ اعلی جے للیتا کو تامل ناڈو کی اہم ترین سیاسی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اس ریاست کا نقشہ بدل دیا ہے۔
گزشتہ کئی ماہ سے ان کی طبیعت خراب تھی لیکن اس بات کی خبریں میڈیا سے پوشیدہ رکھی جارہی تھیں۔ تاہم آخری بار عوام نے انہیں اس سال ستمبر میں دیکھا تھا جس کے بعد سے وہ مسلسل صاحب فراش ہیں۔

جے للیتا کو تامل ناڈو میں ’’اماں‘‘ بھی کہا جاتا ہے اور ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر بھارت کے سیاسی حلقوں میں شدید تشویش ہے کیونکہ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر جے للیتا کو کچھ ہوگیا تو تامل ناڈو کے حالات قابو سے باہر بھی ہوسکتے ہیں۔

ایسے میں ان کی موت سے متعلق افواہیں اور متضاد خبریں جلتی پر تیل کا کام بھی کرسکتی ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی (لاہور)پاک فوج کی کمان جنرل باجوہ کے سپرد کرتے ہی راحیل شریف نے آرمی چیف ہاؤس خالی کرکے لاہور پہنچ گئے تھے جبکہ اطلاعات تھیں کہ انہوں نے اپنا سامان پہلے ہی منتقل کرلیا تھا لیکن اب مقامی اخبار نے دعویٰ کیاکہ سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف آرمی چیف ہاﺅس لاہور میں مقیم ہیں۔

ذرائع کے مطابق راحیل شریف مزید دو سے تین ہفتے آرمی چیف ہاؤس میں ہی قیام کریں گے اور پھر وقتی طورپر سروسز کلب کے ایک حصے میں منتقل ہو جائیں گے کیونکہ لاہور کے مضافات میں انکا اپنا گھر زیرتعمیر ہے۔

دوسری طرف یہ بھی دعویٰ کیاگیاکہ راحیل شریف نے تاحال سعودی عرب کی طرف سے ممکنہ طورپر بنائے جانیوالے اسلامی فوجی اتحاد کی کمان کی پیشکش کو منظور یا نامنظور کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ اپنے مستقبل کے بارے میں مکمل طور پر خاموش ہیں۔

 


ایمزٹی وی(کراچی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام ہوٹلوں کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا ۔

تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر جناح ہسپتال کے ساتھ واقع نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے باعث ڈاکٹروں سمیت 11افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے بعد سید مراد علی شاہ بھی حرکت میں آگئے اور حکم دیا ہے کہ تمام بڑے اور چھوٹے ہوٹلوں کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ سول ڈیفنس سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

مرادعلی شاہ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔ کمیٹی میں محکمہ ہوم‘ لیبر اورکے ایم سی افسران شامل ہوں گے۔

انہوں نے کمشنرکراچی سے بھی فون کے ذریعے رابطہ کرکے معاملے چھان بین کرنے کی ہدایت کی کہ ہوٹلوں میں ایمرجنسی آلات اور یمرجنسی گیٹ موجود ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں پتہ لگایاجائے ۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصا ف کے چیئر مین عمران خان اور رہنما جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس پر نا اہلی کا فیصلہ 15دسمبر کو سنا یا جائے گا ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن میں نا اہلی ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں عمران خان نے اپنا جواب جمع کرا دیا ۔اپنے جواب میں عمران خان نے کہا کہ بنی گالا کا گھر 2002میں 4کروڑ 35لاکھ میں خریداری کا معاہدہ کیا ،اس کے لیے رقم اقساط میں ادا کرنے کا فیصلہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ بنی گالا کے لیے ابتدائی طور پر 65لاکھ روپے ادا کیے ،باقی رقم لندن فلیٹ بیچ کر ادا کرنا تھی ،مقررہ مدت میں لندن فلیٹ کی فروخت میں تاخیر سے معاہدہ ختم ہونے کا خدشہ تھا جس پر جمائمہ نے بنی گالا گھر کے لیے ادھار رقم دی

۔لندن فلیٹ کی فروخت سے حاصل رقم سے جمائمہ خان کو قرض ادا کیا ،بنی گالا گھر کی خریداری ک لیے جمائمہ نے رقم قانونی طریقے سے پاکستان منتقل کی ۔عمران خان نے کہا کہ اسپیکر ریفرنس میں لگائے گئے ٹیکس چوری کے الزامات بے بنیاد ہیں ،نیازی سروسز لمیٹڈ کا واحد اثاثہ لندن فلیٹ تھا جو 2003میں بیچ دیا ۔

 


ایمزٹی وی(کراچی) سندھ ہائی کورٹ نے17 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں 17 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاسم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عاصم شدید علیل ہیں، اس لیے ان کی ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔

عدالت نے مدعی کے وکلا کی درخواست پر ریمارکس دیئے کہ نیب کو سنے کے بغیر ضمانت منظور نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی فوری سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پراسیکیوٹر نیب کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاع وطن کےسلسلے میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ملک کا دفاع مضبوط ہوگا۔
صدر ممنون حسین نے ہدایت کی کہ ملک میں مکمل امن کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل اور آپریشن ضرب عضب کو مقاصد کے حصول تک جاری رکھا جائے،جس پرآرمی چیف نے کہا کہ وہ دفاع وطن کےسلسلے میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر کو پاک فوج کی کمان سنبھالی ہے جس کے بعد ان کی صدر ممنون حسین سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔

 

 


ایمزٹی وی(روم)اٹلی کے وزیر اعظم نے ڈھائی سال حکمرانی کرنے کے بعد استعفیٰ دیدیا ۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے وزیر اعظم میٹیو رینزی نے ریفرنڈم میں ناکامی کے بعد اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔ریفرنڈم کے پول نتائج کے مطابق اٹلی کی 50 فیصد عوام نے وزیراعظم کیخلاف ووٹ دیا تھا۔انہوں نے آئینی اصلاحات کیلئے ریفرنڈم کرایا تھا جس کے نتائج کے بعد انہوں نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے عہدہ چھوڑ دیا ۔ماتیو رینزی اڑھائی سال تک اٹلی کے وزیراعظم رہے ۔

نیوز کانفرنس میں اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے نتائج کی مکمل ذمہ داری کو قبول کیا اورکہا کہ اصلاحات کے مخالفین کو اب واضح تجاویز پیش کرنی ہوں گی۔

واضح رہے کہ اٹلی کے وزیر اعظم کی پارٹی کو حالیہ انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، میٹو رینزی نے اپنے دورے اقتدار میں عوام کے لیے کوئی خاطر خواہ منصوبے شروع نہ کر سکے ، اٹلی کی عوام کو میٹو رینزی کی پالیسوں پر اعتراض تھا جس کی وجہ ان کی جماعت اپنی ساکھ برقرار نہ رکھ سکی۔

 


ایمزٹی وی(کیرالہ)بھارتی ریاست کیرالہ میں 15 روز قبل اسلام قبول کرنے پر آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں کے حملے میں شہید ہونیوالے نوجوان فیصل کی ماں نے بھی اسلام قبول کر لیا۔ واضح رہے کہ فیصل کا قبول اسلام سے پہلے نام انیل کمار تھا اس کا باپ کرشنن نائر ہندوﺅں کی اعلی ذات سے تعلق رکھتا ہے۔

فیصل کی ماں میناکشی نے بھی اسلام قبول کرکے اپنا نام جمیلہ رکھ لیا ہے، فیصل نے ایک برس قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلام قبول کیا واپس کیرالہ آنے پر اس کے خاندان میں بے چینی اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تاہم اس کے والدین نے مذہب تبدیل کرنے کے فیصلے کا احترام کیا فیصل نے اپنے بچوں اور بیوی کو بھی کلمہ پڑھایا۔
تاہم اس دوران اسے آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈے متواتر دھمکیاں دینے لگے اور 22 نومبر کو کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں انہوں نے فیصل کو گھر جاتے ہوئے چھرے مار کر سرعام قتل کر دیا۔
پولیس قتل میں ملوث 8 افراد کو اب تک گرفتار کر چکی ہے۔


ایمزٹی وی(پشاور)نیب خیبر پختونخوا نے خردبرد میں ملوث مہمند ایجنسی کے سابق سرجن اور ہیلتھ آفس کے سابق اکاﺅنٹنٹ کو گرفتار کر لیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب خیبر پختونخوانے مہمند ایجنسی کے سابق سرجن ڈاکٹر داﺅد ، ہیلتھ آفس کے سابق اکاﺅنٹنٹ نثار کو حراست میں لے لیا ۔ دونوں ملزمان پر خزانے کو لاکھوں کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے فنڈز میں خرد برد پر پکڑا گیا ہے جن سے تفتیش کی جائے گی اور مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آنے کا امکان ہے