منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی( تجارت) مودی سرکار کی جانب سے بڑی مالیت کے نوٹوں پر پابندی کے سبب بھارتی کرنسی کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب اسے پاکستان میں کوئی فاریکس ڈیلر خریدنے کے لیے تیارنہیں اور لوگ بھی لینے سے گریز کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں بھارتی کرنسی کی قدر میں منہ کے بل آگری ہے۔

بھارتی حکومت کے مذکورہ فیصلے سے قبل بھارتی روپے کی قدر 1.70 پاکستانی روپے تھی مگر بڑے نوٹوں کی بندش کے بعد پاکستان میں فاریکس ڈیلرز نے اس کا لین دین مکمل بند کردیا تھا تاہم چند روز قبل چند ایکس چینج کمپنیوں نے ممکنہ نقصان کا خطرہ ہونے کے باوجود ان پاکستانی شہریوں اورتاجروں کو سہولت دینے کے لیے بھارتی کرنسی خریدنا شروع کی جنھوں نے نمائشوں میں حصہ لینے، کاروبار اور رشتہ داروں سے ملنے جانے کے لیے بھارتی کرنسی لی تھی تاکہ انھیں مالی خسارے سے بچایا جاسکے تاہم اس کے لیے کوئی 50 پیسے بھی دینے کو تیار نہیں تھا اور ابتدائی طور پر اس کا مول 30پیسے مقرر ہوا تاہم بھارتی کرنسی کا پاکستان میں کوئی آفیشل ریٹ نہیں ہے اور اب بعض منی چینجرز اب اس کے 70 پیسے دے رہے ہیں۔

اگرچہ بھارت جانے والے پاکستانی نمائش کنندگان، تاجروں، کاروباری افراد اور رشتہ داروں سے ملنے جانے والے افرادکو سرمائے میں60 فیصد کے نقصان کا سامنا ہے تاہم نئے خریداروں کو بھارتی کرنسی پہلے کے مقابلے میں اب بھی 1روپے کم میں دستیاب ہے مگر زیادہ تر لوگ ڈالر خرید رہے ہیں۔ منی مارکیٹ کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں کمرشل بینک، ایکس چینج کمپنیاں اورمنی چینجرزاپنے پاس موجود بھارتی کرنسی کے ذخائر ہانگ کانگ بھیج کرتبدیل کرا رہے ہیں

چند روز قبل پاکستان میں بعض ایکس چینج کمپنیوں نے بھارتی کرنسی30 پیسے کے حساب سے خریداری کا آغاز کیا جو اب 70 پیسے میں خریدی جارہی ہے لیکن ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے اپنے کمرشل کاؤنٹرز پر بھاری کرنسی کے ریٹ جاری نہیں کیے جا رہے جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے افراد یا خاندان اضطراب سے دوچار ہیں جو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی غرض سے بھارت کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور انھوں نے پہلے ہی کرنسی خرید لی تھی مگر اس کی بھاری ذمے داری بھارتی حکومت پر عائدہ ہوتی ہے جو اپنے ہی شہریوں کا خیال نہیں کر پارہی تو پاکستانی شہریوں کو کیسے سہولت دے گی، نئے خریدار اب زیادہ تر سفر کے لیے امریکی ڈالر خرید رہے ہیں۔

اس ضمن میں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ مودی سرکار نے بھارت میں کالا دھن سفید کرنے کی حکمت عملی کے تحت بڑی مالیت کی کرنسی نوٹوں پر پابندی عائد کی ہے لیکن اسے کامیابی ملنے کی امید نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بھارتی کرنسی کی نہ پہلے کوئی اہمیت تھی اور نہ آج ہے، مودی سرکار کے اقدام سے قبل پاکستان کی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھارتی کرنسی کی صرف بھارت کا کاروباری یا نجی دورے کرنے والے افراد کی یومیہ ڈیمانڈ بمشکل 3 سے4 ملین تھی، مودی سرکار کی پابندی کے بعد پاکستان سے بھارت کے علاوہ ایران اور افغانستان جانے والے افراد کی بڑی تعداد بھی بھارتی کرنسی خرید رہی ہے اور ان ممالک میں جاکر بھارتی کرنسی تبدیل کرکے منافع کما رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بھارتی کرنسی کی ہولڈنگ کا رحجان انتہائی محدود ہے، اس لیے مودی سرکار کے اقدام سے مجموعی طور پر یہاں معاشی سمیت کسی بھی قسم کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوسکتے البتہ اوپن مارکیٹ میں بھارتی کرنسی منہ کے بل ضرور آ گری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی (اسلام آباد)مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کا شیڈول اچانک تبدیل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کا شیڈول اچانک تبدیل کردیا گیا ہے اور اب و ہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے کل کی بجائے آج ہی بھارت پہنچیں گے ۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورے کے دوران انکی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا بھی امکان ہے ۔ یاد رہے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی شہر امرتسر میںہونے والی دو روزہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت جانا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی( تجارت) ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے کہا ہے کہ کمپنیز آرڈیننس 2016 کو متعارف کرانے کے بعد کمپنیوں کے اندراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد مختلف شعبوں میں 40کمپنیاں رجسٹر ہو چکی ہیں، کمپنیز آرڈیننس2016 کے ذریعے ملک بھر میں تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی کے باعث تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

چیئرمیں نے کہاکہ قانون مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور ملکی کاروباری برادری کی سہولتوں کے لیے تجاویز اور مشوروں کو شامل کرنے کے بعد متعارف کرایاگیا ہے، ایس ای سی پی نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنا دیا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں کمپنیوں کے اندراج میں 12فیصد اضافہ ہوا ہے، کمپنیز آرڈیننس کے نفاذ سے قبل بحث ومباحثہ کیاگیا، ملک کے تمام بڑے شہروں میں 6سیمینار منعقد کیے گئے تاکہ مختلف شیئرہولڈرز اور کاروباری برادری کی آرا حاصل کی جاسکیں۔

انھوں نے کہاکہ قانون کو مزید موثر بنانے کے لیے سفارشات اور تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، ایس ای سی پی قانون پر نظرثانی کے لیے کمشنر کانفرنس کا انعقاد کرے گی تاکہ اسے زیادہ موثر اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنایا جاسکے، اس سے سرکاری اداروں میں انتظامیہ کے تعیناتی میں شفافیت کے ذریعے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ انھوں نے مذکورہ قانون میں کمپنیز گلوبل رجسٹر آف بینیفیشل اونر۔سیکشن452سمیت متعارف کرائے گئے متعدد نئے اقدامات کی نشاندہی بھی کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) ایف بی آرنے مارکیٹ سے بڑے پیمانے پر کالے دھن سے ڈالر خریدنے والوں کیخلاف تحقیقات شروع کردیں اور اس ضمن میں اسلام آباد کے متعدد منی چینجرز کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

ایف بی آرکے ذرائع کے مطابق ان ڈکلیئرڈ اورمشکوک ٹرانزیکشن کرنیوالے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کی بیرون ملک منتقلی روکنے کیلیے تمام ایئرپورٹس پر ایف بی آر کی نگران ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ایف بی آر کے سینئر افسر نے ذرائع کو بتایا کہ ان تحقیقات کا مقصد ان لوگوں کی تفصیلات جمع کرناہے جو مارکیٹ سے ڈالر خرید کر بیرون ملک لے جارہے ہیں۔

منی چینجرز سے گزشتہ دو مہینے کے دوران بڑے پیمانے پر ڈالر خریدنے والوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جبکہ ان افراد کا ریکارڈ بھی مانگا ہے جنھوں نے 2500سے زیادہ ڈالر بیرون ملک بھیجے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کو معلوم ہوا ہے کہ کالا دھن رکھنے والے افرادبڑے پیمانے پر ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی مارکیٹ سے اٹھا رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا اسلام آباد اور گرد نواح کے ایک درجن سے زائد لوگوں کے بارے میں تفصیلات جمع کرلی گئی ہیں جن کے گھروں پر چھاپے مارے جائیںگے۔ ڈالر کی مشکوک ٹرانزیکشن کرنیوالوں کیخلاف انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ 2001 کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے اپنی ٹیم بنکاک بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد بنکاک انٹرپول نے ایف آئی سے رابطہ کیا جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے بنکاک جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کا عہدہ رکھنے والا افسر بنکاک جائے گا ۔ ایف آئی اے کی ٹیم قانونی دستاویزات اور ریڈ وارنٹ لے کر جلد روانہ ہو گی ۔

 

 


ایمزٹی وی(واشنگٹن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ساجد تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیرا عظم نواز شریف اور امریکی صدر کا ٹیلی فونک رابطہ انہوں نے کرایا ہے ۔

ذرائع کے مطابق مسلمزفارٹرمپ نامی تنظیم کے عہدےداراورڈونلڈٹرمپ کے حامی ساجد تارڑ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ مودی اور ٹرمپ کے رابطے کے بعد نواز شریف اور امریکی صدر کے درمیان رابطے کی کمی محسوس کی جار ہی تھی جس کے بعد دونوں رہنماﺅں میں رابطے کا فیصلہ کیا گیا ۔”نوازشریف اور ٹرمپ کا ٹیلی فونک رابطہ میں نے کرایا “۔

ساجد تارڑ نے مزید کہا کہجب سےڈونلڈٹرمپ صدرمنتخب ہوئے ہیں وہ پاکستانی حکام سےرابطے میں ہیں اورمستقبل میں مزیداچھے تعلقات قائم ہوں گے ۔ٹرمپ کی مودی سےبات چیت کےبعدنواز شریف کی ٹرمپ سےبات ہوناضروری تھی.

 

 


ایمزٹی وی(سری نگر)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی درندگی مسلسل جاری ہے اور قابض فوج نے جھوٹے مقابلے کا ڈرامہ رچاتے ہوئے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے گاؤں دورو میں جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچا کر سجاد ملک نامی نوجوان کو شہید کردیا۔ بھارتی فورسز کا کہنا تھا کہ سجاد ملک نے پولیس اسٹیشن میں اہلکاروں سے اسلحہ چھینا اور فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر فورسز کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور 2 کلو میٹر دور اگنو گاؤں میں مارا گیا۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری جوان کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے اس قسم کے چھوٹے مقابلوں کے ڈرامے گزشتہ 30 سالوں سے گڑھے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو ان کے گھر والوں کے سامنے اٹھا کر لے جاتے ہیں اور پھر ان پر تشدد کر کے انہیں شہید کر دیا جاتا ہے، جس کے بعد ان کی لاشوں کو سڑک کنارے پھینک کر جعلی آپریشن ظاہر کر دیا جاتا ہے۔

سجاد ملک عرف بٹا گند کا بیٹا کی اہلیہ شبینہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے میرے شوہر کو گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے قید کر رکھا تھا تو وہ اسلحہ کیسے رکھ سکتا ہے۔

 

شبینہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے عدالت نے ضمانت پر رہائی بھی لے رکھی تھی لیکن اس کے باوجود بھارتی فوج نے انہیں غیر قانونی طور پر قید کر رکھا تھا، گزشتہ روز میں جب اپنے شوہر سے پولیس اسٹیشن میں ملاقات کے بعد واپس گھر پہنچی تو مجھے اطلاع ملی کی سجاد ملک کو شہید کر دیا گیا ہے۔
سجاد ملک گزشتہ 10 سال سے مقامی کانگریس پارٹی سے منسلک تھا اور اپنے گاؤں دورو کا سرپنج بھی تھا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سجاد ملک ہر کسی کے دکھ درد میں شریک ہونے والا آدمی تھا اور بطور سرپنج اس نے گاؤں کی بہتری کے لئے بہت کام کیا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) عمران فاروق قتل کیس میں ایم کیو ایم لندن کے مرکزی رہنما محمد انور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی،ایف آئی اے نے الطاف حسین کے قریبی ساتھی اور پارٹی رہنما عمران فاروق قتل کیس میں ایم کیو ایم لندن کے محمد انور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سی ٹی ڈی نے قتل میں نامزد ملزم افتخار حسین اور کاشف کامران کی گرفتاری کے لئے بھی وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔

ایف آئی اے کے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے محمد انور سمیت نامزد ملزم افتخار حسین اور کاشف کامران کی گرفتاری کیلئے وارنٹ نکال دیئے۔کیس میں نامزد ملزمان محسن علی، معظم علی اورخالد شمیم پاکستانی جیل میں قید ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ اور پاکستان میں قتل کیس کی تحقیقات جاری ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے پاکستانی حکام کی مدد سے ملزمان کے ڈی این اے اور فنگرپرنٹس حاصل کیے ہیں جو حاصل ہونے والے ثبوتوں سے میچ بھی کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ ایم کیوایم کے سینئر رہنما عمران فاروق کو 16 ستمبر2016 ءکو لندن میں گرین لین کے علاقے میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ اپنے کام سے واپس گھر کی طرف لوٹ رہے تھے۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے معاون خصوصی طارق فاطمی کو اہم مشن پر امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طارق فاطمی نو منتخب امریکی صدر کی قریبی ٹیم سے ملاقاتیں کریں گے جس دوران پاک، امریکہ تعلقات پر بات چیت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق یہ سارا میکنزم وزیراعظم نواز شریف اور امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران بنا۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر اور جنوری میں 2 سینئر وفاقی وزراءبھی امریکہ جائیں گے اور ٹرمپ انتظامیہ کے اہم اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔

 

 


ایمزٹی و (تعلیم)پاکستان میں تعلیم کیلئے کام کرنے والی معروف سماجی تنظیم الف اعلان نے انکشاف کیاہے کہ دنیابھرمیں پاکستان میں اسکول نہ جانیوالے لڑکیوں کی دوسری بڑی تعداد ہے یعنی فہرست میں پاکستان دوسرے نمبرپرآگیا، پرائمری سطح پر اسکول میں داخل ہونیوالی لڑکیوں کی شرح 53فیصد اور لڑکوں کی شرح 60فیصد تھی، مزید یہ کہ ملک بھر کے 154918سرکاری اسکولوں میں صرف 58042اسکول یعنی37فیصد ہی بچیوں کی تعلیم کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے گھریلو سطح پر ہونیوالے سروے میں انکشاف ہواہے کہ لڑکیوں کے اسکول نہ جانے کی بڑی وجہ والدین یا بچوں میں سے کسی ایک کی تعلیم کے حصول کیلئے غیرآمادگی ہے ، جبکہ بعض اوقات اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ، ناقص معیار تعلیم ، استاد کی غیرحاضری اور سزا بھی اسکول نہ جانے کی وجہ بنی۔

مزید یہ بھی بتایاگیاکہ صرف 40فیصدناخواندہ مائیں اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگواتی ہیں جبکہ مڈل ، سیکنڈری یا اس سے زائد پڑھی لکھی 74فیصد خواتین اپنے بچوں کو ٹیکے لگواتی ہیں، 39فیصد غیرتعلیم یافتہ خواتین کے ہاں پیداہونیوالے بچوں کا وزن کم ہوتاہے جبکہ پڑھی لکھی خواتین کے ہاں پیداہونیوالے بچوں میں یہ شرح 10فیصد ہے ، ان بچوں پر تعلیم نہیں بلکہ تعلیم کے نتیجے میں حاصل ہونیوالی ماں کی عادات اور خوراک کا اثر ہوتاہے ۔