منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)جماعت اسلامی نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کو اپنی جماعت میں شامل ہونے کی پیش کش کر دی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے سابق سپہ سالار سیاست میں مثبت تبدیلیاں لائے۔ انہیں 2 سال کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔ جس طرح راحیل شریف دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے ذریعے قوم کی امیدوں پر پورا اترے اسی طرح وہ سیاسی نظام کو بھی تبدیل کرنے میں جماعت اسلامی کی مدد کریں۔

جماعت اسلامی کے رہنما کی جانب سے جنرل راحیل شریف کو دی گئی پیش کش پر صوبائی وزیر ندیم کامران کا کہنا تھا کہ اس طرح کی پیش کش جماعت اسلامی کے سراسر خلاف ہے کیونکہ جماعت اسلامی میں لیڈر شپ نچلی سطح سے اوپر آتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر جنرل راحیل شریف جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کر لیتے ہیں انہیں کون سا عہدہ ملے گا۔

واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف پاک فوج کے سپہ سالار کی حیثیت سے 3 سالہ مدت پوری کرنے کے گزشتہ ماہ 29 نومبر کو ریٹائر ہوئے ہیں۔ آئین کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم ملازمت چھوڑنے کے 2 سال تکک سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا۔

 


ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم کو ویزے نہ ملنے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی، کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہئے ، مصباح الحق کو کم از کم ایک سال مزید کپتانی کیلئے کہا ہے۔ ڈھاکہ میں کسیپاکستانی کھلاڑی کے ڈسپلن توڑنے کی اطلاع نہیں ملی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ بگ تھری پر اسی وعدے پر دستخط کئے تھے کہ بھارت 8 سال میں سیریز کھیلے گا لیکن 2 سال سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی سیریز نہیں ہو رہی، ہم یہ معاہدہ آئی سی سی میں لے کر جائیں گے کیونکہ بھارت کا اثر و رسوخ ہونے کے باوجود وہاں ہماری بھی تھوڑی بہت شنوائی ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی طرف سے بھارت کیساتھ کھیلنے کو تیار ہیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے اجازت نہیں مل رہی۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار خان نے کہا کہ مصباح الحق جب یہاں آئے تھے تو ان کے ساتھ بہت سے ایشوز پر بات ہوئی تھی اور انہیں کم از کم ایک سال کپتانی کا کہنا ہے کیونکہ ان کی موجودگی سے نئے لڑکوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جب بھارت کیساتھ خواتین کرکٹ ٹیموں کے میچوں کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھایا تو بھی بھارتی بورڈ نے یہی موقف اپنایا کہ ان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی جس پر آئی سی سی نے بہت ہی اچھا اقدام اٹھایا اور بھارتی عہدیداروں سے کہا کہ وہ حکومت سے اجازت کیلئے لکھا گیا خط اور بھارتی حکومت کا جوابی خط بھی دیں اور یہ بھی بتائیں کہ کن بنیادوں پر انکار کیا گیا ہے اور اس کیساتھ ہی ہمیں 6 پوائنٹس بھی دیدئیے گئے۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ڈھاکہ میں مداحوں کا کھلاڑیوں کے کمروں میں چلے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے البتہ پاکستان کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ڈسپلن توڑنے کی اطلاع نہیں ملی۔ ابھی یہ معاملہ چل رہا ہے دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) ڈی اے پی کھاد پر دی جانے والی سبسڈی ختم ہو گئی ہے۔ امپورٹرز کے مطابق درآمدات متاثر ہونے سے قیمت 300 روپے اضافے سے 2800 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی اے پی کھاد کی درآمدات کے لئے دی گئی 8 ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی اب ختم ہو چکی ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں ڈیپ کی فی بوری 300 روپے تک مہنگی ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے حکومتی حکام سے امپورٹرز کی بات چیت جاری ہے مگر اب تک حکومت نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا جس کے باعث درآمدکنندگان نے مزید ڈیپ کی امپورٹ نہ کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ ڈی اے پی درآمدات رک جانے سے اس کی فی بوری کی قیمت 300 روپے اضافے سے 2800 روپے تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ سیزن کے مقابلے میں رواں برس کسان ڈی اے پی کھاد کا مناسب استعمال کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ کئی فصلوں کی پیداوار اور معیار میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ اس وقت ملک میں گندم کی فصل کی تیاری شروع ہو چکی ہے، ایسے وقت میں اگر ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو یقیناً اس کی پیداوار توقع سے کم رہنے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کے نوجوان کرکٹر بابراعظم کو کوچ مکی آرتھر نے پاکستان کا ویرات کوہلی قراردیدیا۔

ذرائع کے مطابق اکمل برادران کے کزن22سالہ بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں نئے ہیں اور ماہرین کرکٹ کے نزدیک اس کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا قبل ازوقت ہے۔ بابراعظم وہ پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے سیریزمیں مسلسل تین سینچریاں بنائیں جبکہ تین ماہ کے دوران تین میچوں کی ون ڈے سیریزمیں سب سے زیادہ 360رنز بنائے ۔

علاوہ ازیں ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ڈے نائٹ میچ میں پہلی انٹری دی اور 69رنز بنائے ۔
یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بابراعظم کے پاکستان کی بیٹنگ کا مرکز ہونے کی توقع ہے ۔

 

ایمزٹی وی( صحت)’جو‘‘ کھانے والی ایک عام سی جنس ہے۔ ’’جو‘‘ ہر جگہ پائے جاتے ہیں۔ یہ گندم کے کھیتوں میں پائے جاتے ہیں۔ یہ گندم سے پہلے پک کر تیار ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ باقاعدہ کاشت بھی کئے جاتے ہیں لیکن عام طور پر خودروہوتے ہیں۔ عربی اور فارسی میں انہیں شبر،سنسکرت میں باوا اور انگریزی میں Barley کہتے ہیں۔ احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ آپؐ ’’جو‘‘ کا دلیہ بطور روٹی اور بطور ’’ستو‘‘ استعمال فرماتے تھے۔ نبی کریمؐ کے دور میں لوگ ’’جو‘‘ کی روٹی کھاتے تھے یا گندم اور ’’جو‘‘ملا کر روٹی پکائی جاتی تھی۔

نبی کریمؐ کو ’’جو‘‘ بہت پسند تھے۔ احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ آپؐ ’’جو‘‘ کا دلیہ بطور روٹی اور بطور ’’ستو‘‘ استعمال فرماتے تھے۔ نبی کریمؐ کے دور میں لوگ ’’جو‘‘ کی روٹی کھاتے تھے یا گندم اور ’’جو‘‘ملا کر روٹی پکائی جاتی تھی۔ خالص گندم کی روٹی صرف تقریبات پر پکائی جاتی تھی۔ مسجد نبوی کے دروازے پر ایک عورت چقندرکی جڑیں اور ثابت ’’جو‘‘ ملا کر ان کی شب دیگ پکا کر نماز جمعہ کے بعد بیچنے آیا کرتی تھی۔ صحابہ کرامؓ کو یہ پکوان اتنا پسند تھا کہ لوگ جمعہ والے دن کا انتظار کرتے تھے۔ یوسف بن عبداللہ بن سلامؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریمؐ کو دیکھا کہ آپؐ نے ’’جو‘‘ کی روٹی کا ٹکڑا لیا اور اس کے اوپر کھجور رکھی اور فرمایا کہ اس کا سالن ہے اور کھا لیا ’’جو‘‘ کو، کُوٹ کر دودھ میں پکانے کے بعد مٹھاس کے لئے اس میں شہد ڈالا جاتا ہے، اسے ’’جو‘‘ کا دلیہ کہتے ہیں۔ حضرت عائشہ صدیقہؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہؐ کے اہلخانہ میں جب کوئی بیمار ہوتا تھا تو حکم ہوتا تھا کہ اس کے لئے ’’جو‘‘ کا دلیہ تیار کیا جائے، پھر فرماتے تھے کہ یہ بیمارکے دل سے غم کو اُتار دیتا ہے اور اس کی کمزوری کو یوں اُتاردیتا ہے جیسے کہ تم میں سے کوئی اپنے چہرے کو پانی سے دھو کر اس سے غلاظت کو اتار دیتا ہے۔

حضرت عائشہ صدیقہؓ بیمار کے لئے دلیہ تیار کرنے کا حکم دیا کرتی تھیں اور کہتی تھیں اگرچہ بیمار اس کو ناپسند کرتا ہے لیکن وہ اس کے لئے ازحد مفید ہے۔ پریشانی اور تھکن کے لئے بھی دلیہ کا ارشاد ملتاہے۔ نبی کریم ؐ کو ’’جو‘‘ سے بنے ہوئے ’’ستو‘‘ پسند تھے ۔نبی کریمؐ نے روزہ کھولنے میں اکثر ’’ستو‘‘کاشربت نوش فرمایا۔ ’’جو‘‘ کھانے سے قوت حاصل ہوتی ہے۔ ’’جو‘‘ جسمانی کمزوری کے علاوہ کھانسی اور حلق کی سوزش کے لئے مفید ہے۔ معدہ کی سوزش کو ختم کرتا ہے۔ جسم سے غلاظتوں کا اخراج کرتے ہیں۔ ابن القیم نے ’’جو‘‘ کے پانی کا جونسخہ بیان کیا ہے اس کے مطابق ’’جو‘‘ لے کر ان سے پانچ گنا پانی ان میں ڈالا جائے پھر انہیں اتنا پکایا جائے کہ پانی دودھیا ہو جائے اور اس میں ایک چوتھائی کمی آجائے۔پکنے کے بعد ’’جو‘‘کا پانی فوری اثر کرکے طبیعت کو ہشاش بشاش بناتا ہے۔جسم کو کمزوری کا مقابلہ کرنے کے لئے غذا مہیا کرتا ہے۔ اگر اسے گرم گرم پیا جائے تو اس کا اثرفوری ہوکر جسم کو حرارت دیتا ہے اور مریض کے چہرے پر شگفتگی لاتا ہے۔

بوعلی سینا نے لکھا ہے کہ ’’جو‘‘کھانے سے جو خون پیدا ہوتا ہے وہ معتدل، صالح اور پتلا ہوتا ہے۔ بھاری پن کو کم کرنے والا چہرے کو نکھارنے والا چونکہ یہ جلد ہضم ہوجاتا ہے۔ یہ کمزوری اور بدہضمی کے مریضوں کے لئے غذا اور دوا ہے۔ سرکی پھپھوندی کو دور کرتا ہے۔ پیشاب میں خون اور پیپ کے مریضوں کو اگر ’’جو‘‘ کا پانی شہد میں ملا کر دیاجائے تو تکلیف چند دنوں میں ختم ہوجاتی ہے۔ پرانی قبض کے مریضوں کے لئے ’’جو‘‘ کے دلیے سے بہتر کوئی دوا نہیں۔ خون میں کولیسٹرول کو کم کرنے کے لئے ’’جو‘‘ کا دلیہ نہایت اعلیٰ چیز ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) موبی لنک اور وارد کے ایک ہو جانے کے بعد اب وارد نیٹ ورک کے صارفین 4Gکیساتھ ساتھ 3G پیکیجز بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

وارد صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، کمپنی نے وہ اعلان کر دیا جس کا سب کو انتظار تھا ۔

تفصیلات کے مطابق موبی لنک اور وارد کے ضم ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں نیٹ ورک کے صارفین کو آن نیٹ کالنگ پیکیجز پہلے ہی مہیا کر دئیے گئے تھے تاہم اب وارد صارفین 4G کے علاوہ موبی لنک صارفین کو دستیاب 3G پیکیجز بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کے باعث اب صارفین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق 3G پیکیجز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

موبی لنک صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، خرچہ بے حد کم ہو گیا یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ پیکیجز 4G اور 3G دونوں پر لاگو ہوں گے اور صارفین ان پیکیجز کو 3G اور LTE نیٹ ورک پر استعمال کر سکتے ہیں۔ وارد کی جانب سے صارفین کو مہیا کئے گئے 3G پیکیجز کی تفصیلات درج ذیل ہیں اور ان میں سے کوئی بھی پیکیج حاصل کرنے کیلئے #443* ملائیں۔

ڈیلی فیس بک 5 روپے میں 30 ایم بی ڈیلی تھری جی 12 روپے میں 50 ایم بی تھری ڈے 20 روپے میں 100 ایم بی ویکلی 50 روپے میں 300 ایم بی ویکلی سوشل 75 روپے میں 500 ایم بی اور واٹس ایپ، فیس بک کیلئے الگ سے 200 ایم بی ویکلی 110 روپے میں 1,000 ایم بی منتھلی 160 روپے میں 1,500 ایم بی منتھلی 300 روپے میں 2,000 ایم بی منتھلی 500 روپے میں 5,000 ایم بی منتھلی 800 روپے میں 8,000 ایم بی

 
 

 


ایمز ٹی وی(پشاور)سابق ایم پی اے جاوید اکبر خان کی ضمانت منظور کر لی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ سابق ایم پی اے جاوید اکبر خان کی ضمانت منظور کرلی ۔

پشاور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کرتے ہوئے ملزم جاوید اکبر حیات کی ضمانت ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ۔

یاد رہے سابق ایم پی اے کو جعلی ڈگری کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ مراد شاہ نے 2سال قید اور 20ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل ڈیرہ منتقل کر دیا گیا تھا۔

 

ایمز ٹی وی( تجارت) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے چوہدری شوگر ملز کی مبینہ طور پر مشکوک ٹرانزیکشن سے متعلق معاملہ داخل دفتر کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایس ای سی پی حکام کہتے ہیں کہ برطانوی حکام نے ٹرانزیکشن سے متعلق مطلوبہ معلومات دینے سے انکار کردیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسد عمر نے استفسار کیا کہ چوہدری شوگر ملز کے بارے میں مشکوک ٹرانزیکشن سے متعلق برطانوی حکام کو جو خط لکھا گیا تھا اس کا کیا ہوا؟

جس پر ایس ای سی پی حکام نے بتایا کہ لندن سے چوہدری شوگرملز کی مبینہ طور پر مشکوک ٹرانزیکشن سے متعلق شکایت پر برطانوی حکام کو خط لکھا گیا تھا مگر معلومات نہیں ملیں، برطانوی حکام کا موقف ہے کہ معلومات کیلئے انٹر پول کے ذریعے رابطہ قائم کیا جائے۔

ایس ای سی پی حکام کا کہنا تھا کہ مطلوبہ معلومات نہ ملنے پر چوہدری شوگر ملز سے معلومات طلب کیں جس پرمعلوم ہوا کہ چوہدری شوگر ملز نے ایکسپورٹ کے بدلے اڑسٹھ کروڑ روپے وصول کرنا تھے مگر ایکسپورٹ لندن کے بجائے چین اور کوریا کو ہوئی اور ٹرانزیکشن بھی ان ہی ممالک سے کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس کے بعد چوہدری شوگر ملز کے خلاف مبینہ طور پر مشکوک ٹرانزیکشن سے متعلق معاملہ بند کردیا ہے۔

اس پر کمیٹی رکن اسد عمر نے پوچھا کہ کیا نواز شریف کا نام شامل ہونے کی وجہ سے برطانوی حکام نے معلومات نہیں دیں؟

انہوں نے کہا کہ ٹرانزیکشن میں مبینہ طور پر منی لانڈرنگ نظر آرہی ہے، اس معاملے پر ایس ای سی پی حکام سے تفصیلات طلب کی جائیں جس کی حکومتی کمیٹی اراکین نے مخالفت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے کمیٹی رکن طلال چوہدری نے کہا کہ ایک خاص قسم کی معلومات کو پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کرسکتا ہے، ایک کیس کی بجائے پھر بہت سارے کیسز منگوانا پڑیں گے، اس قسم کا کیس عدالت عظمیٰ میں بھی زیر سماعت ہے جس میں ایس ای سی پی بھی فریق ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے کمیٹی رکن میاں منان نے کہا کہ ایک مخصوص کیس کے بارے میں معلومات منگوانا درست نہیں۔

کمیٹی رکن رشید گوڈیل نے کہا کہ یہ معاملہ آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ اس پر تفصیلی بات ہوسکے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے دبئی میں سرمایہ کاری کے اشتہارات پر اسٹیٹ بینک سے جواب طلب کیا۔

تحریک انصاف کے اسد عمر کا کہنا تھا کہ گذشتہ تین سال میں دبئی کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں پاکستانیوں نے 6 ارب 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

کمیٹی نے کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹینس ترمیمی بل 2015 کی منظوری اور کمپنیز آرڈیننس 2016 پر چار رکنی کمیٹی قائم کردی جبکہ نیب سے بنگلہ دیش اسکینڈل کے بارے میں 3 ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔

کمیٹی نے کمپنیز آرڈیننس 2016 پر پرویز ملک کی سربراہی میں چاررکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

ادھر نیشنل بینک حکام نے بنگلہ دیش برانچ میں 18 ارب 50 کروڑ روپے کے اسکینڈل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکور کرلیے ہیں، اسکینڈل میں 61 ملزمان ملوث تھے۔

 

 


ایمزٹی وی(روالپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کو ہر دم تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ خطے میں دیرپا امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 کور اور لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں و افسروں سے ملاقات کی، کور کمانڈر راولپنڈی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے 10 کور کے جوانوں کے ساتھ وقت گزارا جہاں انہیں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ کے علاوہ بھارتی فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف وزیوں کی رپورٹ بھی دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال کو سراہا اور انہیں ہر دم تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزی پر پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا جارحانہ انداز کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ خطے میں دیرپا قیام امن بھی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)کافی عرصے بعد نوکیا کا پہلا اینڈرائیڈ اسمارٹ فون 2017 کے شروع میں متعارف ہوگا۔

گزشتہ دنوں ٹیبلیٹس اور فونز کی مارکیٹ میں واپسی کے اعلان کے بعد اب فن لینڈ کی اس کمپنی نے اس حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں۔

نوکیا اب ایچ ایم ڈی گلوبل کے ساتھ لائسنس ایگریمنٹ کے تحت اپنی ڈیوائسز متعارف کرائے گی۔

ایچ ایم ڈی بھی فن لینڈ کی کمپنی ہے اور اب یہ نوکیا فونز کا نیا گھر ہے اور دونوں کمپنیوں کے درمیان دس سالہ لائسنس معاہدہ ہوا ہے۔

نوکیا نے گز شتہ روز اپنی ویب سائٹ پر نئے فونز کے سیکشن کو متعارف کرایا ہے اور واضح کردیا ہے کہ اب وہ مارکیٹ میں واپسی کے لیے تیار ہے۔

مائیکروسافٹ نے اس کمپنی کے فون بزنس کو خرید کر نوکیا برانڈ کو ختم کرکے لومیا نام اپنایا تھا۔

اب نوکیا کا پہلا اینڈرائیڈ فون 2017 کی پہلی ششماہی کے دوران سامنے آجائے گا جبکہ اس کے ساتھ نوکیا کے دیگر عام فیچرز فونز بھی فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

نوکیا نے مائیکروسافٹ کو اپنے فون بزنس کو فروخت کرنے سے قبل بھی اینڈرائیڈ کے ساتھ تجربہ کیا تھا اور آئی پیڈ کلون تیار کیا تھا جو کہ اینڈرائیڈ پر چلتا تھا۔

تاہم نوکیا کے لگ بھگ تمام اسمارٹ فونز میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم تھا، نیا فون اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ آنے کی صورت میں نوکیا صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔

اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ نوکیا کا اینڈرائیڈ اسمارٹ فون ایپل، گوگل، سام سنگ اور دیگر کمپنیوں کا مقابلہ کیسے کرتا ہے۔