منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

 


ایمزٹی وی (اسپورٹس)اے سی سی ٹوئنٹی 20 ویمنز کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو8 وکٹ سے مات دے دی، گرین شرٹس نے 113 کا ہدف 18.2 اوورز میں دو وکٹ کھو کر حاصل کرلیا، جویریہ خان 51 گیندوں پر 56رنز ناٹ آؤٹ بناکر میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے میں بھی کامیاب رہیں، پانچ باؤنڈریز بھی ان کی اننگز کا حصہ رہیں، نین عابدی 28 پر ناٹ آؤٹ رہیں، انھوں نے 24 گیندوں کا سامنا کیا، اوپنر عائشہ ظفر 7 اور ون ڈاؤن بسمہ معروف 17رنز بناکر پویلین واپس ہوگئیں، اس سے قبل ٹاس جیتنے والی سری لنکن ٹیم نے8 وکٹ پر112رنزاسکورکیے، چماری اتاپتو نے36 گیندوں پر31 رنزاسکور کیے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور2 سکسرشامل رہے، ڈیلانی مینڈورا نے 24 رنزبنانے کیلیے23 گیندوں کا سامنا کیا۔

ان کی اننگز میں 3 باؤنڈریز شامل رہیں، پراساڈینی ویراکوڈی نے21 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے ناہیدہ خان نے17رنزکے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ انعم امین، ثنامیر اور بسمہ معروف کے حصے میں آئی۔دن کے دوسرے مقابلے میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 9وکٹ سے زیرکرلیا، ناکام سائیڈ نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ پر 69رنز بنائے، بھارت نے آسان ہدف 11.1 اوورز میں ایک وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، ایس میگھنا نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز بٹورے، سشما ورما 11 گیندوں پر 3رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں، ویدا کرشنا مورتھی نے 26 بالز کا سامناکرتے ہوئے 35 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، انھوں نے میگھنا کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلیے 49 کی شراکت بھی بنائی۔

 

 

 


ایمزٹی وی(کھیل)ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 369 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے ایک رن بنا لیا ہے جب کہ جیت کے لئے اسے مزید 368 رنز درکار ہیں۔

کھیل کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں روس ٹیلر نے 102 رنز ناٹ آؤٹ جب کہ ٹام لیتھم نے 80 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 3 جب کہ عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز اسکور کئے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 55 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سہیل خان نے 4، عمران خان نے 3 اور محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹم ساؤتھی نے 6 اور نیل ویگنر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی)سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی کی بطور گورنر سندھ تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعید الزمان صدیقی کی بطو رگورنر سندھ تعیناتی کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست گزار نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق سابق چیف جسٹس رکن قومی اسمبلی نہیں بن سکتا ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جو شخص قومی اسمبلی کا رکن نہیں بن سکتا، وہ گورنر کیسے بن سکتا ہے۔

 

 

 


ایمزٹی وی(نئی دہلی)سابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی کارکردگی کے معترف نظر آتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید انتہائی شاندار اور پیشہ ورانہ فوجی افسر ہیں۔

سابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کارکردگی انتہائی پیشہ ورانہ اور شاندار رہی ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں میرے ساتھ کام کیا تھا جہاں ان کی کارکردگی ناقابل بیان رہی تاہم ایک فوجی آفسر ملک سے باہر مختلف انداز میں کام کرتا ہے کیونکہ وہ وہاں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہا ہوتا ہے اور جب بات ملک کے مفاد کی ہوتو اس کا طرز عمل الگ ہوتا ہے لہذا اب بھارت کو صبر سے کام لینا ہو گا۔

سابق بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی سب سے بڑی 10 ویں کور کے کورپس کمانڈر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور اسی وجہ سے وہ پاکستان کی بھارت کے حوالے سے پالیسی کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہیں اور جہاں تک پاک فوج کی کشمیر کے حوالے سے پالیسی ہے کا تعلق ہے تو جنرل باجوہ اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو بھی جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنا دیا گیا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(ممبئی) معروف اسلامی اسکالر، محقق اوراسلامی تحقیقی ادارے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹرذاکرنائیک نے کہاہے کہ آئی آرایف پر5 سالہ پابندی مسلمانوں، امن، جمہوریت اورانصاف پر حملہ ہے، بھارت میں تمام کالے قوانین صرف مسلمانوں کیلیے ہیں، ہندو مذہبی رہنماؤں کو اسلام پرحملوں کی کھلی چھوٹ دی جارہی ہے۔

ہفتے کوجاری ایک کھلے خط میں انھوں نے کہاکہ بھارت میں بینکوں کوآئی آرایف سے وابستہ تمام افرادکے کھاتے منجمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جوظلم کی بدترین مثال ہے، یہ پابندی کرنسی بحران کے دوران لگائی گئی تاکہ اس کے خلاف مزاحمت کو روکا جاسکے اور میڈیا کی توجہ اس سے ہٹالی جائے۔
ذاکر نائیک نے جواس وقت بھارت سے باہر ہیں، کہاہے کہ وہ پابندی کے خلاف عدالت جائیں گے اورعدالت وزیراعظم مودی کے منصوبے ناکام بنادے گی۔

 

 


ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکی ریاست کیلیفورنیا کی تین مساجد میں دھمکی اور نفرت انگیز خطوط بھیجے گئے اور ان میں سے ایک خط میں مسلمانوں کو ڈیول(شیطان) قرار دیتے ہوئے امریکا چھوڑنے کو کہا گیا ہے۔
کیلی فورنیا کے علاقے سان ہوزے میں واقع مسجد کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ مسلمانوں کے ساتھ اب وہی سلوک کیا جائے گا جو ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔ خط میں کہا گیا کہ مسلمانوں کے لئے عقلمندانہ مشورہ یہی ہے کہ وہ اپنا سامان باندھیں اور یہاں سے نکل جائیں جب کہ خط کے آخر میں صدرڈونلڈ ٹرمپ زندہ باد لکھا گیا ہے۔

دوسری جانب لاس اینجلس میں واقع کونسل فار امریکن اسلامک ریلیشنز ( سی اے آئی آر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسام الیوش نے دھمکی آمیز خط کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات نے ایسے واقعات کو جنم دیا اور اب ان کے حامی بھی اسی فکر کے حامل ہیں، اگرچہ ٹرمپ اب ان سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں جو ایک اچھی بات ہے کہ لیکن ٹرمپ خود کو تمام امریکیوں کا صدرثابت کریں۔
سان ہوزے پولیس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے جو ایک نفرت پر منبی سانحہ بھی ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد جہاں ایک طرف ان کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں امریکا کے طول و عرض میں نفرت انگیز واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد سے ایدھی فاﺅنڈیشن کیلئے عطیات میں واضح کمی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے ریسکیو سرگرمیاں اوردکھی انسانیت کی خدمت میں مشکلات کا سامنا ہے ، یہ انکشاف عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے ایک میڈیکل کانفرنس کے موقع پرکیا۔

میڈیا کے مطابق پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ہونیوالی تقریب میں فیصل ایدھی نے کہاکہ ’مالی مشکلات کے باوجود عبدالستار ایدھی کاشروع کیا ہوامشن کبھی نہیں رکے گا،میرے والد کی وفات کے بعد ایدھی فاﺅنڈیشن کے عطیات کم ہوگئے ہیں، ہم مالی طورپر کڑے حالات کا سامناہے ، میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے درخواست کرتاہوںکہ انسانیت کی خدمت کیلئے ایدھی کے مشن کو جاری رکھنے میں ہماری مدد کریں۔

 

فیصل ایدھی نے بتایاکہ آئندہ ماہ ایدھی فاﺅنڈیشن کا کراچی میں ایمبولینس ڈرائیوروں ، میڈیکل ٹیکنیشن اور پیرامیڈکس کیلئے تربیتی سکول کا ارادہ تھا ۔

سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر عبدالحسن رضوی نے کہاکہ ’ایدھی صاحب وہ شخص تھے جنہوں نے بکھری ہوئی قوم کوایک کیااور ملک کی خدمات کی اور ثابت کیا کہ انسانیت ہی ان کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد تھا، ایدھی کے پاس پاکستان میںسب سے زیادہ ایمبولینسیں ہیں

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج ایک روزہ دورے پر خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور جائیں گے جہاں وہ صوبے کی پہلی یوتھ پالیسی کا افتتاح کریں گے ۔

عمران خان نے آج شام کو وزیرا علیٰ ہاﺅس پشاور میں ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جہاں وہ پارٹی کے عہدیداران سے ملاقات کریں گے اور اس دوران پاناما ایشو پر بھی مشاورت کی جائے گی ۔

 


ایمزٹی وی(کوئٹہ) بلوچستان میگا کرپشن کیس میں عدالت نے مشتاق رئیسانی اور سہیل مجید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت میں بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور کنٹریکٹر سہیل مجید عدالت میں پیش ہوئے ۔

اس موقع پر عدالت نے نیب کو ملزمان کے ریفرنسز دائر کر نے کی ہدایت کی ۔ملزمان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت 9دسمبر تک ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے مشتاق رئیسانی اور سہیل مجید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر کے کیس کی سماعت 9دسمبر تک ملتوی کردی ۔

واضح رہے کہ سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے 70کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نقدی ،بانڈز اور سونا برآمد کیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے 30نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں ہونیوالے ملک گیر کنونشن میں قافلوں کی صورت میں شرکت کا اعلان کر دیا ۔ آزادکشمیر بھر سے پارٹی،پی ایس ایف ،پی وائی او اور اس کی ضلعی تنظیموں کے عہدیدار ، کارکن ،ووٹرز،سپورٹرز کنونشن میں شرکت کرینگے۔

اس ضمن میں کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں ۔گزشتہ روز پارٹی کے یوم تاسیس کی چھ روزہ تقریبات کے سلسلہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کنونشن میں بھر پورشرکت کریں گے ، پیپلز پارٹی شہید بھٹو ازم ،شہید بے نظیر مشن کے مطابق ایک بار پھر پارٹی کو اپنے بنیادی اساس کی طرف واپس لانے کیلئے انقلابی اصلاحات کرنے جا رہی ہے۔


عام انتخابات میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں واضح اکثریت حاصل کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری کم عمر ترین وزیر اعظم منتخب ہوکر شہداء کے ادھورے مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی چھٹی کرادے گی ، آزاد کشمیر میں پارٹی قیادت کی مشاورت سے حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف تحریک چلائیں گے ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرائے