اتوار, 06 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(پشاور)محکمہ انسداد دہشت گردی نے دیر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرکے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) مالاکنڈ ڈویژن نے دیر میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی مالاکنڈ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد ضلع دیر میں داخل ہورہا ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے ناکہ بندی کے دوران دہشتگرد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گرد کا نام عنایت اللہ ہے جو خیبرایجنسی کا رہاشی اور تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 2 دستی بم ، پستول اور کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس کو انتہائی مطلوب تھا دہشت گرد نے بارہ قدیم چیک پوسٹ، اچینی فرنٹئیر کانسٹیبلری چیک پوسٹ، قمر آباد باڑہ آرمی چیک پوسٹ اڑانے اورغنڈی میں نیٹو کینٹینرز پر راکٹ حملوں میں ملوث رہا ہے جبکہ دہشت گرد عنایت اللہ نے 2009 میں 7 پرائمری گرلز اسکولوں کو بھی دھماکوں سے اڑایا تھا۔ دہشتگرد کومزید تفتیش کے لئے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) شہرِ قائد میں غیر قانونی شادی ہال کیخلاف ایک بار پھر کاروائی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نارتھ کراچی سیکٹر ٹو میں رفاہی پلاٹ پر قائم دو غیر قانونی شادی ہالز کو مسمار کردیا گیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اینٹی کروچمنٹ کا عملہ ایک بار پھر متحرک ہوگیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں رفاہی پلاٹ اور پارکوں میں قائم شادی ہالز کو مسمار کرنے کاسلسلہ دوبارہ شروع کردیا ہے۔

اینٹی کروچمنٹ کے عملے نے رات گئے نارتھ کراچی سیکٹر دو میں رفاہی پلاٹ پر قائم زبیدہ میرج لان اور محراب میرج گارڈن کو مسمار کردیا اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی

ایمز ٹی وی (تعلیم) سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں غیر معمولی اضافے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کو قواعد پر سختی سے عمل کرانے کا حکم دیا ہے۔

کراچی میں پرائیوٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی ، سماعت کے دوران عدالت نے اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں فیسوں میں سالانہ 5 فی صد سے زیادہ اضافے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
عدالت عالیہ نے محکمہ تعلیم کو نجی اسکولوں کے لیے نافذ کیے گئے قواعد پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی تشدد کی انتہا کردی ہے ، بھارت کے حالیہ تشدد سے 110افراد شہید ہوئے ہیں، ہم بھارت کی جانب سےکشمیرکواٹوٹ انگ کہنےکی تردید کرتے ہیں۔

اس موقع پر سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے، کشمیر کے معاملے پر پوری قوم یکجان ہے، بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے،عالمی برداری بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے، یہ ایوان اڑی حملےمیں پاکستان کوملوث کرنےکےالزام کی مذمت کرتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کےمطابق کشمیریوں کےحقوق کوتسلیم کرتا ہے۔

قرارداد میں نہتےکشمیریوں کے خلاف ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیرمیں ڈیڑھ سوسے زائد نوجوانوں کو بینائی سے محروم کردیا گیا، انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔

بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ خوشی ہوتی اگر قرارداد کی منظوری کے وقت وزیراعظم خود بھی ایوان کی کارروائی میں شریک ہوتے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ایشین ویمنز ہاکی فیڈریشن کپ میں پاکستان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا، ٹیم نے3 سال بعد کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کو عمدہ کارکردگی سے یادگار بنا لیا، آخری پول میچ میں مضبوط حریف سنگاپور کے خلاف ڈرا کی بدولت فائنل فور میں جگہ پکی کی، گول کیپر رضوانہ یاسمین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گولز بچائے، پاکستان کی جانب سے افشاں نورین جبکہ حریف ٹیم کی چین آئیوی نے گول اسکور کیے۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نیشنل ہاکی ٹریننگ سینٹر میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،3 سال بعد کسی بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم نے اپنے آخری پول میچ میں مضبوط حریف سنگاپور کیخلاف ڈرا کی بدولت یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

اپنے ابتدائی دونوں پول میچز میں فتوحات سمیٹنے والی سنگاپورکی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی لیکن 12 منٹ میں 2 پنالٹی کارنرز اور متعدد مواقع ملنے کے باوجود گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، پاکستانی گول کیپر رضوانہ یاسمین حریفوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں، افشاں نورین نے گیند کو نیٹ کی جانب پھینکا لیکن حریف گول کیپر نے کوشش ناکام بنا دی، گرین شرٹس نے اپنی حکمت عملی ازسر نو ترتیب دیتے ہوئے متعدد حملے کیے لیکن کامیابی نہ مل سکی۔

30 ویں منٹ میں سنگاپور کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن رضوانہ نے اس بار بھی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیندکو روک لیا، وقفے سے2 منٹ قبل گرین شرٹس کی جانب سے ایک شاندار موو بنی، افشاں نورین نے اس بار موقع ضائع کیے بغیرگیندکو جال میں پھینک کر ٹیم کو برتری دلا دی،دوسرے ہاف کے آغاز سے سنگاپور نے حریف ٹیم کے دفاعی حصار پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا مگر کامیابی روٹھی رہی۔

اس دوران 2 پنالٹی کارنرز بھی ضائع ہوئے، پاکستان کو پہلا پنالٹی کارنر کھیل کے 46 ویں منٹ میںملا لیکن عشرت عباس اسے گول میں تبدیل نہ کر سکیں، 51 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ایونٹ کی لیڈنگ اسکورر مائرہ صابر نے دفاعی کھلاڑی کو چکمہ دے کر ہٹ لگائی لیکن اس بار بھی حریف گول کیپر راستے کی دیوار بن گئیں، کھیل ختم ہونے سے 12 منٹ قبل تک پاکستان کو ایک گول کی برتری حاصل اور فتح یقینی نظر آ رہی تھی، مگر سنگاپور کی ٹیم نے ہمت نہیں ہاری اور 59ویں منٹ میں چین آئیوی نے دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک دیا، یوں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔

باقی 11منٹ میں سنگاپور نے سبقت حاصل کرنے کیلیے سرتوڑ کوشش کی اور پاکستانی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن کامیابی نہ مل سکی، گول کیپر رضوانہ بہترین فارم میں نظر آئیں اور انھوں نے کئی یقینی گولز بچاتے ہوئے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سنگاپور کو ملنے والے آخری پنالٹی کارنر پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب امپائر نے قبل از وقت گول لائن سے آگے آنے پر2 پاکستانی دفاعی کھلاڑیوں کو سینٹر لائن پر بھیج دیا، گول کیپر اور باقی 2 دفاعی کھلاڑیوں نے حملہ پسپا کرتے ہوئے سنگاپور کی فتح کا خواب چکنا چور کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن ہاکی ٹیم نے3 سال بعد کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی، اس وجہ سے حالیہ کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، ٹیم پول میں ناقابل شکست رہی، پہلے ہانگ کانگ کے خلاف مقابلہ 1-1 سے برابر کیا جبکہ کمبوڈیا کے خلاف 11-0 سے کامیابی سمیٹی تھی، سیمی فائنلز ہفتے کو کھیلے جائیں گے، پاکستان کے مقابل کا فیصلہ دیگر پول میچز کے اختتام پر ہو گا۔ دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ونگ کی سیکریٹری تنزیلہ چیمہ نے پلیئرز اور مینجمنٹ کو فون کرکے شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی، انھوں نے بقیہ میچز کیلیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) پی سی بی نے پلیئرز اور آفیشلز کیلیے الگ ضابطہ اخلاق بنا لیا، ایک طرف ڈسپلن کی خلاف ورزی کے نام پر عمر اکمل اور احمد شہزاد کو طویل عرصے ٹیم سے دور رکھا گیا، دوسری جانب خاموشی سے’’کمرہ اسکینڈل‘‘ میں سابق بولنگ کوچ مشتاق احمد کو کلین چٹ دے دی گئی، ٹیم کو دوران سیریز یو اے ای میں چھوڑ کر جانے والے منیجر وسیم باری کو بھی کچھ نہیں کہا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ نے ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے کے الزام میں احمد شہزاد اور عمر اکمل کو نشانِ عبرت بنا دیا، عمر کافی عرصہ ٹیم سے باہر رہنے کے بعد اب جب واپس آئے تو نوجوان پلیئرز نے ان کی جگہ سنبھال لی تھی، وہ پورے یو اے ای ٹور میں صرف ایک گیند ہی کھیل سکے، اسی طرح احمد شہزاد کو اب وارم اپ میچ میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے۔

دوسری جانب آفیشلز کچھ بھی کرتے پھریں انھیں مکمل آزادی ہے، ان کی غلطیوں پر خاموشی سے پردہ ڈال دیا جاتا ہے، ذرائع نے بتایا کہ دورئہ انگلینڈ کے دوران مشتاق احمد کے ’’کمرہ اسکینڈل‘‘ کی فائل بند ہو چکی، سابق بولنگ کوچ نے اپنی فیملی کیلیے ایجبسٹن میں کمرہ خالی کراتے ہوئے محمد رضوان اور افتخار احمد کو روم شیئر کرنے کا کہا تھا، یہ آئی سی سی پروٹوکول کی مکمل خلاف ورزی تھی جس کے تحت ہر کھلاڑی کو الگ کمرے میں رہنا ہوتا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ مشتاق احمد سے جب پوچھا گیا تو انھوں نے جواب میں کہا کہ ایسا منیجر انتخاب عالم کی اجازت سے کیا تھا، لہٰذا بورڈ نے انھیں کلین چٹ دے دی، دلچسپ بات یہ ہے کہ ذمہ داری سے فارغ ہونے کے بعد انتخاب نے اب تک دورئہ انگلینڈ کی اپنی رپورٹ بھی جمع نہیں کرائی ہے، اسی طرح موجودہ منیجر وسیم باری بھی دوران سیریز یو اے ای سے وکٹ کیپر کانفرنس میں شرکت کیلیے انگلینڈ چلے گئے تھے، ان کیخلاف بھی کوئی ایکشن نہ لیا گیا کیونکہ انھوں نے ایک آفیشل کو پیشگی اطلاع دے دی تھی

ایمز ٹی وی ( تجارت)عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے کہ پاکستانی بینک مستحکم اور معاشی استحکام کی طرف گامزن ہیں۔

موڈیز نے پاکستان کے بینکوں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی جس میں بینکوں کی کریڈیٹ ریٹنگ کو مستحکم قرار دیا گیا ہے۔

موڈیز رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت پر بہتری کے اثرات پاکستانی بینکنگ انڈسٹری کیلیے بھی مثبت ہونگے۔

ایمز ٹی وی ( تجارت ) پاکستان کے سکوک بانڈز پر دنیا نے اعتماد کا اظہار کردیا، پاکستان نے ایک بار پھر عالمی منڈی میں سکوک بانڈز فروخت کر دیئے، بانڈز کی ابتدائی قیمت پانچ اعشاریہ سات پانچ فیصد ہے۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے، ایک ارب کے پاکستانی سکوک بانڈز کے لئے دو ارب چالیس کروڑ ڈالر کی بولی لگ گئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے بے مثال پذیرائی ملی ہے

 

حکومت نے عالمی مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز فروخت کیلئے پیش کئے جن کیلئے دو ارب چالیس کروڑ ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں ہیںتاہم وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق حکومت کا ارادہ ایک ارب ڈالر کے سکوک فروخت کرنے کا ہے، سکوک بانڈز ڈیل کی سیٹلمنٹ کی تاریخ تیرہ اکتوبر ہے۔وزرات خزانہ کے مطابق ان بانڈز کی میچورٹی پانچ سال کی ہے

 

 
 

ایمز ٹی وی (تعلیم) ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر نے بارہویں جماعت کے کامرس اور جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

مجموعی طور پر جنرل گروپ میں گورنمنٹ ڈگری کالج میرپور ماتھیلو کے نعمت اللہ نے 810 مارکس لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی،گورنمنٹ آغا نظام الدین گرلز ڈگری کالج سکھر کی رخسانہ نے 802مارکس کے ساتھ دوسری ،گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول پنوعاقل کی

نور المشال نے 790مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ کامرس گروپ میں مجموعی طور پر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سکھر کی تین طالبات نے تینوں پوزیشنیں حاصل کیں، عریبا ارم نے 849مارکس کے ساتھ پہلی ،یمنا نے 827مارکس کے ساتھ دوسری اورنمرا نے 817مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ایمز ٹی وی ( تعلیم) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ تحقیق کے بغیر تعلیم کا کوئی بھی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا،تحقیق ہی سے نئے شعبے دریا فت کئے جاتے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء میں قائم کئے گئے ڈاکٹر عشرت العباد خان ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر قاضی خالد علی، بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ، گورنر سندھ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی ، سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نوید شیخ، سیکرٹری گورنر سندھ محمد اختر غوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر قاضی خالد علی نے بتایا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان ریسرچ انسٹیٹیوٹ گورنر سندھ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے اجلاس میں انسٹیٹیوٹ کے 54.934ملین روپے کے بجٹ اور 250ملین روپے کی سیڈ منی کی فراہمی کی بھی اصولی منظوری دی گئی جبکہ قانون کے شعبہ میں تحقیق کے فروغ کیلئے سب کمیٹیوں کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔