اتوار, 06 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

مانیٹرنگ ڈیسک: فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے سوشل میڈیا پر بدکلامی اور نازیبا گفتگو کو روکنے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔انسٹاگرام نےایک ایسا اقدام اٹھایا ہے جس سے اب آپ کی پوسٹ پر آنے والے نازیبا کمنٹس خودبخود غائب ہوجائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اب نازیبا گفتگو اور بدکلامی کو فروغ دینے والے کمنٹس خود بخود غائب ہوجائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے کمنٹس جنہیں ماضی میں صارفین کی جانب سے رپورٹ یا بلاک کیا گیا ہے اب انسٹاگرام پر ایسے کمنٹس خودبخود غائب ہوجائیں گے۔

انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ کمپنی مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) سسٹم کے تحت نازیبا اور بدکلامی کو فروغ دینے والے کمنٹس کی نشاندہی کرے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین غائب ہونے والے کمنٹس کو اس وقت دیکھ سکیں گے جب وہ ’ویو ہڈن کمنٹس‘ پر کلک کریں گے تو انہیں چھپے ہوئے کمنٹس نظر آجائیں گے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر بدکلامی اور نازیبا گفتگو کی روک تھام کے لیے متعدد ایپس آئے روز نئے فیچرز متعارف کرا رہی ہیں۔

اسلام آباد: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نےمرکزی سمیت تمام کیمپسزکے آئی ٹی عملے کے لئے دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے ۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق مائیکروسافٹ کے ماہر ٹرینر ز دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی ٹریننگ میں تربیت فراہم کرینگے ۔

ٹریننگ میں آئی ٹی عملے کو جدید ترین نیٹ ورک ٹولز، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، آفس 365، سائبر سکیورٹی اور مائیکروسافٹ سرور پلیٹ فارم کے جدید تغیرات کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی ورکشاپ کا اہتمام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی نے کیاہے ۔جس میں مین کیمپس اور سب کیمپسز کا آئی ٹی عملہ شریک ہے۔

کراچی : وفاق اور سندھ حکومت میں میڈیکل جامعات میں ٹیسٹنگ کے معاملے پر ٹھن گئی، سندھ حکومت نے نئے پی ایم سی ایکٹ کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔

وفاقی حکومت نے جامعات کو اپنا نیا ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرنے کے احکامات جاری کئے، جسے سندھ حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق نئے پی ایم سی ایکٹ کی مخالفت کے بعد صوبے بھر کے میڈیکل جامعات میں داخلے این ٹی ایس کے ذریعے ہی لئے جائیں گے۔ ہر صورت سندھ میں مقررہ وقت 18 اکتوبر کو میڈیکل ٹیسٹ لیا جائے گا۔

 میڈیکل کالجوں کے ٹیسٹ اب پی ایم سی لے گا

چند روز قبل وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کو میڈیکل ٹیسٹ کے پرانے عمل کو روکنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی وفاقی حکومت کے اس حکم کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے طلبہ کا کورونا لاک ڈائون کے خاتمے کے باوجود یونیورسٹی میں کلاسز بحال نہ ہونے پر احتجاج ،یونیورسٹی کے باہر نعرے بازی کی۔ طلبہ نے آن لائن کلاسز بند اور فزیکل کلاسز کے اجراء کا مطالبہ کیا۔

یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پولیس طلب کی تاہم طلبہ مطالبات ریکارڈ پر لانے کے بعد پر امن منتشر ہو گئے۔ طلبہ نے کہا وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے اعلان کردہ ایس او پیز کے بعد تمام نجی و سرکاری ا سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں میں معمولات بحال ہوچکے ہیں لیکن بارانی یونیورسٹی کی انتظامیہ تاحال آن لائن کلاسوں پر بضد ہے حالانکہ تمام یونیورسٹیوں میں فزیکل کلاسیں شروع ہیں، یونیورسٹی میں وزیر کی آمد پر قوالی نائٹ ہو سکتی ہے تو کلاسز کیوں نہیں ہو سکتیں۔

صرف تعلیم کے دوران کورونا کا خطرہ ہے دیگر تقریبات میں کورونا کا خطرہ نہیں۔ پرنسپل افسر پبلک ریلیشنز اینڈ پبلی کیشن ندیم ملک نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں میں ایک دو طلبہ کے علاوہ سب باہر سے آئے جن کا اس یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم ایس او پیز کے مطابق چل رہے ہیں، فرسٹ سمسٹر میں 3ہزار طلبا کو ایس او پیز کے مطابق بلایا ہے ، ریسرچ و پریکٹیکل کے 1500طلبہ کلاسز لے رہے ہیں۔

اسلام آباد: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کےپیشِ نظر قائد اعظم یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز میں بی اے ،بی ایس سی کے پرچے ملتوی کر دیئے گئے ۔
یونیورسٹی کے کنٹرولرامتحانات کی جانب سے بی اے ،بی ایس سی کے پرچے ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا .

9اکتوبر تک ہونیوالے تمام پرچے ملتوی کئے گئے ،ملتوی پرچوں کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا ۔وی سی قائداعظم یونیورسٹی کے مطابق کورونا کیسز کے باعث4 کالجزسیل ہونے پرامتحانات ملتوی کئے گئے ۔

اسلام آباد:  وفاقی اردویونیورسٹی کی جی آر ایم سی کا اجلاس متنازعہ شکل اختیار کر گیا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے سینیر ڈین اور رئیس کلیہ فنون عبدالحق کیمپس ڈاکٹر محمد ضیاءالدین ، سینئر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر اور ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے عدالتی احکامات کے سبب جی آر ایم سی کے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ۔ تینوں سینئر اساتذہ نے اپنے تحریری موقف میں قائم مقام رجسٹرا ر کو اس حقیقت سے آگاہ کیا کہ جی آر ایم سی ایک اہم دستوری ادارہ ہے جس کا اجلاس صرف شیخ الجامعہ کی زیر صدارت منعقد ہو سکتا ہے، لہذا موجودہ قائم مقام وائس چانسلر کو عدالتی حکم کے مطابق قانونی پیچیدگیوں اور ممکنہ توہین عدالت کی کارروائی سے بچنے کی خاطر اس نوعیت کے اجلاس کی صدارت نہیں کرنی چاہیے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کی نظامت ِ اعلیٰ تعلیم و تحقیق(GRMC)کا44واں اجلاس قائم 

انہوں نے مزید کہاہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے کیس نمبر WP NO. 2736/2020 میں 29 ستمبر 2020 کو ایک عدالتی فیصلے میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کو صرف روزمرہ کے امور انجام دینے تک محدود کیا گیا تھا ۔قائم مقام انتظامیہ نے سینئر اساتذہ اور ڈین کی جانب سے اس تحریر کو نظر انداز کرتے ہوئے جی آر ایم سی کا اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم، انچارج کلیہ فارمیسی ڈاکٹر مہہ جبین، انچارج کلیہ معارف اسلامیہ ڈاکٹر رابعہ مدنی، پروفیسر ڈاکٹر زاہد، پروفیسر ڈاکٹر مسعود مشکور اور ڈاکٹر غلام رسول لکھن نے شرکت کی۔ خلاف ضابطہ اجلاس کے سیکریٹری کے فرائض قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم نے خود ادا کئے۔ یونیورسٹی قوانین کے مطابق جی آر ایم سی کے اجلاس میں سیکریٹری کے فرائض ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمک انجام دیتے ہیں۔

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سوشل میڈیاپر چلنے والی خبرکوبےبنیاد قرار دےدیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انے ٹوئٹ میں انکا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی تعلیمی اداروں کو 15اکتوبر سے بند کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔
ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے مکمل ایس اوپیز کے تحت معمول کے مطابق کھلے رہیں گے

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا کہ پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 32653امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 32606 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 99.86 فیصد رہا۔

انہوں نے بتایا کہ کووڈ 19کی وجہ سے اس سال امتحانات منعقد نہیں ہوئے بلکہ طلباء کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلباء کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیئے گئے ہیں ساتھ ہی بارہویں جماعت کے پرچوں میں تین فیصد اضافی نمبرز بھی دیئے گئے ہیں۔

یاد رہے اس سال پروموشن پالیسی کے مطابق طلباء کو پوزیشنز نہیں دی گئی ہیں۔نتائج اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk  پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔

امیدوار اپنے مجموعی نمبرز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

کراچی: فیس بک نے پاکستان میں پر نیا میسجنگ فیچر متعارف کرا دیا۔

نئے فیچر کے استعمال کے لئے صارفین کو اپنا میسنجر اپ گریڈ کرنا ہوگا جس جے بعد انہیں 10 سے زائدنئے فیچرز کے استعمال کی سہولت میسرہو گی

اس اپ ڈیٹ میں صارفین کے لیے 10 سے زائد نئے فیچرز شامل ہیں جو صارفین کی گفتگو مزید دلچسپ بناتے ہیں۔

جیسے واچ ٹوگیدر فیچر میں آپ ٹرینڈنگ پوسٹ شیئر کرسکتے ہیں یا اپنے پسندیدہ ٹی وی شو ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ اسی طرح سیلفی اسٹیکرز، بوم رینج کا منفرد ہائبرڈ، ایموجیز اور سیلفیز سے لے کر کنورسیشنز تک ری ایکٹ اور وینش موڈ شامل ہیں جہاں میسجز دیکھنے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔

صارفین کا بھی ان فیچرز پر مزید کنٹرول ہوگا کہ کون شخص انہیں براہ راست میسج بھیج سکتا ہے اور کون بالکل بھی نہیں بھیج سکتا۔

کراچی: فیس بک نے پاکستان میں میسنجر اور انسٹاگرام پر نیا میسجنگ فیچر متعارف کرا دیا۔

نئے فیچر کے استعمال کے لئے صارفین کو اپنا میسنجر اپ گریڈ کرنا ہوگا اور نئے فیچرز کے استعمال کی سہولت میسر ہوگی جس میں ایک ہی وقت پر دو افراد کے درمیان باہمی ایپ سے رابطہ شامل ہے۔

فیس بک ترجمان کاکہنا ہے کہ "چاہے آپ کوئی بھی ایپ استعمال کریں، ہم چاہتے ہیں کہ میسجنگ کی سہولت کو تیزرفتار، پائیدار اور دلچسپ بنایا جائے۔ ان پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم میسنجر اور انسٹاگرام کے لیے زیادہ خصوصیات کے حامل پیغامات بھیجنے کی سہولت پیش کرنے پر پرجوش ہیں جو میسنجر کے ذریعے میسر ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے ساتھ آپ مزید کسی نئی ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیے بغیر انسٹاگرام اور میسنجر میں اپنے رابطے میں شامل افراد سے جڑ سکتے ہیں۔"اس کے ساتھ ہی کمپنی پرائیویسی کنٹرولز اور حفاظتی اقدامات میں بھی اضافہ کررہی ہے۔

یاد رہے کہ اس اپ گریڈ کا آغاز اگست میں ہوا تھا اور اسے آزمائشی طور پر الجیریا، آرجنٹینا، چلی اور ملیشیا میں متعارف کیا گیا۔

اب یہ فیچر کینیڈا، پاکستان، پیرو اور تائیوان بھر میں بھی دستیاب ہے۔اس فیچر کی فی الحال آزمائش کی جارہی ہے اور صارفین سے فیڈ بیک جمع کیا جارہا ہے تاکہ میسجنگ کے مجموعی استعمال کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔