پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: سندھ مدرستہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا انتخاب کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے۔
 
ذرائع کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ابتدائی درسگاہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے تقرر کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے، صوبے کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے قائم “تلاش کمیٹی” نے منگل 4 اگست کو شارٹ لسٹ کیے گئے 11 امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے بلایا ہے۔
 
شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ، سکھر یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین، لیاری یونیورسٹی(شہید بینظیر بھٹو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ، سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح برفت اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن شامل ہیں، جب کہ 6 امیدوار اس کے علاوہ ہیں۔
 
واضح رہے کہ انٹرویوز اسکروٹنی کے عمل کے تقریبا ڈیڑھ ماہ بعد ہورہے ہیں، شارٹ لسٹنگ کے لیے اسکروٹنی 23 جون کو ہوئی تھی، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں وائس چانسلرز کے عہدے کے لیے کل 29 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔
کراچی:جامعہ کراچی ایم فل، پی ایچ ڈی،ایم ایس اور ایم ڈی کےانٹرویوز کے لئے اہل امیدواروں کی فہرست 27 جولائی کو جاری کی جائے گی
 
جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسرڈاکٹر سلیم شہزادکے اعلامیے کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی،ایم ایس(سرجری) اور ایم ڈی(میڈیسن) آن لائن داخلے برائے سال 2020 ء کے انٹرویوز کے لئے اہل امیدواروں کی فہرست 27 جولائی 2020 ء کو جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پرجاری کی جائے گی۔
کراچی: جامعہ کراچی نے بی ڈی ایس تھرڈ اورفائنل پروفیشنل کے امتحانات 05 اگست سے آغازکرنےکااعلان کردیا۔
 
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی ڈی ایس تھرڈ اور فائنل پروفیشنل سالانہ امتحانات 2020 ء کا آغاز 05 اگست 2020 ء سے ہوگا۔بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل کے امتحانات 05 تا12 اگست جبکہ بی ڈی ایس فائنل پروفیشنل کے امتحانات 06 تا13 اگست 2020 ء جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں منعقد ہوں گے۔
 
تمام امتحانات دوپہر 2:00 تا شام 5:00 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز دوپہر 2:30 تاشام 5:30 بجے تک منعقد ہوں گے۔امتحانات کے انعقاد کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز کے تحت یقینی بنایا جائے گا۔

پنجاب یونیورسٹی نے کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن دورانیہ کے لیے ٹیوشن فیس کے سوا تمام فیسیں معاف کردیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقام خزانچی کے نوٹی فکیشن کےمطابق لاک ڈاؤن دورانیے میں طلبہ نے دیگر سہولتوں سے استفادہ نہیں کیا اس لیے ٹیوشن فیس کے سوا باقی تمام فیسیں معاف کردی گئی ہیں۔

اس ضمن میں یونیورسٹی کے تمام ڈپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف ٹیوشن فیس کے چالان جاری کریں

ٹرمپ انتظامیہ نے ایک اور متنازع فیصلہ کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کے لیے مزید غیرملکی طلبہ لینے سے انکار کر دیا۔
 
امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے پالیسی بدلنے کا اعلان کیا گیا۔
 
قبل ازیں امریکی صدر کورونا وبا کے دوران غیر ملکیوں کے لیے مختلف اقسام کے ویزا منسوخ کر چکے ہیں۔
 
امریکی جامعات نے اب تک نئے سیمسٹر کے لیے داخلوں کا اعلان نہیں کیا لیکن ہارورڈ یونیورسٹی نےبعض شرائط کے ساتھ اگلے تعلیمی سال کے لیے آن لائن کلاسز لینے کا اعلان کیا ہے۔
 
امریکا میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ غیرملکی طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔
 
اس سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ نے ایسے غیرملکی طلبہ جو صرف آن لائن کلاسز لے رہے تھے، انہیں امریکا چھوڑنے کا کہا تھا جس کے خلاف ہارورڈ اور ایم آئی ٹی سمیت بڑی جامعات، ٹیچرز یونین اور 18 ریاستوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
 
معاملہ عدالت میں جانے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔
ہواوے کو امریکا سمیت مختلف ممالک کی جانب سے سخت پابندیوں کے باوجود اس کی ڈیوائسز کی فروخت میں رواں سال کی ششماہی کے دوران کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
 
کمپنی کی جانب سے جنوری سے جون 2020 کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق آمدنی 13 فیصد اضافے سے 454 ارب چینی یوآن رہی۔
 
رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران آمدنی میں نہ ہونے کے برابر اضافہ ہوا تھا جس کی وجہ کمپنی کے نیٹ ورکنگ آلات کے خلاف امریکی مہم اور کورونا وائرس کی وبا تھی، جس سے اسمارٹ فونز کی فروخت متاثر ہوئی۔
 
وائٹ ہاؤس کی جانب سے عالمی سطح پر ہواوے کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے، جس میں اتحادیوں کو چینی کمپنی کے 5 جی وائرلیس نیٹ ورکس استعمال نہ کرنے کا کہا جارہا ہے۔
 
امریکا کے مطابق ایسا کرنے سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے اثررسوخ میں اضافہ ہوگا، دوسری جانب ہواوے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ ایک خودمختار کمپنی ہے اور اس کی مصنوعات سے کسی کو خطرہ لاحق نہیں ہوسکتا۔
 
برطانیہ کی جانب سے جنوری میں ہواوے کو 5 جی نیٹ ورکس کا حصہ بنانے کی منظوری دی گئی تھی مگر اب وہاں بھی اس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا جارہا ہے، تاہم اس کا وقت ابھی طے نہیں ہوا۔
 
ہواوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'موجودہ حالات میں کھلی شراکت داری اور عالمی ویلیو چینز پر اعتماد پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے، ہم صارفین اور سپلائرز کے لیے اپنے فرائض پورے کرنے کا وعدہ کرتے ہیں، اپنی بقا کو یقینی بنا کر آگے بڑھیں گے اور عالمی ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ کے لیے کام کرتے رہیں گے، چاہے کمپنی کو مستقبل میں کتنے ہی چیلنجز کا سامنا کیوں نہ ہو'۔
 
ششماہی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا اس عرصے میں 9.2 فیصد رہا جو کہ پہلی سہ ماہی میں 7.3 فیصد تھا۔
 
کمپنی کا اسمارٹ ڈیوائسز کا شعبہ ہی سب سے زیادہ کمانے والا ثابت ہوا جس نے 256 ارب یوآن کی مصنوعات جیسے اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹ اور دیگر فروخت کیں، جبکہ کیریئرز ڈویژن نے 160 ارب یوآن اور باقی آمدنی انٹرپرائزز یونٹ کی کارکردگی کا حصہ تھی۔
 
ہواوے کو چین کے 5 جی نیٹ ورکس کی تعمیر کے بیشتر حصے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس کا مقصد 2020 میں ففتھ جنریشن وائرلیس نیٹ ورکس کی تعمیر کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثر معیشت کی بحالی ہے۔
 
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کمپنیوں کی فروخت متاثر ہوئی ہے جبکہ اپریل کے مہینے میں ہواوے نے پہلی بار سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی دنیا کی نمبرون کمپنی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
مانیٹرنگ ڈیسک : ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے اس کے انٹرنل سسٹمز تک رسائی حاصل کرکے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود دنیا کی با اثر شخصیات بشمول امریکی صدارتی امیدار جو بائیڈن، معروف ٹی وی اسٹار کم کارڈاشیئن، سابق امریکی صدر براک اوبامہ اور عرب پتی ایلون مسک کے اکاؤنٹ کو ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ جن ملازمین کو اندرونی سسٹم تک رسئی حاصل ہے انہیں ہیکرز نے نشانہ بنایا جنہوں نے 'اس رسائی کو معروف (بشمول تصدیق شدہ) اکاؤنٹس پر کنٹرول حاصل کیا اور ان کی جانب سے ٹوئٹ کیا'۔
 
کمپنی کا کہنا تھا کہ 'ہم معاملے کو دیکھ رہے ہیں کہ ہیکرز نے اور کیا سرگرمیاں انجام دی ہیں یا معلومات حاصل کی ہیں اور جیسے ہی ہمیں مزید کچھ معلوم ہوگا ہم عوام کو مطلع کریں گے'۔
 
بعد ازاں نے عارضی طور پر کئی گھنٹوں تک کم از کم چنند تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو مکمل طور پر پیغامات کی اشاعت سے روکنے کا غیر معمولی اقدام اٹھایا۔
 
متاثرہ دیگر ہائی پروفائل اکاؤنٹس میں: ریپر کانیے ویسٹ، ایمازون کے بانی جیف بیزوس، سرمایہ کار وارن بوفے، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس، اور اوبر اور ایپل کے کارپوریٹ اکاؤنٹس شامل ہیں۔
 
اس کے علاوہ کرپٹو کرنسی پر مبنی اداروں کے بھی متعدد اکاؤنٹس کو ہائی جیک کیا گیا تھا۔
 
مجموعی طور پر متاثرہ اکاؤنٹس کے کروڑوں فالوورز تھے۔
 
متعدد ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ٹوئٹر کی سائبر سیکیورٹی پر سوالات اٹھادیے ہیں۔
 
ایریا 1 سیکیورٹی کے سابق سی ای او اورین فالکوٹز کا کہنا تھا کہ 'یہ واضح ہے کہ کمپنی اپنی حفاظت کے لیے کافی کام نہیں کررہی ہے'۔
 
تجارت کے دوران سوشل میڈیا کمپنی کے حصص مارکیٹ میں 5 فیصد گر گئے۔
 
ابتدائی سیکیورٹی خلاف ورزی کے چند گھنٹوں میں پلیٹ فارم کے سب سے بڑے صارفین اپنے اکاؤنٹس پر دوبارہ کنٹرول قائم کرنے کے لیے جدوجہد کرتے دکھائی دیے۔
 
مثال کے طور پر ارب پتی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کے معاملے ٹوئٹ کو ہٹا دیا گیا اور کچھ دیر بعد دوسری ٹوئٹ کردی گئی اور پھر تیسری ٹوئٹ کردی گئی۔
مانیٹرنگ ڈسک : موبائل اور ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی اوپو نے موبائل چارجنگ کے مسئلے سے پریشان صارفین کے لیے دنیا کا تیز ترین 125 واٹ چارجر متعارف کرادیا۔
 
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی کمپنی اوپو نے اسمارٹ موبائل فونز کے لیے تیز رفتار اور طاقتور 125 واٹ چارجر متعارف کر کے صارفین کے ایک اہم مسئلے کو حل کر دیا ہے۔
 
علاوہ ازیں 50 واٹ منی سپر وی او او سی چارجر، 110 واٹ منی فلیش چارجر اور 65 واٹ ایئر وی او او سی وائرلیس چارجر بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
 
 
اوپو نے اپنے نئے چارجر ایک ایونٹ میں متعارف کرائے جہاں کمپنی کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ 4 ہزار ایم اے ایچ موبائل بیٹری کو 125 واٹ فلیش چارجر ٹیکنالوجی صرف 5 منٹ میں 41 فیصد اور 20 منٹ میں 100 فیصد چارج کر سکتا ہے جس سے صارفین کے وقت میں بچت ہوگی۔
 
اوپو کمپنی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس چارجز میں ایسی ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا ہے جس سے اسمارٹ موبائل فون اور اس کے پاور سیل کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 10 اضافی ٹمپریچر سنسرز اور 3 متوازی چارج پمپس دیئے گئے ہیں جو پاور کو تقسیم بہتر بناتے ہیں۔
 
یہ چارجر جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے تاہم ابھی ان کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

کراچی: عدالتی حکم پر سندھ میں تعلیمی نصاب کی بہتری کے لیے سب کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ 

سب کمیٹیز میں چیرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین, سیکریٹری ایجوکیشن خالد حیدر شاہ , سیکریٹری کالج باقر عباس نقوی اور دیگر ماہر تعلیم شامل ، کمیٹیز تعلیمی نصاب میں بہتری کے لیے غور کریں گی.

 

کراچی: عدالتی حکم پر سندھ میں تعلیمی نصاب کی بہتری کے لیے سب کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔
 
سب کمیٹیز میں چیرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین, سیکریٹری ایجوکیشن خالد حیدر شاہ , سیکریٹری کالج باقر عباس نقوی اور دیگر ماہر تعلیم شامل ، کمیٹیز تعلیمی نصاب میں بہتری کے لیے غور کریں گی.