پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور : یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میڈیکل اوردیگر پروفیشنل امتحانات کے نتائج کیلئے اینڈرائیڈ ایپ جاری کردی گئی
 
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈائریکٹر آئی ٹی فیصل امین کا کہنا ہے یو ایچ ایس رزلٹس کی ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ۔
 
امیدوار ایپ کے ذریعے اپنا رزلٹ فوری معلوم کرسکیں گے ، ایپ پر نتائج سے متعلق نوٹیفکیشن بھی دیکھے جاسکیں گے ۔آئندہ ماہ تک ڈگری کے اجراکے نظام کو بھی آن لائن کر دیں گے
کراچی: جامعہ کراچی کا شعبہ جرمیات چوروں کے نشانے پر آگیا۔ جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات میں چوری کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے
 
چوروں نے مقالہ جات، ملٹی میڈیا، پروجیکٹ اور امتحانی نتائج، اٹینڈنس شیٹ چوری کر لی۔ شعبہ کے سربراہ غلام محمد برفت نے چوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قانونی کارروائی کرنے کے لیے درخواست دے دی گئی ہے ۔
 
غلام محمد برفت نے مزید بتایا کہ چور واردات میں مقالہ جات،ملٹی میڈیا، پروجیکٹ اور امتحانی نتائج، اٹینڈنس شیٹ لے اڑے۔
 
ذرائع کےمطابق چوری گزشتہ روزہوئی ہے اور 24 گھنٹے بعد شعبہ جرمیات کے سربراہ کو درخواست دینے کا خیال آیا۔
 
دوسری جانب وائس چانسلر جامعہ کراچی خالد عراقی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی ایڈوائزر معیز خان کو چوری کی تفتیش سے متعلق ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
کراچی : جامعہ کراچی میں چینی زبان و ثقافت پر مبنی چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے اشتراک اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن (چین) کے تعاون سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
 
جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جبکہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی ڈائریکٹر شاؤپنگ نے سچوان نارمل یونیورسٹی کے صدر پروفیسرڈاکٹر وانگ مینگی اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن (چین) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ماجیا نفی کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کئے۔
 
مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کے طلبہ پہلے دو سال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جبکہ آخری دوسال کا تدریسی عمل سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں مکمل کریں گے۔
 
اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کا بنیادی مقصد پاکستانی طلبہ کو چینی زبان و ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔
راولپنڈی: ملک بھرمیںنیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز نے اپنے الحاق شدہ اداروں کے طلبہ کیلئے پہلے اور دوسرے پروفیشنل ایم بی بی ایس اور پہلے پروفیشنل بی ڈی ایس کیلئے پہلے آن لائن سپلیمنٹری امتحان کا آغاز کردیا
 
یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈاکٹر سید عمران مجید نے کہا کہ کووڈ 19کے بعد یونیورسٹی نے قابل اعتماد، شفاف اور محفوظ آن لائن امتحانی سسٹم تشکیل دیا۔
 
پریکٹیکل امتحان متعلقہ کالج میں لیا جائے گا۔ امتحان 16جولائی 2020ء تک جاری رہے گا جس کیلئے روزانہ 1-2 سیشنز شیڈول کیے گئے ہیں۔
مانیٹرنگ ڈیسک : مقبول فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نئے فیچرکااضافہ کردیا۔
 
سوشل میڈیا پر لگائی جانے والی پوسٹس پر بعض اوقات کمنٹ بہت بڑے تنازع کا باعث بن جاتا ہے اور اکثر لوگ اسے انا کا مسئلہ بنا لیتے ہیں۔
 
اسی امکان کو کم کرنے کے لیے مقبول فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نئے فیچر ’پنڈ کمنٹس‘ کا اضافہ کیا ہے۔
 
انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ ایپ میں اب ’پنڈ کمنٹس‘ کا نیا فیچر سب کے لیے شامل کیا جارہا ہے جس سے صارفین مثبت کمنٹس کو سرفہرست رکھ سکتے ہیں تاکہ تبصروں کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے اور کسی صارف کو اپنی مرضی کی سمت اختیار کا موقع مل سکے۔
 
اس فیچر کے بعد اب صارف جب کسی کمنٹ پر سوائپ کرے گا تو رپلائی، رپورٹ اور ڈیلیٹ کے ساتھ پن آپشن بھی دستیاب ہوگا۔
 
یہ ایک کارآمد اپ ڈیٹ ہے اور اس سے لوگوں کے توہین آمیز کمنٹس کی روک تھام میں مدد مل سکے گی۔
 
اس سے قبل بھی انسٹاگرام میں صارفین کو آن لائن بدزبانی اور دھمکیوں سے بچانے کے لیے کئی فیچرز متعارف کرائے جاچکے ہیں۔
مانیٹرنگ ڈیسک : معروف گلوکار علی ظفر نے وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم کی جانب سے ستمبر میں سخت ضابطہ اخلاق کے ساتھ اسکول کھولنے کے فیصلے کو 'درست' قرار دیا ہے۔
 
گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سخت ایس او پیز کے ساتھ سمتبر کے پہلے ہفتے میں اسکول کھولنے اور امتحانات لینے کی اجازت دی جائے لیکن اس حوالے سے حتمی منظوری نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے لی جائے گی۔
 
اس حوالے سے گلوکار علی طفر نے شفقت محمود کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ ان کے خیال میں یہ درست فیصلہ ہے۔
 
اسی ٹوئٹ میں علی ظفر نے اس فیصلے پر طلبہ سے بھی رائے مانگی جس پر بیشتر لوگوں صارفین نے اس فیصلے کی مخالفت کی۔
 
واضح رہے کہ یہ اسکول کھولنے کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں ہے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری کل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں دی جائے گی۔
 
 
کراچی: آج ملک بھر میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 53 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
 
فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں وہ قائداعظم محمد علی جناح سے 17 سال چھوٹی تھیں لیکن قائد کی دیکھ بھال اور ان کے سیاسی مشن کو پورا کرنے کے لیے قدم قدم پر قائد کے ہمراہ رہیں۔
 
یونیورسٹی آف کلکتہ سے سن 1919 میں انہوں نے ڈینٹل سرجن کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی محمد علی جناح کے ساتھ قیام پاکستان کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔
 
مادر ملت محترم فاطمہ جناح کی تحریک پاکستان میں خدمات ناقابل فراموش ہیں، آپ نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کے لیے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا اور انہیں منظم کرکے ان سے ہر اول دستے کا کام لیا۔
 
مادر ملت کی ہی بدولت برصغیر کے گلی کوچوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی تحریک میں سرگرم ہوئیں۔
 
محترمہ فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آبادکاری جیسا اہم کام اپنی نگرانی میں انجام دیا اور ساتھ ہی انہوں نے ویمن ریلیف کمیٹی قائم کی اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔
 
فاطمہ جناح کی خدمات کے عوض قوم نے آپ کو ’مادر ملت‘ اور ’خاتون پاکستان‘ کے خطاب سے نوازا۔
 
پاکستان کی آزادی کی تحریک میں محترمہ فاطمہ جناح عملی طور اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کے مشن پر ان کے ساتھ رہیں، قائداعظم کے ساتھ طویل رفاقت کے باعث محترمہ فاطمہ جناح کے مزاج اور برتاؤ میں قائداعظم سے کافی مماثلت پائی جاتی تھی۔
 
سابق صدر ایوب خان نے نے جب 1965 میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا تو فاطمہ جناح کو حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیا تاہم وہ سرخرو نا ہو پائیں۔
 
محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث خالق حقیقی سے جاملیں۔
مقبولِ عام ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشن ’زوم‘ نے ہارڈ ویئرسبسکرپشن کی سروس کا آغاز کیا ہے ، جس کا مقصد ٹیلی مواصلات ایپ کوصارفین تک زیادہ سے زیادہ قابل رسائی بنانا ہے۔
اس سبسکرپشن  سے صارفین کو فون اور میٹنگ رومز کے لئے سبسکرپشن کے اختیارات کا انتخاب کرنے کی اجازت ہوگی۔کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق  زوم فون کے منصوبوں کی قیمت 5.9 سے 60  ڈالر ماہانہ تک ہے جس کی قیمت صارفین منتخب کرتے ہیں ، جبکہ زوم رومز کے لئے ہارڈ ویئر خدمات کی قیمت ہر ماہ75 سے 200ڈالر تک ہوتی ہے۔
زوم نے تھرڈ پارٹی ہارڈویئر مینوفیکچرز جیسے ڈی ٹین ، نیٹ ، پولی  اور ییل لنک کے ساتھ فون اور میٹنگ روم ڈیوائسز  کیلئے شراکت کی ہے ۔  کمپنی کا ٹیلی مواصلاتی پلیٹ فارم ، صارفین میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے کیونکہ کورونا نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو گھروں میں ہی رہنے پر مجبور کیا ہے ، تاہم اسے رازداری اور سیکیورٹی کے معاملات پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
یہ لانچ زوم کی ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں نمایاں پیشرفت کے ایک ہفتہ بعد سامنے آئی ہے جس میں اعداد و شمار، ریکارڈزسے حاصل ہونے والی درخواستوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے اور مزید کہا گیا ہے کہ یہ رپورٹ اس سال کے آخر میں سامنے آئے گی۔
منگل کے روز زوم نے امریکی انٹرنیٹ کمپنیوں کی ایک لسٹ میں بھی شمولیت اختیار کی ، جس میں فیس بک انک ، مائیکروسافٹ اورالفابیٹ گوگل شامل ہیں،اور نئے قانون کا مطالعہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے حکام سے صارف کے ڈیٹا کی درخواستوں پر کارروائی معطل کردی۔
بھارت نے نویں جماعت سے بارویں جماعت کے نئے سال کے سلیبس سے جمہوریت، مذہب، شہریت، قوم پرستی اور سیکولر ازم سمیت کئی اہم باب مکمل ختم کر دیے ہیں۔
بھارتی سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے نویں سے بارویں جماعت کے سلیبس میں 30 فیصد کمی کی ہے جو کہ زیادہ تر پولیٹیکل سائنس اور اکنامکس کےمضامین میں کی گئی ہے۔
بھارتی طالب علم اب جمہوریت ،مذہب، شہریت، قوم پرستی، سیکولر ازم اور فیڈرل ازم سے متعلق باب نہیں پڑھ پائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لوکل گورنمنٹ سے متعلق بھی دوباب ختم کیے گئے ہیں جن میں مقامی حکومتوں کی ضرورت کیوں ہے؟ اور بھارت میں مقامی حکومت کی نمو کے باب شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا اور تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
مانیٹرنگ ڈیسک: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے عملے کی مکمل تنخواہ سندھ حکومت کی جانب سے ادا کردی جائے گی اور اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
 
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی کے حوالے سے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ ایک تکنیکی وجہ سے ہوا تھا جسے اب حل کرلیا گیا ہے۔
 
خیال رہے کہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے تمام عملے بشمول ڈاکٹروں کو جون کی تنخواہیں آدھی دی گئی ہیں۔
 
ڈاؤیونیورسٹی کے زیادہ تر پروفیسرز اور ڈاکٹرز اسپتال میں کام کرتے ہیں اور کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں لیکن اس کے باوجود عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی تھی جس کے باعث ان میں بے چینی پائی جاتی تھی۔
 
رپورٹ کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کے عملے کو جون کی تنخواہ 7 دن کی تاخیر سے بھی ادا کی گئیں۔
۔