بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوئی پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کل سے ہوگا ۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل ٹرافی رونمائی کے موقع پر کہناتھاکہ پی ایس ایل کا جنون پوری دنیا میں سر چڑھ کربول رہاہے۔یہ سال پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ہےاور ایونٹ کی کامیابی شائقین کی کامیابی ہے ۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کی جب کہ تقریب میں تمام 6 ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ اسکواش لیجنڈ جہانگیر شیر خان، سابق کرکٹرز، کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سمیت پاکستان سپر لیگ فرنچائزز کے مالکان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

لاہور : پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ اسپنر اور پی ایس ایل فائیو کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں شامل عمران طاہر لاہور قلندرز کے بولروں کو ٹپس دینے پہنچ گئے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 2 ایلیمنیٹرز اور فائنل سمیت 14 میچز کی میزبانی کر رہا ہے جہاں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں اپنے جمعے کے روز ہونے والے پہلے میچ سے قبل تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔

پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر پی ایس ایل فائیو میں بھی ملتان سلطانز کا حصہ ہیں۔ عمران طاہر نے منگل کی رات جب ملتان سلطانز کے ساتھ اپنا ٹریننگ سیشن مکمل کیا تو وہ قذافی اسٹیڈیم کے پویلین اینڈ کے بائیں طرف ٹریننگ میں مصروف لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے پاس جا پہنچے۔

عمران طاہر کو اپنے درمیان پاکر لاہور قلندرز کے کھلاڑی حیران رہ گئے، انہوں نے لاہور قلندرز کے اسپنرز فرزان راجا اور معاز خان کو لیگ اسپن کے گُر سکھائے جب کہ انہوں نے لاہور قلندرز پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے علی ماجد کو بھی ٹپس دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2017 میں جب عمران طاہر ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کے دورے پر آئے تھے تو اس وقت گراؤنڈ میں میچ کے بعد انہوں نے پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان کو بھی ٹپس دی تھیں۔

کراچی: پی ایس ایل 5 میں ٹیم لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی بلے باز کرس لین سیزن 5 کےلئے پر ُعزم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سیزن سے قلندرز کی جیت کا آغاز ہوگا۔ آسٹریلوی بلے باز کرس لین کاکہناہے کہ وہ دو برس پہلے انجری کی باعث بد قسمتی سے قلندرز کی نمائندگی نہ کرسکے مگر اب موقع ملنے پر بے حد پُرجوش ہوں۔

کرس لین کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہے کہ پاکستان میں بھی میرے فینز ہیں جو مجھے فالو کرتے ہیں، کوشش کروں گا کہ میں یہاں بھی رنز کروں۔
آسٹریلوی اسٹار نے مزید کہا کہ میں پاکستان میں پہلی بار کھیل رہا ہوں، کوشش ہو گی جتنی جلد ایڈ جسٹ کر سکوں کروں۔ قلندرز کے ٹریننگ سیشنز دیکھے ہیں اب لڑکوں کے ساتھ بیٹھوں گا اور ٹریننگ سیشن کروں گا تو مجھے امید ہے کہ میں جلد کنڈیشنز کا عادی ہو جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں پچز مختلف ہیں بال زیادہ باؤنس نہیں ہوتی جس طرح کہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ہوتی ہے، لیکن مجھے کنڈیشنز کا اندازہ ہے کیونکہ بر صغیر میں اور ویسٹ انڈیز میں ایک جیسی پچز ہوتی ہیں

انہوں نے کہا کہ قلندرز پی ایس ایل فائیو میں جیت کے ساتھ سفر کا آغاز کریں گے، ٹیم اب تک پی ایس ایل میں اچھا پرفارم نہیں کر سکی، مگر میں سمجھتا ہوں کہ اس مرتبہ اسکواڈ اچھا اور متواز ن ہے اس لیے پہلا فوکس یہی ہے کہ پلے آف مرحلے کے لیے ضرور کوالیفائی کریں۔
کرس لین نے کہا کہ ٹیم کو بنانے میں ثمین رانا نے بڑی محنت کی ہے۔

آسٹریلوی بلے باز کا کہنا تھا کہ میں پہلی مرتبہ پاکستان آیا ہوں لیکن میں نے پاکستان کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے، ہمارا زیادہ قیام لاہور میں ہے مجھے امید ہے کہ میں یہاں ضرور انجوائے کروں گا اور مقامی ساتھیوں سے بھی مدد لوں گا، یہاں کا کلچر اور تاریخ ضرور جاننا چاہوں گا۔

سلام آباد: ملک بھر میں دالوں اور گھی کی قیمتوں میں مزید 28 روپے فی کلو گرام تک کمی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دالوں کی قیمتوں میں 5 سے 30 روپے فی کلو گرام تک کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد دال چنا کی قیمت 167 روپے فی کلو سے کم ہوکر 160 روپے جب کہ دال مسور کی قیمت 135 سے کم ہوکر 130 روپے فی کلو کردی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف برانڈز کی قیمتیں بھی کم کرکے 200 روپے فی کلو سے 172 روپے فی کلو تک کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہےکہ ملک بھر کے تمام اسٹورز پر سبسڈائزڈ، آٹا، گھی ،دالیں ، چینی اور چاول وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔

کراچی: محکمہ قرنطینہ نے امریکی سویابین کو زہریلی گیس کے پھیلاؤ کا سبب بننے کا امکان مسترد کردیا۔
ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن فلک ناز کاکہناتھا کہ سویابین میں کسی قسم کے حشرات یا مضر گیس کے اثرات نہیں ملے، قرنطینہ عملے نے 15 فروری کوہرکولیس جہاز پر جاکر امریکا سے درآمدی سویا بین کا تجزیہ کیا اور قرنطینہ جانچ کی جس کےبعد انکشاف ہواکہ نمونوں میں کسی قسم کے زرعی حشرات نہیں پائے گئے۔

فلک ناز نے بتایا کہ سویابین کی کھیپ کو امریکا سے روانگی سے قبل فاسفین کی گولیوں سے ٹریٹ کیا گیا تھا اور کراچی کی بندرگاہ پہنچنے کے بعد فاسفین کے اثرات ختم ہوچکے تھے، اس لیے کراچی کی بندرگاہ پر آف لوڈنگ سے قبل اس پر کیڑے مار ادویات کا اسپرے نہیں کیا گیا کیونکہ کراچی بندرگاہ پہنچنے پر اگر زرعی مصنوعات حشرات سے پاک ہوں تو کیڑے مار ادویات کا اسپرے نہیں کیا جاتا۔

علاوہ ازیں کراچی کے ضیاء الدین اسپتال کیماڑی میں کل رات 8 سے آج صبح 8 بجے تک گیس سے متاثرہ 82 افراد لائے گئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا، متاثرہ افراد میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں تھی۔ ترجمان اسپتال کے مطابق متاثرہ افراد جیکسن، ڈاکس، ریلوے کالونی، مجید کالونی، شیریں جناح کالونی، سکندر آباد اور دیگر علاقوں کے رہائشی ہیں۔
ادھر کراچی پورٹ پر درآمدی سویا بین کی آف لوڈنگ روک دی گئی ہے تاہم سویا بین کا جہاز ہرکولیس بدستور کراچی بندرگاہ پر موجود ہے اور احکامات کے باوجود بندرگاہ سے نہیں ہٹایا گیا ہے۔

حکومت نے ہرکولیس جہاز کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز کرنے اور اس پر لدی باقی ماندہ سویا بین وہیں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثنا کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کے خطرات کے پیشِ نظر خوف و ہراس کے باعث کیماڑی سمیت شہر کے متعدد اسکول اور کالجز آج بند رہے۔

لاہور: عہدِ وفا پر پابندی کی درخواست عدالت نےمسترد کردی۔لاہور ہائی کورٹ میں ڈراما سیریل ’’عہد وفا‘‘ پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈرامے پر پابندی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔ جسٹس شاہد وحید نے دوران سماعت کہا کہ درخواست گزار پہلے پیمرا سے رجوع کرے،سنوائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزلاہور ہائی کورٹ میں ڈراما سیریل ’’عہد وفا‘‘ پر پابندی عائد کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈرامے میں ملک کے سیاستدانوں اور میڈیا کی کردارکشی کی جا رہی ہے، اس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا مجموعی طور پر منفی تاثر پیدا ہورہا ہے۔ اس لئے عدالت ’’عہد وفا‘‘  نشر کئے جانے پر پابندی عائد کرے۔

کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس جنرل، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے ضمنی امتحانات برائے 2019ء کے اسکروٹنی فارم جمع کرانےکااعلان کردیا۔ جارید کردہ نوٹیفکیشن کےمطابق فارم 20فروری 2020ء سے 19مارچ 2020ء تک وصول کیے جائیں گے۔
 
بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کےمطابق خواہشمند طلباء اپنے اسکروٹنی فارم درج بالا تاریخوں میں بورڈ آفس میں واقع UBL اور JS بینک کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
 
اس کے علاوہ طلباء کراچی میں UBLکی کسی بھی برانچ میں فیس جمع کرواکر اسکروٹنی فارم بورڈ آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔طلباء اسکروٹنی فارم اور فیس واؤچر انٹربورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر کے UBLکی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں فی پرچہ 400 روپے اور ڈاؤن لوڈ فارم کی 50روپے فیس جمع کرواسکتے ہیں جبکہ جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا فارم بورڈ کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروائیں گے۔ تاریخ گزرنے کے بعد کوئی فارم قبول نہیں کیا جائے گا۔
 
علاوہ ازیں سائنس جنرل، آرٹس ریگولر اور ہوم اکنامکس گروپس کے طلباء کی مارکس شیٹ متعلقہ کالجوں میں بھیج دی گئی ہیں،طلباء اپنے کالجوں سے اپنی مارکس شیٹ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ آرٹس پرائیویٹ اور کامرس پرائیویٹ کے امیدواروں کی مارکس شیٹ ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر بھیج دی گئی ہیں

کراچی: پاپ موسیقی کی دنیاکےبےتاج بادشاہ مائیکل جیکسن کےبھتیجے جعفرجیکسن نے بےنظیربھٹوشہید یونیورسٹی لیاری کا دورہ کیا۔ جعفرجیکسن کی آمد پر جامعہ کی انتظامیہ اورطلبا و طالبات نے انکا بھرپوراستقبال کیا

بےنظیر بھٹویونیورسٹی لیاری کی آمد پر جعفرجیکسن نے اہنےخیالات کاظہار کرتے ہوئے کہناتھا کہ لیاری آکر بہت خوشی ہوئی ہے یہاں کے لوگ بہت پرامن اور محبت کرنے والے ہیں۔ اور بےنظیریونیورسٹی لیاری کے نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور اندازہ ہوگیا کہ پاکستان میں کسی بھی قسم کےٹیلنٹ کافقدان نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھےپاکستان آکربےحد خوشی ہوئی ہے اور میں ایک بار پھر پاکستان آنے کاخواہ ہوں.

جعفر جیکسن کی آمدکا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹراختربلوچ کا کہنا تھا کہ میں بہت مشکور ہوں جعفر جیکسن کا جنہوں نے بےنظیریونیورسٹی لیاری کا دورہ کیا اوریہاں کے طلبا و طلبات کےٹیلنٹ سےمتاثرہوئےامید کرتا ہوں کہ وہ ایک بار پھر بےنظیریونیورسٹی لیاری کادورہ کریں گے۔

کراچی: کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے سے مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے جس کےبعد ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی

کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کا معاملہ تشویش ناک صورت حال کرچکا ہے تاہم تین روز گزرنے کے باوجود اب تک گیس کے اخراج کے مقام کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔  کراچی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف زہریلی گیس یا کیمیکل پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی نے بتایا کہ زہریلی گیس کے باعث تین روز کے دوران اب تک 14 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں اور 300 سے زائد متاثر ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مہدی نے بتایا کہ ضیاء الدین اسپتال کیماڑی میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، سول اسپتال میں 2، کتیانہ میمن اسپتال میں 2 اور برہانی اسپتال میں ایک موت رپورٹ ہوئی۔

کیماڑی میں علاقہ مکینوں نے گیس پھیلنے کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور ٹرکوں کنٹینروں کی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی حکام کی غفلت کی وجہ سے کسی کنٹینر سے زہریلی گیس خارج ہورہی ہے۔  ادھر کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ گیس کا اخراج بندرگاہ یا وہاں موجود کسی کنٹینر سے نہیں ہوا۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، شیل، ٹوٹل پارکو اور ہیسکول نے عملے کی حفاظت اور صحت کے پیش نظر کیماڑی میں اپنے آئل اسٹوریج ٹرمینلز عارضی طور پر بند کردیے۔

واضح رہے کہ اتوار کی شب سے کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنا شروع ہوئی جس کے باعث متعدد افراد ہلاک اور سیکڑوں متاثر ہوئے۔ تاحال یہ بات معمہ بنی ہوئی ہے کہ گیس کے اخراج کا ذریعہ کیا تھا؟۔  پاک بحریہ کے ماہرین نے بھی واقعے کی تحقیقات کیں تاہم اب تک کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

 

وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت”کیمیکل انجینئرنگ میں جدید رجحانات“ کے موضوع پرسیمینار منعقدہوا۔ سیمینار میں ہونے والے لیکچرسے خواجہ فرید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (رحیم یار خان)کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جامعہ اردوکے طلبہ خواجہ فرید یونیورسٹی کا دورہ کریں اور دونوں جامعات کے طلبہ ایک دوسرے سے تجربہ حاصل کریں۔انہوں نے وفاقی اردو یونیورسٹی سے باہمی معاہدہ دستخط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو دنیا کی دیگر جامعات میں بھیجا جائے تاکہ ان کی تعلیم و تحقیق میں مزیداضافہ ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمیکل انجینئرنگ کی بہت اہمیت ہے رحیم یار خان میں بہت بڑی بڑی انڈسٹریز موجود ہیں جہاں طلباء و طالبات ٹریننگ حاصل کرکے مہارت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

 تقریب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیراوررجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیرنے بھی خطاب کیا۔پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے کہا کہ وفاقی جامعہ اردو میں ہونے والی تحقیق میں ہمارے طلبہ بڑی محنت اور لگن کے ساتھ کام کررہے ہیں جامعہ اردو شعبہ کیمیاء کے ریسرچ پروجیکٹ کے تحت قدرتی اجزاء سے تیار کی جانے والی مصنوعات کو ایوارڈ سے نوازا گیایہ پروڈکٹ چند دن میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ طلبہ کو تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ رواداری،تحمل،برداشت اور امن سازی کو اپنانے کیلئے وفاقی اردو یونیورسٹی اپنا مکمل کردار ادا کر رہی ہے۔

 رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ جامعہ اردو کے تمام شعبے تحقیق کے میدان میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ہم تحقیق کے ساتھ ساتھ ریسرچ لیکچر پر بھی توجہ دے رہے ہیں تاکہ طلبہ کو سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل ہوسکیں۔اس موقع پر،رکن سینیٹ ڈاکٹر سید طاہر علی، ڈاکٹر سحر افشاں،ڈاکٹر کوثر،ڈاکٹر صائمہ خالق،ڈاکٹر سعدیہ خلیل،ڈاکٹر عروج ہارون،ڈاکٹر فوزیہ اورڈاکٹر عطیہ حسن و دیگر موجود تھے