بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: جامعہ کرا چی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد اعظمی کے مطابق بی کام پرائیوٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2019 ءکے رجسٹریشن اور امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 07 فروری 2020 تک توسیع کردی گئی ہے۔بی کام پرائیوٹ کے رجسٹریشن فارم 3800 روپے فیس کے ساتھ جبکہ بی کام پرائیوٹ سال اول ودوئم کے امتحانی فارم5600روپے فیس کے ساتھ جمع کروائے جا سکتے ہیں جبکہ بی کام سال اول ودوئم باہم کے امتحانی فارم روپے9400 فیس کے ساتھ جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

رجسٹریشن،امتحانی فارم اور بینک واؤچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
طلبہ اپنے رجسٹریشن،امتحانی فارم متعلقہ دستاویزات اور فیس واؤچرکے ساتھ جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر واقع ایکسٹرنل یونٹ کاؤنٹرزپر جمع کراسکتے ہیں۔واضح رہے کہ طلبہ اپنی فیس ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان ،ایم سی بی اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں اور مذکورہ تاریخ کےگزرنے کے بعدامتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے گی۔

پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کراچی کی جانب 29ویں یوم والدین کی تقریب منعقد کی گئی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل عباس گھمن نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اس کالج سے تعلیم حاصل کی اور آج میں اپنے وطن کی خدمت کر رہا ہوں۔ انہوں طلبہ پر زور دیا کہ وہ یہاں سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایمانداری، لگن اور حب الوطنی کے جذبے سے کام کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے ہی ہم اقوام عالم میں اپنا نام اور وقار بنا سکتے ہیں ۔
 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیڈٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان جسکانی نے کہا کہ اس کالج میں طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ان کی شخصیت سازی پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے اور یہاں سے تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ پاکستان آرمی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ساتھ مختلف اداروں میں کام کر کے ملک کی خدمت کر رہے ہیں جو ہمارے لیے بڑا اعزاز ہے۔
 
انہوں حکومت سندھ کی جانب سے کالج کے لیے آئی ٹی لیبارٹری اور اسپورٹس پروجیکٹ منظور کرنے اور پاکستان اسٹیل ملز کی انتطامیہ کے خصوصی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
 
اس موقع پر کالج کے طلبہ نے پریڈ اور پی ٹی کا مظاہرہ پیش کیا ۔ طلبہ نے مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کے مقابلوں کے دوران گھڑ سواری، نیزےبازی، جمناسٹک اور مختلف کھیلوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ بعد میں مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل عباس گھمن نے اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مختلف اعزازات اور شیلڈز دیں۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان جسکانی نے مہمان خاص کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں مختلف اداروں کے افسران اورملک بھر سے طلبہ کے والدین نے شرکت کی۔
سان فرانسسكو: بہت سی قیاس آرائیوں کے بعد ٹویٹر نے ہر ٹویٹ پر ردِ عمل اور پیغامات دکھانے والا ایک آپشن پیش کردیا ہے جو کسی سلسلے یا تھریڈ کی صورت میں عین اسی طرح دکھائی دے گا جس طرح فیس بک پر کسی پوسٹ پر چیٹ یا ردِ عمل دکھائی دیتا ہے۔
 
اگرچہ دوسال قبل ٹویٹر نے اس کا اعلان کیا تھا اور اس کی ایک جھلک بھی دکھائی تھی۔ اس آپشن سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ آپ کو کون فالو کررہا ہے اور ٹویٹ سے شروع ہونے والی گفتگو پر کون اظہارِ خیال کررہا ہے۔
 
ٹویٹر ایپ پر اس کی بی ٹا ٹیسٹنگ جاری ہے اور تھریڈ آپشن پر ٹویٹ کے جواب در جواب کا ایک وسیع سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ لیکن واضح رہے کہ یہ ابھی ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہی ہے ۔ اگر ٹویٹر اس کے نتائج سے مطمئین نہیں ہوتا تو بھول جائیں کہ یہ آپشن کبھی ایپ میں شامل ہوسکے گا۔ ٹویٹر تھریڈ آپشن کو عام افراد اور ماہرین دونوں ہی آزمارہے ہیں اور یہ سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے۔
 
اگر یہ آپشن ٹویٹر کا حصہ بن جاتا ہے تو آپ اپنی ٹویٹ پر لوگوں کے تاثرات فوری طور پر آسانی سے پڑھ سکیں گے۔ توقع ہے کہ اس طرح فیس بک کی طرح لوگ ٹویٹر پر زیادہ وقت گزاریں گے۔
کراچی: عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طلبہ کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے کشمیر ڈے کا انعقاد کیاگیا
 
تقریب کےمہمانِ خصوصی ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مکمل طور پر آزاد ہو گا جب مقبوضہ کشمیر آزاد کروا لیا جائے گا اس کے لئے پاکستان اقوام عالم میں صحیح معنی میں باعزت مقام حاصل کرنا ہو گا
 
کشمیر ڈے کا انعقاد پروفیشل یوتھ فاونڈیشن پاکستان اور یو آئی ٹی کے تعاون سے کیا گیا جس میں طلبہ نے بھر پور انداز میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور والہانہ تقاریر کرتے ہوئے پوری دنیا کو پیغام دیا کہ کشمیر پاکستام کا دل ہے اسے پاکستان سے جدا کرنا کسی صورت ممکن نہیں، دشمن ملک جتنی بھی سازشیں کر لے جتنی بھی تکالیف پہنچا ئے پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔
 
دریں اثنا ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانا چاہیئے اور اپنے وسائل کا بڑا حصہ ان نوجوانوں پر خرچ کرنا چاہیئے تاکہ یہ نوجوان جوپاکستان کامستقبل ہیں انہیں روزگار میسر آسکے، فاروق ستار نے پاکستان زندہ آباد اور کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگایا۔ تقریب میں اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئر مین پروفیسر انعام احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریری مقابلہ جیتنے والوں کو انعامات بھی دیئے۔

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاؤژنگ کا کہنا ہے ۔ ہم کرونا وائرس پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے چینی سفیر یاؤژنگ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کا ایک بھی کیس نہیں، وائرس کے مشتبہ 7 لوگوں کے نمونے منفی آنا خوش آئند ہے، کورونا وائرس سے متعلق حکومت روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لیتی ہے، کوئی بھی پاکستانی یا چینی اس وقت تک چین نہیں چھوڑ سکتا جب تک ان کا معائنہ نہ کیا جائے،چین سے آنے والوں میں کوئی مشتبہ مسافر نہیں ملا، چین سے آنے والا کوئی مسافر ایسا نہیں جسے آبزرویشن کی ضرورت ہو۔

پریس کانفرنس کے دوران چینی سفیر یاؤژنگ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے 371 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، چین میں تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، ہم عالمی ادارہ صحت اور دیگر حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے ہمارے اقدامات کو سراہا ہے، ہم پرامید ہیں اس وبا سے نمٹ لیں گے۔ ہم کرونا وائرس پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وائرس کی ویکسین بنانے کیلئے بھی تحقیق جاری ہے، کرونا وائرس میں مبتلا 500 سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، دنیا کو اپنے اقدامات سے آگاہ کررہے ہیں۔

یاؤژنگ نے کہا کہ چین میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد ہے اور چین میں پاکستانی شہریوں کو اپنا ہم وطن سمجھتے ہیں، ہم تمام پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں، ووہان کے علاوہ چین کے دیگر شہروں سے پاکستانیوں کوواپس بھیجا جائے گا۔

دبئی: ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابراعظم کی حکمرانی برقرار ہے اور بھارتی کھلاڑی لوکیش راہول 4 درجے چھلانگ کیساتھ دوسرے نمبر پر آگئے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور نمبر ون ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت لوکیش راہول 4 درجے ترقی پاتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، ایرون فنچ ،ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے تیسری پوزیشن پر ہیں۔

اس کے بعد ٹاپ 10 میں کولن منرو، ڈیوڈ میلان، گلین میکسویل، ایون لیوس، حضرت اللہ زازئی، ویرات کوہلی اور روہت شرما شامل ہیں، شرما 3 درجے ترقی پاتے ہوئے ٹاپ 10 میں شامل ہوئے ہیں۔

بولرز کی فہرست میں پاکستان کے عماد وسیم پانچویں شاداب خان آٹھویں نمبر پر ہیں، ٹاپ ٹین میں بالترتیب راشدخان، مجیب الرحمن، مچل سینٹنر، ایڈم زمپا، عماد وسیم، اینڈل فیلکوائیو، عادل راشد، شاداب خان، ایشٹن اگار اور کرس جورڈن شامل ہیں۔ ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، افغانستان کے محمد نبی سرفہرست ہیں

اسلام آباد: چین سے 40 پاکستانی طلبا بھی قطر ایئرلائن کےذریعے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی طلبا براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے۔ وزارت صحت کے عملے نے تمام طلبہ کا ایئرپورٹ پر طبی معائنہ کیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دیدی۔
 
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری سے دو فروری تک چین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ چین میں کرونا وائرس سے اب تک 361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 17 ہزار سے زائد متاثر ہیں
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان معطل فضائی آپریشن آج سے بحال ہوگیا ہے اور پہلی پروازاسلام آباد ایئرپورٹ پرلینڈکرگئی ہے۔
 
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی ڈویژن کے مطابق حکومت نے چین کے لیے معطل کی گئی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج صبح 9 بجے سے پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست فضائی آپریشن شروع ہوگیا ہے۔
 
چین کے شہر ارمچی سے 60 سے زائد مسافروں کو لے کر ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز ’سی زیڈ 6007‘ اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ چین سےآنےوالےمسافروں کی ایئرپورٹ پر سخت اسکریننگ کی گئی۔

کراچی: جامعہ اردومیں بیچلرزاورماسٹرایوننگ پروگرامزمیں آن لائن داخلہ کاآغاز ہوگیا ہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق جامعہ اردو کراچی کیمپسز میں داخلہ برائے بیچلرز اور ماسٹر ایوننگ پروگرامز سال 2020 کے فارم آج3 فروری بروز پیر سے آن لائن جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

داخلے کے خواہشمند امیدوار جامعہ اردو کی ویب سائٹ www.fuuast.edu.pk  سے آن لائن فارم پر کریں اور اس کی دو عدد کاپیاں پرنٹ کر کے داخلہ فارم پروسیسنگ فیس واچر 1500/- روپے کے ساتھ ، جبکہ جن شعبہ جات میں انٹری ٹیسٹ لازمی ہے وہ امیدوار 2500/- روپے کا فیس واچر کے ساتھ عسکری بینک گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپس کے عسکری بینک بوہرہ پیر برانچز میں جمع کرا سکتے ہیں۔ بعدازاں مطلوبہ دستاویزات داخلہ فارم کے ساتھ متعلقہ شعبہ جات میں جمع کرائیں اور جمع شدہ فیس واچر بھی لازمی اس کے ساتھ منسلک کریں۔

کراچی: محکمہ کھیل نے سندھ گیمز 2020 کی تیاریاں شروع کردیں، گیمز میں حصہ لینے کے خواہشمند کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز کے لیے پروفارما جاری کردیا ہے۔ سندھ گیمز کے نام سے ویب سائٹ بھی بنالی گئی اور اس کا انعقاد پورے صوبے میں کرانے پر غورکیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ کھیل نے اپنی ویب سائٹ  www.sportsandyouth.sindh.gov.pk  کو فعال کردیا ہے جبکہ سندھ گیمز کے لئے ایک سب سائٹ  www.sindhgames.com  بھی جاری کردی گئی ہے، جس پر فوری طور پر دو اقسام کے شراکتی فارم بھی رکھ دیئے گئے ہیں، جہاں کھلاڑی اور اسپورٹس آرگنائزیشنز اپنے کوائف پُر کرسکیں گی ۔

سندھ گیمز کو مکمل شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے اپلائی کرنے والے کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز کرائے جائیں گے اس کے بعد کامیاب کھلاڑی سندھ گیمز میں حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ کے سیکریٹری سید امتیاز علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم سندھ کے نوجوانوں کو ٹیلنٹ دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، سندھ گیمز کا انعقاد پورے صوبے میں کرائیں گےاور اسے مثالی بنائیں گے۔