بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دبئی : انڈر نائنٹین ورلڈکپ کے پہلےسیمی فائنل میں کل 4 فروری کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔ میچ دوپہر 2 بجے پوٹ شیف روم، جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا ۔بڑے میچ کی بڑی تیاریاں کر لی گئیں، ہیڈ کوچ اعجاز کی زیرنگرانی کھلاڑیوں کی پریکٹس اور تمام پلان بھی فائنل کر لیا گیا، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس پر کام کیا گیا۔

واضع رہے کہ پاکستان نے افغانستان کو 31 جنوری کوورلڈ کپ انڈر 19کے کوارٹر فائنل میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی کیا تھا۔بینونی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں افغان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے پچاسویں اوور میں 189رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے عامر خان نے تین جبکہ فرہاد منیر نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے مقررہ ہدف 42اوور کی پہلی گیند پر صرف چار وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد ہریرہ نے 64رنز کی انتہائی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

 

کراچی: پاکستان نیوی کے زیراہتمام تیراکی اور اسکیٹنگ کا عالمی مقابلہ آج 3فروری بروز پیر سے شروع ہورہا ہے، جو کہ 6 فروری تک جاری رہے گا۔نیوی فزیکل ٹریننگ اسپورٹس کلب میں عوامی جمہوریہ چین، سری لنکا، متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب، پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان میرینز اکیڈمی کے علاوہ کئی دوسری ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

اس مقابلے کا آئیڈیا 2013 میں پیش کیا گیا تھا اور اس کا پہلا ایونٹ پاکستان نیوی کے زیراہتمام 2015میں کیا گیا تھا،جبکہ دوسرا بین الاقوامی مقابلہ 2017 میں ہوا اور اب پاکستان نیوی کے زیر اہتمام منعقد کردہ یہ تیسرا مقابلہ ہے جو کہ 3 فروری کو شروع ہوکر 6 فروری تک جاری رہے گا، جس میں اسکیٹنگ، تیراکی اور سمندر میں جان بچانے کے مقابلے شامل ہیں،مقابلے کا مقصد ان ممالک کی سمندری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے،پاکستان نیوی کے زیراہتمام منعقد ہونے والے دوسرے عالمی مقابلے میں عوامی جمہوریہ چین کی نیوی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی،اس سال شروع ہونے والے مقابلے میں 2 نئی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں جاری الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے پہلا گولڈ میڈل جیت لیاگیا۔

دبئی میں جاری الفجیرہ اوپن انٹرنیشل تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں 9 سالہ عائشہ ایاز نے پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیت کر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ عائشہ نے پہلے مقابلے میں دبئی، دوسرے میں کرغزستان اور تیسرے میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو شکست دی۔ ان مقابلوں میں مجمووی طور پر دنیا بھر سے 50 ملکوں کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عائشہ کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک بادپیش کی اور کہا ہمیں آپ پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی عائشہ ایاز نے دبئی میں بین الاقوامی تائکوانڈو کے مقابلوں میں برانز میڈل جیتا تھا۔

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے مزید 45 افراد کی ہلاکت کے بعد اس موذی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 260 تک جاپہنچی ہے۔
 
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سر توڑ کوششوں کے باوجود کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے، وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں روزانہ ہی اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 11 ہزار افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ مزید 45 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 260 تک جاپہنچی ہے۔
 
کورونا وائرس سے ہونے والی تقریباً تمام ہی ہلاکتیں ہوبائی صوبے میں ہوئی ہیں جس کے دارالحکومت ووہان سے ہی اس وائرس کی ابتدا ہوئی ہے اور اب کئی ممالک اس پراسرار وائرس کی زد میں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی اس وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کو بین الاقوامی صحت ایمرجنسی قرار دیدیا ہے۔ امریکا اپنے شہریوں کو واپس بلا چکا ہے اور کئی ممالک نے اپنے ایئرپورٹس پر الرٹ جاری کردیا ہے۔
 
بھارت نے بھی چین سے اپنے 324 شہریوں کو واپس بلا لیا ہے جن میں سے اکثریت طلبا کی ہے تاہم ان تمام افراد کو نئی دہلی کے مضافات میں ایک الگ تھلگ مقام پر رکھا گیا ہے اور تمام تر طبی ٹیسٹس اور ماہر ڈاکٹرز سے معائنے سے قبل کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جرمنی نے بھی اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے فوجی طیارہ بھیجا ہے جب کہ آسٹریلیا بھی اپنے شہریوں کی واپسی کی کوششیں کر رہا ہے۔
گلوکارعاصم اظہرنے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آفیشل گانے’’تیار ہیں‘‘ کو شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترنے اور لوگوں کی جانب سے گانا پسند نہ کیے جانے پر معافی مانگ لی۔
 
سوشل میڈیا پر مایوس مداحوں کی جانب سے گانے اور پی سی بی پر شدید تنقید کاسلسلہ جاری ہے اور لوگ شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہےہیں کہ یہ گانا سن کر ان کا وقت ضائع ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر تنقید اس حد تک بڑھ گئی کہ گلوکار عاصم اظہر نے شائقین کی توقعات پر پورا نہ اترنے پر معافی مانگ لی۔
 
عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کرکٹ کے ایک پاگل پرستار کے طور پرمیں سمجھ سکتا ہوں کہ کر کٹ اور پی ایس ایل پاکستانیوں کے لیے کتنا اہم ہے۔ لہٰذا میں ان تمام مداحوں سے معذرت خواہ ہوں جن کی امیدوں پر میں پورا نہیں اتر سکا۔ میں جانتا ہوں آپ لوگ سال کے اس وقت کے لیے کتنا انتظار کرتے ہیں لیکن ہم سب نے اچھی نیت کے ساتھ، اپنے ملک اور کرکٹ کی محبت میں بہترین اور کچھ مختلف کرنے کی پوری کوشش کی۔ اور وہ تمام لوگ جنہیں گانا پسند آیا میں آپ کی محبتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں اور میں ایک بار پھر ان تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتاہوں جو گانا سن کر مایوس ہوئے۔ بھروسہ کریں کرکٹ کا مداح ہونے کے ناطے میں اسے سمجھ سکتا ہوں۔
 
عاصم اظہر نے مزید لکھا میں اپنے تمام پاکستانیوں سے کہنا چاہتا ہوں پی ایس ایل کا ترانہ کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یقینی طورپر آپ سب کو حق ہے اسے پسند یا ناپسند کرنے کا لیکن سمجھنے کی کوشش کریں ہم نے یہ ایک ہی مقصد کے لیے کیا ہے کرکٹ اورپی ایس ایل کی بہتری کے لیے اور سب سے ضروری بات اپنے پاکستان کے لیے۔ پی ایس ایل کے سارے ترانے ہمارے ہیں اگر بدقسمتی سے ایک آپ کو پسند نہیں آیا تو آپ کے پاس لطف لینے کے لیے دوسرے ترانے بھی ہیں۔
کراچی: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے آفیشل گانے’’تیار ہیں‘‘ پر کی جانے والی تنقید علی ظفر سے برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے گانے اور گلوکاروں کی حمایت میں ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے۔
 
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پرعلی ظفر نے پی ایس ایل کے نئے گانے اور چاروں گلوکاروں کی حمایت میں ٹوئٹ کیا ہے۔ علی ظفر نے تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ لوگوں کی جانب سے ملنے والی محبت اورحمایت کا مشکور ہوں۔
 
 
میں آپ سب سے گزارش کرتاہوں کہ جتنا پیار آپ نے مجھے دیا اسی طرح آپ دوسرے فنکاروں کی کوششوں کو بھی سراہیں۔ ہم سب ایک بڑا خاندان ہیں اور پی ایس ایل میں بھی ایسا ہی ہے۔ پی ایس ایل پاکستان سے ہے اور ہماری موسیقی بھی۔ اس ٹوئٹ کے ساتھ علی ظفر نے پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
 
واضح رہے تین روز قبل پی ایس ایل 5 کا آفیشل گانا ’’تیار ہیں‘‘ ریلیز کیا گیا جسے پاکستان کے 4 بڑے گلوکاروں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اورعاصم اظہر نے مل کر گایا ہے۔ تاہم گانے کی ریلیز کے بعد بہت سے لوگوں کی امیدیں مایوسی میں بدل گئیں

 کراچی: سندھ میں مزید 2 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں پولیو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب سندھ میں مزید دو پولیو کیسز سامنے آگئے ہیں، انسداد پولیوسیل کے مطابق جیکب آباد کے 5 سالہ بچے اور میرپورخاص کے 4 سالہ بچے میں پولیو کی تصدیق ہوگئی، دونوں بچے 2019 کے متاثرہ کیس ہیں۔

 انسداد پولیوسیل کے مطابق رواں سال پولیو کے سندھ سے 2 اور ملک بھر سے 6 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، جب کہ سال 2019 میں سندھ بھر سے پولیو کے 30 اور ملک بھر سے 144 کیس رپورٹ ہوئے۔
کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت، انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرزپاکستان،کراچی کی معاونت سے 31جنوری کو ”مدراَرتھ ڈے“ منایا گیا، نمازِ جمعہ کے بعد مسجدبیتِ معمور تاوزیٹر گیٹ تک ریلی نکالی گئی جس کے مقاصدمیں ماحول دوستی اور خود اپنی صحت سے دوستی میں کردار ادا کرنا ہے۔
 
اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ2021 تک کاربن فُٹ پرنٹ کی تخفیف کے ذریعے،جامعہ کو کاربن نیوٹرل بنایا جائے گا دیگر جامعات سمیت ہر سطح پر اس اقدام کو معاشرتی بہتری کے لیے اُٹھایا جاسکتا ہے۔
 
ریلی میں انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرزپاکستان،کراچی کے چیئرمین سہیل بشیر، کرنل (ریٹائرڈ)سید ظفرحسین،پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد طفیل،اساتذ ہ، طالبِ علموں سمیت اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 
جامعہ ترجمان کے مطابق ہرجمعے کو جامعہ این ای ڈی کے کراچی میں موجود تینوں کیمپس سمیت تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسزاینڈ ٹیکنالوجی میں صبح ساڑھے آٹھ تا شام ساڑھے چار بجے تک ہر قسم کی گاڑیوں کے داخلے پرایک برس تک پابندی عائد ہوگی۔ پابندی کا اطلاق جامعہ کے اساتذہ، اسٹاف اور آنے والے تمام افراد سمیت طالب علموں پر ہوگاجنھیں پوائنٹ سے گیٹ پر اُتاراجائے گاجب کہ معذور، بیماراور حاملہ خواتین اس سے مستثنی ہوں گی۔
کراچی: چئیرمین آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی کا کہنا ہے کہ اس سال بھی موسم گرما کی تعطیلات مئی جون میں ہو نگی۔ اسکولز نیا تعلیمی سال اپریل یا جولائی میں اپنی سہولت کے مطابق شروع کر سکتے ہیں۔ چئیرمین پرائیوٹ اسکولز حیدر علی نے وزیراعلی سندھ اور محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار سے تعلیمی معاملات میں ذاتی دلچسپی لینے اور فوری توجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
 
چئیرمین حیدر علی کے مطابق نویں دسویں جماعت کے امتحانات 16 تا 20 مارچ جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 16 تا 20 اپریل سے شروع ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ آٹھویں جماعت تک کے امتحانات مارچ کے شروع میں یا اپریل کے آغاز میں لیے جاسکتے ہیں۔ چئیرمین آل سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق یکم جولائی سے تمام اسکولز دوبارہ کھل جائنگے۔
 
موسم گرما کی تعطیلات کی فیس جنوری تا جون والدین کی سہولت کے مطابق وصول کی جاسکتی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ پرائویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ سے حاصل ہونے والی غیر سرکاری لیکن حتمی معلومات کی روشنی میں اسکولز اور کالجز میں پائی جانے والی بےیقینی کو ختم کرنے اور دیگر معاملات طے کرنے کے لیے یہ اعلان کیا جارہاہے۔ آل سندھ پرائویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تین ماہ قبل ڈائریکٹوریٹ پرائویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ اور سیکرٹری تعلیم کو تحریری اور بالمشافہ ملاقات میں نئے تعلیمی سال، موسم گرما کی تعطیلات کی فیس، موسم گرما کی چھٹیاں ،آمتحانات سے متعلق تجاویز اور اسٹیرنگ کمیٹی کے فوری اجلاس سمیت دیگر معاملات میں اپنے موقف سے آگاہ کر دیا تھا ۔
 
بعد ازاں کئی بار یاد دہانی بھی کرائی گئی اور حکام بالا سے اسٹیرنگ کمیٹی کے فوری اجلاس کے ذریعے ان تمام معاملات کو طے اور اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔ چئیرمیں پرائیوٹ اسکولز کے مطابق یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ تعلیم جیسے اہم ترین شعبے میں اس طرح سے مسلسل خاموشی اختیار کی جائے اب جبکہ تعلیمی سال مکمل ہونے کو ہے لیکن تمام سرکاری اور پرائویٹ اسکولز حتمی اور واضح لائحہ عمل سے محروم ہیں۔

کراچی: جامعہ کراچی نے چینی زبان کے سرٹیفیکٹ کورسزکی داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق چینی زبان کے سرٹیفیکٹ کورسزکی داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔
 
ایسے طلباوطالبات جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرست میں آچکے ہیں وہ اپنی داخلہ فیس 03 تا06 فروری 2020 ءتک جمع کراسکتے ہیں۔واضح رہے کہ داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔