جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: اسلام آباد میں عالمی اسکواش کا میلہ آج سے سجے گا،اس میں مردوں کے ساتھ غیر ملکی خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی ایکشن میں ہوگی۔
 
مصحف علی میر اسپورٹس کمپلیکس میں شیڈول 5روزہ اسکواش میلے میں عالمی رینکنگ میں 43ویں پوزیشن پر موجود مصر کے ابراہیم یوسف ٹاپ سیڈ ہوں گے۔20 ہزار امریکی ڈالر کے اس ایونٹ میں پاکستان کوطیب اسلم اور فرحان محبوب سے امیدیں وابستہ ہیں، 20 سے زائد دیگر نوجوان بھی ایونٹ کا حصہ ہیں، 19 دسمبر تک شیڈول اس ٹورنامنٹ میں خواتین کے مقابلے بھی ہوں گے،12 ہزار ڈالر انعامی رقم کے لیڈیزایونٹ میں ہانگ کانگ کی ونگ ٹونگ ٹاپ سیڈ ہیں ، ان کے ساتھ امریکا، مصر، اسپین، ملائیشیا اور سوئٹزر لینڈ کی کھلاڑی مین راؤنڈ میں صلاحیتوں کا اظہارکریں گی۔
 
پاکستان کو آمنہ فیاض سے بہترکارکردگی کی توقعات ہیں۔ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں یوسف ابراہیم،مذین گامال ، محمد السربینی، خالد لبیب ،یحییٰ الہنواسانی ، احمد الہوسنی (مصر)، محمد السراج (اردن)، کیریتیس ملک (انگلینڈ)،ڈیرن راہیل پرگاسن، اونگ سائی ہونگ (ملائیشیا)،عقیل رحمان (آسٹریا)، ٹینگ منگ ہونگ، تسزکینلے (ہانگ کانگ)،ریسوریز (پرتگال)اور ییانکے (جرمنی) شامل ہیں، پاکستان کے اسرار احمد،عاصم خان،فرحان محبوب،فرحان زمان، عماد فرید،طیب اسلم اورنورزمان بھی ایکشن میں ہوں گے۔
 
ویمنز ایونٹ میں پاکستانی ماریہ حسین،روشنا محبوب،فرح مومن،نمرہ عقیل،مقدس اشرف ، صائمہ شوکت،کومل خان،زینب خان،فائقہ ظفر، انعم مصطفیٰ عزیز،نورینہ شمس،عیسا عمران، آمنہ فیاض،مدینہ ظفر اور نور الہدی کو غیرملکی خواتین کے ساتھ مقابلوں کا موقع ملے گا۔آصف خان ٹورنامنٹ ریفری پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، ہانگ کانگ سے محمد فیاض اور ملائیشا کے کاشف خان بھی مقابلوں کو کنڈکٹ کریں گے۔
 
پاکستان اسکواش فیڈریشن حکام کو یقین ہے کہ غیر ملکیوں کے ساتھ ملکی کھلاڑیوں کو بھی اس ٹورنامنٹ کے ذریعے اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ سینئرز کے ساتھ نوجوان کھلاڑی بھی ان میچز سے بہت کچھ سیکھیں گے۔
 
دوسری جانب ساؤتھ ایشن گیمز کے گولڈمیڈلسٹ طیب اسلم اور فرحان محبوب کا کہنا ہے کہ نیپال میں بہترین پرفارمنس سے اعتماد میں اضافے کے ساتھ اس ایونٹ کی تیاری کا بھی زبردست موقع ملا،ہم کوشش کریں گے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے خلاف بہترین کھیل پیش کرکے پاکستان کا نام عالمی اسکواش میں روشن کرتے ہوئے سال کا اختتام شاندار انداز میں کریں۔

اسلام آباد:  حکومت نے ملک میں “پی ایس ڈی پی پلس” پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد سماجی و معاشی ترقی کا عمل تیز کرنا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ڈی پی پلس کے تحت مختلف منصوبوں پر عمل درآمد پورے ملک میں ہوگا جب کہ پروگرام جائزے کے لئے تمام وزارتوں کو بھیج دیا گیا ہے، حکومتی ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، حکومت کے محدود مالی وسائل کے باعث ترقیاتی منصوبوں کا ٹارگٹ پورا نہیں ہو پاتا تاہم اس قلت کو نجی شعبے کی شراکت سے آسانی سے پورا کیا جاسکے گا، ترقیاتی منصوبوں میں اضافے سے معاشی اور اقتصادی عمل بھی تیز ہوگا۔

 وزیراعظم آفس کے مطابق ترقیاتی اخراجات کے نتیجے میں جی ڈی پی کو 6.7 فیصد تک بڑھایا جا سکے گا، منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں 53 بڑے منصوبوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جس میں بحری امور، ہوابازی، لاجسٹک، انرجی، سیاحت، آئی ٹی، رئیل اسٹیٹ، انفراسٹرکچر، اور سوشل سیکٹر کے شعبے شامل ہیں۔
 
وزیراعظم آفس کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کا کل تخمینہ تقریبا 5.5 کھرب روپے لگایا گیا ہے، منصوبوں کو آئندہ 3 سالوں میں مکمل کیا جا سکتا ہے، منصوبوں کی تکمیل کے لئے حکومت کے جانب سے محدود مالی وسائل درکار ہوں گے جب کہ ضرورت پڑنے پر قوانین اور قواعد و ضوابط میں ترمیم بھی کی جائے گی۔

اس منصوبوں پر عمل درآمد کے نتیجے میں 3.1کھرب روپے کی براہ راست سرمایہ کاری ہوگی جب کہ 1.1 کھرب روپے سالانہ نان ٹیکس ریونیو اور 91 ارب روپے ٹیکسوں کی مد میں وصول ہوں گے۔

راولپنڈی: بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پرگرین سگنل ملنے لگے، بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے حکومت کو خط لکھ دیا، قوی امکان ہے کہ کلیئرنس مل جائے گی۔
 
بنگلادیشی ٹیم کو جنوری،فروری میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2ٹیسٹ میچ کھیلنا ہیں، گذشتہ ہفتے چیف ایگزیکٹو نظام الدین نے کہا تھا کہ وقت تھوڑا رہ گیا،ہم تاحال حکومت کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے منتظر ہیں۔ البتہ اب اس حوالے سے مثبت اشارے ملے ہیں۔
 
بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہماری ویمنز اور انڈر 16ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکیں، جونیئر ہو یا سینئر ہر ٹیم کی سیکیورٹی ایک جیسی اہمیت رکھتی ہے،قبل ازیں دونوں ٹیموں کو کلیئرنس دیے جانے کے بعد قوی امکان ہے کہ سینئر مینز ٹیم کو بھی اجازت مل جائے گی، حکومت کو اس حوالے سے خط لکھ دیا گیا ہے، 4 سے 5 روز میں جواب موصول ہو جائے گا۔
 
ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ حکومتی کلیئرنس کے بعد اگلے مرحلے میں کرکٹرز سے پوچھیں گے، ہرکھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہوگا کہ وہ پاکستان جانا چاہتا ہے یا نہیں۔
نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اس وقت شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ سب کے سامنے دریائے گنگا کی صفائی کا معائنہ کرنے کے بعد سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دھڑام سے گر پڑے۔
 
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی اوٹ پٹانگ حرکتوں یا خفگت اُٹھانے کے باعث باقی تمام وزرائے اعظم کے مقابلے میں غالباً سب سے زیادہ خبروں میں رہتے ہیں، ایسا ہی ایک منظر بھارتی ریاست اترپردیش میں دیکھنے میں آیا۔
 
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دریائے گنگا کی صفائی کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعظم مودی اتل گھٹ کی سیڑھیوں پر تیزی سے اوپر چڑھ رہے ہیں تاہم ایک موقع پر ٹھوکر لگنے کی وجہ سے فرش پر اوندھے منہ گر پڑتے ہیں۔
 
اس سے قبل بھی وزیراعظم نریندر مودی کی اسی طرح کی مضحکہ خیز ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جس میں کبھی وہ نہایت بھونڈے انداز میں عالمی رہنماؤں کو جھپی مارتے ہیں اور کبھی مہمانوں کیساتھ اوٹ پٹانگ حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں جس پر ان کا خوب مذاق اُڑایا جاتا ہے۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیہ کے مطابق السنہ شرقیہ کے سالانہ امتحانات کا آغاز 19دسمبر 2019 سے ہو رہا ہے ۔

امتحانات میں شریک طلباء وطالبات کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ ان کی جانب سے دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں نہ ملنے کی صورت میں 17 دسمبر کو بورڈ آفس کے کمرہ نمبر 15 بلاک اے دوسری منزل سے جمع شدہ فارم کی اصل رسید اور ایک حالیہ تصویر کے ہمراہ ڈپلیکیٹ ایڈمٹ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ امتحانات دوپہر کی شفٹ میں 2بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے

ارجنٹینا کے نو منتخب صدر ابرٹو فائنل امتحان کا پر چہ لینے بیونس آئرس یونیورسٹی پہنچ گئے۔
 
ارجنٹینا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق نو منتخب صد ر اس سے قبل بیونس آئرس یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
 
یونیورسٹی کے طلبہ صدر کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران ہو گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ نے صدر ابرٹو سے آٹو گراف لیے اور اُن کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
 
کراچی: سندھ پولیس نے گزشتہ دنوں قتل ہونے والے میجر ثاقب اقبال کے کیس میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔
 
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس کی جانب سے میجر ثاقب اقبال کے قتل کیس کاعبوری چالان پیش کیا گیا۔
 
پولیس نے عبوری چالان میں بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نعمان عرف ماڑو اور فاروق عرف بابو کے خلاف میجر ثاقب کےقتل میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملےاور ملزمان سے ملنے والے اسلحے اور میجر ثاقب کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحے کے خول میچ نہیں ہو سکے۔
 
چالان کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں نے ڈر اور خوف کی وجہ سے قتل کا اعتراف کیا تھا جب کہ تفتیش میں ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد نہیں ہوا ہے اور ملزمان کی جے آئی ٹی کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکارکی جانب سے 133 روزسےکرفیونافذ ہے، کشمیری وادی میں محصور زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی کو چھاؤنی بنارکھا ہے۔
 
وادی میں 133 روز سے اسکول، کالجز، دفاتر اور تجارتی مراکز بھی بند ہی، جس کے باعث کشمیریوں کی زندگی معطل ہے، کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہے، بچوں کے لیے دودھ کا حصول بھی سخت مشکل ہو چکا ہے۔
 
ادھر برف باری نے کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے،شدید سردی میں کشمیری بوڑھے اور بچےبیمارپڑرہے ہیں لیکن علاج معالجے کی تمام راہیں مسدود ہیں۔ دوسری طرف قابض فورسز کے گھر گھر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روز بھی متعدد کشمیری گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک : ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹی وی دیکھنے کی عادت بچوں میں موٹاپے کی وجہ بن سکتی ہے۔ اسپین میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ٹی وی کے سامنے زیادہ وقت گزارنے والے بچے تیزی سے اپنا وزن بڑھاتے ہیں اور آخرکار فربہی کے درجے میں شامل ہوجاتے ہیں۔

یہ اہم تحقیق بارسلونا میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل ہیلتھ نے کی ہے جس میں 1480 ہسپانوی بچوں کا کئی برس تک بغور مطالعہ کیا گیا ہے۔ اس میں بچوں کی پانچ عادات یعنی ورزش، نیند، ٹی وی بینی، سبزیاں کھانے اور پروسیس شدہ غذاؤں کی بابت خاص طور پر سوالات کیے گئے تھے۔ اس ضمن میں چار سال کے بچوں کے والدین سے بھی پوچھا گیا۔

پہلے چار برس کی عمر میں بچوں کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی)، کمر کی چوڑائی اور بلڈ پریشر کو نوٹ کیا گیا؛ یہاں تک کہ ان کی عمر سات برس جاپہنچی اور اس وقت تک یہ تمام ٹیسٹ جاری رہے۔ اس کی تفصیلات پیڈیاٹرک اوبیسٹی نامی جرنل میں شائع ہوئی ہیں۔