جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار چیف ایگزیکٹو کے پاس ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت زیرو آور کا اجلاس ہوا جس کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس دوبارہ طلب کرلیا جو کچھ دیر بعد ہوگا۔

دوسری جانب اجلاس سے متعلق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار چیف ایگزیکٹو کے پاس ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری طلب کرلی ہے جب کہ وزیراعظم کے قانونی ماہرین سے اہم رابطے بھی جاری ہیں۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں ملکی سیاسی، معاشی و سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے بھارت سے مختلف اشیاء درآمد کرنے کی تجویز مسترد کردی تاہم بھارت کے بجائے چین سے یہ اشیاء درآمد کرنے کے لیے کہا گیا، اس کے علاوہ پوسٹل لائف انشورنس کو پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
برسبین: قومی کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی کی صلاحیتیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
 
قومی کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 
اب پاکستان ٹیم برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچ چکی ہے جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے کھیلے گی۔
 
ٹیم پرفارمنس کے حوالےسےکپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں جو خامیاں رہیں ان پر دوسرے میچ میں قابو پائیں گے۔
 
 بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے  اظہر علی نےکہا کہ بابراعظم ہر فارمیٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں اب ان سے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں، بابر کا بیٹنگ آرڈر میں نمبر اس وقت تبدیل کیا گیا جب وہ پرفارم نہیں کر رہے تھے۔
 
اظہر علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی اننگز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رضوان نے دلیرانہ اننگز کھیلی ہے، ان کی اننگز ہم سب کے لیے مثال ہے۔
 
علاوہ ازیں برسبین ٹیسٹ میں ڈیبیو دینے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے سب کی توجہ حاصل کی ہے، ان کو ابھی بہت احتیاط سے لے کر آگے بڑھنا ہو گا، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت بولرز ہیں۔
کراچی: محکمہ تعلیم کی جانب سے ملیر میں سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا۔ایگزیبیشن کا افتتاح صوبائی وزیر ہیومن سیٹلمنٹ اینڈ اسپیشل ڈیولوپمنٹ غلام مرتضئ بلوچ نے سائنس کیا
 
ایگزیبیشن میں ڈسٹرکٹ ملیر کے 35 سے زائد اسکولز کے طلبہ نے سائنس ماڈلز بناکر رکھےتھے ۔صوبائی وزیر غلام مرتضئ بلوچ کو ایگزیبیشن سے متعلق بریفنگ ڈائریکٹر ھائیر سیکنڈری اور پرائمری اسکولز حامد کریم ، سلیم اعوان اور ڈی ای او ملیر مشتاق میمن نےدی
 
ایگزیبیشن میں ایم پی اے سلیم بلوچ، چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد نے بھی اسکولز کے ماڈلز کا معائنہ کیا اس موقع پر ایم پی اے سلیم بلوچ کاکہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں کوشش کر رہیں ہے کہ ملیر میں بچوں کو بھتر سے بھتر تعلیم فراھم کر سکیں
 
صوبائی وزیر نے طلبہ کے بنائے ہوئے سائنس ماڈلز کے متعلق بات چیت کی بھترین معلوماتی تیاری پر طلبہ کو شاباشی بھی دی۔
 
کراچی: جامعہ کراچی میں ڈونرز نشستوں پر داخلوں کے لئے فارم 10 دسمبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں
 
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ڈونرز نشستوں پر داخلوں کے لئے فارم 10 دسمبر 2019ءتک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔طلباوطالبات 3000 روپے کا فیس واﺅچر جمع کرانے کے بعد آن لائن داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے ،ان شعبہ جات کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جو ان شعبہ جات کے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔
 
ڈونرز نشستوں کے آن لائن فارم جمع کرانے کے بعد طلبہ اپنے اصل پے آرڈر اور ڈونرز نشست کے داخلہ فارم کی فوٹو کاپی جامعہ کراچی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کے دفتر واقع ایڈمنسٹریشن بلڈنگ تیسری منزل کمرہ نمبر54 میں لازماً جمع کرائیں۔

  کراچی: فیس بک نے خواتین صارفین کی آن لائن سیکیوریٹی کیلیے تصاویر پر مبنی ہدایت نامہ (انفو گرافکس) جاری کردیا۔

فیس بک کے مطابق اپنے پلیٹ فارم کو مزید محفوظ بنانے اور خواتین کیلیے اسے مزید خوشگوار جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

فیس بک نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ دوستی کی درخواستوں کو منظور کرنے سے قبل محتاط رہیں اور کسی ایسے شخص کی دوستی کی درخواست منظور کرنے میں بھی احتیاط برتیں جسے پہلے سے جانتی ہوں ہوسکتا ہے کوئی شخص ان کے واقف کی جعلی شناخت سے اکاؤنٹ بناکر دوستوں کی فہرست میں آنا چاہتا ہو،ضروری ہے ٹیگ کیے جانے کی سیٹنگ میں بھی اس بات کو لازم بنایا جائے کہ کوئی بھی دوست آپ کی منظوری کے بغیر آ پ کو کسی مواد یا پوسٹ میں ٹیگ نہ کرسکے ۔

کراچی جامعہ کراچی نے آن لائن کلیم فارم جمع کرانے کی تاریخ کااعلان کردیا،
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق بیچلرز،ماسٹرز مارننگ پروگرام اور ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ وایوننگ پروگرام )کی داخلہ فہرستیں جاری کردی گئیں ہیں ۔ ایسے طلباوطالبات جو بیچلرز ، ماسٹرز مارننگ پروگرام اور ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ وایوننگ پروگرام )کی جاری کردہ داخلہ فہرستوں سے مطمئن نہیں ہیں وہ28 نومبر2019 ءتک اپنے آن لائن پورٹل سے کلیم فارم جمع کراسکتے ہیں۔
 
کلیم فارم صرف ان ہی شعبہ جات کے لئے جمع کرائے جاسکتے ہیں جن شعبہ جات کا پہلے سے جمع کرائے گئے داخلہ فارم میں انتخاب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ داخلہ فارم میں جن شعبہ جات کا انتخاب نہیں کیا گیا ان شعبہ جات کے لئے کلیم فارم قابل قبول نہیں ہوگا۔ طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کلیم فارم جامعہ کراچی کے جاری کردہ کلوزنگ پرسنٹیج کو مدنظررکھتے ہوئے جمع کرائیں۔
 
علاوہ ازیں ایسے طلباوطالبات جو داخلہ فہرست جاری ہونے تک مطلوبہ دستاویزات جمع نہیں کراسکے ، ان طلبہ کے کلیم فارم پر صرف اسی صورت غور کیا جائے گا کہ ان امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کراتے وقت بھی ان ہی شعبہ جات کا انتخاب کیا ہو اور ان شعبہ جات میں نشستیں خالی رہ جانے کی صورت میں ہی ان کے کلیم فارم پر غور کیا جائے گا بصور ت دیگر ان امیدواروں کے کلیم فارم قابل قبول نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آرمی چیف کی مدت ملازمت کے سلسلے میں تمام لوازمات پورے نہ ہونے پر وزیر قانون پر برس پڑے۔
 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوا تو کابینہ کے ایجنڈے پر بات کرنے کے بجائے سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کرنے کا معاملہ زیر بحث آگیا۔
 
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوٹی فکیشن معطل ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور وہ وزیر قانون فروغ نسیم پر برس پڑے۔
 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع کا معاملہ طے ہوچکا تھا تو اس ضمن میں تمام لوازمات پورے کیوں نہیں کیے گئے، وزارت قانون نے غفلت کیوں برتی اور تمام قانونی نکات پورے کیوں نہیں ہوئے۔
 
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی برہمی پر تمام اراکین نے پہلے خاموشی اختیار کرلی جس کے بعد اجلاس میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
 
ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت کا نوٹی فکیشن معطل ہونے کے وجہ سے اجلاس کا ماحول گرم ہوگیا جس کی وجہ سے معمول کے ایجنڈے کی کارروائی کافی دیر تک رکی رہی۔
 
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کردیا ہے اور چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار نہیں ہے۔
کراچی: نامور اداکار ہمایوں سعید اور ترجمان پاک فوج آصف غفور کے درمیان ٹوئٹر پر دلچسپ مکالمہ ہوا ہے جس میں ہمایوں نےڈی جی آئی ایس پی آر کے لیے نیک تمناؤں اور پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
 
اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر اپنی اور میجر جنرل آصف غفور کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ تصویر میں دونوں نہایت خوش ایک دوسرے سے گلے مل رہے ہیں۔ ہمایوں سعید نے تصویر کے ساتھ پیغام لکھا ’’ ترجمان پاک فوج سے ملاقات کرکے ہمیشہ بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔ آصف غفور بہت عاجز اورپر جوش انسان ہیں جو میڈیا ممبران کا احترام اور ان کی عزت کرتے ہیں۔ خدا ترجمان پاک فوج کو صحت اور خوشیاں دے۔ اس کے ساتھ ہی ہمایوں سعید نے پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ’’ہمارے پاس تم ہو‘‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ہمایوں سعید کی ٹوئٹ کے جواب میں کہا تمہارا شکریہ ہیرو ہمایوں سعید۔ انہوں نے ہمایوں سعید کے مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سے ’’ہمارے پاس تم ہو‘‘ تک۔ قوم کی حمایت اورپاک فوج پر اس کا اعتماد ہمارا فخر ہے۔ مجھے معلوم ہے یہ جملہ آپ کے دل کے قریب ہے’’آرام سے سوجاؤ ہم ہیں نا‘‘۔
 
اس کے ساتھ ہی ترجمان پاک فوج نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں وطن کے لیے جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

 پشاور:وزیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں سالانہ 90 ہزار خواتین چھاتی کے کینسر کا شکار ہونے لگیں ہیں جن میں 40 ہزار خواتین موت کا شکار ہوجاتی ہیں۔

پشاور میں عورتوں میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پہلے 10 سرفہرست کینسر میں عورتوں کا چھاتی کا کینسر ٹاپ پر ہے۔ صوبے میں سالانہ 90 ہزار خواتین چھاتی کے کینسر کا شکار ہورہی ہیں۔ بدقسمتی سے ان 90 ہزار میں سے 40 ہزار خواتین موت کا شکار ہوجاتی ہیں۔ حکومت ان اموات کو کم کرنے کے لئے تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔ جس کے لئے قانون سازی بھی زیر غور ہے۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جلد ہی صوبے کا پہلا جدید ترین کینسر اسکریننگ سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا جب کہ نئے بننے والے انسٹی ٹیوٹ آف ہیپٹالوجی کی پوری ایک منزل چھاتی کے کینسر کا شکار عورتوں کے علاج کےلئے مختص ہوگی، جہاں خواتین کا مفت علاج ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے میں مختلف اقسام کے کینسر کا شکار افراد کے مفت علاج کےلئے صوبائی حکومت نے 3 ارب مالیت کے منصوبے کو متعارف کرارکھا ہے۔ اس منصوبے میں 24 ارب روپے کے اخراجات نوریٹس ادویہ ساز کمپنی برداشت کررہی ہے. اب منصوبے کے تحت چھاتی کے کینسر کا شکار عورتوں کے علاج کےلئے ایک ادویہ ساز کمپنی کے اشتراک سے خصوصا 2 اضلاع چترال اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،یہاں عورتوں کےلئے کیمو تھیراپی سنٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔