ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہری 27 اکتوبر 1947ء کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
 
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کاروباری مراکز بند رہیں گے، جلسے، جلوس، مظاہرے ہوں گے دھرنا دیا جائے گا، ریلیاں نکالی جائیں گی۔ سفارت خانوں کو وادی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی اور دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔
 
حریت رہنما علی گیلانی کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس آج لال چوک سرینگر کی طرف مارچ کرے گی، انہوں نے کہا ہے کہ جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج نے حملہ کرکے وادی پر قبضہ کرلیا تھا، اسی طرح مظفر آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگرخطاب کریں گے۔
 
صدر مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
S
وزیراعظم عمران خان نے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا، عالمی برادری کردار ادا کرے، نام نہاد بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، عالمی برادری کردار ادا کرے، کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آزادی تک کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

کراچی: بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے شدت اختیار کرنے کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کیار مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب مشرق سے 950 کلومیٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کا  کہنا ہےکہ سمندری طوفان کے اثرات 28 سے 30 اکتوبرکے دوران واضح ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود ہوائیں 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جب کہ ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرد آلود تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفان کے خدشے کے باعث ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی: مہران یونیورسٹی کے انوویشن اینڈ آنٹرپرینیورشپ سینٹر کے طلبہ نے مریضوں سہولت کے لئے حیدرآباد کے ڈاکٹروں کے اپائنٹمنٹ لینے کے لئے ”مسیحا“ کے نام سے اینڈرائڈ موبائل ایپ تیار کر لی۔
 
جامعہ مہران کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے ایپ کا افتتاح ربن کاٹ کر کیا۔ ابتدائی طور پر اس ایپ میں صرف ڈاکٹروں کے اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے، جبکہ مستقبل میں اس ایپ کی مدد سے ایمبولنس منگوانا، دوائیاں گھر بیٹھے منگوانااور دیگر شعبہ امراض و معالجہ سے منسلک سہولیات بھی شامل کی جائیں گی۔
 
اس کے علاوہ ڈاکٹر مریض کا پروفائل یا مرض کی ہسٹری وغیرہ بھی پڑھ سکتے ہیں۔ اس ایپ کی مدد سے مریض ڈاکٹر کی اپائنٹمنٹ دنیا کے کسی بھی کونے سے گھر بیٹھے حاصل کر سکتا ہے اور اسی طرح ڈاکٹر بھی مریض کا مسئلہ یا علاج کی ہسٹری کہیں سے بھی بیٹھ کر اس ایپ کے پلیٹ فارم سے دیکھ سکتا ہے۔
 
زیمان، اسامہ، دانیا اور ثمیر کی جانب سے بنائے گئے اس ایپ کو حیدرآباد کے ڈاکٹروں نے کافی سراہا ہے اور اس ایپ کو حیدرآباد اور پس گردائی والے علاقاجات کے لوگوں کے لئے اس طرح کی پہلی اور بہترین سہولت قرار دیا ہے۔
کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ اقراعزیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ دلہن اور یاسر حسین دلہا بنے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
 
اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑیوں میں ہوتا ہے اور مداح بے چینی سے دونوں کی شادی کا انتظار کررہے ہیں۔ یہاں تک کہ اقرا عزیز خود بھی اپنی شادی کے دن گن رہی ہیں۔ اور اب دونوں کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اقرا دلہن اوریاسر دلہا کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔
 
تاہم اقرا عزیز اوریاسر حسین حقیقت میں دلہا دلہن نہیں بنے ہیں بلکہ دونوں نے ایک برائڈل شوٹ کے لیے یہ روپ اختیار کیا ہے۔ اقرا عزیز نے ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس میں وہ اور یاسر ڈیزائنر علی ذیشان کے برائیڈل فوٹو شوٹ کے لیے دلہا دلہن بنے ہوئے ہیں۔
 

اسلام آباد: وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟

فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے، ہزاروں جانوں کی قربانی سے ملک میں امن کے دیے روشن ہوئے۔ فضل الرحمان  امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟ جمہوریت میں مذاکرات ہی غلط فہمیوں کے خاتمے اوراتفاق رائے پیدا کرنے کا واحد راستہ ہے۔ بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا فضل الرحمان اپنی انا، ضد اور ذات کے خول سے باہر نکلیں۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی ترقی کے حصول اور پاکستان کو عظیم تربنانے کے لیے سب کو مل کرکاوشیں کرنا ہوں گی۔

کراچی: جامعہ کراچی نے 68 طلباوطالبات کو ایم فل ،پی ایچ ڈی،ایم ایس (ماسٹر آف سرجری) اور ایم ایس کی ڈگریاں تفویض کردیں
 
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود عراقی کی صدارت میں منعقدہ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈریسرچ بورڈ کے حالیہ اجلاس میں31طلبا وطالبات کو پی ایچ ڈی ،30 طلباوطالبات کو ایم فل جبکہ 02 طلبہ کو ایم ایس(ماسٹرآف سرجری) اور 05 طلباوطالبات کوایم ایس کورس ورک(30 کریڈٹ آرز) مکمل کرنے پر ڈگریاں تفویض کی گئیں۔

لاہور: قلعہ آسٹریلیا تسخیر کرنے کا عزم لیے پاکستانی ٹیم علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے روانہ ہوگئی ہے۔ 

کیریئر میں پہلی بار بابراعظم قیادت کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی،خوشدل شاہ، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)،عثمان قادر، محمد عامر، محمد حسنین، وہاب ریاض، محمد عرفان، موسیٰ خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف کھیلے گی، پہلا ٹی ٹوئنٹی3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے، دوسرا مقابلہ 5 تاریخ کو کینبرا جب کہ تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں ہوگا۔

کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ جارح مزاج کینگروز کیخلاف مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے، قیادت کی وجہ سے ذمہ داری بڑھ گئی، اپنی اور ٹیم دونوں کی پرفارمنس پر توجہ دوں گا، آسٹریلیا میں باؤنسی پچز پر مقابلے کی تیاری کرلی، فخرزمان کے ساتھ خود اننگز کا آغاز کروں گا۔ پیس بیٹری اچھی ہے، شاداب خان کی فارم بھی لوٹ آئی۔

فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں صلاحیتیں نکھارنے والے بیشتر کرکٹرز کی بہتر فارم ٹیم کیلیے خوش آئند ہے، البتہ ہمیشہ مشکل ثابت ہونے والی آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی سخت چیلنج ثابت ہوگی، قومی ایونٹ میں واجبی کارکردگی دکھانے والے حارث سہیل اور عماد وسیم اعتماد کی بحالی کیلیے فکرمند ہوں گے۔

ریاض: پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اپنی آواز کا جادو جگا کر شائقین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔
 
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے تحت سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے ’’ریاض سیزن‘‘ میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے گزشتہ روز اپنی آواز کا جادو جگایا۔
 
ریاض سیزن 11 اکتوبر سے 15 دسمبر تک جاری رہےگا۔ اس سیزن میں آرٹ، کھیل اور ثقافتی پروگراموں کی ایک وسیع رینج شامل ہے جب کہ اس منصوبے میں کئی پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں تھیٹر، میوزک کنسرٹس اورفیشن شوز وغیرہ شامل ہیں۔
 
گزشتہ روز عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے گانوں پر شائقین جھومتے ہوئے نظر آئے جب کہ اس تقریب کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
 لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو معمولی ہارٹ اٹیک ہوا ہے تاہم ان کے پٹھے متاثر نہیں ہوئے۔
 
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کو گزشتہ رات انجائنا کی تکلیف ہوئی، معمولی ہارٹ اٹیک ہوا، ڈاکٹروں نے بروقت علاج کیا، ان کے پٹھے متاثر نہیں ہوئے، نواز شریف کی پہلی اوراب کی ای سی جی میں فرق نہیں آیا۔
 
یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے آج ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ان کی بیماری کی تشخیص ہوگئی، ان کا علاج جاری ہے، نوازشریف کے خون میں پلیٹ لیٹس 45 ہزار ہوگئے ہیں، ان کا بون میرو نظام ٹھیک کام کررہا ہے، (ن) لیگ والوں کو نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
کراچی: جامعہ کراچی نے پروگرام کی لیٹ فیس میں 50 فیصد کی کمی کردی
 
جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام پروفیسر ڈاکٹر عابد حسنین کے مطابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کی منظوری سے ایوننگ پروگرام کے ایسے طلباوطالبات جنہوں نے تاحال اپنی فیس جمع نہیں کرائی
 
ان کی لیٹ فیس میں 50 فیصد کی کمی کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ سہولت24 نومبر 2019 ءتک ہے ، اس کے بعد کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔