ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: کراچی میں سمندری طوفان کیار کے باعث موسم تبدیل ہوگیا۔ موسم ایڈوائزری کے مطابق بدھ سے جمعہ کے دوران سندھ کے زیریں علاقوں میں بارش کا امکان ہے جب کہ مکران کے ساحلی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
 
محکمہ موسمیات نے ہدایت کی کہ بدھ سے جمعہ تک ماہی گیرگہرے سمندر میں نہ جائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جس کی وجہ سے بوندا باندی کا امکان ہے۔
 
کراچی: سمندری طوفان کیار کی شدت کے باعث اونچی لہریں اٹھنے سے دو دریا کے مقام پر حفاظتی دیوار کے باوجود پانی سڑک پر آگیا۔
ذرائع کے مطابق سمندی لہریں دو دریا پربنائی گئی حفاظتی دیوارسے ٹکرا رہی ہیں جس سے سمندر کا پانی سڑک پر آرہا ہے۔
 
سمندری طوفان کیار کے باعث کراچی کی انتظامیہ نے ساحل پر جانے اور سمندر میں کشتی لے جانے پر 5 نومبر تک پابندی بھی لگا دی ہے۔
 
دوسری جانب ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹرکی جانب سے موسم ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ سائیکلون سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو براہ راست کوئی خطرہ نہیں لیکن طوفان کے مرکز میں تیز ہواؤں کے سبب سمندر میں طغیانی رہے گی جس سے جزائر اور نشیبی ساحلی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سپرسائیکلون کیارشمال مغرب کی جانب حرکت کررہا ہے جس کی ہوائیں 230 سے265 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے چل رہی ہیں۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 36گھنٹوں میں سائیکلون کیارشمال مغرب کی جانب بڑھتا رہے گا اور ڈیڑھ دن بعد جنوب مغرب کی جانب رُخ کرے گا

اسلام آباد: العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج ہوگی۔

العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ آج سماعت کرے گا، عدالت نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

 واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو چوہدری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت پہلے ہی مل چکی ہے۔

مرکزی انجمن تاجران کی کال پر ملک بھر میں بازاروں اور کاروباروں کو تالے لگ گئے ہیں جبکہ تاجروں کا کہناہے کہ اگر مطالبے نہ مانے گئے تو ہڑتال کا دائرہ کار اور دورانیہ دو روز سے مزید بھی بڑھایا جا سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی انجمن تاجران کی کال پر آج ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے ،

کوئٹہ کے تاجروں نے بھی مرکزی تنظیم کی کال پر شٹر ڈاﺅ ہڑتال کر دی ہے ، کوئٹہ کے لیاقت بازار ،عبدالستارروڈ ، جناح روڈ سمیت تمام اہم کاروباری مراکز بند ہیں اور کل بھی بند رہیں گے ، مقامی تاجروں کا کہناہے کہ مرکزی تنظیم کی جانب سے جو بھی اعلان کیا جائے گا اس پر من و عن عمل درآمد ہو گا ، تاہم کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں موجودچھوٹی مارکیٹوں میں جزوی طور پر دکانیں کھلی ہیں ۔

لاہور کی تمام تاجر تنظیموں نے ملک میں شٹر ڈاﺅ ہڑتال کی کال دیدی ہے جس پر 100 فیصد عمل کرتے ہوئے دکانیں بند کر دی گئیں ہیں ، لاہور کے نہایت مصروف علاقے شاہ عالم مارکیٹ ، اردو بازار ، موچی گیٹ ، بادامی باغ ، مصری شاہ مارکیٹ ، لاری اڈے کی تمام مارکیٹیں ، انار کلی ، مال روڈ ، ہال روڈ مکمل طور پر بند ہے ۔ تاجربرادری کا کہناہے کہ حکومت نے زیادتی کی انتہا کر دی ہے جبکہ حکومت صرف زبانی کلامی باتیں کر رہی ہے ، اگر مطالبات پورے نہ ہوئے ہڑتال مزید بڑھا دی جائے گی۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے بھی شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیاہے ۔ فیصل آباد میں بھی صورتحال یکسر مختلف نہیں بلکہ مرکزی تنظیم کی کال پر تمام کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے ہیں اور بازار و کوچے سنسنان پڑے ہیں ، تاجروں کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے جو شرائط رکھی گئیں ہیں اس کی باعث ان کا بہت نقصان ہو رہاہے ، اسے ختم کیا جائے جس میں شناختی کارڈ اور 17 فیصد سیلز ٹیکس شامل ہے ، فکس ٹیکس لاگو کر دیا جائے وہ دینے کیلئے تیار ہیں ۔

فیصل آباد کا کارخانہ بازار ، امین پور بازار، کچہری بازار سمیت دیگر تمام بازار بند ہیں اور کل بھی بند رہیں گے ، جھنگ بازار میں تاجروں کی جانب سے احتجاجی کیمپ بھی لگایا جائے گا ۔ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے ۔ ملتان میں بھی تاجروں نے مرکزی تنظیم کی کال پر کلشن اور الفلاح مارکیٹ سمیت سبزی منڈی اور غلہ منڈی دکانوں کو مکمل طور پر بند کر دیاہے ۔جبکہ راولپنڈی میں بھی مکمل ہڑتال جاری ہے

واشنگٹن: ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پوری دنیا میں خون اور اس کے اجزا کی طلب بڑھ رہی ہے جسے خون کے موجودہ عطیات پورا کرنے سے قاصر ہیں، بعض ممالک میں یہ صورتحال بہت تشویش ناک ہوچکی ہے۔
 
معروف طبی جریدے لینسٹ میں شائع ایک تفصیلی رپورٹ میں دنیا کے بہت سارے ممالک میں اس کی شماریاتی ماڈلنگ کی گئی ہے جو خون جیسی اہم ضرورت پر لکھی جانے والی پہلی تحقیقی رپورٹ بھی ہے۔ دنیا کے 195 ممالک میں سے 116 میں خون کی سپلائی طلب سے بہت کم ہے اور کئی ممالک میں تو اس کا بحران ہے۔
 
جنوبی ایشیا، ذیلی صحارا کے تمام افریقی ممالک اور آسٹریلیا و ایشیا کو چھوڑ کر دیگر ممالک میں بھی یہ کیفیت دیکھی گئی ہے اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق ضرورت کے باوجود خون کے 102, 359 ,632 یونٹ موجود ہی نہیں۔
ہر سال خون کے عطیات لاکھوں جانیں بچاتے ہیں اور اسی بنا پر انہیں طب کا اہم ستون قراردیا گیا ہے۔ پوری دنیا میں 10 کروڑ یونٹ خون عطیہ کیا جاتا ہے جبکہ 42 فیصد مقدار زائد آمدنی والے ممالک میں جمع ہوتی ہے لیکن افریقا کے 38 ممالک عالمی ادارہ صحت کی حدوں سے بھی دور ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق 1000 افراد میں سے کم سے کم 10 افراد کو خون دینا چاہیے جبکہ انہی ممالک میں خون کے امراض معلوم کرنے کی ٹیسٹ کِٹ کی شدید قلت ہے۔
 
یونیورسٹی آف واشنگٹن میں خون کی ماہر کرسٹینا فزمورائس کے مطابق اب تک خون کے امراض اور بیماریوں کے خطرات پر ہی سروے کیے گئے تھے لیکن خون کی ڈیمانڈ اور سپلائی اور عالمی تناظر میں کیا گیا یہ پہلا کام ہے۔ ہمارا کام بتاتا ہے کہ خون کی قلت کہاں ہے، متبادل راستے کونسے ہیں اور کہاں عطیات بڑھانے ہیں۔
 
اس رپورٹ سے صحت کے عالمی ماہرین کو منصوبہ بندی اور بہتر پالیسی سازی میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ اس شماریاتی ماڈل میں ہر ملک کی آبادی میں 20 ایسے امراض و کیفیات کو نوٹ کیا گیا ہے جس میں خون کی ضرورت پڑتی ہے۔ پھر دیکھا گیا کہ آیا ملک کی کتنی فیصد آبادی ان کیفیات اور بیماریوں سے گزرتی ہے۔ اسی بنا پر شماریاتی ماڈل تیار کیے گئے۔
 
رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں خون کے عطیات اور ضروریات میں فرق بڑھتا جارہا ہے۔ صرف 2017ء میں ہی خون کے 27 کروڑ 20 لاکھ یونٹس عطیہ کیے گئے جبکہ طلب 30 کروڑ 30 لاکھ یونٹ تھی۔ اب خیال ہے کہ اس سال خون کے 10 کروڑ یونٹ کم ہیں۔
 
امیر ممالک میں کینسر کی وجہ سے خون درکار ہے تو پاکستان جیسے ملک میں تھیلیسیما اور ہیموفیلیا خون کے عطیات کا تقاضا کرتے ہیں۔ ان میں جنوبی سوڈان سرِ فہرست ہے جہاں ایک لاکھ افراد میں سے صرف 46 ہی خون کا عطیہ دیتے ہیں اور دوسرا ملک بھارت ہے جہاں خون دینے کا رجحان بہت کم ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نے بیچلرز ،ماسٹرز پروگرام میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر 2019 ءتک توسیع کردی
 
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی(مارننگ پروگرام)اور بیچلرز ،ماسٹرز (مارننگ پروگرام )میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں برائے سال 2020 ءکے لئے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر2019 ءتک توسیع کردی گئی ہے۔ خواہشمند طلبہ31اکتوبر2019 ءتک داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں،طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔
 
واضح رہے کہ مخصوص نشستوں اور سیلف فائنانس پر داخلے کے خواہشمند طلبا وطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بیچلرز،ماسٹرز، ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ وایوننگ پروگرام) اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کا داخلہ فارم جمع کرائیں اور داخلہ ٹیسٹ میں لازماً شرکت کریں بصورت دیگر انہیں داخلے کے لئے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔
 
علاوہ ازیں ایسے امیدوار جو اپنے انٹر(HSC ) یا مساوی امتحانات اور گریجویشن یامساوی امتحانات کے نتائج کے منتظر ہیں وہ اپنی صوابدیدپر داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں،تاہم ایسے امیدواروں کو ”داخلہ فہرست “ کی اجراءسے تین دن قبل مذکورہ امتحانات کے نتائج اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے لازمی ہوں گے، بصورت دیگر انہیں داخلے کے لئے اہل تصور نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ بے قابو ہو گئی، ایک لاکھ اسی ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری۔ گورنر نے ریاستی ایمرجنسی نافذ کر دی
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں خطرناک آتشزدگی، تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیلتی آگ نے سیکڑوں گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ ایک لاکھ اسی ہزار افراد کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ڈور بیل کیمرے میں ریکارڈ کی گئی فوٹیج میں لوگوں کوگھر خالی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
 
آگ کی وجہ سے لاکھوں افراد تک بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی، اب تک تیس ہزار ایکڑ کا رقبہ جل کر خاک ہو چکا ہے۔ کیلی فورنیا کے گورنر نے ریاست میں ایمر جنسی نافذ کر دی۔

جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا میں ہونے والے عام انتخابات میں حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی اور صدر موریسیو ماکری کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے البرٹو فرنانڈز نے کامیابی حاصل کرلی۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹینا میں جنرل الیکشنز میں جسٹسلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار البرٹو فرنانڈز 45 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے موجودہ صدر موریسیو ماکری کو شکست دے دی۔

صدر موریسیو ماکری نے شکست تسلیم کرتے ہوئے زمام کار البرٹو فرنانڈز کے حوالے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ البرٹو فرنانڈز کے حامیوں اور کارکنوں نے ان کی کامیابی پر خوب جشن منایا اور آتش بازی کی۔ پہلا بار ایسا ہوا ہے کہ ارجنٹینا میں کوئی صدر دوبارہ منتخب ہونے میں ناکام ہوگیا ہو۔ 

 ارجنٹینا اس وقت معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ موریسیو ماکری نے برسراقتدار آنے پر ملک کی معیشت کو ترقی دینے کے وعدے کیے تھے جنہیں وہ پورا نہ کرسکے اور ملک کی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی ہوئی۔

ماہرین نے معاشی زبوں حالی کو موریسیو ماکری کی شکست کی وجہ قرار دیا ہے۔ نومنتخب صدر البرٹو فرنانڈز کو ملکی معیشت کی بحالی کے مشکل چیلنج کا سامنا ہوگا۔

کراچی: پاکستان ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے دوبارہ سندھ ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔
 
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، جہاں ایک بارپھر سرفراز احمد بطور قائد اپنی ذمہ داریاں نبھار ہے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے کپتانی کے پریشر کی وجہ سے بطوروکٹ کیپر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کی جگہ بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور اظہرعلی کو ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت دینے کے بعد سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔
 
سرفراز احمد نے اب ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر مرکوز کردی ہے، وہ سندھ ٹیم کے قیادت کرنے کے ساتھ بطور پرفارمر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ سرفراز احمد کے ساتھ اس میچ میں اسد شفیق نائب کپتان ہیں۔
کیلفورنیا: فیس بک نے امریکا میں ایک نئی ٹیب متعارف کرائی ہے جو آپ کی ہدایت کے تحت خبریں دکھاتی ہے اور اسے براہِ راست موبائل ایپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
 
چند روز قبل کچھ منتخب امریکی صارفین کی فیس بک ایپ پر ایک ٹیب نمایاں ہے جو ظاہر ہے تجرباتی یا آزمائشی طور پر جاری کیا گیا ہے۔ اس تناظر میں آپ فیس بک کی بعض پوسٹس کی ترجیحات کے علاوہ خصوصی طور پر خبروں کی فیڈ کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔
 
’اس ٹیب کے ذریعے آپ نہ صرف فیس بک اسٹوریز قابو رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنی پسند کے موضوعات کی خبروں پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں اور یہ سب کام براہِ راست ایپ پر کیا جاسکتا ہے،‘ فیس بک کے عہدے دار کیمبل براؤن نے اپنے بلاگ میں بتایا ۔
اس ٹیب کی بدولت آپ قومی نوعیت کی خبریں دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی دیگر خبریں بھی نیوزفیڈ میں ملتی رہتی ہیں۔ جیسے جیسے خبریں رونما ہوتی رہتی ہیں عین اسی طرح وہ نمودار ہوتی رہیں گی۔ فیس بک کے مطابق نئی مجوزہ ٹیب کے ذریعے فیس بک پر دیکھی جانے والی خبروں کو چار حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ ان میں اول عمومی خبریں، دوم موضوعاتی خبریں، سوم متفرق خبریں اور چہارم مقامی خبریں شامل ہیں۔
 
اس دوران آپ جو خبریں نہیں دیکھنا چاہتے اسے چھپا بھی سکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ موضوعات کو سی فرسٹ یعنی پہلے بھی دیکھ سکتے ہیں ۔ فیس بک کے مطابق اس میں الگورتھم اور خود صارف کی پسند و ناپسند کو شامل کیا گیا ہے تاکہ بہتر سے بہتر انداز میں خبریں دیکھی جاسکیں۔