اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
 
 
بیجنگ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور کمانڈر پی ایل اے اور وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقاتیں کی۔
 
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کی کمانڈر پی ایل اے اور وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقاتیں ہوئیں۔
 
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں علاقائی سیکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے چینی عسکری قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
 
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ قراردادوں کا احترام کرے، بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔
 
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چینی عسکری قیادت نے کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کی۔ چینی عسکری قیادت کی جانب سے کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کا طرز عمل امن کے مفاد میں ہے۔
 
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان میں فروغ امن کے لیے کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی، موجودہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
 
خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز سرکاری دورے پر چین پہنچے تھے۔ آرمی چیف وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتوں میں ساتھ ہوں گے۔
 
 
نیویارک: امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان خفیہ مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے، مذاکرات اگرچہ بالواسطہ ہیں لیکن اس کے باوجود اسے شاندار پیشرفت کہا جاسکتا ہے۔
 
مشرق وسطی کو جنگ کے دہانے تک پہنچانے والی برسوں سے جاری بڑھتی دشمنی اور اثر و رسوخ میں اضافے کے مقابلے کے بعد اب ایران اور سعودی عرب نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بالواسطہ طور پرخاموش مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔
 
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات اگرچہ بالواسطہ ہیں لیکن اس کے باوجود اسے شاندار پیشرفت کہا جا سکتا ہے کیونکہ چند ہفتوں قبل ہی الزامات اور سخت بیانات کی شدید جنگ جاری تھی اور سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملہ ہوا جس کے بعد صورتحال تیزی سے بگڑتی نظر آئی۔
 
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر کے حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائی سے انکار کے بعد ہی سعودی عرب نے مسئلہ حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں شروع کر دی تھیں۔
 
 
اخبار کے مطابق ایران نے ہمیشہ سے ہی سعودی عرب کو امریکا اور اسرائیل سے دور رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے انکار کی وجہ سے لگتا ہے کہ ایران سعودی مذاکرات کے لیے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔
 
 
 
 
 
اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا، لیاقت قائمخانی باغ ابن قاسم کیس میں پہلے ہی جیل میں ہیں۔
 
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو ایک اور کیس میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ، لیاقت قائم خانی کو آمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں بھی گرفتار کیا جائے گا۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت قائم خانی کے خلاف نیب کے ہاتھ مزید اہم ثبوت لگ گئے، ان کے ذرائع آمدن، قیمتی گاڑیوں، درجنوں پلاٹس، متعلق ٹھوس شواہد موجود ہیں جبکہ بنگلے، بے نامی جائیدادیں، قیمتی تحائف سے متعلق بھی نیب نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
 
نیب ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی کےدوبارہ وارنٹ کی درخواست چیئرمین نیب کو بھیج دی گئی ہے، لیاقت قائم خانی باغ ابن قاسم کیس میں پہلےہی حراست میں ہے ، ملزم کے خلاف آن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی منظوری لی جائے گی۔
 
گذشتہ روز احتساب عدالت نے نیب کی سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
 
مزید پڑھیں : لیاقت قائم خانی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
واضح رہے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو نیب راولپنڈی نے کراچی سے گرفتار کیا تھا، ملزم پر کراچی میں باغ ابن قاسم کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کروڑوں کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
 
ملزم کے گھر اورتجوریوں سےزیورات،زمینوں کےکاغذات اور قیمتی سامان برآمدہوا جبکہ نیب ملزم کی پُرتعیش گاڑیاں اور قیمتی اسلحہ بھی تحویل میں لے چکا ہے جبکہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا تخمیہ دس ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔
 
خیال رہے لیاقت قائم خانہ بلدیہ عظمٰی کراچی کے طاقت ور ترین افسر سمجھے جاتے تھے، سیاسی اثرو رسوخ کے باعث وہ اٹھارہ سال سے تحقیقاتی اداروں سے بچتے رہے۔
 
لیاقت قائم خانی کے خلاف نیب تحقیقات شروع ہوئیں، پھربند کر دی گئی، 2013 میں بھی اینٹی کرپشن نے شہید بے نظیرپارک میں کرپشن کی تحقیقات کی، اینٹی کرپشن نے بھی لیاقت قائم خانی کے خلاف تحقیقات روک دی گئی تھی
 
 
 
نیویارک: ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم نے خواتین پر سنگین اثرات مرتب کیے، قابض بھارتی افواج ماؤں کے سامنے ان کے بچے اٹھا لے جاتی ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق یواین جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کی کمیٹی میں خواتین کے حقوق پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ حقوق نسواں کی حمایت کی۔
 
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ حقوق نسواں کی حمایت ہمارے مذہب، آئین اور نظریے کا حصہ ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم نے خواتین پر سنگین اثرات مرتب کیے، قابض بھارتی افواج ماؤں کے سامنے ان کے بچے اٹھا لے جاتی ہیں۔
 
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ محصور کشمیری خواتین کی زندگی مزید اجیرن کر دی گئی، عالمی برادری کو ظلم کا سامنا کرتی خواتین کے حق میں آواز اٹھانا ہوگی۔
 
انہوں نے کہا کہ آج ہی نیویارک ٹائمز کے صفحہ اول پر کشمیری ماں کی تصویرچھپی، کشمیری ماں کی بے بسی کی تصویر بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہے۔
 
 
 
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 65ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
 
 
 
 
اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قیامت خیز زلزلے کو 14 سال بیت چکے ہیں لیکن زخم ابھی تک مندمل نہیں ہوسکے ، اللہ سے دعا ہے دنیا کے تمام مسلمانوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔
 
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے 8 اکتوبر2005 کے زلزلے کو چودہ سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قیامت خیز زلزلے کو 14 سال بیت چکے ہیں لیکن بچھڑنے والوں کے زخم ابھی تک مندمل نہیں ہوسکے۔
 
،شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خوفناک زلزلےمیں ہزاروں جانوں کاضیاع،بستیاں مسمارہوئیں، اللہ سے دعا ہے دنیا کے تمام مسلمانوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے اور تمام شہدائے زلزلہ کے درجات بلند، لواحقین کو صبرعطا فرمائے۔
 
یاد رہے آزاد کشمیر میں قیامت خیز زلزلے کو چودہ برس بیت گئے لیکن یہ تباہی دیکھنے والے آج بھی وہ مناظر نہیں بھول پائے، پاکستان کی تاریخ کے سب سے تباہ کن زلزلے میں چھیاسی ہزار اموات ہوئیں تھیں جبکہ لاکھوں لوگ بےگھر اور کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے تھے۔
 
مزید پڑھیں : 2005 کے زلزلے میں قوم نے قربانی کے مثالی جذبے کا مظاہرہ کیا: وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا زلزلے نےتباہی،درداورغم کی ناقابل فراموش یادیں چھوڑیں،اس مشکل وقت میں پاکستانی قوم نے قربانی، انسان دوستی اورمثالی جذبےایثارکامظاہرہ کیا۔
 
وزیراعظم نے آزاد کشمیرمیں حالیہ زلزلے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا تھا متاثرہ علاقوں میں مکمل بحالی تک ہرممکن مددفراہم کرتےرہیں گے، حکومت مؤثرتیاری سے تباہی سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
ہیوسٹن: پاکستانی اداکاروگلوکارعاصم اظہر اایوارڈ کی تقریب میں کشمیریوں کی آوازبنے جس پر ان کے مداحوں نے انہیں خوب سراہا۔
 
’ہم ایوارڈز‘ کے میلے میں جہاں دیگرستاروں نے اپنے اسٹائل اورپرفارمنس کی بدولت مداحوں سے خوب داد سمیٹی وہیں اداکارو گلوکارعاصم اظہر کشمیر کی آواز بن گئے۔
 
عاصم اظہرنے جو لباس زیب تن کیا اس پر ’ُآئی لو کشمیر‘ لکھا تھا جب کہ بازو پر کشمیر کا جھنڈا باندھ رکھا تھاجس پر سوشل میڈیا پر ان کے اس اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے۔
 
واضح رہے کہ امریکی شہرہیوسٹن میں ’ہم ایوارڈز‘ کے میلے میں فنکاروں نے اپنے مداحوں کو خوب محظوظ کیا جہاں شوبزکی تمام مقبول شخصیات تقریب کا حصہ بنیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تومعاملات کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اوراب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان سے امریکی ارکان سینٹ کرس وان ہولین اور میگی حسن نے ملاقات کی جس میں امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید، ناظم الامور پال جونز بھی شامل تھے۔ امریکی وفد نے آزاد کشمیر کے دورے کے بعد ذاتی مشاہدے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
 
وزیراعظم نے مسلئہ کشمیرپرتعاون کرنے پرسینیٹرز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ بھارت نہیں جو میں سمجھتا تھا، مودی نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں تبدیل کردیا ہے، میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا سب سے بڑا حامی تھا لیکن اب جب تک بھارت کشمیر کے حالات بہتر نہیں کرتا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھ سکتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ہندو سپرمیسی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، معاملات کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں اور اگر معاملات خراب ہوئے تو دنیا کے لیے پریشانی ہوگی اور اب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔
 
افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پر مرحلہ وار بات چیت ہونی چاہیے، طالبان چاہتے ہیں کہ امن ہو اور امریکا بھی چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن ہو۔
 
اس موقع پرامریکی سینیٹرز کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ پر کشمیراورافغان امن عمل آگے بڑھانے پرزوردیں گے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے جبکہ اسٹا ک مارکیٹ سےبھی اچھی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں ۔
 
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 13 پیسے کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 156 روپے50 پیسے پر ٹریڈ کر رہاہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 15 پیسے کمی کے ساتھ 156 روپے 55 پیسے پر ٹریڈ فروخت ہو رہاہے ۔ یاد رہے اوپن مارکیٹ میں ڈالر جمعے کے روز 156 روپے 70 پیسے تک فروخت ہوتا رہا ۔
 
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں دوپہر کے بعد اچانک تیزی دیکھنے میں آئی ہے ، آج صبح کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 33 ہزار 33 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں بعد اس میں بہتری آنا شروع ہو گئی اور دوپہر میں اس کی رفتار میں اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 750 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 33 ہزار 784 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاہے