اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
 
لاہور: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد سیاسی تھی۔
 
پاکستان تحریک انصاف نے دھرنا سیاسی جدوجہد کے لیے دیا تھا جبکہ اپوزیشن کی تحریک کا کوئی مقصد نہیں ہے۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام جانتے ہیں مولانا صاحب کس وجہ سے بے چینی ہے، انہیں پہلی بار کسی حکومت میں حصہ داری نہیں مل سکی۔
 
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ مولانا تمام ادوارمیں حکومتوں کاحصہ رہےہیں اوراب اُن سے باہر رہنا برداشت نہیں ہورہا۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخواہ کے وزیرسیاحت عاطف خان نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام کا نہیں بلکہ اسلام آباد کا درد ہے، وہ 17 سال بعد بے روزگار ہوئے ہیں۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ مولانافضل رحمان 17سال بعدبےروزگار ہوئے، اُن کے پاس اب نوکرچاکراورسرکاری دفترنہیں تو وہ تکلیف میں ہیں، فضل الرحمان تھوڑا صبر کریں کیونکہ انہوں نے 30 سال تک اقتدار کے مزے لوٹے ہیں۔
 
یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اُن کی جماعت کے کارکن 27 اکتوبر کو ملک بھر سے اسلام آباد کے لیے مارچ کرنا شروع کریں گے اور آزادی مارچ کے شرکاء ڈی چوک پر مظاہرہ کریں گے۔
میر پور: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں اتوار کی علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
 
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر اور میرپور میں 24 ستمبر کو آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اتوار کی علی الصبح ایک مرتبہ پھر مختلف علاقے زلزلے کے جھٹکوں‌ سے لرز اٹھے جس سے شہریوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔ خالق آباد میں مکان زمین بوس ہونے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
 
قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ صبح 5 بج کر 36 منٹ پرآیا، جس کا مرکز جہلم سے 15 کلومیٹرمغرب کی طرف تھا،زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر3.8 ریکارڈ کی گئی۔

مانِترنغ ڈیسک : بالوں کا گرنا خوبصورتی کو متاثر کرتا ہے، یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا بہت سی خواتین اور مردوں کو کرنا پڑتا ہے، بال جھڑنے کی بے شمار وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں غیر میعاری خوراک، ناقص شیمپو اور جسم میں ضروری وٹامنز کی کمی سر فہرست ہیں۔

کڑی پتوں کے بارے میں ہم سب کو معلوم ہی ہوگا کہ یہ کھانے میں ذائقہ بڑھانے کے کام آتا ہے، ان کڑی پتوں کو کھانے میں استعمال کرنے کے علاوہ انسان کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کڑی پتے قیمت میں بھی سستے ہوتے ہیں اور ان سے بالوں کے جھڑنے کا علاج بھی کیا جا سکتا ہے۔

کڑی پتے میں وٹامن سی، فاسفورس، آئرن اور کیلشیم وافر مقدارمیں پایا جاتا ہے جو بالوں کی نشونما بہتر کرنے کی صلاحیت اور بالوں کو گرنے سے روکنے میں انتہائی مفید ہوتے ہیں۔

آئیے ہم آپ کو وہ طریقے بتائیں جن کو آزما کر آپ بالوں کے جھڑنے کو روک سکتے ہیں۔

کڑی پتے اور ناریل کا تیل

ناریل کے تیل میں کڑی پتوں کو ڈال کر اتنا پکائیں کہ کڑی پتوں کا رنگ تبدیل ہو جائے، پھر اسے ٹھنڈا کر کے چھان کر ایک بوتل میں ڈال کر رکھ لیں۔ اس تیل سے ہفتے میں 2 مرتبہ سر کا مساج کیا جائے تو بالوں کا جھڑنا کافی حد تک کم ہو جاتا ہے، اگر اسے مستقل مزاجی سے استعمال کیا جائے تو بالوں کا جھڑنا مکمل طور پر بھی ختم ہو جائے گا۔

کڑی پتوں کا پانی

اگر آپ کے بال روکھے ہیں اور کنگھا کرتے ہوئے بہت جلدی ٹوٹ جاتے ہیں تو اس کے لیے ایک پتیلے میں پانی لیجیے اور اس میں کڑی پتوں کو شامل کر کے جوش دیجیے،  جب یہ پانی اچھی طرح اُبل جائے تو اسے ٹھنڈا کر کے نہاتے وقت بالوں میں شیمپو کرنے کے بعد سر پر اچھی طرح ڈال لیجیے، ایسا کرنے سے بال چمکدار اور ٹوٹنا بند ہو جائیں گے۔

پشاور: پشاور میں تھانہ چمکنی کے علاقہ جھگڑا میں غیرت کے نام نوجوان اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا جبکہ دونوں کی لاشیں دریائے باڑہ میں پھینک دی گئیں۔
 
تھانہ چمکنی کی حدود میں دریائے باڑہ علاقہ جھگڑا سے ایک لڑکے اور ایک جوان العمر لڑکی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، لڑکے کی شناخت جواد ولد فاروق سکنہ خالق آباد چمکنی کے نام سے ہوئی ہے۔
 
پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس نے مقتول جواد کے لواحقین کو اطلاع دے دی ہے جس کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
سکھر: سکھر میں مضر صحت کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
 
دو روز قبل مضر صحت کھانا کھانے سے سکھر کی تحصیل پنو عاقل کے رہائشی اعجاز انڈھر اور ان کے 4 بیٹوں کی طبیعت خراب ہو گئی جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔
 
اسپتال میں 2 بیٹے معین اور مجیب جاں بحق ہو گئے جب کہ کراچی منتقل کرنے کے دوران باپ اور ایک اور بیٹا دم توڑ گئے۔
 
اعجاز انڈھر کا چوتھا بیٹا کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہے، اہل خانہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی اعجاز انڈھر کی اہلیہ شہناز کی حالت بھی غیر ہو گئی ہے۔
 
پولیس نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ زہریلا کھانا کھانے سے والد اور تین بیٹے انتقال کر گئے ہیں تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: کراچی کےمختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد اورنگی، گلستان جوہر، بن قاسم اور بلدیہ میں احتیاطاً بجلی بند کی گئی ہے، اس لیے غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں۔
 
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔
 
اس کے علاوہ ترجمان کے الیکٹرک نے ہدایت کی کہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔
 
دوسری جانب سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، نواب شاہ، شکارپور سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔
 
سپیکو حکام کے مطابق بارش کے باعث سیپکو کے 365 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں، بارش رُکنے پر ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
 
سپیکو حکام نے بھی ہدایت کی کہ شہری بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں

کراچی : کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

کراچی میں گلستان جوہر، ملیر کینٹ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، جناح ٹرمینل اور یاسین آباد میں رات گئے سے صبح تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رات گئے سے صبح تک ہونے والی بارش کے ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ 10.5ملی میٹر بارش لانڈھی میں ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 8.2 ملی لیٹر، پی اے ایف فیصل پر 4 ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور میں 2 ملی میٹر، ائیرپورٹ اولڈ ایریا میں 1.2 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 2.4 ملی میٹر، صدر اور یونیورسٹی روڈ پر ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایک طرف بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار کر دیا تو دوسری طرف مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہریوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا

 کراچی:  ملک بھر میں پہلی بار یونیورسٹی آف سندھ جام شورو میں 32 ہزار طلبا کا ڈیٹا آن لائن کردیاگیا

یونیورسٹی کے رجسٹرارڈاکٹر امیر ابڑو نےبتایا کہ ای پورٹل پر طلبا کی حاضری، مارکس شیٹ، نتائج ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔ والدین بھی موبائل ایپ کے ذریعے اپنے بچے اور اساتذہ کی کارکردگی دیکھ سکیں گے۔ ویب سائٹ پر 2004 کے بعد کا ڈیٹا میسر ہے۔

آئی ٹی کے پروفیسر ڈاکٹر یاسین ملکانی نے پورا ڈیٹابیس بنایاہے۔ ڈاکٹرملکانی امریکا سے آئی ٹی میں پی ایچ ڈی ہیں۔ ڈاکٹر ملکانی نے بتایاکہ پورٹل کا استعمال انتہائی آسان ہے ، ہم اس کے حوالے سے کئی سیمینار کرچکے ہیں، دیگر کئی یونیورسٹیز نے بھی آن لائن پورٹل بنائے ہیں لیکن انھوں نے والدین یا طلبا کو مکمل رسائی نہیں دی۔

لاہور: عمر اکمل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ صفر پرآؤٹ ہونے والے بیٹسمین بن گئے۔

سری لنکا سے لاہور میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران انھوں نے فاسٹ بولر نوان پردیپ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ گنوا دی،83ویں میچ میں یہ نواں موقع تھا جب وہ کھاتہ نہ کھول پائے،ان سے قبل سابق کپتان شاہد خان آفریدی 99 میچز میں 8 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

 لاہور: پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ جاری ہے

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ رات میں اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جب کہ مہمان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کوشش کریں گے 170 رنز کا ہدف دیں۔

 طویل عرصے سے ٹیم سے باہر رہنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل کی واپسی ہوئی ہے اور وہ فائنل الیون کا حصہ ہیں، ذرائع کا کہنا ہے احمد شہزاد اور بابر اعظم سے اوپننگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ فاسٹ باولنگ کا بوجھ، محمد عامر، محمد حسنین اور فہیم اشرف اٹھائیں گے، افتخار احمد، عمر اکمل، آصف علی، شاداب خان اور عماد وسیم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے کئی اسٹار کرکٹرز کے بغیر میدان میں اترنے والی سری لنکن ٹیم کیخلاف ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کی تھی، مسلسل 2 میچز میں شکستوں کے باوجود مہمان ٹیم کے چند کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی امید افزا رہی، کراچی میں غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے پہلا میچ ممکن نہیں ہوسکا تھا۔