اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
بیجنگ: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ یواین جنرل اسمبلی میں بھی مقبوضہ کشمیر پراپنانقطہ پیش کیا، کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے ، چین اور پاکستان ہر موڑ پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہیں۔
 
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پرگفتگو کرتے ہوئے کہا 6 اگست کو ہم مشترکہ حکمت عملی سے آگے بڑھے تھے،جنیواانسانی حقوق کونسل اجلاس بھی مشترکہ حکمت عملی تھی ، یواین جنرل اسمبلی میں بھی مقبوضہ کشمیر پراپنا نقطہ پیش کیا۔
 
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی اسٹیٹ قونصلراوروزیر خارجہ نے کشمیر پرتشویش کا اظہار کیا، چین کی پوزیشن واضح ہے ، ہماری تاریخی پوزیشن کو اپنایا ہے۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا صدر شی مختصر غیر رسمی دورے پر بھارت جا رہے ہیں، ان کی دورے سے پہلے خواہش تھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لیں ، چینی صدر شی جن پنگ کو ہم نے بھی اعتماد میں لیا ، چینی صدر کا دورہ مکمل ہونے پر رابطہ ہو گا وہ ہمیں باخبر رکھیں گے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان ہر موڑ پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی چینی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوئی ہے ، ان کا 13مہینوں میں چین کایہ تیسرا دورہ ہے ، خواہش ہے چین کے صدر کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دیں۔
 
وزیرخارجہ نے کہا ہماری چین کےوزیر اعظم کے ساتھ دو ملاقاتیں ہوئی ہیں، چینی وزیراعظم سےوفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے ہیں ، جس میں تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ اور سی پیک پرتفصیلی گفتگو کی ، دو طرفہ اقتصادی تعاون کوآگے لے کر چلنے پر بھی بات ہوئی اور بہت سی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
 
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر پر ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے گوادر بھی مستفید ہو گا۔
 
انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں، معذورافراد کی فلاح وبہود کیلئے بھی دو طرفہ یادداشت پر دستخط ہوئے جبکہ نارکوٹکس کنٹرول کے حوالے سے بھی ایم و یو پر دستخط کئے گئے۔
 
 
 
 
 
بیجنگ : وزیراعظم عمران خان اور صدرشی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین مذاکرات کا دوسرا دور ہوا ، مذاکرات میں دونوں ممالک معاشی اور تجارتی معاہدوں کا جائزہ لیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پربھی بات کی جبکہ عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی ۔
 
پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا دوسرا دور بیجنگ میں ہوا، مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پربھی بات چیت ہوگی اور دونوں ممالک معاشی اور تجارتی معاہدوں کابھی جائزہ لیں گے۔
 
تفصیلات کے مطابق بیجنگ پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا دوسرا دور ہوا ، جس میں وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ نے وفود کی قیادت کی۔
 
وفد میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا شاہ محمودقریشی، شیخ رشید، خسرو بختیار اور دیگر موجود تھے۔
 
مذاکرات میں خطے کی تازہ صورتحال ،علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیااور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پربھی بات ہوئی جبکہ دونوں ممالک نے معاشی اور تجارتی معاہدوں کابھی جائزہ لیا۔
 
 
وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں خطےکی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی تھی ، جس کے بعد اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
 
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے جبکہ چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ نے اس موقع پر کہا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
 
دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
 
 
 
 
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری عامر کیانی سے ملاقات میں کہا وزیراعظم کی قیادت میں پی ٹی آئی ہر دلعزیز جماعت بن چکی ہے ، موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخر حد تک جائے گی۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری عامر کیانی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی، فلاح عامہ کے منصوبوں اور پارٹی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا وزیراعظم کی قیادت میں پی ٹی آئی ہردلعزیزجماعت بن چکی ہے، پارٹی کے کارکن قیمتی سرمایہ ہیں ، کارکنوں کو جائزمقام ، مسائل ترجیحی بنیاد پرحل کئے جائیں گے، کارکنوں کیلئے وزیراعلیٰ آفس کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔
 
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخر حد تک جائے گی، عوام کو ریلیف کے کاموں کی خود نگرانی کررہا ہوں، صوبائی وزراکوبھی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فیلڈ وزٹ کی ہدایت کردی ہے۔
 
انھوں نے کہا راولپنڈی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں ماضی کی طرح پیسہ نمائشی منصوبوں پر ضائع نہیں کیا اور ماضی میں نمائشی منصوبوں پرسرکاری وسائل کا بےدریغ استعمال ہوا اور ان نمائشی منصوبوں کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا۔
 
 
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر فوکس کیا ہے، چیلنجز پر قابو پانے کیلئے دن رات ایک کئے رکھا۔
 
یاد رہے سردار عثمان بزدار نے کہا تھا کہ تنقید کی پرواہ نہیں، عوام کی خدمت کا مشن آگے بڑھا رہا ہوں ، میرا سرمایہ عام لوگ ہیں ،ان کے مسائل ذاتی طور پر سنتا ہوں، عام آدمی کے مسائل کے حل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ سابق ادوارمیں اشرافیہ کو نوازا گیا، سابق ادوارمیں نمائشی منصوبوں پروسائل ضائع کیے گئے، ہماری حکومت نے عوام کی بنیادی ضرورتوں پر فوکس کیا ہے۔
 
 
 
 
 
 
لاہور: منشیات برآمدگی کیس میں سابق صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 اکتوبر تک توسیع کردی گئی، عدالتی حکم پر گرفتاری کے وقت کی سیف سٹی کی فوٹیج عدالت میں پیش کردی۔
 
لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، اسپیشل جج سینٹرل خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔
 
سماعت کے دوران سیف سٹی اتھارٹی ک جانب سے گاڑیوں کی فوٹیج اور رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی، رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ مقدمے کا مدعی اور تفتیشی اے این ایف سے ہیں، قانون کے مطابق تفتیش آزادانہ ہونی چاہیئے۔
 
انہوں نے کہا کہ فوٹیج محفوظ ہے ضائع ہونے کا اب خدشہ نہیں، رانا ثنا اللہ کا مؤقف سی سی ٹی وی فوٹیجز کے بعد سچ ثابت ہوا۔
 
اے این ایف کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے، ڈیوٹی جج ٹرائل سن سکتا ہے تو پھر فرد جرم عائد کی جائے۔ یہ باہر جاتے ہیں تو کہتے ہیں زیادتی ہورہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس کیس کو ہائی جیک کیا جا رہا ہے، پہلے فرد جرم عائد کی جائے پھر ثبوت آتے رہیں گے۔ سی ڈی آر کا ریکارڈ ایک سال تک محفوظ رہتا ہے، اس وقت منگوانے سے کیس میں تاخیر ہوگی۔
 
دوران سماعت اینٹی نارکوٹکس پراسیکیوٹر اور رانا ثنا اللہ کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
 
عدالت نے رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے مدعی مقدمہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی درخواست پر بھی عدالت نے وکلا کو نوٹس جاری کردیے۔
 
خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ کو یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
 
اے این ایف ذرائع نے بتایا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی کے ذریعہ منشیات اسمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی گئی، گرفتاری کے وقت رانا ثنا کے ساتھ گاڑی میں ان کی اہلیہ اور قریبی عزیز بھی تھا۔
 
اے این ایف ذرائع کے مطابق ایک گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کی جانب سے منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔
 
ذرائع کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کے منشیات فروشوں سے تعلقات اور منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم کالعدم تنظیموں کو فراہم کرنے کے ثبوت ہیں، رانا ثنا اللہ کے منشیات فروشوں سے رابطوں سے متعلق 8 ماہ سے تفتیش کی جارہی تھی۔
 
گرفتار افراد نے انکشاف کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں میں منشیات اسمگل کی جاتی ہے، فیصل آباد ایئرپورٹ بھی منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
کراچی: پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت لنگراسکیم پرتنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ لوگوں کو مانگ کر نہیں کما کر کھانا سکھائیں۔
 
گلوکارہ رابی پیرزادہ سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں اور اپنی روزمرہ کی روٹین مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے کے ساتھ حکومتی معاملات پربھی اپنی رائے دیتی نظر آتی ہیں اور اکثر حکومت اور حکومتی ارکان پر تنقید کرنے سے بھی نہیں چوکتیں۔
 
حال ہی میں رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت سیلانی لنگر اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب بہت اچھا کام ہے بھوکے کو روٹی کھلانا۔ لیکن اگر لنگر پر مفت روٹیاں توڑنے کے بجائے آپ اسی لنگر پر لوگوں کو نوکری دیتے تو لوگ محنت کرکے کھانا سیکھتے۔
 
رابی پیرزادہ نے وزیراعظم کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وزیراعظم صاحب آپ سمجھنے کی کوشش کریں، عوام بھکاری نہیں ہے، وہ کام کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں بہت بے روزگاری ہے۔
 
رابی پیرزادہ کے اس ٹوئٹ کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہا جارہا ہے اور لوگ ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بے روزگاری کا مستقل حل لنگر تقسیم کرنا نہیں بلکہ روزگار کی فراہمی ہے۔
 
شکیل احمد خان نامی صارف نے رابی پیرزادہ کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا بہت سی عوام ایسی ہے جن میں کام کرنے کی سکت نہیں، کسی کی زیادہ عمر ہوگئی، کسی کو بیماری نے اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے ان کے لیے تو یہ ٹھیک ہے لیکن جہاں تک روزگار کی بات ہے وہ سو فیصد درست ہےمستقل حل روزگار کی فراہمی ہے۔
ہیوسٹن: نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اوراحسن خان کی ہم ایوارڈز کی تقریب کے دوران ڈانس ریہرسل کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین دونوں کو بے ہودہ رقص کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
 
7 ویں ہم ایوارڈز کا میلہ امریکی شہر ہیوسٹن میں سجا جہاں فنکاروں نے بہترین پرفارمنس دے کر خوب داد سمیٹی۔ اداکارہ مہوش حیات نے ایوارڈ کی تقریب سے قبل اپنی اور احسن خان کی ڈانس ریہرسل کی ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کی جس پر تعریف کرنے کے بجائے صارفین کی جانب سےتنقید شروع ہوگئی۔
 
مہوش حیات نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اور احسن خان 5 سال بعد ایوارڈ شو کے دوران ایک ساتھ پرفارم کرنے جارہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہوش حیات گلابی رنگ کے مختصر لباس میں رقص کررہی ہیں جب کہ احسن خان بھی بڑھ چڑھ کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین کو دونوں کا انداز اور لباس ایک آنکھ نہیں بھایا اور ویڈیو پر تعریف کے بجائے تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کراچی : داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) کا چھٹا اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں شعبہ کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ میں کمپیوٹر انفارمیشن انجینئرنگ میں ایم ایس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
 
جبکہ ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے اکیڈمک کلینڈر برائے 2020ءکی بھی منظوری دی گئی جسے اکیڈمک کونسل میں پیش کیا جائے گا ۔ اجلاس میں پی ایچ ڈی پروگرام کے قواعد کے حوالے سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ضوابط کار پر غور کیا گیا جبکہ اے ایس آر بی کے پانچویں اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈی ڈاکٹر شوکت مزاری ، ڈاکٹر ذیشان علی، ڈاکٹر غلام عباس ، ڈاکٹر سلیم پھل ، ڈاکٹر ارسلان انصاری ، ڈاکٹر کریم شاہ ، ڈاکٹر عبدالسمیع اور ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شریک تھے۔
 
وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے فیکلٹی اور انتظامی ارکان کی انتھک جدوجہد کے باعث یونیورسٹی میں تیزی سے مثبت تبدیلیوں رونما ہورہی ہیں ، مختلف شعبوں میں ایڈوانسڈ اسٹڈیز کے پروگرامز شروع کرنا اس تسلسل کی ایک کڑی ہے ، ترقی کا یہ سفرجاری رکھیں گے ، ریسرچ کلچر کو مزید فروغ دیا جائے گا ۔

اسلام آباد: ٹویٹر انتظامیہ نے بھارتی اجارہ داری کے خلاف پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان اور ٹویٹر انتظامیہ کے مابین معاملات طے پاگئے ہیں، ٹویٹر انتظامیہ نے بھارتی اجارہ داری کے خلاف پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔

 چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ صباحت علی شاہ نے امریکا میں ٹویٹر حکام سے تفصیلی ملاقات کی جس میں ٹویٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ زیربحث آیا، ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے غاصبانہ قبضے کے بعد ٹویٹر کے
ذریعے بھارتی غنڈہ گردی میں تیزی آئی، اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹس بلاک کئے گئے۔
 
ٹویٹر انتظامیہ نے بھارتی اجارہ داری کے خلاف حکومت پاکستان کا مؤقف تسلیم کرلیا اور ٹویٹر انتظامیہ نے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ،ٹویٹر آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا، ٹویٹر انتظامیہ کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔

لاہور:  گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی پر سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے بھی سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیاذرائع کےمطابق انھوں نے کہاکہ سری لنکا رینکنگ میں پیچھے ہے اور گذشتہ کچھ عرصے سے اس کی پرفارمنس بھی اچھی نہیں، اس کے باوجود پاکستان کو دونوں میچز میں شکست ہوئی، اس سے اندازہ یہی ہوتا ہے کہ ٹیم قطعی طور پر ان مقابلوں کیلیے تیار نہیں تھی۔

بولرز شارٹ بولنگ کرتے رہے، آئی لینڈرز کو آسانی سے چھکے لگانے کا موقع ملتا رہا، اگر بڑا اسکور بن بھی گیا تھا تو اس میں گھبرانے والی کوئی بات نہیں تھی مگر پاکستانی بیٹسمینوں نے منہ آسمان کی طرف اور آنکھیں بند کرکے بیٹ گھمائے۔

کراچی: جامعہ این ڈی نے اورینٹیشن کی تاریخ تبدیل کردی
 
جامعہ این ڈی کے تحت اورینٹیشن جمعرات 10اکتوبر کے بجائے 11اکتوبر جمعے کے روز ہوگی ۔ مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ دیکھیے ۔ www.neduet.edu.pk