اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

نئی دہلی : بھارت کےسابق وزیراعظم من موہن سنگھ بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کی دعوت پر نو نومبر کو کرتارپور جائیں گے ، من موہن سنگھ کا دورہ بھارتی حکومت کی منظوری سے مشروط ہے، پاکستان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
 
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کرتارپور جائیں گے اور 9 نومبر کو کرتارپور گوردوارہ کا دورہ کریں گے، من موہن سنگھ بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کی دعوت پرکرتارپور کا دورہ کرنے والے وفد میں شامل ہوں گے۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق من موہن سنگھ کا دورہ بھارتی حکومت کی منظوری سے مشروط ہے۔
 
یاد رہے پاکستان نے کرتارپورراہداری کی تقریب میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو دعوت دینے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ من موہن سنگھ کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔
 
 
شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ من موہن سنگھ کی کرتارپور کے حوالے سے مذہبی عقیدت بھی ہے، کرتارپورراہداری باباگرونانک کے550ویں جنم دن پر کھولی جائے گی اور سکھ یاتریوں کا بھرپور استقبال کیا جائے گا
 
خیال رہے کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگا، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا، 9نومبر سے بھارت سے یاتری آنا شروع ہو جائیں گے ، 5 ہزار یاتریوں کے داخلے اور اخراج کے لیے 76 امیگریشن کاؤنٹرز ہوں گے جبکہ دس ہزار یاتریوں کی آمدورفت کے لئے کل 152 کاؤنٹر بنائے جائیں گے۔
 
بھارت سے یاتریوں کا کرتارپورراہداری بغیر ویزہ مفت داخلہ ہو گا جبکہ امیگریشن ٹرمینل پرآمد کیساتھ مخصوص شناختی کارڈ کا اجراہو گا، یاتری بذریعہ بس گوردوارہ تک پہنچ کرآزادانہ مذہبی رسومات اداکر سکیں گے۔

کراچی: سرفراز احمد 50 ون ڈے انٹرنینشل میچز میں قیادت کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بن گئے۔

کپتان سرفراز احمد نے 50 ون ڈے انٹرنینشل میچز میں قیادت کا یہ اعزاز گزشتہ روز کراچی میں سری لنکا سے تیسرے میچ کے دوران حاصل کیا۔

سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں، انھوں نے 200 میچز میں کپتانی کی، ان میں 110 فتوحات نصیب ہوئیں، 74میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 5 میچز ٹائی ہوئے اور 11 غیر فیصلہ کن رہے جب کہ سرفراز کی زیر قیادت پاکستان نے 28 میچز جیتے،20میں ناکامی ہوئی اور2میچز بے نتیجہ رہے

 
 
 
 
 
واشنگٹن:امریکا کی طرف سے ایران پرعاید کی گئی اقتصادی پابندیوں کے بعد ادائی گی کی مشکلات کی وجہ سے تقریبا 10 لاکھ ٹن اناج سے لدے 20 سے زیادہ جہاز ایرانی بندرگاہوں کے باہر پھنس گئے۔
 
کاروباری ذرائع نے بتایا کہ بونجی اور چین کی کوکو انٹرنیشنل جیسی کمپنیاں پابندیوں کے نتیجے میں لین دین میں مشکلات کا سامنا کرہی ہیں اور انہیں یومیہ 15000 ڈالر تک اضافی لاگت کا سامنا ہے۔
 
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سنہ 2015 کے عالمی معاہدے سے دستبردار ہونے کے بعد واشنگٹن کی طرف سے عاید پابندیوں خوراک، ادویات اور انسانی ضرورت کی بنیادی اشیا کو مستثنی قرار دیا گیا ہے۔
 
امریکا کے ایران کے خلاف اقدامات کا مقصد تیل کی فروخت پر پابندی ہے۔،یہ پابندیاں صرف جہاز رانی اور مالی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ متعدد غیر ملکی بینکوں کو ایران کے ساتھ کام کرنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔
 
مالیاتی ذرائع منجمد ہونے کے ساتھ اب بہت کم غیرملکی بنک ایسے ہیں جو ایران کے ساتھ لین دین کررہے ہیں،انہیں بھی لین دین میں غیرمعمولی رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا ہے ۔
 
مغربی اور ایرانی ذرائع کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے باعث ایک ماہ سے غلے سے لدے کئی جہاز امام خمینی اور بندرعباس بندرگاہوں سے باہر کھڑے ہیں۔
 
ذرائع نے بتایاکہ بندرگاہوں سے باہر کھڑے جہازوں پر سویا بین اور مکئی سمیت اجناس کی دیگر کھیپ جو زیادہ تر جنوبی امریکا لائی گئی ہے رکی ہوئی ہے۔
 
ایک یورپی ذریعہ نے کہا کہ انسانی ضرورت کی اشیا ایران لے جانے پرکوئی پابندی لیکن آپ کو عدم ادائیگی کی وجہ سے کئی مہینے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
 
ایک اور ذریعے نے بتایا کہ ڈیلروں کو خدشہ ہے کہ بقایا جات ملنے سے سے قبل ایران کو ان اشیا کی فروخت روک نہ دی جائے۔
 
ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی بنکوں اور ڈیلروں کی طرف سے ایران کے بائیکاٹ کا دائرہ وسیع ہورہاہے۔ کئی غیرملکی بنکوں کی طرف سے ایران کے ساتھ لین دین سے انکار کیا گیا ہے،ستمبر میں ایران کے مرکزی بینک پر سعودی عرب میں تیل کی دو تنصیبات پرحملوں کے بعد امریکا نے تہران پر نئی پابندیاں عاید کی تھیں جن کے نتیجے میں ایران کو لین دین کے معاملات انجام دینے مزید دشواریوں میں اضافہ ہوا تھا۔
 
امریکا اور تین یورپی ممالک نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پرایران کے ملوث ہونے کا الزام عاید کیا تھا،ایرانی بندرگاہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ تازہ ترین پابندیوں سے بینکوں کی حوصلہ شکنی ہوئی۔
 
انہوں نے کہا کہ جن چھوٹے چھوٹے بینکوں کے ساتھ ہم کام کر رہے تھے ان میں سے کچھ نے ہمیں بتایا کہ وہ اب ہمارے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

لاہور: سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے اداکار حمزہ فردوس نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

سینئر اداکار فردوس جمال نے کچھ عرصہ قبل ایک انٹریو میں اداکارہ ماہرہ خان کو ’ماں‘ والے کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا اور ان کے بیٹے نے ان کے اس بیان کی حمایت کی تھی جب کہ اب انہوں نے ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار عمران اشرف کے کردار ’بھولا‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس بار حمزہ فردوس نے اپنے والد کی مخالفت کرتے ہوئے عمران اشرف کے کردار کی تعریف کی لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اب مزید اپنے والد کے بیانات کا دفاع نہیں کریں گے اس لیے انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملالِ یار اور بن بادل برسات پاکستان میں میرے آخری ڈرامے ثابت ہوں گے۔

واضح رہے حمزہ فردوس ملالِ یار، بن بادل برسات، میرا نصیب، عشق زہ نصیب سمیت متعدد ڈارموں میں کام کرچکے ہیں۔

 
 
 
 
 
 
واشنگٹن : امریکی جریدے کی تحقیق میں کہا گیا ہے پاکستان اوربھارت میں نیوکلئیرجنگ ہوئی توکروڑوں افراد مارے جائیں گے ، ایٹمی جنگ سے کاربن کا اخراج ہوگا اور دھوئیں کا گہرا بادل فضا میں اٹھے گا، جو ایک ہفتے میں پوری دنیا کولپیٹ میں لے لے گا۔
 
تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے سائنس ایڈوانسزکی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتیں مسئلہ کشمیر پرایک دوسرے کے مدمقابل ہیں لیکن عالمی دنیا نے مسلسل خاموشی اختیار کررکھی ہے، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔
 
امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت میں نیوکلئیرجنگ ہوئی توکروڑوں افراد مارے جائیں گے اور جنگ کے بعد بھی لاکھوں افراد کے مارے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
 
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بھارت کے شہروں پر ڈیڑھ سو ایٹم بم گرائے اور بھارت نے پاکستان پر سو ایٹم بم گرائے تو ایک ہفتے کے دوران خطے میں پانچ کروڑسے بارہ کروڑ پچاس لاکھ افراد کی ہلاکت ہوسکتی ہے۔
 
 
 
امریکی جریدے نے کہا جوہری جنگ کے دوران دنیا کے دیگر حصوں میں قحط اورخشک سالی کا سامنا ہوگا، جس سے مزیدہلاکتیں ہونے کا خدشہ ہوا، ایٹمی جنگ سے کاربن کا اخراج ہوگا اوردھوئیں کا گہرا بادل فضا میں اٹھے گا اورایک ہفتے میں پوری دنیا کولپیٹ میں لے لے گا۔
 
تحقیق کے مطابق ایٹمی جنگ کے دھوئیں سے سورج کی روشنی 20 سے 30 فیصد کم ہوجائے گی اور دنیا کا درجہ حرارت دو سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈتک کم ہوجائے گا، زمین پر پہنچنے والی سورج کی روشنی کافی کم ہونے کی وجہ سے بارش میں کمی آئے گی، کھیتی باڑی تباہ ہو جائے گی، پیداوار میں خطرناک حد تک کمی واقع ہوگی اور تمام اثرات براہ راست کرہ ارض پہ پڑیں گے۔
 
جریدے کے مطابق بدقسمتی سے بعض عناصر موجود تنا کی کیفیت میں جنگ کی باتیں کرکے حالات کو مزید مخدوش بنارہے ہیں اور لوگوں میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کا سبب بھی بن رہے ہیں۔
 
امریکی جریدے سائنس ایڈوانس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان متعدد مرتبہ دنیا کو باور کراچکے ہیں کہ اگر اس نے فوری طور پر مداخلت نہ کی اور بھارت کی جنونی انتہا پسند مودی سرکار کو مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ریاستی جبر و تشدد سے نہ روکا تو صورتحال کسی کے بھی قابو میں نہیں رہے گی۔
 
 
 
 
 
 
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معیشت کے ساتھ ہے، ملک میں داخلی سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کے اقتصادی سرگرمیوں پرمثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ معیشت اورسیکیورٹی کے موضوع پرآرمی آڈیٹوریم میں اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے اجلاس کی میزبانی کی، حکومتی اقتصادی ٹیم اور معروف تاجر رہنما اجلاس میں شریک تھے۔
 
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں
 
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کے حکومتی اقتصادی ٹیم سے رابطے اور جوابدہی خوش آئند ہے اور نجی وسرکاری اداروں میں بڑھتے ہوئے روابط قابل ستائش اقدام ہیں۔
 
 
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معیشت کے ساتھ ہے، ان مباحثوں کا مقصد تمام فریقین کو پلیٹ فارم مہیا کرناہے، پلیٹ فارم کی تجاویز سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں اقتصادی ٹیم نے تاجر برادری کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا معیشت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں، تاجر برادری کا کہنا تھا کہ کاروباری ماحول میں بہتری کیلئے کئی اقدامات ضروری ہیں، تاجر اپنے ذمے ٹیکس پوری ذمہ داری سے ادا کررہے ہیں۔
 
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشترکہ فورم پر مثبت سفارشات دینے پر شرکا سے اظہار تشکر کیا۔
 
 
 
 
 
 
نئی دہلی :بھارتی خلائی ادارے اسرو (انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن) کے سائنسدان سریش کمار کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کردیا۔
 
تفصیلات کے مطابق 56 سالہ سریش کمار بھارتی خلائی ادارے کے ذیلی ادارے نیشنل ریموٹ سینسنگ سینٹر (این آر ایس سی) میں بطور سائنسدان خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
 
رپورٹس میں بتایا گیا کہ سریش کمار بھارتی شہر حیدر آباد میں اکیلے رہتے تھےمنگل کے روز دفتر سے غیر حاضری پران کے ساتھیوں نے رابطے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر ان کی اہلیہ کو آگاہ کیا گیا۔
 
رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر چنئی میں رہائش پذیر سریش کمار کی اہلیہ نے پڑوسیوں سے رابطہ کیا جنہوں نے پولیس کی مدد سے گھر کا دروازہ توڑ ا جہاں ان کی خون میں لت پت لاش ملی۔
 
پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سریش کمار کی موت سر میں بھاری چیز لگنے سے ہوئی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی تھی اور خلائی مشن چندریان ٹو کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہوگیا تھا۔
 
 
 
 
 
لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ 35 سال سے اقتدار میں ہے کچھ کو آئے جمعہ جمعہ ہوا ہے، بتائیں پہلے 35 سال والے کا احتساب ہوگا یا جو ابھی اقتدار میں آئے۔
 
قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ جرم ہے، سپریم کورٹ نے کئی کیسز ہمارے حوالے کیے، ٹیکس سے بچنا اور منی لانڈرنگ الگ الگ ہیں۔
 
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس معاملات کے تمام کیسز ایف بی آر کو بھیجیں گے، ٹیکس معاملات کا کوئی کیس نیب نہیں دیکھے گا۔ بینک ڈیفالٹ کا نیب نے کبھی براہ راست کیس نہیں دیکھا۔ بینک نادہندہ سے متعلق بھی کبھی نیب نے براہ راست مداخلت نہیں کی۔
 
انہوں نے کہا کہ نیب اپنے دائرہ کار سے نکل کر کوئی کام نہیں کرتا، قومی احتساب بیورو عوام دوست ادارہ ہے۔ نادہندہ سے متعلق بینک درخواست کرے تو دیکھتے ہیں۔ کسی کو سزا اور جزا دینا عدالتوں کا کام ہے۔ اقبال زیڈ احمد کا معاملہ علم میں ہے ایک ایک چیز جانتا ہوں۔ اقبال زیڈ احمد کی خدمات کے بارے میں بھی علم ہے۔
 
چیئرمین نیب نے کہا کہ پاناما کے دیگر کیسز بھی چل رہے ہیں، پاناما میں دیگر ممالک شامل ہیں جواب جلدی آتا ہے تو کیس آگے بڑھتا ہے۔ یہ بات 100 فیصد غلط ہے کہ نیب میں حکومت مداخلت کر رہی ہے۔ عدلیہ میں 35 سالہ دیانتداری اور ایمانداری کا تجربہ داؤ پر نہیں لگاؤں گا۔
 
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل پر سوال کریں تو کہا جاتا ہے معمار قوم کو گرفتار کرلیا، قوم کے معمار غلطی کریں گے تو حساب بھی دینا پڑے گا۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ضعیف ماں کا بیٹا ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر دم توڑ دیتا ہے کیوںکہ اسپتالوں میں کتے کاٹے کی ویکسین موجود نہیں۔
 
چیئرمین نیب نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم لاہور سے شروع ہو کر اسلام آباد پہنچتا ہے، وہاں سے دبئی اور دیگر ریاستوں میں پہنچ جاتا ہے۔ سو ارب خرچ ہوا اور بچے رکشوں اور فرش پر جنم لے رہے ہیں۔ ایک شخص کو میں نے 90 کی دہائی میں موٹر سائیکل پر دیکھا آج اس کے دبئی میں ٹاورز ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ 35 سال سے اقتدار میں ہے کچھ کو آئے جمعہ جمعہ ہوا ہے، بتائیں پہلے 35 سال والے کا احتساب ہوگا یا جو ابھی اقتدار میں آئے۔ میری منظوری کے بغیر کوئی پلی بارگین نہیں ہوسکتی۔
 
 
 
 
 
 
کراچی: شہر قائد میں ایک اور طالبہ ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کی بھینٹ چڑھ گئی، اس سے پہلے بھی کئی معصوم پولیس اور ڈکیتوں کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
 
حالیہ واقعہ کراچی کےعلاقے گلشن اقبال میں واقع موچی موڑکےقریب پیش آیا جہاں علی الصبح ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سےنجی یونیورسٹی کی طالبہ جاں بحق ہوگئی۔
 
پولیس کےمطابق طالبہ مصباح اطہر کے والد معمول کے مطابق اسے یونی ورسٹی چھوڑنے جارہےتھےکہ موچی موڑکےقریب ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ واردات کے دوران مسلح ملزمان نے موبائل اور پرس چھینے اور اسی دوران انہوں نے فائرنگ کردی۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤ ں کی فائرنگ سے ایک گولی مصباح نامی طالبہ کے سر میں لگی جو کہ اس کی موت کا سبب بن گئی۔واقعہ صبح سات بجے پیش آیا۔ ڈکیتی اور قتل کی یہ واردات دو نامعلوم ملزمان کے ہاتھوں عمل میں آئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھے، تاحال ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
 
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں شہر قائد کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کی زد میں آکر نمرہ نامی طالبہ سر پر گولی لگنے کے سبب جاں بحق ہوگئی تھی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 23سال کی نمرہ کو رات 10بجکر21 منٹ پرجس وقت جناح اسپتال کراچی لایاگیا وہ دم توڑ چکی تھی، طالبہ کے سر کے سیدھے حصے پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی تھی۔
 
اسی برس اپریل میں صفورہ چورنگی کے قریب پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے مقابلے کے دوران دو سالہ معصوم ا حسن جاں بحق اور اس کا والد کاشف شیخ زخمی ہوگیا تھا، پولیس نے مقابلہ کرنے والے چار اہلکاروں کو حراست میں لے لیا تھا ، بعد ازاں آئی جی سندھ نے اس واقعے پر احسن کے ورثا ء سے معافی بھی مانگی تھی۔
 
رواں سال اپریل 2019 تک کراچی میں اس نوعیت کے مختلف واقعات میں 11 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔ ا ن واقعات پر گزشتہ برس امل نامی ۱۱ سال کی بچی کی ہلاکت کے بعد سندھ حکومت نے قانون سازی بھی کی تھی تاہم ابھی تک ایسے واقعات کی روک تھام ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

 لاہور:سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کراچی میں ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد لاہور پہنچ گئی۔

مہمان ٹیم آج شام صوبائی دارالحکومت پہنچے گی، سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچنے پر پاکستانی  کھلاڑیوں کو ہار پہنائے گَئے اور انہیں خوش آمدید کہا گیا، سیریز جیتنے پر تمام کھلاڑی بہت خوش دکھائی دے رہے تھے۔  ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل کئے گئے تینوں کھلاڑی احمد شہزاد ، عمر اکمل اور فہیم اشرف پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں ۔

قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹونٹی میچز 5 ، 7 اور 9 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ پروگرام کے مطابق دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ نشترپارک اسپورٹس کمپلکس میں واقع کے داخلی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمد و رفت کے لیے بند کردیاگیاہے، ان میچوں کے لیے اہلکاروں سمیت تمام متعلقہ افراد کو خصوصی کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔