اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

پشاور: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی جس کا میدان پورا ملک ہوگا۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاورمیں پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی اور پورا ملک جنگ کا میدان ہوگا، اداروں سے کہنا چاہتا ہوں ناجائز حکومت کی پشت پناہی کرنا بند کریں، ہم پالیسی بیان دے چکے ہیں اداروں سے ہمارا کوئی تصادم نہیں ہے، حکومت اقتدار چھوڑ دے اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارس میں انعامات تقسیم کرکے عمران خان کو کوئی پذیرائی نہیں ملے گی،جن کے دھرنوں میں شیر خوار بچوں کو لایا گیا وہ مدارس کے بچوں کی بات کرتے ہیں، حکومت کا مدارس والا کارڈ فیل ہوچکا اور ہمارے مدارس حکومت کا اثر نہیں لے رہے، مدرسوں کا معاملہ اٹھا کر حکومت بین الاقوامی حمایت لینا چاہتی ہے، مدارس کےطلبہ میں انعامات تقسیم کرکےہمیں کاؤنٹرکرنےکی کوشش کی، احتجاج میں مدارس کے طلبہ کی تعداد بہت کم ہوتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت معاشی لحاظ سےڈوب رہاہے، روزگار کے مواقع ختم ہورہے ہیں، اس جعلی کشتی کے تباہ ہونے کاوقت آگیاہے، ہم 27 اکتوبر سے آزادی مارچ کاآغاز کریں گے جوجاری رہے گا، اسلام آباد پہلا پڑاؤ ہے جس کے بعدپلان بی اورسی بھی دینگے، اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے رہیں گے۔

جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ ناجائز اورنااہل حکومت ہے جسے اب جانا ہوگا، ہم اپوزیشن پارٹیوں کو اس جنگ میں شامل دیکھناچاہتے ہیں، جب میدان میں اتریں گے توگرفتاریوں کی پرواہ نہیں ہوگی، لیکن گرفتاریوں سے مزید اشتعال پیداہوگا، کیونکہ قیادت جیل میں ہوگی تو کارکن کو کون کنٹرول کریگا۔

 

کراچی: کراچی میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔

صوبائی و وفاقی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد سندھ رینجرز کو کراچی میں حاصل پولیس کے اختیارات میں 3 ماہ کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رینجرز کو کراچی میں  انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت چھاپے اور گرفتاری کے خصوصی اختیارات حاصل ہیں اور  اب ان اختیارات کو یکم جنوری 2020 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

ایکٹ کے مطابق رینجرز کراچی میں جرائم پیشہ افراد اور مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف آزادانہ کارروائیاں کر سکتی ہے۔

 اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی آج سالگرہ ہے اور وہ 67 برس کے ہوگئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے عمر کی 67 بہاریں دیکھ لیں۔ عمران خان 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

اپنے قائد کی سالگرہ منانے کے لیے عمران خان کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک ہیں اور انہوں نے کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان میں ٹوئٹر پر وزیراعظم کی سالگرہ کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

عمران خان کو تحریک انصاف کے رہنماﺅں، وزراء اور عام افراد نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے بھی ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان کے والد کا نام اکرام اللہ خان نیازی اور والدہ کا نام شوکت خانم ہے۔ انہوں نے اپنی والدہ کے نام پر ہی کینسر کے علاج کے لیے مشہور شوکت خانم اسپتال بنایا۔ عمران خان اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں جبکہ ان کی 4 بہنیں ہیں۔

عمران خان کا تعلق پشتونوں کے نیازی قبیلے سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی، پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1971 میں 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

خان نے 1982 سے 1992 کے درمیان کپتان کے فرائض بھی سر انجام دیے اور ان ہی کی قیادت میں 1992ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔ 1994 میں انہوں نے سیاست میں عملی قدم رکھا اور جماعت اسلامی سے الگ ہونے والی تنظیم پاسبان میں شمولیت اختیار کی۔

پھر 25 اپریل 1996ء کو باقاعدہ اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف قائم کی۔ ان کی جماعت نے خصوصا نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ تحریک انصاف نے 2013 کے الیکشن میں خیبر پختون خوا میں اکثریت حاصل کی اور صوبائی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

پھر 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وفاق میں برسراقتدار آگئی اور عمران خان 17 اگست 2018ء کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہوگئے۔

عمران خان نے تین شادیاں کیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ سے کی جن سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے۔ 2004 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

پھر کپتان نے دوسری شادی 2015ء میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی۔ ان کی تیسری شادی 2018ء میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق قومی فاسٹ باﺅلر محمد عامر ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں
 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نوویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔
 
بلے بازوں کی فہرست میں ویرات کوہلی کا پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جبکہ روہت شرما دوسرے، بابراعظم تیسرے، فاف ڈوپلیسی چوتھے، راس ٹیلر پانچویں، کین ولیم سن چھٹے، ڈیوڈ وارنر ساتویں، جو روٹ آٹھویں، کوینٹن ڈی کوک نوویں اور جیسن روئے دسویں نمبر پر ہیں۔
 
باﺅلرز کی فہرست میں بھارت کے جسپریت بمرا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ دوسرے،کاگیسو ربادا تیسرے، پیٹ کومنز چوتھے، مجیب زدران پانچویں، کرس ووکس چھٹے اور مچل سٹارک ساتویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے محمد عامر نے سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 درجے ترقی کی اور 13 ویں پوزیشن سے 7 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں افغانستان کے راشد خان نوویں اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری دسویں نمبر پر ہیں۔
 
واضح رہے کہ محمد عامر نے سری لنکا کیخلاف دو میچوں میں چار وکٹیں لیں تھیں جبکہ اس سے قبل وہ عالمی کپ 2019ءمیں بھی شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کر چکے ہیں جنہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اسلام آباد: افغان طالبان کا 12 رکنی وفد ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا۔ جہاں انہوں نے پہلے وزارت خارجہ میں پاکستانی حکام سے ملاقات کی اور پھر وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔
 
میڈیا سے بات کرتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی پر تیار ہیں، امریکا مذاکرات میں واپس آئے تو اُسے خوش آمدید کہیں گے۔
 
ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا، اور اُس معاہدے پر آج بھی قائم ہیں۔
 
سہیل شاہین نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ہم نے تجارت، افغان مہاجرین اور ویزا سہولیات جیسے امور پرمذاکرات کیے، شاہ محمود قریشی نے ہمارے مطالبات پر غور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈنے میٹرک سائنس و جنرل گروپ کے ضمنی امتحانات 2019 کےلئےامتحانی فارم لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
 
چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسرڈاکٹرسعید الدین نےبتایا کہ میٹرک سائنس اور جنرل گروپ ریگولروپرائیوٹ سالانہ امتحانات 2019 کےپرچوں میں فیل ہوجانے والے طلباو طالبات ضمنی امتحانات کےلئے اپنے فارم 18اکتوبر تک جمع کراسکتے ہیں۔ تاریخ گزرنےکےبعداس میں مزید کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائےگی
کراچی: وفاقی جامعہ اردو کی انجمن اساتذه(عبدالحق کیمپس) کے صدرڈاکٹر کمال حیدر اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شاہد اقبال نے کہاہے کہ جامعہ اردو کے شعبہ سندھی کو بند کرنے کے حوالےسے چلنے والی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ جامعہ کا اہم شعبہ ہے ۔نہ صرف شعبہ سندھی بلکہ کسی بھی شعبے کو بند نہیں کیا جارہا ہے تمام شعبہ جات اپنےکام احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ اس قسم کی خبرجامعہ کی ساخت کو متاثر کرتی ہے ہم اس خبر کی پرزورمذمت کرتے ہیں۔
 
 
 
 
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ احتساب کے خلاف نہیں مگر احتساب بلا تفریق ہو، کام اگر کہیں ہورہا ہے تو وہ سندھ صوبہ ہے، آئندہ ہفتہ سے کراچی میں سڑکوں کی دھلائی شروع ہوجائے گی۔
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گزری فلائی اوور کے نیچےقومی ادارہ امراض قلب (این آیی سی وی ڈی)کے تحت چیسٹ پین یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم پر تنقید کی جاتی ہے۔یہ چیسٹ پین یونٹ اٹھارویں آئینی ترمیم کا رزلٹ ہے۔پیپلزپارٹی فیڈریشن اور بائیس کروڑ عوام کی خدمت کررہی ہے۔
 
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔یہاں کے لوگ کسی کو بھی ووٹ دیں کام صرف پیپلزپارٹی نے کیا ہے۔یہ چیسٹ پین یونٹ شہریوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔ لیاری میں چیسٹ پین یونٹ کو سیٹلائیٹ سینٹر میں تبدیل کررہے ہیں۔چییئرمین بلاول بھٹو زرداری خود اسکا اعلان اور افتتاح کریں گے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم مفت اور معیاری طبی سہولت فراہم کررہے ہیں۔یہ سندھ حکومت کا تحفہ ہے۔
 
ان کا کہناتھا کہ ڈبوں میں ووٹ کسی اور کے نکلے مگر ہم نے اپنا ایک اور وعدہ آج پورا کردیا۔پیپلزپارٹی آپ کے مسائل حل کرے گی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ وزیراعلی سندھ کی صفائی مہم جاری ہے۔کوئی نالوں میں کچرا اور بوریاں ڈالتا ہے تو اس کے خلاف قانون تو حرکت میں آئے گا۔عوام کچرا کچرا کنڈیوں میں ڈالیں ۔اگلے ہفتے سے سڑکوں کی دھلائی شروع ہوجائے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ کوئی چھاپے مارے یا کوئی گرفتاریاں کرے ہم کام کرتے ہیں اور کام کرتے رہیں گے ۔ہم احتساب کے خلاف نہیں مگر احتساب بلا تفریق ہو۔کام اگر کہیں ہورہا ہے تو وہ سندھ صوبہ ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔۔سندھ حکومت کی طرف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیں ۔اس موقع این آئی سی وی ڈی کےایگزیکٹیوڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے کہا کہ پورے کراچی میں مزید چیسٹ پین یونٹ کھولیں گے۔
 
کراچی کے شہریوں کو خوش خبری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ فیڈرل بی ایریا میں کے ایم سی کے تحت چلنے والے ہارٹ ڈیزیز ہسپتال کو سندھ حکومت چلائے جس پر مئیر کے ایم سی نے بھی رضا مندی ظاہر کردی ہے کوشش ہے کہ یہ ہسپتال ادارہ امراض قلب کے تحت چلایا جائے تاکہ شہریوں کو صحت کی زیادہ سے زیادہ اور بہتر سہولتیں میسر ہوں۔
 
 
 
 
 
 
 
اسلام آباد : مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے ملاقات میں وزیراعظم کو عالم اسلام کی مؤثر نمائندگی ، اسلاموفوبیا اور مسلمانوں پر مظالم اجاگر کرنے پر داد پیش تحسین کی اور کہا وزیراعظم نےجس طرح کشمیریوں پر مظالم اجاگر کئے اس کی مثال نہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان سے مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وفاقی وزیرعلی زیدی اورکے معاون خصوصی زلفی بخاری بھی شریک ہوئے۔
 
علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے وزیراعظم کو امام علی ؓ کی تعلیم کردہ دعا ہدیہ کی اور وزیراعظم کو عالم اسلام کی مؤثر نمائندگی ، اسلاموفوبیا اور مسلمانوں پر مظالم اجاگر کرنے پر داد تحسین پیش کی۔
 
علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا وزیراعظم نےجس طرح کشمیریوں پر مظالم اجاگر کئے اس کی مثال نہیں، آئین کی بالادستی یقینی جانے پر علامہ صاحب نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
 
قوانین اور آرٹیکل227کےنفاذپرخصوصی گفتگوبھی ملاقات کاحصہ رہی جبکہ علامہ شہنشاہ نقوی نے امن و امان اور آزادی رائےکےتحفظ کی کوششوں کو بھی سرابا۔
 
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب میں کہا تھا کہ مودی سمجھتا ہے کہ کرفیو کے بعد کشمیری خاموشی سے اسے قبول کرلیں گے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی۔
 
وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نائن الیون کے بعد اسلامو فوبیا خطرناک رفتار سے بڑھا، یورپ اور مغربی ممالک میں لاکھوں مسلمان اقلیت کے طور پر رہتے ہیں، مغرب میں حجاب کو ہتھیار سمجھا جاتا ہے، اسلامو فوبیا اس لیے ہوا کہ کچھ مغربی رہنماؤں نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک اسلام ہے جو حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ہے، اسلامو فوبیا سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی اور صورت حال بدترین ہورہی ہے، مسلمان لیڈروں کو انتہا پسندی سے اتنا خطرہ تھا کہ وہ جدید مسلمان بن گئے۔

واپڈا کی پن بجلی کی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ترجمان واپڈا کے مطابق پن بجلی کی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک ارب 85کروڑ یونٹ زیادہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریاؤں میں پانی کےزیادہ بہاؤ، آپریشن اور نئے پن بجلی گھروں کی بدولت زیادہ پیداوار ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم اور تربیلا فور نےاپنی پوری صلاحیت کےمطابق بجلی پیدا کی، اس کے علاوہ رکیارڈ پیداوار کی بدولت ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنےمیں مدد ملی ہے۔

ترجمان واپڈا نے مزید بتایا کہ سستی پن بجلی کی زیادہ پیداوار کا بجلی کی مجموعی قیمت پر بھی مثبت اثر پڑا ہے