اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد میدان میں ڈکٹیٹر اور باہر بگ برادر ہوتے ہیں، وہ ہنسی مذاق کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔
 
ایک انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ سرفراز احمد ایک بے پناہ صلاحیتوں کے مالک کھلاڑی اور کپتان ہیں،وہ میدان میں ڈکٹیٹر ضرور نظر آتے لیکن باہر ساتھی کرکٹرز کے بگ برادر ہوتے ہیں۔ ان کا کھلاڑیوں کے ساتھ ہنسی مذاق کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
 
ایک سوال پر سابق پاکستانی کوچ نے کہا کہ سرفراز احمد کے وزن میں کمی بیشی ہوتی رہتی لیکن وہ فٹنس کیلیے ہمیشہ فکرمند رہتے ہیں، پاکستانی کھانوں میں نان، روٹی اور تیل والی ڈشز ضرور ہوتی ہیں،کرکٹرز اپنا ہاتھ نہیں روک پاتے، صبح اور دوپہر کا کھانا اگر پی سی بی مینجمنٹ کی نگرانی میں ہو تب بھی رات کو کنٹرول کرنا آسان نہیں ہوتا،پاکستانی بڑے مہمان نواز اور کرکٹرز کو بھی بڑا پیار کرتے ہیں، مرغن کھانوں سے تواضع کی جاتی ہے۔
کئی بار میں کھلاڑیوں کو کہتا کہ کھانے کے مزے اڑاؤ لیکن ٹریننگ کا ایک اضافی سیشن کرنا ہوگا،ان میں 25فیصد کہتے کہ مشقت کرلیں گے،انھوں نے کہا کہ خوراک اور فٹنس سمیت مختلف معاملات میں یونس خان اور مصباح الحق دیگر کھلاڑیوں کیلیے ایک مثال تھے،شعیب ملک بھی فٹنس کا بڑا خیال رکھتے ہیں۔ آل راؤنڈرکو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ غلط نہیں تھا،جونیئرز کی حوصلہ افزائی میں ان کا اہم کردار تھا،بدقسمتی سے وہ پرفارم نہیں کرپائے۔
 
ایک سوال پر سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم کا بطور بیٹسمین تابناک مستقبل ہے، ان کو ابھی اپنی پوری توجہ بیٹنگ پر مرکوز رکھنا چاہیے،نائب کپتان کی حد تک ٹھیک ہے ابھی قیادت کا بوجھ نہ ڈالا جائے تو بہتر ہوگا،میں پہلے بھی کہہ چکاکہ شاداب خان میں قائدانہ صلاحیتیں موجود اور کرکٹ کی اچھی سمجھ بوجھ ہے،سرفراز احمد کے بعد ان کو قیادت کیلیے تیار کیا جائے۔
لاہور: سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا کوچنگ کا مزاج نہیں، فی الحال مکمل فٹ اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہورہا ہوں۔
 
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا، اگر کوچنگ کا موقع ملے تو انڈر19کرکٹرز کی رہنمائی کرنا چاہوں گا،اگر میں نوجوان کھلاڑیوں کو بتاﺅں کہ مشکل صورتحال اور سخت دباﺅ میں کس طرح دلیری کا مظاہرہ کرتا رہا تو یہ ان کیلیے بڑا مفید رہے گا، میرے تجربات سے ان کو سیکھنے اور ایک اچھا کرکٹر بننے میں مدد ملے گی۔
 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے، پاکستان کرکٹ کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلیے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر کو کم از کم 3 سال کا وقت ملنا چاہیے۔
کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو اک قدم بڑھاسکتے ہیں۔
 
کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ ہتھیار اٹھانے سے روکنے کےلیے بنا تھا، عمران خان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بے انتہا خوبصورت تقریر کی، انہوں نے اپنے دورہ امریکا میں ریاست مدینہ کی نشانیوں پر کھل کربات کی۔ پورا یقین ہےکہ ملک میں تبدیلی آتی جارہی ہے۔ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو اک قدم بڑھاسکتے ہیں۔
 
صدرمملکت نے کہا کہ ہماری معیشت کنزیومر ازم کا شکار ہے، ملٹی نیشنل کمپنیز کی طاقت نے جمہوریت کو یرغمال بنالیاہے، معیشت کو بہتر کرلیں تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔
 
 
 
 
 
 
کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، فاضل جج کی عدم حاضری کے سبب کارروائی ملتوی کردی گئی۔
 
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش کیا گیا ، فاضل جج کی عدم حاضری کے سبب عدالت نے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کی گئی ہے۔
 
نیب نے آغا سراج درانی اور دیگر ساتھیوں کو لنک جج کے سامنے پیش کرکے بتایا کہ آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
 
اس موقع پرتفتیشی افسر کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ تفتیشی افسر پیش کیوں نہیں ہوا؟۔ جواب میں نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر کے پیش ہونے کےبارے میں مجھے کچھ نہیں معلوم ہے۔
 
آغا سراج درانی کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے موکل فروری سے جیل میں ہیں، مفرور ملزمان کے خلاف جو بھی کارروائی کرنی ہے کریں، اور آغا سراج درانی خلاف کیس جلد شروع کریں۔
 
ان کی درخواست پر عدالت کا کہنا تھا کہ متعلقہ جج ہی نہیں ہیں، جج تعینات ہوں گے تو دیکھیں گے۔
 
گزشتہ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کی بےنامی جائیداد،گاڑیوں سمیت57اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھیں۔عدالت نے سماعت کے بعد آج نیب پراسیکیوٹر کو دلائل دینے کے لیے طلب کیا تھا ۔
 
خیال رہے کہ اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کرپشن کیس میں جیل میں ہیں۔آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ۔
 
نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔
کابل: افغانستان میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کے پہلے عمل کا پہلا مرحلہ خوف کے سائے میں سست روی کے ساتھ جاری ہے۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان ميں آج صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس کے لیے موجودہ صدر اشرف غنی سمیت 18 اميدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ کامیاب امیدوار کو اس مرحلے میں 50 فیصد ووٹ درکار ہوں گے۔
 
اليکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن ميں رائے دہی کے ليے رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 9.6 ملين ہے۔ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گی تاہم ضرورت پڑنے پر اس ميں مزید 2 گھنٹے کی توسيع کی جاسکتی ہے۔
 
انتخابی عمل کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے ملک بھر ميں تقريباً 72 ہزار پوليس اہلکار تعينات ہيں جب کہ مزيد بيس سے تيس ہزار اہلکاروں کو کسی بھی وقت طلب کیا جا سکتا ہے۔
 
قبل ازیں طالبان جنگجوؤں کی جانب سے مختلف علاقوں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے تھے جس میں عوام کو الیکشن کے دن گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے دھمکی دی گئی تھی کہ پولنگ اسٹیشن میں تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
 
واضح رہے کہ1992 سویت یونین کے افغانستان سے واپسی کے بعد مملکت کے چوتھے صدر کا انتخاب کیا جا رہا ہے اس سے قبل صبغت اللہ مجددی، برہان الدین، حامد کرزئی اور موجودہ صدر اشرف غنی صدارت کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔

پشاور: خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے او پی ڈی سروس، آپریشن تھیٹر اور دیگر سہولیات کی فراہمی معطل ہے۔

دوسری جانب سرکاری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی نمائندہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ 15 کے قریب ڈاکٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے جو ابھی تک جیل میں ہیں، حکومت جلد از جلد تمام ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کو رہا کرے۔ اگر حکومت نے تمام مطالبات پورے نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیڈی ریڈںگ اسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈٰکل اسٹاف پر پولیس کی لاٹھی چارج اور شیلنگ سے متعدد ڈاکٹرز شدید زخمی ہوئے تھے۔
 
 
 
 
 
لاہور: پنجاب میں ڈینگی سے متعلق ایک سال کی تفصیلات جاری کردی گئیں، پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3 ہزار 377 مریض سامنے آئے۔
 
محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی سے متعلق ایک سال کی تفصیلات جاری کردیں۔ سالانہ ڈینگی تفصیلات میں اسلام آباد کا ڈیٹا شامل نہیں۔ اسلام آباد کو پنجاب کے روز کی ڈینگی تفصیل سے علیحدہ کر دیا گیا۔
 
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3377 مریض سامنے آئے، گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں ڈینگی کے 199 کیس رپورٹ ہوئے۔ 24 گھنٹے میں پنجاب کے مختلف اسپتالوں سے 119 مریض ڈسچارج کیے گئے۔
 
رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کے 6 مریض انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔
 
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 27 ستمبر تک ڈینگی سے 8 اموات ہوئیں، وفات پانے والے 8 افراد کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔
 
گزشتہ روز ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت پر 76 مقدمات بھی درج کیے گئے، 17 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 740 افراد کو انتباہ کیا گیا۔ 9 مقامات کو سیل بھی کیا گیا۔
 
 
 
 
کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کراچی میں سڑکوں کی صورتحال بہت خراب ہے، بڑے صنعتکاروں نے کراچی میں سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا ہے۔
 
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم کا معیشت سے گہرا تعلق ہے، دنیا کہاں پہنچ گئی اور ہم وہیں کھڑے ہیں۔
 
علی زیدی نے کہا کہ اپنی وزارت کو ڈیجیٹل کرنے کی طرف لے جا رہے ہیں، اگلے ہفتے سے فائلز کو ای فائل پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔ کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ اور جگہ جگہ کچرا پڑا ہے۔ کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں تمام انتظامی امور آتے ہیں۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے نئی چیزوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ شہر پورٹ نہیں چلاتے بلکہ پورٹ شہر چلاتے ہیں، معیشت تب تک درست نہیں ہوسکتی جب تک مسائل حل نہ ہوں۔ انرجی، فیول، درآمد اور برآمدات کا تعلق پورٹ سے ہوتا ہے۔ کنٹینر کی اسکینر پر 5 ڈالر کی وصولی روک دی ہے۔
 
علی زیدی نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کے تعاون سے نالوں کی صفائی کا کام سنبھالا، اگلے دن ڈی ایم سی کھڑی ہوجاتی ہے کہ ہم کچرا اٹھائیں گے۔ کچرا کنڈیوں کو ٹھیکے پر فروخت کیا جاتا ہے۔ کچرےمیں لوہے کا سامان، تاریں وغیرہ ہوتی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں کی صورتحال بہت خراب ہے، صنعتکاروں نے گھروں سے فیکٹریاں چلانا شروع کردیں۔ بڑے صنعتکاروں نے کراچی میں سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا ہے۔ معاشی حالات بہتر کرنے سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔
 
وزیر اعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تقریر میں پاکستان اور اسلام کا دفاع کیا، مغرب نہیں سمجھتا ہمارے ناموس رسالت پر کیا جذبات ہیں۔ ہم ہولو کاسٹ پر بات کرتے تھے تو وہ بہت مشکل میں آتے تھے۔ وزیر اعظم نے تقریر میں کشمیر پر ہونے والے مظالم پر بات کی۔

کراچی: شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

انسداد ڈینگی سیل کےمطابق کراچی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ ایک اور شخص انتقال کرگیا جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد میں وائرس کی تصدیق سے متاثرہ افراد کی تعداد 2866 ہوگئی ہے۔

ترجمان انسداد ڈینگی سیل نےمزید بتایا کہ رواں سا ل شہر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

کراچی:جامعہ این ای ڈی میں 190واں سنڈیکیٹ اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں تعلیمی، انتظامی اور مالی اُمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقعے پر سنڈیکیٹ کے گزشتہ اجلاس کی سفارشات منظوری،سالانہ اکاونٹ کلوزنگ برائے سال 2018-2019جب کہ ریوائز بجٹ برائے سال2019-2020 کی منظوری دی گئی۔
 
حکومتِ سندھ کے نوٹیفیکشن کے تحت مستقل ملازمین کے لیے تنخواہ اور پنشن میں 15فی صد اضافے کی منظوری جب کہ سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔جامعہ ترجمان کے مطابق سنڈیکیٹ اجلاس میں تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی، این ای ڈی یونی ورسٹی کے تھرکیمپس کے لیے پروفیسر ڈاکٹر رضا مہدی کو پہلا پرنسپل مقرر کیا گیا جب کہ تھر اسامیوں سے متعلق سفارشات برائے لیکچرار، آئی ٹی مینیجر، اسسٹنٹ رجسٹرار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس اور اسسٹنٹ لائبریرین کی تقرری کی بھی منظوری دی۔سنڈیکیٹ اجلاس میں ایک جانب پروفیسر ڈاکٹراسدرحمان کو چیئرمین سول انجینئرنگ جب کہ پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ کی انوائرمینٹل انجینئرنگ کے
چیئرمین کی حیثیت سے توسیع دی گئی۔سنڈیکیٹ ی میں ایچ ای سی نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر، فوٹو والٹک (پی وی) ٹیسٹسنگ لیب، سینٹرفار اسمارٹ گرٹ اسٹڈیز، ٹریفک لیب فار انلاٹیکس اینڈ سمولوشن لیب
کے قیام کی منظوری بھی  شامل تھی۔اس اجلاس میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، سیکریٹری سنڈیکیٹ و رجسٹرارسید غضنفر حسین سمیت پندرہ اراکین نے شرکت کی
 
اجلاس میں تھر کے حوالے سے کاوشوں پر ڈپٹی رجسٹرارمخدوم خالد ہاشمی کی خدمات کو بھی سراہا گیا