اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
دمشق : شام کے البوکمال شہر میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک ہیڈ کواٹر پر نامعلوم جنگی طیاروں نے بمباری کی جس نے نتیجے میں ہیڈ کواٹر کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایاکہ ایرانی پاسداران انقلاب کے طیارہ شکن نظام نے عراقی سرحد کے قریب دیر ایزور کے مشرقی علاقے البوکمال کی فضا میں موجود نامعلوم طیاروں پر فائرنگ کی۔
 
سیرئین آبزرویٹری نے گذشتہ جمعرات کو کہا تھا کہ ایرانی افواج اور شامی اور غیر شامی قومیتوں سے ان کے وفادار ملیشیا دییر ایزور کے علاقوں خاص طور پر شام-عراقی سرحد کے قریبی علاقوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کررہے ہیں۔ یہ گروپ سرحدی علاقوں میں ہتھیار اور گولہ بارود کے ذخائر منتقل کرنے کے ساتھ نئے حفاظتی اقدامات کررہے ہیں۔
 
یاد رہے کہ اس سے قبل اگست میں اسرائیلی فوج نے دمشق کے نواح میں ہفتے کی شب ایرانی اہداف پر حملہ کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسرائیل پر ایران کے ایک یقینی ڈرون حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
 
اس سے ایک روز قبل بھی اسرائیل نے شام کے سرحدی علاقے میں ایران سپاہ پاسداران انقلاب کے کیمپ پر حملہ کرکے بڑی تعداد میں جنگی سازو سامان کو تباہ کیا تھا۔
 
 
 
 
 
 
کراچی : پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کے امراض سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے امراض قلب کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔
 
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’دل کا عالمی دن‘ 29 ستمبر کومنایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں دل کی بیماریوں کے متعلق مکمل آگاہی اور ان سے بچاوُ کے لیے شعور پیداکرنا ہے، دنیا میں لاکھوں افراد ہر سال دل کی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
 
ماہرین کے مطابق بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور گلوکوز کا بڑھنا، تمباکو نوشی، خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کا ناکافی استعمال، موٹاپا اور جسمانی مشقت کا فقدان دل کے امراض میں مبتلا ہونے کی بڑی وجوہات ہیں۔
 
دل کے امراض سے بچاﺅ کے عالمی دن پرملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں اور آگاہی واک کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
 
 
 
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہونے والی کل اموات میں سے ایک تہائی اموات شریانوں اور دل کی مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہورہی ہیں۔
 
ڈاکٹرز کے مطابق ہلکی پھلکی سادہ غذا اور دن میں صرف آدھے گھنٹے کی ورزش کو معمول بنا کر دل کے بہت سے امراض سے بچا جا سکتا ہے۔
 
واضح رہے کہ کراچی میں دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے آگاہی سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے جو زمزمہ اسٹریٹ سے شروع ہو کر ڈیفنس فیز2 پرختم ہوگی۔
 
آگاہی مہم کا اہتمام نجی اسپتال اورغیرسرکاری تنظیم کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، ریلی میں 100سےزائد سائیکلسٹ شرکت کررہے ہیں۔
 
 
 
 
 
 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے امراض قلب سے آگاہی کےعالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہی ضروری ہے۔
 
عثمان بزدار نے کہا کہ لائف اسٹائل تبدیل کرکے دل کےامراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے واک، ورزش، صحت مند غذا ضروری ہے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، دل کے امراض کے اسپتالوں میں معیاری علاج فراہم کرنا ترجیح ہے۔
 
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ امراض قلب کے اسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے، دور دراز علاقوں میں کارڈیک سینٹر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں ایسا ایک دل کا اسپتال نہ بن سکا جوعالمی سطح پرسہولتیں دے۔
 
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کے امراض سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے امراض قلب کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
 
 
 
 
 
 
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے سفارت کار ذوالقرنین چھینہ کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، کشمیریوں کو بولنے کی آزادی تک نہیں ہے۔
 
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے سفارت کار ذوالقرنین چھینہ نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بھارتی جواب کے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کے سامنے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا حقیقی ظالمانہ چہرہ بے نقاب کیا ہے۔
 
ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قاتل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ ختم کر رہے ہیں۔
 
پاکستانی سفارت کار نے کہا کہ ہم نے بھارتی جاسوس گرفتار کیا جس نے پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
 
ذوالقرنین چھینہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے کشمیری عوام اور بھارت میں مقیم اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا۔
 
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی 74ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا جس پر دنیا بھر میں انہیں سراہا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں مسافر کوچ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
 
ہنگو کے علاقے زرگیری میں نامعلوم حملہ آوروں نے مسافر کوچ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
 
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار اور امدادی رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 3 افراد دم توڑ گئے۔
مرنے والوں میں ایک سال کا بچہ اور خاتون بھی شامل ہیں۔ دیگر 3 زخمیوں کی حالت بھی تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
 
پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مشکوک افراد کو پکڑا جارہا ہے۔
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے پارٹی رہنما مولانا محمد حنیف کی شہادت پر  افسوس کا اظہار کیا۔ 
 
ان کا کہنا تھا کہ چمن میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، مولانا محمد حنیف کی شہادت کادلی دکھ ہوا ہے، وہ مخلص رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ملک میں امن کے خلاف گہری سازش ہے۔

چمن : چمن میں تاج روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جو مولانا محمد حنیف کے دفتر کے باہر کھڑی تھی، مولانا محمد حنیف کے دفتر سے باہر نکلتے ہی دھماکا  ہو گیا۔

  دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

مولانا محمد حنیف کو  زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

مولانا محمد حنیف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل تھے۔ 

پولیس کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک گاڑی میں آگ بھی لگ گئی۔

کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ادارے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ بزنس مینجمنٹ سوشل سائنس اور اسٹوڈنٹس کونسل کی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے سہ روزہ کاروباری چیلنج پروگرام کا اہتمام کیا گیا
 
پروگرام کا عنوان "اسپارکس 1.0 ہمت بڑھاؤ خوف گھٹاؤ"تھا. اس کے تحت طلبانے اپنی قابلیت آزماتے ہوئےمختلف بزنس آئیڈیاز پیش کیے۔ ماہرین نے تقاریر اور تنقیدی مشورے دے کر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ مسلسل تین دن جاری رہنے والے پروگرام میں بائیکیا کے سربراہ رفیق ملک، سکول اوف لیڈرشپ کے مالک خاصخیلی، گرین سٹار مارکیٹنگ کے ڈاکٹر عزیز الرب شامل تھے۔
 
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا ہے کہ اس تقریب کا مقصد بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلباء میں مستقبل کے حوالے سے اندرونی خوف کے خاتمہ کرنا اور خود اعتمادی پیدا کرنا ہے تاکہ طلباء کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
 
پروگرام کے منتظمین سٹوڈنٹ کونسل کے ممبران شعیب احمد،نمرہ لئیق، سیدہ نمراشاہ، حدیقہ ممتاز اور سٹوڈنٹ کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر غزالہ عثمان ڈائریکٹر ای آئی او ایچ بی ایم ایس ایس۔ پروفیسر ابوذر واجدی ہیں۔ اختتامی تقریب آرٹس کونسل پاکستان میں اتوار 29 ستمبرکوہو گی۔آرٹس کونسل کے صدراحمد شاہ بطور مہمان خصوصی ہوں گے۔جس میں طلباء میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
کراچی : پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے یکساں معیار کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر میں 2020اور 2021 کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلہ ٹیسٹ ایک ہی دن ایک ہی امتحانی پرچے کے تحت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کیلئے ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو بہترین سفارشات مرتب کرے گی۔ اس بات کی منظوری پی ایم ڈی سی کی ایڈوائزری کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وزیر اعظم کے خصوصی معاون/وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کی۔ 
 
اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر اسد حفیظ، چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی پروفیسر عامر زمان خان اور ا ر اکین پروفیسر سعید حامد، پروفیسر عامر بلال، ڈاکٹر شہاز نواز، ڈاکٹر انیس الرحمن، لیفٹیننٹ جنرل (ر) اظہر راشد اور میجر جنرل سلیم احمد خان نے شرکت کی۔
 
اجلاس میں بتایاگیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی ایڈوائزری کمیٹی پی ایم ڈی سے متعلق تمام امور کی سفارشات مرتب کرسکے گی اور پی ایم ڈی سی کی سفارشات اور فیصلوں پر عمل درآمد وزارت صحت پی ایم ڈی سی کے مرکزی اور رجسٹرار کے ذریعے نافذ کرائے گی جب کہ ایڈوائزری کمیٹی میں ایک قانونی ماہر اور ایک بلوچستان سے شامل کیا جائے گا۔ وزارت صحت پی ایم ڈی سی کی عبوری کمیٹی کے ساتھ کام کرے گی تا کہ پی ایم ڈی سی کے معاملات کو موثر اور فعال طریقے سے چلایا جاسکے۔
 
کراچی: وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کاٹھور سے کے پی ٹی فلائی اوور تک طویل ایکسپریس وے تعمیر کرنے کافیصلہ کیاگیا۔
 
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کاٹھور سے لیکر جام صادق پل نزد کے پی ٹی فلائی اوور تک 38.75 کلو میٹر طویل ملیر ایکسپریس وے تعمیر کرنے کافیصلہ کیاگیا۔
 
38.75 کلومیٹر طویل ملیرایکسپریس وے ملیر میں کاٹھورکے مقام سے شروع ہوکر ملیر ندی کے ساتھ ساتھ چلتی ہوئی جام صادق پل نزد کے پی ٹی فلائی اوور تک جائے گی،ملیر ایکسپریس وے تین رویہ ہوگی۔
دریں اثنا وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کھلی جگہ، گھر دکان کے باہر،سڑکوں ودیگرمقامات پر کچرا پھیلانا منع ہے اس سلسلے میں قانون بنا دیاگیا ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قانون کے تحت کچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، کلین مائے کراچی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
 
ان خیالات کااظہارانھوں نے وزیر اعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب،کمشنر کراچی افتخارشلوانی ودیگرافسران کے ہمراہ ضلع جنوبی کی ورکشاپ کے دورے پرگفتگومیں کیا، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صفائی کی صورتحال کوبہتربنانے کے لیے ضلع جنوبی میں 176 اضافی ڈسٹ بن رکھ دیے گئے ہیں۔