اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
کراچی : وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ خوشی ہے 11سال بعدکراچی کیلئےسندھ حکومت کو ہوش آہی گیا ، کراچی کی صفائی کے بعد سندھ کے دیگر شہروں پر بھی توجہ دیں، دعا ہے قسمت آپ کا ساتھ دے اور آپ مہم میں کامیاب ہوں۔
 
وفاقی وزیر علی زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی صفائی مہم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا خوشی ہے 11سال بعد کراچی کے لئے سندھ حکومت کو ہوش آہی گیا اور سندھ حکومت کو اپنی ذمہ داریاں کا احساس ہوا۔
 
سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈکے پاس افرادی، مالی، تکنیکی وسائل ہیں، اس اقدام پر میں ناصر شاہ کا شکر گزار ہوں، پرانے وزیر بلدیات اور ان کے ساتھی کو مہم سے دور رکھنا نہ بھولیں۔
 
 
علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی کی صفائی کے بعد سندھ کے دیگر شہروں پر بھی توجہ دیں، حیدر آباد، میرپورخاص، بدین،سکھر، لاڑکانہ ، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی و دیگر شہروں کی بھی میں بھی صفائی کرائیں ، تمام اضلاع بھی ہمارے عظیم صوبے کا حصہ ہیں، سندھ کے دیگر علاقوں کے حالات بھی افسوسناک حد تک خراب ہیں، دعا ہے قسمت آپ کا ساتھ دے اور آپ مہم میں کامیاب ہوں۔

  پشاور:وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ جن اسکولوں نے عبایا پہننے کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے انہیں فوری طور پر نوٹی فکیشن واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت  نے سرکاری اسکولوں میں طالبات  کے لیے عبایا پہننا لازمی قرار نہیں دیا، صرف ایک ضلع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے  وہاں کے والدین کی مرضی سے عبایا پہننے کے لیے نوٹی فکیشن جاری کیا تاہم صوبے کے دیگر اسکولوں میں عبایا پہننے کے لیے کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی عبایا پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضلع ہری پور میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے وضاحت طلب کی گئی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے بچوں کے والدین کی مشاورت سے کیا ہے تاہم یہ لازمی نہیں ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ  پردہ کرنا ہمارے مذہب اور کلچر کا حصہ بھی ہے اور یہ کوئی بری بات بھی نہیں تاہم زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا، بچیوں کوعبایا پہننے یا نہ پہننے کا اختیار دیا گیا ہے ۔

تعلیمی اداروں میں عبایا پہننا لازمی قرار

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کے پاس عبایا کو لازمی قرار دینے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں، پردہ مذہبی معاملہ ہے اور حکومت اسے  سیاست کا رنگ نہیں دے گی، اسکولوں میں بچیوں کو اسلامیات پڑھائی جاتی ہے جس میں نماز، روزہ، زکوۃٰ اور پردے کے حوالے سے پڑھایا جاتا ہے اس سے زیادہ حکومت مداخلت نہیں کرسکتی، کے پی میں پہلے ہی پردے کا رواج زیادہ ہے۔

اسی ضمن میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے طالبات کے لیے عبایا لازمی قرار دینے کے معاملے کا نوٹس لے لیا، اسپیشل سیکریٹری تعلیم ارشد خان کا کہنا ہے کہ ڈی ای او فی میل نے اجازت لیے بغیر اعلامیہ جاری کیا، حکومت نے ایسی کوئی پالیسی نہیں بنائی جس میں طالبات کے لیے چادر لازمی ہو، کسی افسر کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ اپنے طور پر فیصلہ کرلے، کل صبح نوٹی فکیشن واپس لیا جائے گا۔

 
 
 
 
 
واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی فوری یقینی بنائی جائے، مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں۔
 
امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، ٹیکسس سے منتخب شیلا جیکسن لی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن بھی ہیں۔
 
شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی فوری یقینی بنائی جائے۔ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں، صدر ٹرمپ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر دونوں ملکوں میں مذاکرات کروائیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کرے۔
 
اس سے قبل امریکی رکن کانگریس جین شی کاسکی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات کو معاملے کا حل قرار دیا تھا۔
 
انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی جبکہ مواصلاتی نظام بھی بند ہے۔
 
جین شی کاسکی کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے سے خطرناک بحران نے جنم لیا۔ امریکا اور اقوام متحدہ کشمیر میں بحران کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کریں، بھارت میں حراستی کیمپ قائم کیے جارہے ہیں۔

پشاور: پشاور کے تمام سرکاری گرلز اسکولوں میں طالبات کے لیے برقع یا عبایہ پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فی میل)  ثمینہ غنی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں ضلع بھر کے مڈل، ہائی اور ہائر سکینڈری اسکولز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ طالبات کو پابند کریں کہ اسکول آنے جانے کے وقت برقع، عبایہ یا چادر لازمی پہن کر آئیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد طالبات کو ہراسانی سے محفوظ رکھنا ہے، اعلامیہ میں اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات دی گئی ہیں۔

کراچی:سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے کچرا اٹھاؤ مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں سندھ سالڈ بورڈ کی کچرااٹھانے کی صلاحیت بڑھائی گئی ہے، یومیہ 12 سے 13 ہزارٹن یومیہ کچرا اٹھایا جارہا ہے، ہماری نیت بالکل صاف ہے، کراچی میں کچرے کا مسئلہ میڈیا میں نظرآرہا ہے،جب کچرا اٹھےتو وہ بھی ضرور دکھائیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ عارضی گاربیج ٹرانسفراسٹیشن پرکچرا اکٹھا کرکے لینڈ فل سائٹ پرڈمپ کیا جائے گا، کوشش ہوگی کہ ایک مہینے میں کراچی کا کچرا صاف کریں، اس کے بعد پورے صوبے میں صفائی مہم شروع کی جائے گی۔

 
 
 
لاہور: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے وکلا نے عدالتی دائرہ اختیار پر جزوی دلائل مکمل کرلیے، کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
 
لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے سخت سیکیورٹی میں خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا۔
 
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے تیاری کے لیے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی سخت ہدایت کی۔ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
 
یاد رہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں، نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔
 
نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔
 
نیب کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق خواجہ سلمان اور ندیم ضیا کے بیٹوں کے نام پر 2 ارب 96 کروڑ کی رقم جاری ہوئی، سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 8 سال کے دوران 46 کروڑ 60 لاکھ منتقل ہوئے۔
 
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 500 سے زائد ٹرانزیکشنز 2010 سے 2018 کے درمیان ہوئیں، سعد رفیق کے ڈی ایچ اے بینک اکاؤنٹس میں 13 کروڑ 30 لاکھ منتقل ہوئے جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ 50 لاکھ منتقل ہوئے۔
 
تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعد رفیق کے مزید 3 اکاؤنٹس میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سعدان ایسوسی ایٹ کے بینک اکاؤنٹس میں 15 کروڑ منتقل ہوئے۔ ایسوسی ایٹ کے 2 اکاؤنٹس میں 2012 سے 2018 تک رقم منتقل ہوئی۔

کوئٹہ: سبکدوش ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بہتر مستقبل کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا۔ جام کمال نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ نے بڑے منصوبوں کی منظوری کیلئے اہم کردار ادا کیا، ٹیم ورک کے باعث بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی۔

 لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا خلوص و محبت کبھی نہیں بھلا سکتا، صوبے کے بہتر مستقبل کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بلوچستان اولین ترجیح ہوگی۔

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ 23 ستمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے

  کولمبو:دورئہ پاکستان کی اجازت کے حوالے سے سری لنکن حکومت نے چپ سادھ لی جب کہ ٹیم کو بدستورکلیئرنس کا انتظار ہے۔

سری لنکن ٹیم کو ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے 24 ستمبر کو پاکستان کیلیے اڑان بھرنی ہے، مگر تاحال انھیں اپنی حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہیں مل سکی۔

گزشتہ ہفتے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اس وقت کرکٹ بورڈ کو پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کے دوبارہ جائزے کی ہدایت دی گئی جب اس نے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا،ایس ایل سی نے وزارت دفاع سے دہشتگرد حملے کے خطرے پرپاکستان میں دوبارہ سیکیورٹی جائزے کیلیے رہنمائی اور کلیئرنس کی درخواست کردی تھی، مگر ابھی تک حکومت سے کوئی بھی جواب موصول نہیں ہوا۔

ایک سینئر آفیشل کا کہنا ہے کہ اس ٹور کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ہم نے وزارت دفاع سے اس بارے میں رہنمائی مانگی، سیکریٹری دفاع کو باقاعدہ خط لکھا گیا  جس کے جواب کا انتظار ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انھوں نے بھی ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، بورڈ صدر شمی سلوا کی بھی اگلے چند روز میں لاہور روانگی متوقع ہے جہاں وہ اس ٹور سے متعلق پی سی بی آفیشلز سے مزید گفت و شنید کرینگے، البتہ ان سب چیزوں کا دارومدار وزارت دفاع کے جواب پر ہے۔

شمی سلوا نے کہاکہ پاکستان نے جو سیکیورٹی انتظامات کیے ہم ان سے مطمئن اور ہمیں نئے خطرے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، اسی لیے حکومت سے رہنمائی مانگی، جیسے ہی ہمیں حکومت سے کلیئرنس ملی ٹور کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب دورے سے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کے حوالے سے رائے عامہ تبدیل ہورہی ہے۔

کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان نام نہاد اسٹارز نے موقع دیکھتے ہوئے بورڈ کے خلاف بغاوت کی۔اپنی آنکھوں سے کولمبو میں دہشتگردی کی ہولناکی دیکھنے والے ڈاسن شناکا پاکستان جانے کو تیار ہیں۔

یاد رہے کہ اپریل میں ایسٹر کے موقع پر شناکا کو بھی چرچ جانا تھا مگر رات کو دیر سے دوسرے شہر سے آنے کی وجہ سے وہ نہیں گئے مگر حملے کی خبر ملتے ہی وہ چرچ بھاگے تھے جہاں پر ان کی والدہ اور دادی موجود تھیں ، انھوں نے اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی تھی، ان کی والدہ محفوظ رہیں جبکہ دادی کو سر پر چوٹیں آئی تھیں، شناکا کو دورہ پاکستان کیلیے ٹوئنٹی 20 ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔

 
 
 
 
سرینگر: بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 44 روز گزر گئے، وادی میں تاحال زندگی مفلوج ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 44 روز ہوگئے، بھارت کے غاصبانہ قبضے میں جکڑی جنت نظیر وادی کشمیر کے عوام 44 روز سے کاروبار، تعلیم اور روزمرہ کی زندگی گزارنے سے محروم ہیں۔
 
جدید اسلحے سے لیس بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں سے خوفزدہ ہیں۔ قابض فوج نے سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں بلٹ پروف بنکرز تعمیر کرلیے۔ مختلف سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا۔
 
وادی میں انٹرنیٹ، موبائل سروس اور ٹی وی نشریات بدستور بند ہیں۔ اسپتالوں میں دواؤں کی قلت کا بحران سنگین ہے۔ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز پر تالے ہیں۔
 
حریت رہنما بھارتی قید میں ہیں یا نظر بند ہیں، سابق بھارت نواز وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں بھارتی مظالم کے خلاف کرفیو کی پابندیاں توڑ کر احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے تشدد بھی کیا جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
 
دوسری جانب مقبوضہ جموں کے فوجی کیمپ میں ایک بھارتی فوجی افسر کی لاش ملی ہے۔
 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید 2 بچے پولیو کا شکار ہوگئے ہیں۔

قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے بچوں کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے. پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق لکی مروت کے علاقہ سرائے نورنگ سے اڑھائی سالہ بچی کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے جن میں پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ضلع تورغر کے علاقے جیدبا میں بھی پولیو نے 2 سالہ بچے کونشانہ بنایا ہے۔ مذکورہ بچے کے نمونے میں بھی پولیو وائرس کی نشاندہی کی گئی ہے. پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔

2 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔ ای او سی کوآرڈینیٹر عبد الباسط کے مطابق پولیو کیسز کی بڑی وجہ والدین کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے انکار ہے۔انکا کہنا ہے کہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے. والدین گمراہ کن پروپیگنڈا پر کان نہ دھریں .چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت پولیو کے مکمل خاتمہ میں پرعزم ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے ہربچے تک پہنچنا ناگزیر ہے۔ والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں پولیو پولیو کیسز کی تعداد 64 ہوگئی ہے، ان میں صوبہ پنجاب میں 5، صوبہ سندھ 6 اور بلوچستان میں 5 سے پولیو سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔