اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: مشہور ڈرامے الفا، براوو اور چارلی کے کردار کیپٹن فراز ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گے۔
 
90 کی دہائی کے مشہور ڈرامہ الفا، براوو اور چارلی کے کرداروں نے ناظرین کے دلوں میں کچھ ایسی جگہ بنائی کہ آج تک لوگ اس ڈرامہ کو نہیں بھول پائے اور ان کرداروں کو شائقین نے بے حد پسند بھی کیا۔ الفا، براوو اور چارلی کے تینوں مرکزی کردار آج تک کسی اور ڈرامہ میں نظر نہیں آئے تاہم کیپٹن فراز اب ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے تعاون سے بنائے جانے والا ڈرامہ ’عہدِ وفا‘ میں مداح الفا، براوو اور چارلی کے کیپٹن فراز کو دیکھ سکیں گے، ڈرامہ کے جاری کیے گئے نئے ٹیزر میں کیپٹن فراز کو دیکھا جاسکتا ہے جو اس میں بھی ایک فوجی کا کردار نبھارہے ہیں۔
ڈرامہ ’عہدِ وفا‘ میں احد رضا میر، وجاہت علی، احمد علی اکبر اور اسامہ خالد بٹ کیڈٹس کا کردار ادا کر رہے ہیں، ’عہدِ وفا‘ پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے) میں زیر تربیت 4 نوجوانوں کی دوستی پر مبنی ہے جو رواں ماہ 22 ستمبر سے نشر کیا جائے گا۔
کراچی : ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ اکتوبر کے وسط میں منعقد ہونے والی پانچویں ڈی یو ایچ ایس ڈائس ہیلتھ ایگزی بیشن کے ذریعے خیبر پختونخواکی سوات یونیورسٹی کے سمیت پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں سے سائنسی پروجیکٹس کی حوصلہ افزائی کی جائیگی، یہ بات انہوں نے 16اکتوبر سے کراچی ایکسپوسینٹر میں شروع ہونےوالی دو روزہ آل پاکستان ڈی یو ایچ ایس، ڈائس ہیلتھ ایگزیبشن کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،
 
یاد رہے کہ وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، ڈی یو ایچ ایس ڈائس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سرپرست ہیں، جبکہ اجلاس میں ایگزیبیشن کی آرگنائزنگ کمیٹی کی چئرپرسن اور پروائس چانسلر پروفیسر زرناز واحد چیف آرگنائزر ڈاکٹر کاشف شفیق، ڈاکٹر سنبل شمیم، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر یحیٰ نوری، مس صنم سومرو اور دیگر بھی شریک تھے۔
 
پروفیسر محمد سعید قریشی نے صنعتی اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ صنعت و تعلیم کے مابین رابطے کے منعقد ہونے والی اس نمائش میں بھر پور شرکت کے ساتھ اس کے انعقاد میں معاونت کریں، تاکہ پاکستان کا صحت کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے اور اس ترقی کا براہ راست فائدہ ملک کے تمام لوگوں تک پہنچ سکے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹرکا شف شفیق نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سوات یونیورسٹی سمیت ملک کے تمام تعلیمی اداروں سے صحت کے شعبے سے متعلق 400سے زائد سائنسی پروجیکٹس 16اور 17اکتوبر کو ایکسپوسینٹر کراچی میں نمائش کے لئے رکھے جائینگے۔
 
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں صحت کے شعبے سے متعلق کراچی میں ہونے والی سب سے بڑی سائنسی نمائش کے انعقاد کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو اپنا کام تیزی سے مکمل کر رہی ہیں، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کمیٹیز کو ہدایت کی کہ اپنا کام محنت سے ساتھ انجام دیں اور خاص طور پر اندرون ملک اور امریکا سے آئے ہوئے ڈائس فاؤنڈیشن کے وفود کی رہائش و دیگر انتظامات بہترین انداز میں کئے جائیں، اجلاس میں مختلف کمیٹیز نے اپنے کام میں پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، اجلاس میں پانچویں ڈی یو ایچ ایس ڈائس ایگزیبشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا
اسلام آباد: سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔
 
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کااثر پاکستان پر بھی پڑے گا، ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے سے 8 روپے جب کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 10 روپے سے 12 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تیل کی قیمتوں کے فارمولے کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثرعوام پر نومبر میں پڑے گا، حکومت ٹیکسوں کی شرح میں کمی کرکے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر ڈالے گی۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل سعودی عرب میں تیل کے کنوؤں اور پلانٹس پر حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں تیل کی عالمی رسد میں 5 فیصد کمی ہوگئی ہے، اسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد2019 ء میں شرکت کے لئے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
 
جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد کے مطابق جامعہ کراچی میں سمسٹر سسٹم کے تحت باقاعدہ (ریگولر )طلباءوطالبات کے ”سالانہ جلسہ تقسیم اسناد“ میں شرکت کے لئے رجسٹریشن فارم18 اکتوبر2019 ءتک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
 
رجسٹریشن کے لئے مخصوص درخواست فارم اور فیس واﺅچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ www.uok.edu.pk پر دستیاب ہیں۔5000 روپے فیس واﺅچر پر درج بینک کی کسی بھی برانچ پر ادائیگی کے بعد باقاعدہ پرُ شدہ رجسٹریشن فارم معہ فیس واﺅچر 10:00 بجے صبح تادوپہر ایک بجے تک (جمعہ 12:00 بجے تک) اولڈ ایڈمنسٹریشن بلاک فرسٹ فلور ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمک آفس میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
 
سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں ان امیدواروں کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی جنہوں نے بیچلرز(آنرز) ،بی ایس ،ایل ایل بی ،ایل ایل ایم ،ماسٹرز، فارم۔ڈی اور ایم فارم کا امتحان سال2018 ءمیں پاس کرلیا ہے اور وہ طلباءجن کی ایم ایس، ایم ڈی ،ایم فل ،پی ایچ ڈی،ڈی لٹ اور ڈی ایس سی کی ڈگری 2018 ءاور اس کے بعد منظور ہوچکی ہیں وہ بھی اس کانوکیشن میں شرکت کے اہل ہوں گے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی کے مختلف کلیہ جات کے پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈل اور میرٹ سرٹیفیکٹ بھی دیئے جائینگے۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ احتساب کا عمل سیاسی مداخلت سے آزاد ہے لہذا کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔
 
وزیراعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں حکومت کے آئینی اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم کی امریکہ اور سعودی عرب کے دورے پر بھی مشاورت ہوئی۔
 
ملاقات کے حوالے سے بابر اعوان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کی خبریں پھیلانے والوں کو مایوسی ہو گی، احتساب کا عمل جلد قوم کے سامنے مثبت ثمرات لائے گا جب کہ کشمیر کے معاملے پر حکومت کی جارحانہ حکمت عملی درست اقدام ثابت ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری توجہ کشمیر کاز پر مورکوز ہے، جنرل اسمبلی میں خطاب اہم ہوگا جب کہ پہلی مرتبہ احتساب کا عمل سیاسی مداخلت سے آزاد ہے، احتساب کے عمل پر کوئی ڈیل یا کمپرومائز نہیں ہوگا۔

 کراچی: جامعہ کراچی نےبی اے اور بی کام پرائیوٹ سال اول کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی اے اور بی کام پرائیوٹ سال اول کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

بی اے پرائیوٹ سال اول کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 4500 روپے فیس کے ساتھ جبکہ بی کام سال اول پرائیوٹ کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 5600 روپے فیس کے ساتھ 30 ستمبر 2019 ءتک جمع کراسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ صرف 2018 ءکی رجسٹریشن کے حامل طلبہ امتحانی فارم جمع کرانے کے اہل ہوں گے۔

اٹلانٹا: قدرت کے کارخانے میں گرگٹ کا شمار ان جان داروں میں ہوتا ہے جو اپنے ماحول کے لحاظ سے رنگ بدل لیتے ہیں۔ اب سائنس دانوں نے خاص مٹیریل کی مدد سے ایسی ’’اسمارٹ اسکن‘‘ (ذہین جلد) بنالی ہے جو دھوپ میں رنگ بدل لیتی ہے۔
 
ایموری یونیورسٹی کے ماہرین نے فوٹونِک کرسٹلز کی مدد سے یہ جلد بنائی ہے۔ اسے بنانے والے پروفیسر یائیکشیاؤ ڈونگ کہتے ہیں کہ انہیں رنگ بدلتے گرگٹ کو دیکھ کر اس شئے کو بنانے کا خیال آیا جس پر بھرپور تحقیق کی گئی۔
 
تحقیق سے وابستہ ایک اور سائنسداں خالد سلیتا نے بتایا کہ اس کام کےلیے فوٹونِک کرسٹلز استعمال کیے گئے ہیں اور اسمارٹ جلد کو کیموفلاج، کیمیکلز محسوس کرنے اور جعل سازی کی روک تھام کرنے والے اسٹیکروں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگرچہ یہ کام ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن بالکل نیا اور انوکھا بھی ہے۔
رنگ بدلنے والی جلد کی تیاری کےلیے انتہائی باریک فوٹونک کرسٹلز کو پانی سے بھرے لچک دار پولیمر میں لگایا گیا جسے ہائیڈروجل کہتے ہیں۔ جیسے جیسے ہائیڈروجل سکڑتا اور پھیلتا ہے، فوٹونک کرسٹلز کے درمیان فاصلہ کم یا زیادہ ہوتا ہے اور اس طرح وہ رنگ بدلتے ہیں۔
 
اسے مزید بہتر بنانے کےلیے فوٹونِک کرسٹلز میں آئرن آکسائیڈ کا اضافہ کیا گیا تو اس سے اسکن کے حجم پر کوئی فرق نہیں پڑا لیکن اتنا ضرور ہوا کہ حرارت سے اس کا رنگ بدلنے لگا۔ اس ایجاد کو ’اسٹرین اکوموڈیٹنگ اسمارٹ اسکن‘ یا ’ایس اے ایس ایس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
 
پہلے تیار شدہ نمونے کو جب 10 منٹ تک دھوپ میں رکھا گیا تو وہ نارنجی رنگت سے سبز ہوگیا تاہم اس کی لمبائی اور چوڑائی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ اس ایجاد سے فوجیوں کے رنگ بدلنے والے لباس اور دیگر اشیا بنائی جاسکیں گی۔
لاہور: پی سی بی نے قومی ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کو کیمپ کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 کھلاڑیوں کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی، کھلاڑیوں کو 18 ستمبر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف حتمی ٹیم کا اعلان 21 ستمبر کو کیا جائے گا۔
 
پی سی بی نے سری لنکا اور دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیا، مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس بولنگ کوچ، منصور رانا ٹیم آپریشنز ، لاجسٹک اور ایڈمنسٹریٹو مینجر ہوں گے جب کہ کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ ، یاسر ملک ٹرینر، رضا راشد میڈیا مینجر اور طلحہ بٹ اینالسٹ، ملنگ علی مساجر ہوں گے۔ میجر ریٹائرڈ اظہر عارف سری لنکن سیریز کے لئے سیکیورٹی مینجر اور کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری دورہ آسٹریلیا کے دوران سیکیورٹی مینجر ہوں گے۔
پی سی بی کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد کپتان ، بابر اعظم نائب کپتان، احمد شہزاد ، آصف علی، عابد علی ، فخر زمان ، امام الحق، حارث سہیل، عمر اکمل، عثمان شنواری ، فہیم اشرف، حسن علی ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، وہاب ریاض ، محمد عامر ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان اور شاداب خان شامل ہیں۔
 
قومی ایک روزہ ٹیم 24 ستمبر کو سیریز کے تین میچوں کے لئے کراچی روانہ ہو جائے گی۔
نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے نریندر مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کا حکم دیا ہے۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی کارکن اناکشی گنگولی کی مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
 
اناکشی گنگولی نے درخواست میں کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 منسوخ کرنے کے بعد سے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور مکمل لاک ڈاؤن ہے، اس کے نتیجے میں کشمیری بچے اور کم عمر لڑکے انتہائی مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔
بھارتی چیف جسٹس رانجن گوگوئی نے کہا کہ یہ معاملہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے متعلق ہے اور وہی اس پر کوئی فیصلہ کرے گی۔ اس پر اناکشی گنگولی نے جواب دیا کہ پابندیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر ہائی کورٹ پہنچنا تو ناممکن ہے۔
 
بھارتی چیف جسٹس رانجن گوگوئی نے ریمارکس دیے کہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ پہنچنا کیوں مشکل ہے، کیا کوئی راستہ روک رہا ہے، ہم ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے صورتحال جاننا چاہتے ہیں، اگر لوگ ہائی کورٹ نہیں پہنچ پارہے تو یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، ضرورت پڑنے پر میں خود سری نگر جاؤں گا۔
 
سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا کہ جموں و کشمیر کی صورتحال فی الفور معمول پر لائی جائے، فون اور انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہے، کشمیریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تعلیمی اداروں کو کھولا جائے تاہم قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر ہر قدم اٹھایا جائے، جبکہ جموں کشمیر ہائی کورٹ ریاست میں جاری لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے معاملے پر فیصلہ دے سکتی ہے۔
 
سپریم کورٹ نے کانگریس کے رہنما غلام نبی کو بھی وادی کا دورہ کرنے اور وہاں کشمیریوں سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ غلام نبی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے ملاقاتیں کرسکیں گے تاہم انہیں جلسے جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔
 
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے سے متعلق کیس کی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔

 مصباح الحق کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد پاکستانی کرکٹ میں فٹنس اور کھانے کے کلچر میں نمایاں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ قومی اکیڈمی اور قائد اعظم ٹرافی میچوں میں مرغن کھانوں پر پابندی لگادی گئی ہے، انہوں نے کھلاڑیوں کے لئے فٹنس کو لازمی قرار دے دیا ہے۔مصباح پلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے روزانہ قذافی اسٹیڈیم آکر قائد اعظم ٹرافی کے میچ دیکھنے آتے ہیں۔

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مصباح الحق تماشائیوں میں چلے گئے اور ان کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن لاہور میں ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں۔سڈنی سے لاہور پہنچنے کے بعد وقار یونس نے قذافی اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کا میچ دیکھا اور بائونڈری لائن پر وہ بولروں سے بات چیت کرتے رہے۔سری لنکا کی سیریز کی تیاریوں کے لئے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ اٹھارہ اگست سے لگایا جائے گا۔ روزنامہ جنگ کے ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے لاہور میں کیمپ ختم ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد سمیت 6 کھلاڑیوں کو گھر جانے سے روک دیا اور ان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فٹنس پر خاص کام کریں جب کہ ٹیموں کے کوچز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہر کھلاڑی کی فٹنس کو مانیٹر کیا جا ئے۔

اخباری ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے سب سے پہلے قومی اکیڈمی لاہور میں کھانے کا مینیو تبدیل کرادیا ہے۔ اب اکیڈمی میں کھلاڑیوں کومرغن کھانوں کے بجائے کم گھی والے ایسے کھانے دیئے جارہے ہیں جن سے ڈائٹ کنٹرول کی جاسکے گی۔اسی طرح قائد اعظم ٹرافی میں بھی کھلاڑیوں کو مرغن کھانوں کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی کے لئے کھلاڑیوں کو کم گھی والے کھانے دیئے جارہے ہیں جن میں دال چاول، بار بی کیو، پاستا وغیرہ شامل ہیں جب کہ پہلی بار وافر مقدار میں فروٹ بھی دیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ڈائٹ کنٹرول کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے، ماضی کے برعکس کھلاڑیوں کو اچھے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔