اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور:میڈیا کی طرف سے معاملہ اٹھانے پر کرکٹ بورڈ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے محمد حسنین کا این او سی کینسل کرکے واپس آنے کی ہدایت کردی۔ محمد حسنین سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد قائد اعظم ٹرافی میچز میں حصہ لیں گے، قائد اعظم ٹرافی میں محمد حسنین سندھ ٹیم میں شامل ہیں تاہم بورڈ نے کئیربین پریمیئر لیگ کے پورے سیزن کے لیے این اوسی دے رکھا ہے ۔ محمد حسنین کا قائد اعظم ٹرافی پر لیگ کو ترجیح دینے کا معاملہ میڈیا میں آنے پر پی سی بی نے حسنین کو فوری طور پر پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے پہلے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد حفیظ کا نام حیران کن طورپر سدرن پنجاب ٹیم میں شامل کیاگیا تھا ، جس پر سابق کپتان نے بورڈ حکام کو یاد دلایا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ چھوڑ چکے، اب ان کا قائد اعظم ٹرافی میں کھیلنا درست نہیں ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ ان کی جگہ کسی نوجوان کرکٹر کو موقع دیاجائے۔ ٹرافی کے میچز ہفتے سے کراچی، لاہور اور ایبٹ آباد سینڑز پر قائد اعظم ٹرافی میچوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

لندن: سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور ایشز سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کی بدولت ہر دوسرے دن نت نئے ریکارڈز اپنے نام کرتے جا رہے ہیں۔ سیریز کے پانچ میں سے صرف 4 میچوں میں شرکت کرنے کے باوجود اسمتھ اب تک ایشز سیریز کے دوران 6 اننگز میں 751 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ اوول میں کھیلے جا رہے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھی اسمتھ نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 80رنز کی اننگز کھیلی۔ 80رنز کی اس اننگز کے دوران انہوں نے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف لگاتار 9 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی ایک ٹیم کے خلاف مسلسل سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز تھے لیکن اب یہ ریکارڈ اسمتھ کے نام ہے۔ 30 سالہ اسمتھ اس سیریز میں شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ اب تک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل 10 نصف سنچری یا اس سے زائد اسکور کر چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ ان دونوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے جاک کیلس اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو بالترتیب پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف لگاتار 8 میچوں میں نصف سنچری یا اس سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ پانچویں ایشز ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اسٹیون اسمتھ نے سر ایورٹن ویکس کا 70سال پرانا عالمی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ سر ایورٹن ویکس نے 1949 میں مسلسل 6اننگز میں 75 یا اس سے زائد رنز اسکور کیے تھے اور اس سیریز کے دوران اسمتھ بھی مسلسل یہ کارنامہ انجام دے کر اس عالمی ریکارڈ کے مالک بن چکے ہیں۔ اگر اسمتھ اگلی اننگز میں بھی 75 یا اس سے زائد رنز اسکور کرتے ہیں تو وہ ایک اور عالمی   ریکارڈ کے مالک بن جائیں گے

کراچی: حمزہ علی عباسی کی اہلیہ اداکارہ نیمل خاور نےسوشل میڈیا پر اپنی خوبصورتی کاراز بتاتے ہوئے خواتین کو جلد کی حفاظت کی ہدایت کی ہے۔

اداکارہ نیمل خاور  کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی خوبصورتی کا راز بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں جب کہ اسی ویڈیو میں نیمل خاور اپنی جلد کے حوالے سے پریشان خواتین اور لڑکیوں کو جلد کی حفاظت اور چہرے کو حسین بنانے کے گُر بھی بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔حالانکہ یہ ویڈیو کچھ پرانی ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

نیمل خاور نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ اپنی جلد کو نرم ملائم رکھنے کے لیے بہت زیادہ مقدار میں پانی پیتی ہیں، نیمل نے کہا کہ پانی سے جلد پر بہت فرق پڑتا ہے، دن میں کم سے کم دو لیٹر پانی تو ضرور پینا چاہئیے۔ جلد کو خوبصورت اور حسین بنانے کا دوسرا گُر بتاتے ہوئے نیمل خاور نے چائے اورکافی تو ترک کرنے کا مشورہ دیا۔

نیمل نے کہا کہ چائے اور کافی میں موجود کیفین چہرے کی جلد کو خشک کرتی ہے جو کہ بہت نقصان دہ ہے لہٰذا چائے کافی کو مکمل ترک کردیں اور اگر یہ نہ کرسکیں تو کم از کم بہت حد تک کم کردیں۔

نیمل نے دلکش چہرے خوبصورت جلد کے لیے ٹپ نمبر تین بتاتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمیشہ اپنی جلد کو نم رکھیں۔ خواتین اور لڑکیاں جلد پر لگے میک اپ کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتیں اور میک اپ کو چہرے پر لگا رہنے دیتی ہیں جو کہ بہت نقصان دہ بات ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ میک اپ کو چہرے سے فوراً صاف کریں۔ نیمل نے بادام، کھوپرے اورزیتون کے خالص تیل کو بھی چہرے کی جلد کے لیے بہت مفید قرار دیا۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لئے ہر حد تک جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹریو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب سے ہماری حکومت آئی ہے ہم نے اس بات کو یقیینی بنایا ہے کہ مذہب سے بالا تر ہوکر ہر پاکستانی کو اس کے حقوق دئیے جائیں، ہم نے سکھوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا جب کہ بھارت اقلیتوں کو بھارتی شہری ہونے کے بنیادی حقوق سے محروم رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خراب معیشت کو سہارا دینے کے لیے قرضہ لینا پڑتا ہے، اس کے بعد ہی آمدن کو بڑھایا جاسکتا ہے، اصلاحات کرنے میں وقت لگتا ہے، ہمارے 13 ماہ کی حکومت میں ایک بھی کرپشن اسکینڈل سامنے نہیں آیا، جب میرے 5 سال مکمل ہوجائیں گے تو عوام دیکھے گی کہ یہ آخری آئی ایم ایف پیکج ہے جو پاکستانی حکومت لے گی۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جوہری تنازعہ کا نتیجہ ناقابل تصور ہے اور اگر جوہری سے لیس دو ریاستیں ایک دوسرے کے خلاف جنگ میں داخل ہوجائیں تو کچھ بھی ممکن ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین ایٹمی جنگ سے عالمی برادری سنگین نتائج سے خبردار رہے، پاکستان ایسی قوم ہیں جو آخری سانس تک لڑے گی، کوئی سمجھدار شخص ایٹمی جنگ کی بات نہیں کرسکتا جب کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لئے ہر حد تک جائے گا اور برے وقت میں چین ہمارا سب سے بہترین دوست ثابت ہوا ہے۔

راولپنڈی: خیبر پختون خوا میں فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مغربی سرحد پر دو واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں گزشتہ رات دیر گئے اباخیل کے قریب سیکیورٹی فورسز کی پارٹی معمول کے گشت پر تھی کہ شرپسندوں نے اس پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی اخترحسین شہید ہوگیا اور جوابی کارروائی میں 2 شرپسند بھی مار ے گئے۔ 23 سالہ سپاہی اختر حسین کا تعلق ڈسٹرکٹ بلتستان سے تھا۔

دوسرے واقعہ میں دیر کے علاقے میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں نے باڑ لگانے میں مصروف پاک فوج کے دستوں پر فائرنگ کی جس سے 3 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

شہید ہونے والوں میں لانس نائیک سید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔

اسلام آبا: اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی ، اسلام آباد مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ، مردان، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
 
  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آبادمیں چند مقامات پر بار ش ہوئی۔ سب سے بارش پنجاب میں اسلام آباد (ایئر پورٹ 45، بوکرہ 14، گولڑہ 02)، منگلہ02، راولپنڈی (شمس آباد، چکلالہ 01)، خیبرپختونخوا میں چراٹ 04 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔ جمعہ کو سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی 44، بھکر 42 اور لیہ میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ کراچی قیام پاکستان کے وقت بھی دارالحکومت تھا اسے واپس دارالحکومت میں تبدیل ہونا چاہیے۔

کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ کراچی کے کچرے پر صرف اور صرف سیاست ہوئی ہے، کراچی قیام پاکستان کے وقت بھی دارالحکومت تھا اسے واپس دارالحکومت میں تبدیل ہونا چاہیے۔ ا

سپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 149 کے مطابق وفاق صوبے کو صرف اور صرف مشورہ دے سکتا ہے، یہ غلط اخذ کیا گیا ہے کہ وفاق صوبے کو کنٹرول کرے گا۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کےچیئرمین پرفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نہم  جماعت کےانرولمنٹ فارم 2020 بغیر لیٹ فیس کے جمع کرانے کی تاریخ میں 20 ستمبر 2019 تک توسیع کردی ہے،
انہوں نے تمام اسکولوں کےسربراہان سے کہا ہے کہ وہ جلد ہی طلبہ کے انرولمنٹ فارم جمع کرادے۔

فارم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی اورمقررہ تاریخ کےبعد یہ فارم لیٹ فیس کے ساتح وصول کئے جائیں گے

لاہور: منہاج القران کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا انہوں نے پارٹی کی چیئرمین شپ بھی چھوڑدی۔

ڈاکٹرطاہرقادری کا کہنا تھا کہ میں اپنے بیٹوں کو اپنی جگہ نہیں بٹھا رہا بلکہ یہ ذمہ داری ساری پارٹی کی سپریم کونسل کے سپرد کررہا ہوں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے ورثا کےلئے انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی یہ سیاست کا نہیں ہمارے ایمان کا حصہ ہے
سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے اس وقت 9مقدمات چل رہے ہیں۔

 

مظفر آباد: شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفر آباد میں وزیراعظم عمران خان کے جلسے میں پہنچ گئے۔
 
نامور پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اداکار جاوید شیخ، اداکارہ مایاعلی، حریم فاروق، گلوکار فاخر، ہمایوں سعید اور شاہد آفریدی نظر آرہے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ ہمایوں سعید نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد ہم مظفرآباد کی جانب روانہ ہیں، ہم اپنے کشمیری بھائی بہنوں سےاظہار یکجہتی کے لیے جلسے میں شامل ہوں گے۔
 
اس سے قبل گلوکار شہزاد رائے نے بھی ٹوئٹر پر اپنی اور شاہد آفریدی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہد آفریدی کے ساتھ مظفر آباد کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔