اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت 27 فروری کبھی نہیں بھولے گا۔
 
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی جس انہوں نے پاکستان ائیر فورس کو ملک کا فخر قرار دیا۔
 
آصف غفور نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور بھارتی طیارے گرانے والے اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان علی خان کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی زیرقیادت پاک فضائیہ کے شاہینوں پر فخر ہے۔
 
انہوں نے مزید لکھا کہ بھارت اور بھارتی فضائیہ 27 فروری 2019 کبھی نہیں بھولیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے 'مجاہدین افلاک کو سلام' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
 
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ کے پائلٹس نے دو بھارتی طیارے گرائے جن میں سے ایک طیارہ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور دوسرا بھارتی طیارہ ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا۔
 
یوم آزادی کے موقع پر ان جوانوں کی جرات و بہادری پر ونگ کمانڈر محمد نعمان علی کو ستارہ جرات جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی اور گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازا گیا تھا۔

 اسلام آباد:وزارت قانون نے بھی ملازمین کے لیے اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزارت قانون نے اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی سے متعلق نوٹی فیکشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق دوران ڈیوٹی گریڈ ایک سے 15 تک کے ملازمین اسمارٹ فون استعمال نہیں کرسکیں گے، نوٹی فیکشن میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ گریڈ 16 اور اس سے نچلے گریڈ کے ملازمین کے مہمانوں کا بھی وزارت قانون و انصاف میں داخلہ بند کردیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پابندی کا مقصد حکومت کی جانب سے قانون سازی اور دیگر حساس دستاویزات کی چوری کو روکنا ہے، وزارت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا۔

کراچی: سرفراز احمد نے  بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کی حمایت کر دی، انھوں نے اسے اچھا اقدام قرار دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے دوران میرے پی سی بی سے اچھے تعلقات رہے،اس وقت تمام تر توجہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریزپرہے، پوری کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کریں۔

انھوں نے کہا کہ ہیڈکوچ اورچیف سلیکٹر مصباح الحق کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں، میں ان کی کپتانی میں بھی کھیل چکا،ہم قومی ٹیم کی بہتری کے لیے مل جل کرکام کریں گے۔

 ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہاکہ اب میں نے بیٹنگ لائن میں اپنا نمبرمنتخب کرلیا ہے،کوشش ہوگی کہ اسی پر کھیلوں، اس حوالے سے مصباح سے بھی بات ہوئی ہے، انھوں نے کہا کہ کپتان کی مدت کا فیصلہ پی سی بی کرتا ہے، سب سے بڑی بات بورڈ اور کپتان کے درمیان کمیونیکیشن برقرار رہنا ہے، اب حکام کی مرضی جسے وہ چاہیں ٹیسٹ کپتان نامزد کردیں۔

انھوں نے کہا کہ بابر اعظم کو نائب کپتان بنانا اچھا اقدام ہے، وہ اس طرح کپتانی کے لیے بھی تیار ہوجائیں گے،بابر کے ساتھ بھی میرے اچھے تعلقات ہیں، وہ سلپ کی فیلڈ پرمیرے ساتھ ہی ہوتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا  کہ اچھے وقت میں توسب ہی ساتھ ہوتے ہیں، میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے بُرے وقت میں مجھے سپورٹ کیا،انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آگے جا سکتا ہے لیکن جن کھلاڑیوں نے ریٹائرمنٹ لی ان کا متبادل تلاش کرنا ہوگا۔

 لندن:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرحیات نے کہاہے کہ ہٹلرنے جو جرمنی میں کیا وہ بھارت کشمیر میں کررہاہے جب کہ کلبھوشن یادیوصرف جاسوس نہیں بلکہ ٹیرر ونگ لیڈر تھا۔

لندن میں اوورسیز کمیونٹی کی طرف سے دیے گئے عشائیے سے خطاب میں جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ ہٹلر نے جو جرمنی میں کیا وہ بھارت کشمیر میں کر رہا ہے، بی جے پی اورآر ایس ایس نے حد پارکرلی ہے۔

انھوں نے کہاکہ ہندوتوا نے بھارت میں پنجے گاڑ رکھے ہیں، پاکستان کی سرزمین سے گرفتار کیے جانے والاکلبھوشن یادیو صرف جاسوس نہیں بلکہ دہشت گردی ونگ کا لیڈر تھا جو دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقم فراہم کرتا تھا۔

 جنرل زبیرکا کہنا تھاکہ بالاکوٹ حملے کے فورا بعد ہم نے بھارت کے ساتھ اسکور برابرکیا۔

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1189تک جا پہنچی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت حال اختیار کرلی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے تمام تر اقدامات کے باوجود اس پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 98 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پشاور میں مزید 55 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ سوات، شانگلہ اور بٹگرام میں 9،9، مانسہرہ 6 ، صوابی سے 5 جب کہ مردانم لوئردیر اور بونیر میں 4،4 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح رواں برس صوبے بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1189تک جا پہنچی ہے۔

واشنگٹن :امریکی صدارتی امیدوار بننے کی خواہشمند ڈیموکریٹ لیڈر کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں ہم صورتحال دیکھ رہے ہیں جہاں مناسب ہو مداخلت کی جائے گی۔
 
امریکی صدارتی انتخاب کی مہم میں امیدواروں کے ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہوگیا۔ صدارتی امیدوار بننے کی خواہشمند ڈیموکریٹ لیڈر کملا ہیرس نے ٹیکساس میں تقریب سےخطاب سے کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری تنہا نہیں ہم صورتحال دیکھ رہےہیں، جہاں مناسب ہومداخلت کی جائے، امریکی اقدارہیں کہ انسانی حقوق کامعاملہ اٹھایا جائے، اگر صدرمنتخب ہوئی توانہی اقدارپرعمل کروں گی۔
 
ڈیموکریٹ لیڈرکملا ہیرس کا کہنا تھا کہ صدرڈونلڈٹرمپ نے وزارت خارجہ کاکردارکم کیاہے، جس کا نتیجہ یہ ہےکہ امریکا کا کوئی پاکستانی سفیر ہے ہی نہیں، اس کی مثال یہ ہے کہ فی الحال پاکستان کیلئے کوئی سفیر منتخب ہی نہیں جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر امریکا کسی بامعنی طریقے سے اثر انداز ہو سکتا ہے اس سب پر جو کشمیر میں ہو رہا ہے تو اس کیلئے ہمیں نمائندے کی ضرورت ہے۔
 
کملا ہیرس نے کہا ہمیں سب سے پہلے کشمیریوں کو یہ یاد دلانا ہوگا کہ وہ اکیلے نہیں ہیں اور یہ کہ ہم دیکھ رہے ہیں، ہم انسانی حقوق کی پامالیاں آئے دن دیکھتے رہتے ہیں، چاہے وہ امریکا میں ہوں یا دنیا کے کسی اور کونے میں، ظلم کرنے والا ہمیشہ مظلوموں کو یہ باور کرواتا ہےکہ کوئی نہیں دیکھ رہا، کوئی توجہ نہیں دے رہا، جوکہ ایک ظالم کا ہتھیارہوتا ہے۔
 
دوسری جانب ہیوسٹن میں امریکی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ایک اور ڈیمو کریٹک امیدوار بیٹواوروک نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئےاپنا کردار ادا کرنا ہوگا، امریکا اپنی پوزیشن استعمال کر کے علاقے میں امن لائے۔

کراچی: کراچی سمیت سندھ کے سرکاری وپرائیویٹ میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں سال برائے 2019-20 میں داخلوں کے لیےانٹری ٹیسٹ آج ہوگا۔

انٹری ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروسزکے تحت کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقدکیاجائے گا جبکہ صوبے بھرمیں انٹری ٹیسٹ کےلیے6 مرکزبنائے گئے ہیں ان میں حیدرآباد، نوابشاہ، لاڑکانہ، میرپورخاص  اور سکھر شامل ہیں۔

سابقہ کمیٹی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے نوٹیفکیشن کے مطابق امسال داخلہ ٹیسٹ میں انٹر سائنس میں 70فیصد مارکس حاصل کرنے والے امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کریں گے، اس سے قبل انٹری ٹیسٹ میں60فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو شرکت کی اجازت دیدی جاتی تھی تاہم امسال سے70فیصد مارکس حاصل کرنے والے امیدوار آج ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرسکیں گے، امسال صوبے سندھ کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کا عمل جامشورو میں واقع لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ادھر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا توسیع آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے بعد کونسل غیر فعال ہوگئی جس کے بعد فی الحال سرکاری وپرائیویٹ میڈیکل وڈینٹل کالجوں کی مانیٹرنگ اور تدریسی عمل بھی مانیٹرنہیں کیا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے آرڈیننس کی مدت ختم ہوچکی ہے اب امسال دوبارہ نیا صدراتی ترمیمی آرڈیننس جاری کیاجائیگا جس کے بعد کونسل فعال ہوسکے گی۔

اسلام آباد: پاکستانی باکسر محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے تو شاندار استقبال کے بجائے انہیں ٹیکسی پر روانہ ہونا پڑ گیا۔

محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں فلپائن کے باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے اپنی کامیابی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کی تھی۔

محمد وسیم کامیابی کے بعد وطن واپس آئے تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیےکوئی حکومتی نمائندہ ہی نہیں پہنچا اور محمد وسیم نجی کمپنی کی ٹیکسی سروس پر روانہ ہوگئے۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ میں نے وطن عزیز اور قوم کے لیے محنت کی ہے، دبئی میں مقابلے سے قبل افریقی مدمقابل سے بھی مقابلہ جیتا تھا، مزید مقابلے بھی جیت کر تاریخ رقم کروں گا اور اپنے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان میں ورلڈ ٹائٹل میچ کے لیے کوشش کررہا ہوں۔

کولمبو: انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے 106 رنز پر ڈھیر ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں باؤلرز کا راج رہا اور ابرآلود موسم میں دونوں ٹیموں کے بلے باز مجموعی طور پر صرف 207رنز بنا سکے۔ بھارت کی ٹیم نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور صرف 8 رنز پر اس کے تین ابتدائی بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر کپتان دھروو جوریل نے ششوات راوت کے ساتھ مل کر میچ کی سب سے بڑی 45رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس شراکت کے اختتام کے ساتھ ہی ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دھروو 33 اور ششوات 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ایک موقع پر بھارتی ٹیم 62 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن اس مرحلے پر کرن لال ڈٹ گئے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اس کے باوجود بھارتی ٹیم 33ویں اوور میں 106رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شمیم حسین اور مریتن جوئے چوہدری نے تین، تین وکٹیں لیں۔ بھارتی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم بھی صرف 16رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی جس کے بعد اکبر علی اور شہادت حسین نے مل کر اسکور 40 تک پہنچایا لیکن پھر شہادت حسین کے بعد شمیم حسین بھی پویلین لوٹ گئے۔ مریتن جوئے چوہدری اور کپتان اکبر علی نے 27رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 78 تک پہنچایا ہی تھا کہ دونوں بلے باز تین گیندوں کے فرق سے پویلین لوٹ گئے۔ لو اسکورنگ میچ میں تنظیم حسن ساکب اور راکب الحسن نے نویں وکٹ کے لیے 23 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا لیکن انکولیکر نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کراتے ہوئے انڈر19 چیمپیئن بنوا دیا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 101 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان اکبر 21 اور کریتن جوئے 21 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی جانب سے اتھروا انکولیکر نے پانچ وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز لے اڑے۔

لاس انجلس: دنیا میں اس وقت ایک ارب سے زائد افراد بجلی کی نعمت سے محروم ہیں۔ اسی کے پیشِ نظر ایک نیا نظام بنایا گیا ہے جو رات کے وقت زمین سے خارج ہونے والی حرارت کو بجلی میں بدلتا ہے اور یوں پہلے مرحلے میں اس سے موبائل فون کے علاوہ ایل ای ڈی لائٹس کو روشن رکھنے والی بیٹریاں چارج کی جاسکتی ہیں۔ یہ آلہ رات کے وقت زمین سے خارج ہونے والی گرمی یا حرارت سے بجلی بناتا ہے۔ اسے یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس کے سائنسداں ڈاکٹر آسوتھ رامن نےاور ان کے ساتھیوں نے بنایا ہے۔ اس ٹیکنالوجی میں تھرمو الیکٹرک اثر سے برق پیدا کی جاتی ہے۔ یہ آلہ تھرمو الیکٹرک اثر استعمال کرتے ہوئے بجلی بناتا ہے۔ عین اسی طرح کارخانوں کے بوائلر، حرارتی پلانٹ اور کاروں کے ایگزاسٹ سے نکلنے والی گرمی کو بجلی میں بدلنے والے آلات اب عام استعمال ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر آسوتھ رامن نے جو نیا طریقہ اختیار کیا ہے اسے ریڈی ایٹو اسکائی کولنگ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے لیے پولی اسٹائرین ڈبے پر ایک سیاہ ڈسک رکھی گئی ہے جس کا رخ آسمان کی جانب ہے اور اس میں المونیم سے بنی ایک رکاوٹ یا بلاک رکھا گیا ہے۔ سیاہ ڈسک زمینی حرارت کو ٹھنڈا کرتی ہے اور المونیم بلاک رات کی ٹھنڈی ہوا کو گرم کرتا ہے۔ اس فرق سے تھرمو الیکٹرک فرق بنتا ہے اور اس سے بجلی کی بڑی مقدار بنتی ہے۔ ابتدائی تجربے میں ایک مربع میٹر سے 25 ملی واٹ بجلی بنتی ہے جو ایک ایل ای ڈی روشن کرنے کے لیے کافی ہے لیکن گرم علاقوں میں بجلی کی پیداوار 20 گنا بڑھ سکتی ہے جہاں درجہ حرارت میں بہت فرق پایا جاتا ہے۔ اس طرح ایک ایل ای ڈی بلب یا موبائل فون آسانی سے چارج کیا جاسکتا ہے۔ اس پورے نظام کی قیمت صرف 30 ڈالر ہے اور یہ غریب ممالک کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوگا لیکن اب بھی اس کی کمرشل منزل بہت دور ہے۔