اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دورہ پاکستان سے انکار پر سری لنکن کھلاڑی تھسارا پریرا اور نیروشن ڈکویلا کو کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے درکار این او سی سے محروم ہونا پڑگیا۔

 گزشتہ روز سری لنکن ون ڈے ٹیم کے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی ٹوئنٹی کپتان لیستھ مالنگا، اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندیمل، دھننجیا ڈی سلوا، کوشل پریرا، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا سمیت 10 کرکٹرز نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا، سری لنکن بورڈ نے ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے اور ٹی ٹوئنٹی کی ڈاسن شناکا کے سپرد کردی۔

اب سی پی ایل میں شریک تھسارا پریرا کو کہا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے قبل سری لنکا واپس پہنچ کر رپورٹ کریں، دوسری طرف نیروشن ڈکویلا کو سرے سے این او سی دیا ہی نہیں گیا، وہ قبل ازیں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی وجہ سے سی پی ایل کا کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ جب بھی قومی ٹیم کی کوئی مصروفیات ہوں، کسی کھلاڑی کو این او سی دینے کی پالیسی نہیں ہے، ایس ایل سی کے ایک اور عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے سے انکار کرنے والے کرکٹرز کے رویہ پر مایوسی ہوئی ہے، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا کو قومی ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کی 25 ستمبر کو کراچی آمد کے بعد پہلا ون ڈے27 ستمبر، دوسرا29 ستمبر اور تیسرا 2 اکتوبر کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔

برطانوی حکومت نے غیر ملکی طلبا کو تعلیم کے بعد کام کی اجازت بحال کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم تریسامے نے 2012 میں طلبہ کے کام پر پابندی لگائی تھی ،،برطانوی حکومت نے ”پوسٹ سٹڈی ورک “بحال کردیا۔غیر ملکی طلباتعلیم مکمل کر کے اب برطانیہ میں کام بھی کر سکیں گے ۔

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں سمندری ہوائیں مزید ایک دو روز تک معطل رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ تاحال موجود ہے جس کے باعث کراچی میں آج بھی سمندری ہوائیں معطل رہنے کا امکان ہے جب کہ ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے میں ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ  کل دوپہر تک سمندری ہوائیں معمول سے کم رفتار تک چل سکتی ہیں البتہ شہر میں مزید مون سون اسپیل آنے کا کوئی امکان نہیں، 15ستمبر تک مون سون اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔

راولپنڈی: پاک فوج نے 4 میجر جنرلز کو لیفیٹننٹ جنرلز کے عہدے پر ترقی دے دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاکستان فوج کے چار میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترقی پانے والوں میں میجر جنرل محمد عامر، میجر جنرل محمد چراغ حیدر، میجر جنرل ندیم احمد انجم اور میجر جنرل خالد ضیاء شامل ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک : معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 11 کے نئے ماڈلز متعارف کرادیے جن کی کم سے کم قیمت میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
 
ایپل نے اپنی سالانہ تقریب میں آئی فون 11 اور تین کیمروں پر مشتمل 11 پرو اور 11 پرو میکس سمیت دیگر مصنوعات متعارف کروائیں۔
ئے آئی فون ماڈلز کو پہلے سے بہتر اور تیز ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے تاہم الیون کے ماڈلز بھی ایکس سیریز کی طرح نوچ (notch) ڈسپلے اور مختلف رنگوں میں متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
 
آئی فون الیون کے تینوں ماڈلز میں اب تک کی تیز ترین چِپ کا حامل اے 13 بائیونک پراسیسر لگایا گیا ہے۔
 
آئی فون الیون کی ڈسپلے اسکرین 6.1 انچ ہے جب کہ پرو اور پرو میکس کی ڈسپلے اسکرین بالترتیب سپر ریٹینا 5.8 اور 6.5 انچ رکھی گئی ہے۔
 
ان ماڈلز میں بھی گزشتہ برس کے ماڈلز کی طرح ایچ ڈی آر، ڈولبی ویژن، ایچ ڈی آر 10، 120 ہرٹز ٹچ سنسنگ، تھری ڈی ٹچ، وائیڈ کلر سپورٹ اور دیگر فیچرز پہلے کے مقابلے میں مزید بہتر کرکے شامل کیے ہیں۔
 
آئی فون الیون پرو اور پرو میکس کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی پشت پر تین کیمرے لگائے گئے ہیں جن میں الٹرا وائڈ اینگل لینس بھی شامل گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس بار کیمرے کے بہترین نتائج کے لیے ڈیپ فیوژن فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ مشین لرننگ کی مدد سے لو لائٹ شاٹس کو بہتر کرتا ہے۔
 
خیال رہے کہ ہواوے اور سیم سنگ پہلے ہی 3 بیک کیمروں والے موبائل فونز متعارف کروا چکے ہیں۔
 
ایپل نے گزشتہ برس آئی فون ایکس سیریز کے مقابلے میں آئی فون 11 کی شروعاتی قیمت میں بھی کمی کی ہے۔
 
نئے آئی فونز کی قیمت کیا ہے؟
گزشتہ برس لانچ ہونے والےآئی فون ایکس آر کی کم سے کم قیمت 749 ڈالرز تھی جب کہ آئی فون الیون کی قیمت 699 ڈالرز سے شروع ہو گی۔
 
آئی فون الیون پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے لے کے 1349 ڈالرز ہے یعنی 1 لاکھ57 ہزار سے لے کر 2 لاکھ 11 ہزار (علاوہ ٹیکس) سے زائد پاکستانی روپے رکھی گئی ہے جب کہ پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے لے کر 1449 ڈالرز یعنی 1 لاکھ 72 ہزار سے لے کر سوا دو لاکھ سے زائد پاکستانی روپے (علاوہ ٹیکس) ہو گی۔
 
پاکستان کے موجودہ قوانین کے تحت 500 امریکی ڈالرز سے مہنگے اسمارٹ فونز پر کم و بیش 38 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔
 
یاد رہے کہ ان آئی فونز کی پاکستان میں لانچ ہونے کی تاریخ اور حتمی قیمتوں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
 
ایپل نے اپنے ایونٹ میں نئے آئی پیڈ 10.2 انچ اور ایپل واچ سیریز 5 بھی لانچ کیے ہیں۔
کراچی:جامعہ کراچی نے ایم فل / پی ایچ ڈی کے 52 طلباوطالبات میں اسکالرشپ چیکس تقسیم کردیئے
 
 
جامعہ کراچی کے زیراہتمام اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر میں ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام 2019 ءکے چیکس کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی ، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ تحقیق ایسی ہونی چاہیئے جو الماریوں کی زینت بننے کے بجائے معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے ہو۔جن معاشروں نے تحقیق کو اپنا طرہ امتیاز بنایا ہے، وہ مہذب معاشرے کے حصول میں کامیابی کی طرف گامزن ہیں تحقیق اور منصوبہ بندی سے ناپید معاشرے گرہن زدہ ہوتے ہیں اور انہی عوامل کے باعث مہذب معاشرے کا خواب پورا نہیں ہوتا۔ہمارے ریسرچرز کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کودرپیش مسائل بشمول معاشی مسائل کے لئے حل کے لئے کام کریں ، اپنی تجاویز مرتب کریں اور ایسی تحقیق کریں جس سے پورا معاشرہ استفادہ کرسکے
 
انہوں نےمزید کہا کہ امید کرتاہوں کہ آپ کی تحقیق کے نتیجے میں معاشرے میں مثبت اور نمایاں اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ ہمیں ایسی تحقیق اور تدریس کی اشد ضرورت ہے جومعاشرے کے مسائل کے دیرپا اور پائیدار حل کے لئے ہوں۔ ۔ابھی آغاز ہے اور اس میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔اسکالر شپ کمیٹی کے تمام ممبران کی محنت اور دلچسپی کی بدولت ہی مذکورہ اسکالر شپ کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد ممکن ہوا۔تقریب میں 52 طلباوطالبات میں بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی چیک تقسیم کئے گئے۔
 
 
انچارج اسٹوڈنٹس فائینینشل ایڈ آفس ڈاکٹر غزل خواجہ ہمایوں نے اسکالر شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مذکورہ اسکالرشپ کے تحت ایم فل کے 36 طلباوطالبات جبکہ پی ایچ ڈی کے 16 طلباوطالبات کو چیک تفویض کئے گئے۔جس میں ایم فل کے طلبہ کو 8000 روپے ماہانہ فی طالب علم ایک سال تک جبکہ پی ایچ ڈی کے طلبہ کو 10000 روپے ماہانہ فی طالب علم کو دو سال تک دیئے جائیں گے اور ایسے طالب علم جن کے تحقیقی مقالہ جات نمایاں شہرت کے حامل جرنلز میں شائع ہوں گے توانہیں اضافی10000 روپے دیئے جائیں گے

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخ کااعلان کردیا، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انٹر بورڈ کل دوپہر 2:00بجے گورنمنٹ کالج فارمین ناظم آباد کے آڈیٹوریم میں کیا جائے گا۔

اس موقع ہر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کےلئے تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
نتائج انٹربورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیا جائے گا جبکہ طالبعلم اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے بھی نتائج معلوم کرسکتے ہیں۔

واشنگٹن: ماحولیات اور آب و ہوا کے تحفظ کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اگر ہم ماحول کے سدھار اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی چند تدابیر اختیار کرلیں تو اس طرح عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جن کی مالیت کا اندازہ سالانہ 7 ٹریلین ڈالر (7000 ارب ڈالر) لگایا گیا ہے۔

اس ضمن میں (موسمیاتی) مطابقت پذیری کے عالمی کمیشن ( گلوبل کمیشن آن اڈاپٹیشن) نے اس ضمن میں ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کی تائید اور حمایت بل گیٹس، عالمی بینک اور اقوامِ متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی کی ہے۔ اس ضمن میں یہ پہلی رپورٹ میں جس میں آب و ہوا میں تیزی سے بدلتی ہوئی تبدیلیوں کے آگے بندھ باندھنے کو کسی بوجھ کے بجائے ایک معاشی فائدہ بتایا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب عمل کرنے کا وقت آچکا ہے۔ رپورٹ میں بطورِ خاص تمر(مینگرووز) کے تحفظ اور سیلاب سے بچاؤ کی تمام تدابیر پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سامنے آرہے ہیں۔

اس ضمن میں ماہرین نے کہا ہے کہ یہ عمل معیشت کےلیے انتہائی مفید ہے۔ ماہرین نے رپورٹ میں محتاط اندازے کے بعد کہا ہے کہ اگر ماحولیات اور آب و ہوا میں تبدیلی پر ایک ڈالر خرچ کیا جائے تو اس کے بدلے دو سے دس ڈالر کے معاشی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ اگر اگلے دس برس تک قدرتی آفات سے خبردار کرنے والے نظام بنائے جائیں، یا ان سے نمٹنے کا انفرا اسٹرکچر وضع کیا جائے تو اس پر لگ بھگ دو ٹریلین ڈالر خرچ ہوں گے اور اس کا نتیجہ 7 ارب ڈالرکے فوائد کی صورت میں سامنے آئے گا۔

اس رپورٹ کے تناظر میں بان کی مون، بل گیٹس اور عالمی بینک کے افسران نے کہا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی رفتار تیز ہے اور اس کے مقابلے میں ہمارے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر کے شہر پانی سے خشک ہورہے ہیں، جنگلات میں آگ بھڑک رہی ہے اور دیگر تباہ کن اثرات سامنے آرہے ہیں۔

کمیشن کے مطابق اگر اس وقت کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا توعالمی زرعی پیداوار میں ایک تہائی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک جانب تو مضر گیسوں کے اخراج پر قابو پانا ہے جبکہ دوسری جانب موسمیاتی شدت کے خلاف تدابیر اختیار کرنا ہوں گی؛ اور یہ دونوں کام ایک ساتھ کرنے ہوں گے۔

 نئی دہلی: بابری مسجد کی شہادت اور گجرات میں مسلمانوں کے قتلِ عام کے حوالے سے ’’گجرات کا قصاب‘‘ کے نام سے شہرت رکھنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے  دہشت گردی کو بنیاد بناکر پاکستان کے خلاف زہراگلنا شروع کردیا ہے ۔

نریندر مودی نے ’’نائن الیون‘‘ (9/11) کے اٹھارہ سال مکمل ہونے پر دہشت گردی کو ’’عالمی خطرہ‘‘ کہا اور پاکستان کی نظریاتی اساس  کو دہشت گردی کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور 5 اگست 2019 سے جاری کرفیو اور لاک ڈاؤن کو فخریہ انداز سے بیان کرتے ہوئے  مودی نے کہا کہ پچھلے دنوں میں ان کی حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف جرأت مندانہ اقدامات کیے ہیں۔

نریندر مودی نے الزام لگایا کہ پاکستان خفیہ طور پر سیالکوٹ جموں اور راجستھان سیکٹرز میں بڑی کارروائی کی تیاریاں کررہا ہے۔

 

کراچی: اداکارہ ایمن خان اورمنیب بٹ کی ننھی پری کی تصویر منظر عام پرآتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
 
گزشتہ برس شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستان شوبزانڈسٹری کی خوبصورت جوڑی ایمن خان اورمنیب بٹ کی بیٹی امل منیب کی تصویرمنظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔ تصویر میں ایمن خان اسپتال میں اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے ہوئے نظرآرہی ہیں، جب کہ ننھی امل کولوگوں کی جانب سے دعائیں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے
 
اس سے قبل منیب بٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر یہ خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہاتھاکہ اللہ نے انہیں بیٹی کی رحمت سے نوازا ہے اور اس وقت اپنے جذبات کو بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ اسی پوسٹ میں منیب بٹ نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام امل منیب رکھاہے۔
 
بعد ازاں منیب بٹ نے اپنی بیٹی کے ساتھ ایک تصویربھی شیئرکی لیکن اس تصویرمیں بھی امل کا چہرہ نظرنہیں آرہا تھا۔ تاہم اب منظر عام پر آنے والی تصویر میں ننھی امل کا چہرہ واضح نظرآرہا ہے جب کہ ایمن نے اسے اپنے ہاتھوں میں اٹھایا ہوا ہے۔
 
واضح رہے کہ ایمن خان اور منیب بٹ کو گزشتہ برس طویل ترین شادی کرنے اور شادی کی رسومات پر بے جا اخراجات کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔