پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
لاہور : آسٹریلوی صحافی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی ٹیم پر تنقید کرنے کی کوشش ناکام بنادی، بی سی سی آئی نے فاسٹ بولر اشانت شرما کی سالگرہ پر ٹوئٹ کیا جس پر آسٹریلوی صحافی نے اس کو آئینہ دکھا دیا۔
 
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی ٹیم پر تنقید کرنے کی کوشش کو آسٹریلوی صحافی نے ناکام بنا دیا۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بی سی سی آئی نے بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر اشانت شرما کی سالگرہ پر انہیں مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے خلاف 2007ءمیں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ان کی کارکردگی یاد دلائی۔
 
بی سی سی آئی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اس خاص دن کے موقع پر آپ کے پاکستان کے خلاف جارحانہ باﺅلنگ اسپیل کو یاد کرتے ہیں۔
 
 
 
ان کی اس ٹوئٹ کے جواب میں آسٹریلیا کے اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے صحافی ڈینیس نے کہا کہ اس میچ کے دوران پاکستان نے500 سے زائد رنز اسکور کئے تھے۔
 
اشانت شرما محض134کی اسپیڈ سے باؤلنگ کرا رہے تھے اور انہوں نے اس دوران پاکستان کے آخری کھلاڑیوں کی ہی وکٹیں لیں۔
 
ان کے اس جوابی ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر دنیا بھر کے شائقین نے بی سی سی آئی کا خوب مذاق بنایا۔ ایک صارف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چھوٹے لوگوں کا ملک ہے، ایک اور صارف نے ڈینس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آب نے بھارت کی کیا زبردست بے عزتی کی ہے۔
کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے انتظامیہ سے سی ویو بند کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا چار سال سے سی ویو پر واک کررہی ہوں ، لیکن اس سے بدتر صورتحال کبھی نہیں دیکھی۔
 
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انتظامیہ سے درخواست کی کہ کلفٹن کا ساحل خطرناک ہوگیا ہے ، اسے بند کرنے کی ضرورت ہے۔
 
 
 
شنیرا اکرم کا کہنا تھا کہ سی ویو پر بڑی تعداد میں اسپتال کا فضلا پڑا ہے، دس منٹ کے اندر چار درجن سرنج ملیں، اس کیساتھ اسپتال کا دیگر فضلا بھی جمع ہے ، جس سے صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔
 
 
وسیم اکرم کی اہلیہ نے مزید کہا چار سال سے سی ویو پر واک کررہی ہوں ، لیکن اس سے بدتر صورتحال کبھی نہیں دیکھی۔
 
 
 
خیال رہے کراچی میں ایک بار پھر بارش سے کئی علاقوں کی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوگئی ، نالے ابلنے سے شہرمزیدتباہی سےدوچارہوگیا ، گزشتہ روز کی بارش کے بعد جگہ جگہ سڑکوں پر پڑے کچرے سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کی زندگی عذاب بنادی ہے۔
 
مکھیوں اور مچھروں کی بہتات سے بیماریاں پھیل رہی ہیں نیٹ شہریوں کی پریشانی کےباوجود نہ ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کوئی ایکشن لینے کیلئے تیار نہیں، ہر کوئی دوسرے پر الزام دھرنےمیں مصروف ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ خداراصفائی کیلئےعملی اقدامات اٹھائیں۔
 
 
 
 
 
 
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان طالبان کے خودکش کار بم دھماکے میں 16 افراد ہلاک اور 119 افراد زخمی ہوگئے ہیں، حملہ اس وقت کیا گیا جب سرکاری ٹی وی پر امریکا اور طالبان کے مابین معاہدے کی تصدیق کی جارہی تھی۔
 
یہ خودکش حملہ گزشتہ رات کابل کے رہائشی علاقے گرین ولیج کے قریب ہوا، خود کش دھماکا کار کے ذریعے کیا گیا جس کے نتیجے میں قریب موجود فیول اسٹیشن میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔
 
افغان وزارت داخلہ نے اب تک 16 ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے جبکہ اسپتالوں میں منتقل کیے جانے والے زخمیوں کی تعداد 119 بتائی گئی ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
 
مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کش دھماکے کے فوراً بعد ایک اور دھماکے کی آواز بھی سنی گئی جو پیٹرول پمپ پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ہوا تھا۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق اس حملے میں 5 افراد شامل تھے جنہیں اسپیشل فورسز نے جوابی کارروائی کے نتیجے میں ہلاک کردیا۔
 
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ، کچھ دیر کے لیے علاقے میں اندھیرا چھا گیا تھا اور قرب و جوار میں موجود عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
 
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ دھماکا عین اس وقت ہوا جب افغانستان کے مرکزی ٹی وی اسٹیشن طلوع نیوز پر امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا انٹرویو نشر ہو رہا تھا جس میں وہ طالبان کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کررہے تھے۔ یاد رہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔
 
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملہ آور اور مسلح افراد آپس میں مسلسل رابطے میں تھے۔
 
یاد رہے کہ مذاکرات کے دوران طالبان کی جانب سے یہ مسلسل تیسرا حملہ ہے ، اس سے قبل افغان طالبان نے شمالی افغانستان کے شہر قندوز پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ بعدازاں صوبہ بغلان کے شہر پل خمری پر حملہ کیا جس میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
 
 
 
 
 
سری نگر: آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 30ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔
 
مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 30ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
 
عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ رہا جس کے باعث مسلمان عید کی نماز اور سنت ابراہیمی علیہ اسلام ادا کرنے سے محروم رہے۔
 
یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔
 
راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔
 
نوبیل انعام یافتہ بھارتی معیشت داں ڈاکٹر امرتیا سین کا دو روز قبل کہنا تھا کہ جمہوریت کے بغیرمسئلہ کشمیرکا کوئی حل نہیں کرسکتا۔
 
امرتیا سین کا کہنا تھا کہ کشمیرکشمیریوں کا ہے اوران کا موقف درست ہے، کشمیری قیادت کو گرفتار، نظربند کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
 
 
 
کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بارش کا امکان ہے، ہلکی بارش کا سلسلہ آج شام تک جاری رہے گا۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مشرق سے ہوا 9 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مشرق سے ہوا 14 ناٹیکل مائل کی رفتار سے چل رہی ہے۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں، لانڈھی، کورنگی، صدر، پی ای سی ایچ ایس، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، شاہ فیصل کالونی اور نارتھ کراچی سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
 
کراچی کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے باعث شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔
 
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق آئندہ 3 سے 4 روز میں کراچی میں ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آ رہا ہے جو پہلے سے زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے۔
 
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ شہر قائد میں مون سون کا سیزن رواں ماہ 30 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
 
 
 
 
کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا وزیراعظم اورآرمی چیف کراچی آئیں اور صورتحال ٹھیک کریں، شہری حکومت میں کردار والے لوگ نہیں ہیں۔
 
 
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کےسیاست دان لڑائی نہیں کررہے، میں تو یہ بتارہا ہوں کہ شہر کیسے چلتا تھا، کراچی والوں کو خود دیکھنا ہے کہ کون کام نہیں کررہا۔
 
پی ایس پی سربراہ نے کہا شہری حکومت میں کردار والے لوگ نہیں ہیں، ان کے پاس لندن والے اختیار ہوں تو بھی یہی حال ہوگا، ہمارے دور میں لوگوں کے مسائل حل ہو رہے تھے۔
 
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی جریدےنےمجھےدنیاکے3بہترین میئرمیں شامل کیاتھا، نیویارک ٹائمزمیں آج کراچی میں مکھیوں پرآرٹیکل چھپ رہے ہیں۔
 
یاد رہے مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں، میئرکراچی اگرغلط بات کریں گے، تو کیا میں تنقید نہ کروں، میں کسی سے نہیں لڑ نہیں رہا، صرف مسائل کے حل کی بات کررہا ہوں، کراچی کےمسائل پرسیاست نہیں کررہا ہوں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی مکھیوں پرامریکی اخبارمیں خبرچھپی ہے، جو افسوس کا مقام ہے، میری کسی سے دشمنی نہیں، کراچی کے لئے میں گاربیج ڈائریکٹر بننے پر بھی تیار ہوگیا، حالاں کہ ایک جماعت کا سربراہ ہوں، اب اس کے بعد میری نیت پرکیا شک کیا جا سکتا ہے۔

کراچی: فاطمیہ کالج آف ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام تقسیم اسناد کی تقریب کاا نعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ہلال امتیاز ، ستارہ امتیاز ، تمغہ امتیاز کے وصول کنندہ انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل اینڈ بیولوجیکل سائنسز کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مطلوبہ اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے ملک کو نوجوانوں کی دانشمندی پر پیسہ لگانے کی ضرورت ہے کالج اور انسٹیٹیوٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے قومی سطح پر عدم توجہی کا شکار ہے۔
پروگرام کاباقاعدہ آغاز تلاوت ِ قرآن اور قومی ترانے سے ہوا فاطمیہ کالج آف ایجوکیشن کے سربراہ پروفیسر نثار فاطمہ جعفری نے مہمانوں کاپرتپاک استقبال کیا۔

پروگرام کےآغاز میں بی ایڈ اور ایم ایڈ کے کامیاب طالب علموں کوشیلڈزاور سرٹیفکیٹ سے نواز ا گیا جبکہ 29 طلبا و طالبات کو اے ون گریڈ حاصل کرنے پر ایکسیلنس ایوارڈ دیا گیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے بہترین کامیابی حاصل کرنے والی پوزیشن ہولڈرزایم ایڈ ڈاکٹر عمبرین فاطمہ ، سکینہ شوکت، مونل شمیم اور درِ زینب کو ایوارڈ دیا گیا۔مہمانِ خصوصی، اساتذہ محکمہ تعلیم کی انچارج ڈاکٹر صفیہ عروج سمیت 80فیصد سے زیادہ اسکور کرنے والے سہولتکاروں کو ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے

تقریب میں مینجمنٹ آف فاطمیہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مہمانوں کو تحائف دیئے گئے۔
پروگرام کے اختتام پر چیئرمین ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر اظہار حسین نے طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔
 
محکمہ داخلہ کے مطابق محرم الحرام میں پنجاب کے 12 اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے جب کہ 29 اضلاع میں فوج طلب کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔
 
پنجاب بھر میں9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جب کہ یوم عاشور پر جلوس کے راستوں میں موبائل سروس بند رہے گی، بڑے جلوسوں کی کیمروں سےمانیٹرنگ کی جائے گی
 
 
لاہور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان کے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
 
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مودی سرکار نے پورے کشمیر کو جیل بنا کر رکھ دیاہے، نریندر مودی اپنے اقدمات واپس نہیں کرےگا، اگر واپس کیے تو اس کی سیاست ختم ہوجائےگی۔
 
انہوں نے کہا کہ جنگ میں مختلف مرحلے ہوتےہیں، جن میں مختلف کام کرنے ہونے ہوتےہیں، پاکستان میں لوگ بھارتی اقدامات کےخلاف باہر نکل رہے ہیں اور پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
 
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب میں سکھ بھی بھارت کے ساتھ رہنے کو تیار نہیں ہیں، من موہن سنگھ دنیا کے ماہر معیشت میں سے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، بھارت کی معیشت اس وقت تباہ حالی کا شکار ہے، نریندر مودی اقلیتوں پر ظلم کرکے اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتاہے۔
 
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نریندر مودی بھارت میں بھی اکیلا ہوچکاہے، مودی تو اپنے ملک کے لوگوں کو مقبوضہ کشمیر جانے سے روک رہے ہیں، بھارت کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیں گے۔
 
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مودی اور نیتن یاہو ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
 
 
 
لاہور : قومی احتساب بیورو لاہور نے گزشتہ 2 سالوں کے دوران مختلف کرپشن کیسز میں ملوث ملزمان سے 5 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد قومی دولت وصول کر لی۔
 
نیب لاہور کی جانب سے 2سالوں کے دوران کرپشن کیسز میں ملوث ملزمان سے دولت کی برآمدگی کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔
 
نیب لاہور نے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم کی سربراہی میں اکتوبر 2017 سے تاحال مجموعی طور پر 8 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد رقوم کی پلی بارگین کیں، جن میں سے 5 ارب 60 کروڑ سے زائد رقم وصول کی جا چکی ہے۔ 3 ارب 20 کروڑ 48 لاکھ روپے کی خطیر رقم متعلقہ متاثرین میں واپس تقسیم بھی کر دی گئی۔
 
نیب لاہور کے مطابق ان ڈائریکٹ ریکوری کے طور پر 31 ارب مالیت کی ریکوری بھی ممکن بنائی گئی ہے، ہاؤسنگ سیکٹر میں بھی نیب لاہور نے 2 سال کے دوران مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے زیر تفتیش 62 کیسز میں سے 40 کیسز کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔
 
نیب لاہور میں فی الوقت ہاؤسنگ سیکٹر کے 22 کیسز زیر تحقیقات ہیں، گزشتہ 2 سال کے دوران غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے 24300 متاثرین کیلئے 3000 ملین کی پلی بارگین ممکن بنائی گئی۔
 
ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں 2800 ملین کی رقوم صرف ہاؤسنگ سیکٹر میں ملزمان سے برآمد کروائی جا چکی ہے، افسران کی انتھک محنت کے باعث 25 ارب روپے مالیت کی بلواسطہ ریکوری پر عمل درآمد بھی کروایا جا چکا ہے۔
 
اکتوبر 2017 سے اگست 2019 کے دوران نیب پراسیکیوشن ونگ نے 26 ارب مالیت پر مشتمل 7 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے ہیں، مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ان 7 ریفرنسز میں متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار 750 ہے۔
 
نیب لاہور کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز ان تمام متاثرین کے حقوق انہیں واپس دلوانے کیلئے عدالتوں میں کیسز لڑ رہے ہیں۔
 
2 سالہ کارکردگی کے اجراء پر ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ نیب کی تمام تر کاوشیں عوام اور صرف عوام کے مفادات ہیں۔