پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ جوں جوں معیشت کی حالت سنبھلے گی اس کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔
 
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ نہیں بلکہ سابقہ حکومت نے کشمیر کے مسئلے کو پس پشت ڈالا اور بیانات داغنے والے لیگی رہنما اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح دنیا بھر میں کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے اس سے بھارت میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔
 
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی پیدا کی گئی خرابیاں چند ہفتوں یا مہینوں میں درست نہیں ہوسکتیں بلکہ ان کے لیے سالوں درکار ہے۔
 
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ حکومت حقائق چھپانے کی بجائے کی بجائے عوام کو اصل صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہے اور مشکلات سے چھٹکارا پانے کے لیے بھی پیشرفت کی جارہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اور یہ اپنی مدت پوری کرے گی، ن لیگ والے مڈٹرم انتخابات اور دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے کی بجائے اپنی لوٹ مار کا حساب دے۔

اسلام آباد: حکومت نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے چین سے تمام تجارت اور معاہدے مقامی کرنسی میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کا حجم 14 ارب 60 کروڑ ڈالر رہا۔ پاکستان نے چین سے 12 ارب 70 کروڑ ڈالر کی اشیا درآمد کیں جب کہ برآمدات کا حجم صرف ایک ارب 86 کروڑ ڈالر رہا، اس طرح پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی خسارہ 10 ارب ڈالر سے زائد رہا۔

اسی طرح مالی سال 17-2016 میں پاکستان کا چین سے تجارتی خسارہ 12 ارب 67 کروڑ ڈالر سے زائد جب کہ 18-2017 میں 14 ارب ڈالر تھا۔

پاکستان سے چین کے تجارتی خسارے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر ایک خاص سطح پر برقرار رکھنے کے لیے حکومت نے پاک چین تجارت مقامی امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور ان کے ماتحت اداروں اور منسلک محکموں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ چائنیز کمپنیوں و برآمد کنندگان کے ساتھ تمام لین دین اور معاہدے چائنیز کرنسی یوآن میں کئے جائیں گے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے کلیئرنگ اینڈ سیٹلمنٹ میکنزم متعارف کروادیا ہے جب کہ مارکیٹ میں چائنیز کرنسی یوآن کی دستیابی کا بھی انتظام کردیا ہے۔

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کے لیے انعامی رقم اور میچ فیس سمیت دوسری مراعات کا اعلان کردیا۔

 بورڈ حکام کا دعوی ہے کہ سیزن میں ایک کھلاڑی کو سالانہ 20 لاکھ روپے کی آمدن ہوگی۔ قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم میں 233 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، قائداعظم ٹرافی کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی، پاکستان کپ کی انعامی رقم میں 125 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ڈومیسٹک سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی سالانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ وصول کرے گا۔ قائداعظم ٹرافی کی میچ فیس 50 سے بڑھا کر 75 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ پاکستان کپ کی میچ فیس 40 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی میچ فیس 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ نان فرسٹ کلاس میچز کی میچ فیس 8 سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کی گئی ہے۔ سیکنڈ الیون کے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس میں بھی کھلاڑیوں کو میچ فیس ملے گی۔

تین روزہ کرکٹ میں انڈر ناینٹین  کھلاڑیوں کی میچ فیس چار  سے بڑھا کر دس ہزار روپے رکھی گئی ہےایک روزہ کرکٹ میں انڈر ناینٹین  کھلاڑیوں کی میچ فیس دو سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ ڈومیسٹک سیزن کے دوران کھلاڑی تین اور چار اسٹار ہوٹل میں رہائش اختیار کریں گے۔بین الصوبائی سفر کے لیے کھلاڑی ہوائی جہاز کا استعمال کریں گے۔ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا موقف ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر کھلاڑیوں کا معیار زندگی بہتر کرے گا۔ کھلاڑیوں کو طویل عرصہ ان کے جائز حق سے محروم رکھنا افسوسناک تھا۔

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں  4 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور اب پیٹرول کی نئی قیمت 113.24 روپے فی لیٹر ہوگی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 103.84 روپے سے کم کر کے 99.57 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 63 پیسے کم ہو کر 91.89 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے ہوگا۔

کراچی : مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 700 روپے کمی کے بعد 88 ہزار 800 روپے ہوگئی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں  6 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1520 ڈالر پر پہنچ گئی جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 700 روپے اور 600 روپے کی کمی ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد 88 ہزار 800 روپے اور دس گرام سونے کی  قیمت گھٹ کر 76  ہزار 132 روپے  پر پہنچ گئی۔

لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے قائد اعظم محمد علی جناح ، فاطمہ جناح اور نواب لیاقت علی خان کی وقف شدہ جائیدادوں  پر قبضے کیے جانے کا نوٹس لے لیا اور اس پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق گلبرگ میں واقع اربوں روپے مالیت کی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، فاطمہ جناح ، اور نواب لیاقت علی خان کے نام سے وقف جائیداد پر قبضے کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کی باقاعدہ نشاندہی کروائی گئی اور پھر ایک مکمل سورس رپورٹ کی بنیاد پر محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے پٹوار سرکل اچھرہ میں واقع ریونیو اسٹاف سے ریکارڈ اور موقع کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

لاہور ڈوپلمنٹ اتھارٹی ایل ڈی اے کے افسران کو نوٹسز جاری کر دئیے گے اور ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران کو بھی ریکارڈ سمیت آئندہ  پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، ریکارڈ ملنے کے بعد اربوں روپے مالیت کی یہ قیمتی اراضی قبضہ مافیا سے جلد خالی کرا لی جائے گی۔

لاہور: پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا سفر تیز ہونے لگا،بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم 3ٹی ٹوئنٹی اور 2ون ڈے مقابلوں کیلیے لاہور آئے گی، تمام میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
 
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیشی ویمنز3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں شرکت کیلیے اکتوبر میں لاہور آئیں گی، مہمان ٹیم 2 ہفتے کے ٹور کیلیے 23 اکتوبر کو پہنچے گی۔
 
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی26، دوسرا 28 اور تیسرا 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، ون ڈے مقابلے 2 اور 4 نومبر کو ہوں گے، تمام میچز کا میزبان قذافی اسٹیڈیم ہوگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ 4 سال میں بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم دوسری بار پاکستان کا دورہ کررہی ہے، اس سے قبل 2015 میں ٹور کیا، اس دوران 2 ٹی ٹوئنٹی اوراتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گئے تھے۔
قومی ویمنز ٹیم نے گذشتہ سال 4 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کیلیے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا، گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی سیریز3-0 سے جیتی، واحد ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے کامیابی سمیٹی تھی،رواں سال ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے کراچی آئی تھی، سری لنکا مینز ٹیم بھی 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں شرکت کیلیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے جس کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

   کنگسٹن / جمیکا : ویسٹ انڈیز کے ’ ماؤنٹین مین ‘ راہکیم کورنویل نے ٹیسٹ ڈیبیو پر منفرد ریکارڈ بنادیا۔ 

6 فٹ5 انچ کی قامت اور 140 کلو وزن کے حامل 26 سالہ نوجوان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے ’ بھاری بھرکم ‘ پلیئر بن گئے، بولنگ آل راؤنڈر نے سابق آسٹریلوی کپتان واروک آرمسٹرانگ کا ریکارڈ توڑدیا جو اس سے قبل 133سے139 کے جی وزن کے حامل تھے، فٹنس کی کمی پر شائی ہوپ کے ساتھ میگوئل کمنز کو بھی ڈراپ  کردیاگیا۔

جھامر ہیملٹن کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار صلاحیتوں کے اظہار کا موقع میسر آگیا۔ میچ میں بھارت نے لنچ تک72 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، میانک اگروال 41 اور ویرات کوہلی 5 پر ناٹ آؤٹ تھے، لوکیش راہول 13 رنز بنا کر ہولڈر کا شکار بنے،6 رنز اسکور کرنے والے پجارا کی وکٹ کورنویل نے حاصل کی،میزبان الیون نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

لندن: اگر آپ چاہتے ہیں کہ گٹھیا سے محفوظ رہیں تو دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اینٹی بایوٹکس سے بھی ہر ممکن حد تک پرہیز کیجیے۔
 
ایک لاکھ سے زائد افراد کی صحت سے متعلق دس سالہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد برطانوی طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ اینٹی بایوٹکس کا زیادہ استعمال کرنے والوں میں جوڑوں کی بیماری یعنی ’’گٹھیا‘‘ کا خطرہ، اینٹی بایوٹکس نہ لینے والے لوگوں کی نسبت 60 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
 
واضح رہے کہ شعبہ طب میں ضد حیوی دواؤں (اینٹی بایوٹکس) کو کسی بیماری کے خلاف انتہائی اقدام کے طور پر ہی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ قانونی طور پر انہیں صرف سند یافتہ ڈاکٹر کے تحریری نسخے کے مطابق ہی خریدا جاسکتا ہے لیکن پاکستان سمیت، دنیا کے بیشتر ترقی پذیر ممالک میں اس طرح کی احتیاطی تدابیر کا کوئی بندوبست نہیں۔
اگر ایک طرف ڈاکٹر صاحبان چھوٹی موٹی تکالیف کےلیے اینٹی بایوٹکس لکھ دیتے ہیں تو دوسری جانب میڈیکل اسٹور والے بھی صرف اپنی صوابدید پر ہی مریضوں کو اینٹی بایوٹکس فروخت کرتے رہتے ہیں۔ اس مسئلے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ اینٹی بایوٹکس تجویز کرتے یا فروخت کرتے وقت بالعموم مریض کو مکمل کورس کے دورانیے، پرہیز اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا جاتا جس کے نتیجے میں بیماری کی وجہ بننے والے جراثیم اور بھی زیادہ سخت جان ہوجاتے ہیں۔
 
برطانیہ میں کِیل یونیورسٹی اور کواڈریم انسٹی ٹیوٹ آف بایوسائنسز کے اشتراک سے کیے گئے اس مطالعے میں یہ بات خاص طور پر نوٹ کی گئی کہ جو لوگ سال میں دو مرتبہ اینٹی بایوٹکس کا مکمل کورس کرتے ہیں، ان میں اینٹی بایوٹکس استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں گٹھیا کا خطرہ 66 فیصد تک زیادہ ہوتا ہے۔ ویسے تو کم و بیش تمام اقسام کی اینٹی بایوٹکس ہی گٹھیا کے خطرات میں اضافہ کرتی دیکھی گئیں لیکن اس ضمن میں گلے کی خرابی میں استعمال کی جانے والی اینٹی بایوٹکس سب سے زیادہ خطرناک رہیں۔
بیجنگ: امریکی جریدے ’’فوربس‘‘ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چین کے مرکزی بینک ’’پیپلز بینک آف چائنا‘‘ نے سرکاری کرپٹو کرنسی جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ یہ کرپٹو کرنسی ممکنہ طور پر 11 نومبر کو لانچ کی جائے گی، جو چین میں آن لائن خریداری کے حوالے سے مصروف ترین دن بھی ہوتا ہے۔
 
خبروں کے مطابق، اس کرپٹو کرنسی کی تقسیم کےلیے کمرشل بینک آف چائنا کے علاوہ ’علی بابا‘ اور ’ٹین سینٹ‘ جیسی بڑی ای کامرس کمپنیوں کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں تاکہ اس کرپٹو کرنسی کو مؤثر طور پر چینی معیشت کا حصہ بنایا جاسکے۔
 
واضح رہے کہ چین میں پچھلے کئی سال سے کرپٹو کرنسی پر قانونی پابندی عائد ہے جس کے تحت نہ تو وہاں کوئی کرپٹو کرنسی میں لین دین کرسکتا ہے اور نہ ہی کرپٹو کرنسی کی تیاری (کرپٹو مائننگ) کرسکتا ہے۔ اس ضمن میں اب تک کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ سے تعلق کی بنیاد پر کچھ کمپنیاں بند بھی کروائی جاچکی ہیں۔
ایسے میں چین کی طرف سے سرکاری کرپٹو کرنسی کے اجراء کی خبر بہت اہم اور معنی خیز ہے، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ شاید چین کی حکومت نے کرپٹو کرنسی کے بارے میں اپنی سرکاری پالیسی پر نظرِ ثانی کی ہے تاکہ اپنی معیشت کو مضبوط تر بنانے کا سلسلہ ہموار انداز میں جاری رکھ سکے۔
 
یاد رہے کہ اس سال 18 جون کو فیس بُک نے بھی ’’لبرا‘‘ کے نام سے کرپٹو کرنسی جاری کرنے کا اعلان کیا تھا جو 2020 تک عوام کےلیے بھی دستیاب ہوگی اور جسے فیس بُک کے فراہم کردہ ’’برقی بٹوے‘‘ (ای والٹ) میں محفوظ کیا جاسکے گا۔ لبرا کو فروغ دینے کےلیے فیس بُک نے اُوبر، اسپوٹیفائی، پے پال، ویزا اور ماسٹر کارڈ سمیت کئی جیسے اداروں کا تعاون حاصل ہوگا۔
 
فیس بُک کے بعد میسیجنگ ایپ ’’ٹیلی گرام‘‘ کی کمپنی نے بھی اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کرنے کی تیاری کرلی ہے جو متوقع طور پر 31 اکتوبر 2019 کو، یعنی آج سے صرف دو ماہ بعد جاری کردی جائے گی۔
 
انگریزی زبان میں شائع ہونے والے چینی سرکاری اخبار ’’گلوبل ٹائمز‘‘ نے پیپلز بینک آف چائنا کے حوالے سے اپنی ایک حالیہ ٹویٹ میں ان خبروں کی تردید کی ہے.
 
اس ٹویٹ میں چینی کرپٹو کرنسی کے بارے میں عالمی میڈیا پر چلنے والی خبروں کو ’’غیر درست مفروضات‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ دوسری جانب کرپٹو کرنسی کے معاملات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی حکومت گزشتہ چند ماہ سے کرپٹو کرنسی پر سنجیدگی سے کام کروا رہی ہے اور اپنی سرکاری کرپٹو کرنسی جاری کرنے کےلیے پوری طرح تیار بھی ہے۔