پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ہمارے سسٹم میں بہتری آنے میں وقت لگےگا لیکن پرامید ہوں نئے سسٹم سے ہماری کرکٹ میں بہتری ضرور آئے گی۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پروفیشنل ازم کا معیار دوسرے ملکوں سے بہت کم ہے، ہم ایک دن بہت اچھا پرفارم کرتے ہیں پھر دوسرے ہی دن بہت ہی برا کھیل جاتے ہیں، ہمیں ایسے پروفیشنل کرکٹرز چاہیے جو کسی بھی کنڈیشنز میں بہترین کھیل پیش کرسکیں، آسٹریلوی کرکٹرز ہر طرح کی کنڈیشنر میں بہترین کھیل اس لئے پیش کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں کیونکہ ان کا سسٹم بہت اچھا ہے۔
 
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کتنے دکھ اور افسوس کا مقام ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہمیں ان کا متبادل کوئی اچھا پلیئر نہیں مل رہا۔ احسان مانی نے کہا کہ ہمیں کوانٹیٹی نہیں بلکہ کوالٹی کرکٹ چاہیے، ہمارے سسٹم میں بہتری آنے میں وقت لگے گا لیکن پر امید ہوں کہ نئے سسٹم سے ہماری کرکٹ میں بہتری ضرور آئے گی۔

پشاور: حکومت خیبر پختونخوا نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی طرف سے چاند دیکھنے کے اعلان کے بعد یکم محرم الحرام 1441 ہجری کو عام تعطیل ہوگی۔ اس امر کا اعلان حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کیا گیا۔ادھر حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی، پابندی کا اطلاق یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔

ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، پوسٹرز اور وال چاکنگ پر بندی عائد کی گئی ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق ماتمی جلوسوں کی راستے اور امام بارگاہوں کے قریب کی دکانو ں اورمکانات کی انتظامیہ سے اجازت لئے بغیر کرایہ داری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہرقسم کے نفرت انگیز مواد، کتابیں، میگزین اور کیسٹس کی فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔ماتمی جلوس کے دوران ہر قسم کے بھکاریوں اور بھیک مانگنے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ شعلہ بیانی اور نفرت انگیز تقاریر کرنے والے 4 علماکی کوئٹہ میں داخلے پر بھی 10 دن تک پابندی ہوگی۔

 

اسلام آباد: سرمایہ کاری سے وابستہ تصفیہ تنازعات کے بین الاقوامی مرکز نے پاکستان کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کو ٹیتھیان کاپر کمپنی (ٹی سی سی ) نے 2009ء ریکو ڈیک کیس میں 10 لاکھ ڈالر رشوت کی پیش کش کی تھی۔

ٹریبونل نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ جواب دہندہ (پاکستان) اپنے انفرادی الزامات میں ایسی بدعنوانی ثابت نہیں کرسکا جو دعویدار (ٹی ٹی سی ) سے منسوب ہو، ریکو ڈیک کیس میں پاکستان کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر 425 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں تصفیہ تنازعات کے بین الاقوامی مرکز(آئی سی ایس آئی ڈی) نے کہا ہے کہ اس کے سامنے دعویدار کی جانب سے اپنی سرمایہ کاری کو فائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری اہلکاروں پر ناجائز اثر و رسوخ استعمال کرنے کا کوئی ثابت شدہ واقعہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب پاکستان اگلے ماہ جرمانے کی منسوخی کیلئے عالمی ٹریبونل سے رابطہ کرے گا،ریکو ڈیک کیس آئی سی ایس آئی ڈی کی تاریخ کا دوسرا بڑا کیس سمجھا جا رہا ہے۔

 نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات سنگین انسانی المیے کو جنم دے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے عرب نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات سنگین انسانی المیے کو جنم دے رہے ہیں، سلامتی کونسل کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنائے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے عالمی برادری کو کشمیر کے لیے کچھ کرنا ہوگا، عالمی ذرائع ابلاغ نے بھی تسلیم کیا کہ کشمیر کے اسپتال قبرستان بن گئے ہیں۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور سخت پابندیوں کا سلسلہ چوتھےہفتےمیں داخل ہوگیا ہے، جب بھی کشمیر سے کرفیو اٹھے گا بھارت کو یہی آوازآئے گی کہ وہ کشمیرسے نکل جائے، طاقت کے زور پر کشمیریوں کو حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کیا جا سکتا۔

 

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹریو دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن انڈیا کی جانب سے مذاکرات کا ماحول دکھائی نہیں دے رہا تاہم پاکستان کو دو طرفہ مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں اور کسی تیسرے فریق کی معاونت یا ثالثی کو بھی خوش آمدید کہا جائے گا۔

وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ماحول میں جہاں کرفیو نافذ ہے، گینگ ریپ ہو رہے ہیں اور لوگ قید و بند کی صعبتیں برداشت کر رہے ہیں، ایسے میں مجھے مذاکرات کا کوئی ماحول دکھائی نہیں دے رہا تاہم بھارت سنجیدہ ہے تو پہلے کشمری رہنماؤں کو رہا کرے، وہاں سے فوری طور پر کرفیو ہٹائے اور مجھے اجازت دے کہ میں کشمیری قیادت سے مل پاؤں اور مشاورت کر سکوں، ایسے میں مذاکرات ہوسکتے ہیں کیوں کہ کشمیریوں کے جذبات کو روند کر مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھا جا سکتا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے پاس جنگ کا کوئی آپشن نہیں، جنگ سے لوگوں کی بربادی ہو گی، دنیا بھی اس سے متاثر ہو گی اور پاکستان نے کبھی جارحانہ پالیسی نہیں اپنائی، ہماری ترجیح ہمیشہ امن ہی رہی ہے تاہم پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی جس طرح 26 فروری کو کی گئی تھی تو افواج پاکستان بھی اور قوم بھی تیار ہے۔
نئی دہلی: مودی حکومت نے بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں 19 لاکھ سے زائد افراد کی شہریت ختم کرتے ہوئے انھیں ’غیر ملکی‘ قرار دے دیا۔
 
مودی سرکار کی جانب سے بھارت کو ہندو ریاست بنانے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور مسلمانوں کے بعد دیگر اقلیتوں کا بھی بھارت میں رہنا مشکل کردیا گیا ہے۔
 
انتہا پسند حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے بعد آسام میں بھی مسلمانوں کو نشانے پر رکھ لیا۔ حکومت نے آسام کے 19 لاکھ افراد سے بھارتی شہریت چھین لی ہے جن میں سے زیادہ تر مسلمان ہیں جنہیں بنگلہ دیشی قرار دے دیا گیا ہے۔
 
نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کی حتمی فہرست سے ان لوگوں کے نام نکال دیے گئے جو یہ ثابت نہ کرسکے کہ وہ 24 مارچ 1971 کو یا اس سے پہلے آسام پہنچے تھے۔ ان میں ہندو بھی شامل ہیں۔ بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ لوگ بنگلہ دیش سے غیر قانونی طور پر نقل مکانی کرکے آسام میں آباد ہوگئے تھے۔ ان 19 لاکھ افراد کو اپیل کیلئے چار ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔
 
بھارتی اقدام سے اب مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے 19 لاکھ سے زیادہ افراد نہ صرف بے گھر ہو گئے ہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اب انہیں جیل میں ڈال دیا جائے گا جس کے لیے پہلے سے ہی آسام میں دس جیلوں کی تعمیر جاری ہے۔ ایک جیل میں تین ہزار افراد تک کو قید کرنے کی گنجائش ہے۔
 
 
مودی سرکار نے ریاست آسام میں ممکنہ احتجاج کو طاقت کے زریعے دبانے کا منصوبہ بھی بنایا ہوا ہے۔ علاقے میں صورتحال پر قابو رکھنے کیلئے 60 ہزار پولیس اہلکار اور 19 ہزار پیرا ملٹری اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔ احتجاج کرنے والوں کو ملک بدر کرنے یاجیلوں میں ڈالنے کی تیاری کر لی گئی ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی کی رپورٹس پر دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہیں۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی رپورٹس سامنے آرہی ہیں، بھارتی اور عالمی میڈیا مسلمانوں کی نسل کشی کی رپورٹس پر جاری کررہا ہے، مسلمانوں کی نسل کشی پر رپورٹس ،دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کاغیرقانونی الحاق مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔
 
واضح رہے مودی حکومت نے مسلمانوں کے بعد دیگراقلیتوں کا بھی بھارت میں رہنا مشکل کردیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں 19 لاکھ سے زائد افراد کے بھارتی شہری ہونے کے دعوؤں کو مسترد کر دیا گیا ہے اور حتمی فہرست میں 40 لاکھ سے زائد باشندوں میں سے 19 لاکھ افراد سے بھارتی شہریت چھین لی گئی ہے۔
 
 
 
 
اسلام آباد: احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
 
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت کے جج کے روبرو پیش کیا گیا۔
 
عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے شاہد خاقان عباسی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا ایل این جی ٹرمینل سے متعلق تفتیش ابھی باقی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
 
شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر جسمانی ریمانڈ کی مخالفت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں 90 روزکا ریمانڈ دے دیں، بتا چکاہوں کوئی جرم ہی نہیں کیا، ان کو ریمانڈ لینے دیں۔
 
عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 14 دن کے مزید جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
 
شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور جا رہے تھے۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کیا گیا۔
 
بعدازاں نیب نے اپنے اعلامیے میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس میں گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔ نیب نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بذریعہ خط شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
 
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔
 
جون 2018 میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔
 
ترجمان نیب کے مطابق مذکورہ ملزمان پر من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 سال کے لیے ٹھیکے دینے اور مبینہ طور پر ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
 
 
 
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین معطل کرنے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ نے خارج کردی۔
 
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مداح جانتے ہیں عدالت میں دائر درخواست بدنیتی پر مبنی تھی۔
 
احسان مانی نے کہا کہ درخواست کا مقصد قومی کرکٹ کی سرگرمیوں کو روکنا تھا، عدالتی فیصلے نے تمام ابہام دور کردئے، سیزن 2019-20 کی تیاریوں کا آغاز جلد کریں گے۔
 
 
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ درخواست گزار نے آج ایک بار پھر پی سی بی کا آئین معطل کرنے کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے درخواست گزار کو حکم امتناعی جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔
 
واضح رہے کہ 23 اگست کو لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا 19 اگست کو نافذ ہونے والا نیا آئین معطل کردیا تھا۔
 
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ نئے آئین میں ملک کی کرکٹ کو چھ ایسوسی ایشنز تک محدود کردیا گیا تھا اور گورننگ بورڈ کے اراکین کی حیثیت ختم کردی گئی تھی۔
 
 
 
 
کراچی: ممتاز گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے وزیراعظم کی کال پر کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یک جہتی کا اعلان کر دیا.
 
اقوام متحدہ کے سفیر خیر سگالی شہزاد رائے نے کہا ہے کہ فاطمہ جناح اسکول کی 2500 طالبات مقبوضہ وادی کے باسیوں سے اظہار یک جہتی کریں گی.
 
شہزاد رائے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو 12 بجے باہر نکلیں اور اپنی سپورٹ ظاہر کریں. گلوکار نے 6 ستمبرکو ایک شہید کے گھرجانے اور جلد ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے.
 
خیال رہے کہ وزیر اعظم نے قوم کے نام اپنے خصوصی خطاب میں اعلان کیا تھا کہ عوام ہر ہفتے جمعے کے روز کشمیر کے عوام سے یک جہتی کا اظہار کریں.
 
 
خیال رہے کہ جمعے کے روز کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا ابتدائی پروگرام تیار کر لیا گیا ہے، ملک بھر میں 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک روک دی جائے گی۔
 
اس دن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے شکار مظلوموں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔