پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

این او سی ملنے کے باوجود آصف علی اور وہاب ریاض کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ نہیں ہوسکے۔
 
لاہور میں جاری پری سیزن تربیتی کیمپ میں شامل بیٹسمین آصف علی کو آج روانہ ہونا تھا لیکن وہ قذافی اسٹیڈیم میں جاری دوروزہ پریکٹس میچ کھیل رہے ہیں، پی سی بی ذرائع کے مطابق آصف علی کو 10 ستمبر تک کیریبیئن پریمیئر لیگ کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت دے دی گئی تھی، ان کی ویسٹ انڈیز روانگی میں تاخیر ذاتی وجوہات کی بنا پر ہوئی ہے۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیسر وہاب ریاض کو بھی کیربیئن پریمیئر لیگ کے لئے این او سی جاری کر دیا ہے – ذرائع کے مطابق پیسر نے اجازت نامہ ملنے کے باوجود ابھی تک لیگ کا حصہ بننے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ لاہور میں جاری پری سیزن کیمپ میں اپنی ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے آصف علی شاداب خان ، شعیب ملک، محمد حفیظ سمیت پانچ دیگر پلیئرز کو این او سی پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔
 
 
 
 
 
نیویارک: امریکی تھنک ٹینک سینٹر فاراسٹرٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (سی ایس آئی ایس) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی افغان امن عمل پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کشمیر کی حالیہ صورت حال پر اپنی ایک رپورٹ میں تھنک ٹینک نے کہا کہ بھارت کی افغان پالیسی پر پاکستان عرصہ دراز سے تشویش کا اظہار کررہا ہے۔
 
مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات سے پاکستان کی نئی دہلی سے متعلق بدگمانی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
 
امریکی تھنک ٹینک سینٹر فاراسٹرٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی افغان امن عمل پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
 
 
اس سے قبل گزشتہ ماہ عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشمیر پر کشیدگی میں اضافہ معیشت کے لیے نقصان دہ ہوگا، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی پاکستان اور بھارت کے حق میں بہتر ہوگا۔
 
یاد رہے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی برقرار ہے، پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود اور دو طرفہ تجارت بھی معطل کردی ہے۔
سینئر بیورو کریٹ نوید اکرم چیمہ ایک بارپھر قومی ٹیم کے مینجر کے عہدے کے لیے فیورٹ امیدوار کے طورپر سامنے آگئے ہیں۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کی منظوری کے بعد ان کی تقرری کا جلد باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔ ا س عہدے کے لیے دو معروف سابق کرکٹرز نے بھی امیدیں وابستہ کررکھی تھیں لیکن ذرائع کے مطابق نوید اکرم چیمہ اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں ، بورڈ کے ساتھ معاملات طے ہونے پر ان کا انتخاب یقینی دکھائی دے رہا ہے۔
 
سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے مینجر، ہیڈکوچ سمیت دوسرے کوچنگ اسٹاف کے نام کا باقاعدہ اعلان چیئرمین پی سی بی کی جانب سے منظوری ملنے پر ایک سے دو روز میں کسی بھی وقت سامنے آسکتا ہے۔ ایک سال پہلے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کےعہدے سے ریٹائرمنٹ لینے والے نویداکرم چیمہ اس سے پہلے دوبار قومی ٹیم کے ساتھ بطور مینجر ذمہ داریاں نبھانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ایک سخت گیر اور ڈسپلن پر مکمل پاسداری کرنے والے مینجر کے طورپر ان کی شہرت ہے۔
نوید اکرم چیمہ چیف سیکرٹری پنجاب، چف سیکرٹری اسپورٹس پنجاب کے طورپر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نوید اکرم چیمہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے اپنی ذمہ داریان سنبھال سکتے ہیں، اطلاعات کے مطابق ٹیم کے ڈسپلن کو بہتر بنانے اور کسی ناخوشگوارواقعہ سے بچنے کے لیے پی سی بی حکام کی اکثریت نوید اکرم چیمہ کی تقرری کے حق میں ہے ۔
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دے دی ہے اور اس کی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے 2 گھنٹے سے زائد دورانیے کی ملاقات ہوئی ہے۔
 
ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے حاضر سروس ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بھارتی قونصلر تک رسائی دے دی ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کلبھوشن کی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات خفیہ مقام پر کرائی گئی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بھارتی امور فریحہ بگٹی بھی موجود تھیں۔
 
گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کو قانونی طور پر قونصلر رسائی دینے کا پابند ہے اس لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں کلبھوشن یادیو کو پیر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔
 
علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کوعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں قونصلر رسائی دی جا رہی ہے، کمانڈر کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی میں ملوث ہونے پر حراست میں ہے۔
 
واضح رہے کہ 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی تاہم کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔
کراچی:کراچی میں تھڈو ڈیم کے اطراف دوپہر تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ،جبکہ لانڈھی،کورنگی،صدر،پی ای سی ایچ ایس میں ہلکی اور تیز بارش جاری ہے،بارش سے تھڈو ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئ اور پانی اوور فلو ہوکر آبادی میں داخل ہونا شروع ہو گیاجب کہ پانی کے تیز بہاوسے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
 
 
لودھراں: تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ زراعت کو پھرمعیشت میں صحیح کردار ادا کرنے والا شعبہ بنائیں گے۔
 
تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے زراعت ایمرجنسی پروگرام کے تحت مرغی پال اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دس پندرہ سال میں زراعت کا اتنا بڑا پروگرام شروع نہیں کیا گیا۔
 
جہانگیر ترین نے کہا کہ گزشتہ پالیسیوں سے کاشت کاروں کے گھروں کے چراغ بجھ گئے، زراعت کو پھرمعیشت میں صحیح کردار ادا کرنے والا شعبہ بنائیں گے۔
 
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ گھریلو مرغبانی آمدنی کا ایک ذریعہ بنے گی، ٹراؤٹ کی پیدواربڑھانے کے پہلے پروگرام کا افتتاح 5ستمبرکو ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد کرنی اور کاشت کاروں کی آمدنی بڑھانی ہے، ایک سال کے بعد ہم تمام منصوبوں کی پیشرفت دیکھیں گے۔
 
 
 
 
 
غزہ: قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ایک پرامن احتجاجی ریلی پر فائرنگ کردی جس کے باعث 75 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
 
قابض فورسز نے مظاہرین پر مشین گنوں سے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے متعدد شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں میں بعض کی حالات نازک ہے۔
 
غیرملکی خبررسا ں ادارے کے مطابق ایک مقامی فیلڈ آبزرور نے بتایا کہ قابض فوج نے جنوبی غزہ میں مظاہرین پر مشین گنوں، آنسوگیس کی شیلگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں دو خواتین اور 18 بچوں سمیت کم سے کم 75 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
 
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے پر امن فلسیطنیوں پر مشین گنوں سے شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
 
قابض اسرائیلی فوج نے ظلم کی انتہا کردی ہے، نہتے فلسطینیوں کے خلاف زمینی کارروائیوں کے بعد اب فضائی حملوں میں بھی اضافہ کردیا۔
 
 
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی شدید بمباری کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
 
دوسری جانب فلسطین میں قیام امن کے لیے سیاسی کوششیں بھی جاری ہیں، حال ہی میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فلسطینی صدر نے ملاقات کی تھی جس میں خطے کی تازہ صورت حال سمیت سنگین صورتحال کے خاتمے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
 
 
 
سری نگر : بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ کے کرفیو کے دوران سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گن سے شدید زخمی کیا، اب تک پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے5 اگست کے بعد سے مظالم کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج درندگی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔
 
ایک ماہ کے دوران قابض فورسز نے سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، فائرنگ اور شیلنگ سے تین سو سے زائد کشمیری زخمی ہوئے جبکہ اٹھائیس روز گزرنے کے باجود کرفیو نہیں ہٹایا جاسکا۔
 
فائرنگ، شیلنگ، پیلٹ گن کے استعمال اور گھروں پر چھاپوں سے متعدد گھر تباہ ہوگئے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
 
وادی میں مسلسل کرفیو کو ایک ماہ ہونے والا ہے۔ اسکول اور تجارتی مراکز بند ہیں، جس کے باعث کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہوچکا ہے۔ کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہیں ان کی زندگی مفلوج ہے، کرفیو کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
 
قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ اگست میں سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرامن احتجاج کرنے والوں کو فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین سو چھیاسٹھ کشمیری زخمی ہوئے۔
 
اس کے علاوہ بھارتی فوج نے ایک ماہ کے دوران حریت قیادت سمیت پانچ ہزارسے زائد افراد کو گرفتار کیا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتےہوئے بھارتی فوج نے چودہ خواتین کو درندگی کا نشانہ بنایا اور اکتیس مکانات مسمار کردئیے
 
 
 
 
نئی دہلی : ریاست بہار کے سیکریٹری نے حکم جاری کیا ہےکہ حکومتی دفاتر میں تمام ملازمین ڈریس شرٹ پینٹ زیب تن کر کے آفس تشریف لائیں۔
 
بھارتی ریاست بہار کی حکومت نے حکومتی دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین پر جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی عائد کر دی ہے، ریاست بہار کے سیکرٹری مہادیو پرساد کی جانب سے جاری ایک آرڈر میں کہا گیا کہ تمام ملازمین جینز اور ٹی شرٹ پہننے سے گریز کریں اور مہذب کپڑوں میں کام پر آئیں۔
 
انہوں نے کہا کہ یہ بات نوٹس کی گئی کہ ملازمین آفس کے کلچر کے برعکس غیر مہذب کپڑوں میں کام پر آتے ہیں، تمام ملازمین ڈریس شرٹ پینٹ زیب تن کر کے آفس تشریف لائیں۔
 
واضح رہے پاکستان کے شہر لاہور میں قائم انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی آف بزنس اینڈ مینجمنٹ (آئی بی ایم)انسٹی ٹیوٹ(یو ای ٹی)میں طلبا و طالبات پر بھی جینز زیب تین کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
 
جامعہ یو ای ٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ تمام لڑکیوں کو سر پر لازمی اسکارف پہن کر آنا ہوگا جبکہ جمعے کے روز لڑکوں کے لیے شلوار قمیض پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
 
 
 
 
 
ریاض: سعودی اتحادی افواج نے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 سے زائد شدت پسند مارے گئے۔
 
سعودی عسکری اتحاد نے اس حملے کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے، جس میں پچاس سے زائد حوثی باغی مارگئے جبکہ سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔
 
سعودی ٹیلی وژن کے مطابق حملوں کا ہدف ذمار کے مقام پر قائم ڈرونز اور میزائل کا ایک بڑا گودام تھا، اتحاد نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔
 
حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن المصیرہ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں ایک جیل کو نشانہ بنایا گیا اور کئی قیدیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ تاہم حملے سے متعلق مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
 
فوجی اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، گذشتہ ماہ شدت پسندوں کے خلاف متعدد زمینی اور فضائی کارروائیاں کی گئیں۔
 
 
گذشتہ ماہ 22 تاریخ کو عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی گورنری صعدہ میں حوثی ملیشیا کا آپریشن کنٹرول روم بمباری سے تباہ کیا اور جس میں موجود تمام 17جنگجو مارے گئے تھے۔
 
خیال رہے کہ صعدہ گورنری کو یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے، اس علاقے میں باغیوں کے آپریشن کنٹرول روم کی تباہی عرب اتحاد اور یمنی فوج کی اہم کامیابی ہے۔