پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: کشمیر کی حمایت میں آواز اٹھانے اور بھارتیوں کو آئینہ دکھانے پر رئیلیٹی شو کے میزبان وقار ذکا کا فیس بک اکاؤنٹ معطل کردیا گیا۔

وقار ذکا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ دنیا چاہے کچھ بھی کرلے ہمارے نبیﷺ کی شان میں کتنے ہی گستاخانہ مواد کیوں نہ شیئر کرلے فیس بک کچھ نہیں کرتی، لیکن میں نے اپنی ویڈیو کے ٹائٹل میں بھارت کے بارے میں صرف اتنی سی بات لکھی تھی ’’انڈیا تیری ایسی کی تیسی‘‘ اورمیرا فیس بک اکاؤنٹ تین دن کے لیے معطل کردیاگیا۔

وقار ذکا نے کہا سوشل میڈیا کا کوئی بھی پلیٹ فارم ہو وہاں زیادہ تر بھارتی بیٹھے ہیں اور بھارت کے خلاف کچھ بھی کہنے پر ہماری آواز بند کرنے آجاتے ہیں۔ وقار ذکا نے پاکستانی سوشل میڈیا پر سرگرم افراد کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں جتنے بھی یوٹیوبرز ہیں سب پیسے اور سبسکرپشن کے پجاری ہیں اور کشمیر کی حمایت میں آواز نہ اٹھانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم اس موضوع پر ویڈیو بنانا نہیں چاہتے کیونکہ ہماری ویڈیو بنانے سے کیا ہوگا؟

وقار ذکا نے کہا کہ آپ نہیں بولیں گے تو کون بولے گا کیونکہ آواز اس کی سنی جاتی ہے جسے لوگ جانتے ہیں۔ لیکن یہ لوگ کشمیر کی حمایت یا بھارت کے خلاف کوئی ویڈیو نہیں بنائیں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو بھارت ان پر پابندی لگوادے گا۔ وقار ذکا نے فیس بک انتظامیہ کوبھی  آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میرا اکاؤنٹ دو بار بند ہوچکا ہے کہاں گئی اظہار رائے کی آزادی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو نے کشمیر کے معاملے پر وی لاگ بنانے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھاکہ میں کشمیر پر ویڈیو نہیں بناؤں گا کیونکہ میں پہلے بھی سیاسی اور مذہبی موضوع پر ویڈیوبنانے کی غلطی کرچکاہوں۔

لاہور: سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
 
سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گی، پاکستان نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔
 
سری لنکن میڈیا نے وزیر کھیل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہم پاکستان میں 3 ون ڈے میچز کھیلنے کی پلاننگ کر رہے ہیں، پاکستان سری لنکا سیریز مرحلوں میں شیڈول ہے، پہلے مرحلے میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شامل ہے جب کہ دسمبر میں پاکستان نے 3 ون ڈے میچوں کی میزبانی کرنی ہے۔
دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق ابھی بات چیت جاری ہے، سری لنکا نے باضابطہ طور پر کسی بھی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا ہے۔
 
 
 
 
اسٹاک ہوم : ایرانی وزیرخارجہ کے دورہ سویڈن کے موقع پر سول سوسائٹی کی طرف سے سخت احتجاج کیا گیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔
 
عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے اسٹاک ہوم پہنچنے پربڑی تعداد میں لوگ ایران کے خلاف نعرے لگاتے سڑکوں پرنکل آئے۔مظاہرین نے اسٹاک ہوم میں ایرانی وزیرخارجہ اور حکومتی نمائندوں کے درمیان ہونے والے اجلاس کے مقام کی طرف جانے کی کوشش کی جس پر پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔
 
پولیس اور مظاہرین کے درمیان پرتشد جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ کم سے کم تین مظاہرین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ پرتشدد مظاہروں کے بعد 62 افراد کو مظاہرے کے مقام سے منتشر کیا گیا۔
 
یہ مظاہرین دارالحکومت اسٹاک ہوم کے وسطی علاقے سولنا میں جمع تھے اور ایرانی وزیرخارجہ کی آمد کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔سماجی کارکنوں نے سویڈیش پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے تصادم کی تصاویر اور فوٹیج سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں۔
 
اسٹاک ہوم پولیس کی ترجمان ایوا نیلسن نے کہا کہ لوگوں کو احتجاج کی اجازت دی گئی مگرجب انہوں نے پرامن احتجاج کی حدود کو پامال کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔
 
سویڈن کی اپوزیشن جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی ایرانی وزیرخارجہ کی اسٹاک ہوم آمد کے خلاف احتجاج کے ساتھ جواد ظریف کا استقبال کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پشاور: خیبر پختونخوا میں ٹل بلاک سے تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا۔ تیل و گیس کا ذخیرہ پاکستان آئل فیلڈ نے دریافت کیا۔
 
ذخیرے سے یومیہ 1 کروڑ 82 لاکھ مکعب فٹ گیس نکلے گی، ذخیرے سے یومیہ 1 ہزار844 بیرل تیل بھی نکلے گی۔ تیل و گیس کے اس ذخیرے سے کمرشل پروڈکشن دسمبر 2019 میں شروع ہوگی۔
سینٹ جونز: بھاری بھرکم کرکٹر راہکیم کورنویل وزن کم کرنے کیلیے بورڈ کی جانب سے خصوصی ڈائٹ پلان ترتیب دیا گیا تھا جس کی بدولت وہ 6 ماہ میں 10 کلوکی کمی لا سکے۔
 
ویسٹ انڈین ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل بھاری بھرکم کرکٹر راہکیم کورنویل اپنے آبائی علاقے میں ’جمبو‘ کے نام سے مشہور ہیں، ان کا اس وقت وزن 140 کلوگرام ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ وزن کم کرنے کیلیے بورڈ کی جانب سے خصوصی ڈائٹ پلان ترتیب دیا گیا تھا جس کی بدولت وہ 6 ماہ میں 10 کلوکی کمی لا سکے۔
 
راہکیم کو بھارت کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اگر وہ میدان میں اترے تو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے سب سے بھاری بھرکم پلیئر ہوں گے۔ سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد نے بھی انھیں قیمتی مشوروں سے نوازا ہے۔

ممبئی: بھارتی گلوکار میکا سنگھ پاکستان میں پرفارمنس کے حوالے سے کی جانے والی تنقید سے اتنے تنگ آگئے کہ اپنے ہی میڈیا پر چلا اٹھے اورانہیں دوغلی پالیسی اپنانے پر آئینہ دکھایا۔

بھارتی گلوکار میکا سنگھ کی چند روز قبل پاکستان میں شادی کی تقریب کے دوران پرفارمنس پر ہندو انتہا پسند اور نفرت انگیز بھارتی میڈیا شدید برہم ہے اور میکا سنگھ کے معافی مانگنے کے باوجود انہیں تنگ کرنے سے باز نہیں آرہا۔

گزشتہ روز میکا سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے اس ماحول میں پاکستان میں پرفارمنس کرنے کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کشیدگی سے بہت پہلے معاہدہ طے کیاتھا لہٰذا جب مجھے ویزا موصول ہوا تو میں چلا گیا۔ میکا سنگھ نے پاکستان میں پرفارم کرنے پرمعافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ یہ غلطی نہیں دہرائیں گے۔

میکا سنگھ کی جانب سے پاکستان میں دوبارہ پرفارم نہ کرنے کی یقین دہانی کے باجود بھارتی میڈیا ان پر چڑھ دوڑا اور انہیں اپنے سوالوں سے زچ کرنا شروع کردیا تو میکا سنگھ آپے سے باہر ہوگئے اور اپنے ہی میڈیا کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ کیا آپ لوگوں کو معلوم ہے کہ دو ماہ قبل پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور نیہا ککڑ نے ایک ساتھ پرفارم کیا تھا؟ کیا آپ کو یہ بھی معلوم ہے کہ سونو نگم نے چار ماہ قبل عاطف اسلم کے ساتھ پرفارم کیاتھا؟ تب کسی نے کچھ کیوں نہیں کہا؟

میکا سنگھ نے کہا کہ جب میں کچھ کرتاہوں تو میڈیا فوراً اسے پکڑ کر اپنی سرخیاں بنانے میں لگ جاتاہے۔ آپ لوگ چاہتے ہیں کہ مجھے غصہ آئے  تاکہ آپ لوگ اسے اپنے چینلز پر دکھائیں اور اپنے اخباروں کی سرخیاں بنائیں۔

اسلام آباد:  محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ ہفتے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں 28 اور 29 اگست کو کراچی سمیت زیریں سندھ میں بارش کا امکان ہے۔ مون سون کے نئے سسٹم کی شدت سابقہ دونوں سسٹمز سے کم ہے ، اس لئے بارشوں کی شدت بھی معتدل ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں برس کراچی میں کئی برسوں کے بعد اچھی مون سون بارشیں ہوئی ہیں۔ تاہم انتظامیہ کی غفلت کے باعث یہ رحمت شہریوں کے لئے زحمت بنی ہوئی ہے۔

 
 
 
 
 
کراچی : معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعیدغنی نے چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
 
معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات شروع ہوگئیں ، عرس کی تقریبات کا آغاز رات گئے سے شروع ہوئی، جب ان کے مزار کو مزار کو ہزاروں من عرق گلاب صندل اور کستوری سے غسل دیا گیا۔
 
صبح کے وقت صوبائی وزراناصر حسین شاہ اور سعید غنی نےعبداللہ شاہ غازی کےمزار پر حاضری دیتے ہوئے چادر چڑھائی اور فاتح خوانی کرکے عرس کاباقاعدہ آغازکیا۔
 
عبداللہ شاہ غازی کے 1289 واں عرس مبارک میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، انتظامیہ عرس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو مختلف مقامات پر تعینات ہیں ، جو تین مختلف مراحل میں زائرئن کی تلاشی لینے پر مامور ہیں۔
 
مزار کے دونوں اطراف ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے اور زائرئن کو پیدل مزار پر جانے کی اجازت ہو گی جبکہ زائرین کی سہولت کیلئے دودھ شربت اور پانی کی سبیلیں بھی لگا دی گئیں، جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔
 
عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے دوران مزار پر لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے، مزار کے اندرونی حصے میں ثناء خوانی، فاتحہ خوانی اور قصیدہ پڑھنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ عرس کی تقریبات بائیس سے چوبیس اگست تک جاری رہیں گی۔
 
چوبیس اگست کواختتامی تقریب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ چادرپوشی سے کریں گے۔
 
خیال رہے سید ابو محمد عبلہ المعروف عبداللہ شاہ غازی نے98ہجری میں مدینہ منورہ کے ایک معزز گھرانے میں آنکھ کھولی، آپ کاشجرہ نصب حضرت علی علیہ السلام سے ملتا ہے، ایک سو اڑتیس ہجری میں عبداللہ شاہ غازی تبلیغ دین کے لیے سندھ تشریف لائے اور 12برس تک اسلام کی تبلیغ میں سرکرداں رہے، آپ کے مزار پر آنے والے زائرین میں ہرمذہب کے افراد شامل ہوتے ہیں۔
 
 
 
 
 
لاہور: مقبوضہ کشمیرپرعالمی دنیا کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے ’’کشمیر توجہ چاہتا ہے‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کی تنظیمات کے نمائندگان اور میڈیا کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طلبہ شریک تھے۔
 
کشمیر توجہ چاہتا ہے کہ عنوان سے منعقدہ سیمینارکشمیر یوتھ الائنس اور اپیکس گروپ آف کالجز کے زیراہتمام لاہور میں منعقد ہوا ، سیمینار کی صدارت رانا عدیل ممتاز کررہے تھے جبکہ مقررین میں اینکراسامہ غازی، سینئر صحافی واستاد ڈاکٹر مجاہد منصوری، اسلامک سکالر اشتیاق گوندل، یوتھ ایکٹیوسٹس رضی طاہر، طہ منیب، عدیل احسن، مہک زہرا، عائشہ صدیقہ اور بلال شوکت آزاد شامل تھے۔
 
رانا عدیل ممتاز نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی نوجوان بھارت کو ہر محاذ ہر شکست دینے کیلئے آگے بڑھیں، پہلا قدم ٹیکنالوجی ہے، اس کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں، مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم دنیا پر تنقید کی اور کہا کہ کوئی اسلامی ملک حقیقی غیرت اسلامی کا مظاہرہ نہیں کررہا، مسلمان کشمیر میں مسلسل جانیں دے رہے ہیں اور ہمیں مالی مفادات عزیز ہیں۔
 
 
 
بھارت ایک جانب کشمیر میں خون کی ندیاں بہا رہا ہے اور دوسری جانب آبی جارحیت دکھا رہا ہے، کبھی بن بتائے پانی کھول دیتا ہے جو سیلاب کا سبب بنتے ہیں اور کبھی پانی روک کر خشک سالی کا سبب بنتا ہے، دنیا کو بتادینا چاہتا ہوں پاکستان کا پانی روکیں گے تو 20کروڑ خودکش بمبار تیار ہوجائیں گے، ڈاکٹرمجاہد منصوری نے کہا کہ حیران ہوں کہ نئی دہلی میں بیٹھے 100سے زیادہ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان کو کشمیرکی صورتحال دکھائی کیوں نہیں دیتی؟۔میڈیا کے طلبہ سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے سامنے سوال کریں کہ یہ کیسی بے حسی ہے۔
 
اسلامک سکالر اشتیاق گوندل نے کہا کہ ایک انسانیت کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، ہم مسلمان ہیں اور بحیثیت مسلمان کسی خطے میں ظلم ہو ہم اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا حصہ ہے، تاریخ کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، اینکر اسامہ غازی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگلے دو سال بہت اہم ہیں، کشمیر میں تحریک آزادی میں نیا جذبہ پیدا ہوگا، مودی کو بہت جلد اپنی غلط پالیسیوں کا احساس ہوگا، کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔
 
سیمینار سے رضی طاہر، رانا عدیل احسن، طہ منیب اور بلال شوکت آزاد نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے اہل کشمیر پر ہونے والے ظلم وستم کو روکنے کیلئے عالمی دنیا کو جھنجھوڑا، اقوام متحدہ سے مخاطب ہوکر نوجوان مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ دراصل اقوام شرمندہ بن چکی ہے جبکہ او آئی سی بھی محض مذمتی بیانات تک محدود ہے۔
لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب ) کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت مل گئی، کیس میں نوازشریف ، فوادحسن فواد،آفتاب سلطان سمیت دیگرافراد سے تفتیش کی جا چکی ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا اور نیب کی تفتیشی ٹیم نے عدالت سے اجازت مانگ لی۔
 
ذرائع کے مطابق احتساب عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر عبدالماجد کو تفتیش کی اجازت دے دی۔
 
خیال رہے اس کیس میں نوازشریف ، فواد حسن فواد، آفتاب سلطان سمیت دیگر افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے۔
 
یاد رہے رواں سال جون میں چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔