پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تین سال سے ایک پوسٹ پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایت کردی۔
 
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، اٹارنی جنرل سلمان، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو نے شرکت کی۔
 
اجلاس میں سیکریٹری سروسز نوید شیخ، سیکریٹری صحت اور وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری فیاض جتوئی بھی موجود تھے۔
 
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں تین سال سے ایک پوسٹ پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایت کی، فیصلہ بہترگورننس، اداروں کی کارکردگی کو بہترکرنے کے پیش نظرکیا گیا۔
 
مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کواداروں کو بہتربنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں۔
 
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں بہتر کارکردگی کے لیے لوکل گورنمنٹ میں اچھے افسران کوتعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
 
 
‌یاد رہے کہ رواں سال 29 جون کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کے فور منصوبےکی تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی کے تحت ایک بار پھر کرکٹ بورڈ سربراہ احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

پی سی بی حکام نے ہر 3 ماہ بعد اخراجات کی تفصیل ویب سائٹ پر جاری کرنےکی پالیسی اپنارکھی ہے۔ جس کے مطابق‏ گزشتہ ایک برس میں کرکٹ سربراہ احسان مانی کے مجموعی اخراجات ایک کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 76 روپے رہے۔ بورڈ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ احسان مانی نے مختلف الاؤنسسز کی مد میں 81 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کرنے سے انکار کیا ہے۔

پی سی بی چیف کی رہائش کی مد میں 26 لاکھ جب کہ 7 لاکھ روپے سے زیادہ کے اخراجات گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں ہوئے۔ ان کے غیر ملکی دوروں پر کرکٹ بورڈ کے خزانے سے 50 لاکھ روپے نکلے۔ چیئرمین پی سی بی کی اہلیہ کے غیر ملکی دورے بورڈ کو 3 لاکھ 30 ہزار میں پڑے۔

ویب سائٹ پر جاری کردہ دیگر تفصیلات کے مطابق احسان مانی کے اندرون ملک سفر پر 8 لاکھ 92 ہزار روپے، سیکیورٹی گارڈ اور ملازمین کی مد میں 3 لاکھ 45 ہزار روپے اور گورننگ بورڈ میٹنگ کے 20 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ ایک سال میں چیرمین پی سی بی کی صدارت میں گورننگ بورڈز کی 5 میٹنگز مختلف شہروں میں ہوئیں۔ ان پر 45 لاکھ سے زائد اخراجات منظر عام پر آئے ہیں۔ بورڈ ممبران نے 10 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد کی رقم میٹنگ الاؤنس جب کہ 9 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد رقم ڈیلی الاؤنس کی مد میں حاصل کی ۔ گورننگ بورڈ ممبران کی رہائش پر 10 لاکھ 43 ہزار جب کہ 15 لاکھ روپے سفری اخراجات بھی دستاویز کا حصہ ہیں۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ نکاح کے بعد اپنی اہلیہ کے ساتھ رقص کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

 دو روز قبل بھارتی لڑکی سامعیہ کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھنے والے قومی کرکٹر حسن علی کی شادی کے چرچے سوشل میڈیا پر ابھی تک جاری ہیں اور ان کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو ان کے نکاح کے بعد کی ہے جس میں حسن علی اپنی اہلیہ کے ساتھ رقص کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور خوشی سے جھوم رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حسن علی نے نکاح سے قبل دبئی میں اپنی اہلیہ کے ساتھ فوٹوشوٹ بھی کرایا تھا جس کی تصاویر کو لوگوں نے بہت پسند کیاتھا۔

اسلام آباد:پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر وزارت مذہبی امور نے زائرین کوبھارت جانے سے روک دیا۔

پاک بھارت کشیدگی کے باعث زیارت کیلیے بھارت جانے والے زائرین مشکلات سے دوچارہیں،حالات کے پیش نظر وزارت مذہبی امور نے زائرین کوبھارت جانے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق ہرسال زائرین بھارت میں خواجہ معین الدینؒ اجمیر شریف ،حضرت مجدد الفؒ سرہند شریف اور حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ جاتے ہیں۔ زائرین وزارت مذہبی میں فیس بھی جمع کرا چکے ہیں۔

اسلام آباد:  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف نے شادی کی عمر 18 سال مقرر کرنے سے متعلق بل کثرت رائے سے مسترد کر دیا۔

چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیرصدارت اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا16 سال کی عمر مقرر کرنا بھی شرعی نہیں ،کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی اور عوامی شعور بیدار کیاجائے۔ریاض فتیانہ نے کہا سری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملے اورسیالکوٹ جیل میں ججوں کے قتل کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی)بل 2019 ء پر غور کیا گیا ،وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا سول مقدموں میں تیس، چالیس سال لگ جاتے ہیں ،حکم امتناع کے بعد مقدمہ قطار میں لگ جاتا ہے ،اس کی وجہ سے بنیادی مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوتا، یہی راستہ ہے کہ حکم امتناع کے ساتھ بنیادی مقدمہ نہ رکے،جس سے چھ ماہ میں بنیادی مقدمے کا فیصلہ ہو جائے گا۔

نفیسہ شاہ نے کچھ شقوں پر اختلاف کرتے ہوئے کہا اس سے تین عدالتیں ہو جائیں گے۔ اس موقع پر کمیٹی نے رائے شماری کرائی جس کے بعد کثرت رائے سے بل منظور کر لیا گیا۔ عالیہ کامران اور نفیسہ شاہ نے اختلافی نوٹ لکھ دیا۔

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں مصروف ہیں، ایک ہفتے کے دوران قابض بھارتی فوج کے کریک ڈاؤن اور سرچ آپریشنز میں 4 کشمیری شہید ہو گئے، سیکڑوں کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں زخمی ہو چکے ہیں۔ ہم عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ دنیا کشمیریوں کی جسمانی اور ذہنی اذیت کا اندازہ نہیں لگا سکتی۔ ایک کروڑ 40لاکھ کشمیریوں کو محصور کر دیا گیا ہے۔ ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ بھارت کب تک کرفیو لگا کر رکھے گا؟ ظلم بڑھے گا تو ختم ہو جائے گا۔

 مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستان کا موقف اصولی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا یہی جذبہ رہے گا، سندھ طاس معاہدے کی اس سال بھارت نے ابھی تک تجدید نہیں کی، یو اے ای کا مودی کے لیے ایوارڈ 2 ملکوں کا باہمی معاملہ ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کا کشمیر پر بیان خوش آئند ہے، آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
کرتار پور کوریڈور کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کرتارپور راہداری وقت پر کھل جائے، بھارت مانے گا تو بات آگے بڑھے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں ایک بھی پاکستانی پھنسا ہوا نہیں اور پاکستان میں موجود بھارتی شہری واہگہ سرحد سے واپس جاسکتے ہیں۔

کابل میں داعش کے خودکش حملے سے متعلق ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیےعالمی کوششوں کی حمایت کرتاہے، پاکستان میں داعش کا وجود نہیں، ہمسائے ملک میں داعش کی موجودگی پر تشویش ہے، افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، کابل دھماکوں میں ملوث دہشت گرد کے پاکستانی ہونے سے متعلق داعش کے دعوے کو مسترد کرتے ہیں۔

اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کردیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کردیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے دفاع اور 342 کے بیان کے لئے رضا بشیر کی بطور وکیل دفاع تقرری کا نوٹی فکیشن 3 روز میں جاری کردیا جائے جب کہ رضا بشیر کو اخراجات بھی وزارت قانون ادا کرے گی۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 اگست کو ہوگی۔

اس سے قبل جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ وزارت قانون نے پرویز مشرف کے دفاع اور 342 کے بیان کیلئے 14 ناموں پر مشتمل وکلاء پینل عدالت میں جمع کروایا۔ وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم کیلئے وکیل مقرر کرنا عدالت کی صوابدید ہے، فہرست میں شامل کسی نام پر اعتراض نہیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ بھارت سے مزید بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ اس کا اب کوئی فائدہ نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے بات چیت کےلیے بہت کچھ کہہ چکاہوں لیکن بھارت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، بدقسمتی سے بھارت نےمیری باتوں کومحض اطمینان کےلیےلیا، بھارت سےبات چیت کےلیےمزیدکچھ نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم نے کہا امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کوانتہائی تباہ کن صورتحال کے خدشے سے آگاہ کردیا، نئی دلی حکومت نازی جرمنی جیسی ہے، خدشہ ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہونے والی ہے، 80 لاکھ کشمیریوں کی جانیں خطرے میں ہیں، کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے دنیا کواس صورتحال سےخبرداررہناچاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دوایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں کچھ بھی ہوسکتاہے، اقوام متحدہ کی امن فوج اورمبصرین مقبوضہ کشمیر بھیجے جائیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ آج مذہبی بنیادوں پر تشدد کا نشانہ بننے والوں کے پہلے عالمی دن کے موقع پر ہم دنیا کی توجہ بھارت کے جبرواستبداد میں گھرے لاکھوں کشمیریوں کی جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں جنہیں توہین و تشدد کا سامنا ہے۔ جن کے تمام بنیادی انسانی حقوق سلب کرکے ہر قسم کی آزادیوں سے محروم کیا جاچکا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں سے عید الاضحیٰ سمیت دیگر مذہبی شعائر کے اہتمام کا حق بھی چھین چکی ہے۔ آج جب دنیا مذہبی عقائد کی بناء پر تشدد کا نشانہ بننے والوں سے اظہار یکجہتی کرنے جارہی ہے، اسے مقبوضہ کشمیر میں عنقریب ہونے والے قتل عام کا رستہ روکنے کیلئے بھی متحرک ہونا ہوگا۔

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اگلے سال دورہ انگلینڈ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
 
پروگرام کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کا 5 ہفتوں پر مشتمل دورہ 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک جاری رہے گا، دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
 
پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020 تک اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا، تیسرا ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست 2020 تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ 29 اگست 2020 کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ 31 اگست 2020 کو کارڈف میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں منعقد ہوگا۔
 
ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کے مطابق سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سریز سے آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی، 4 سالوں میں تیسری 2 طرفہ سیریز کا انعقاد پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022 میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے۔ جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
 
 
 
 
تہران: ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کیا ہوا ہے، برطانیہ جان بوجھ کر خطے میں مسئلہ کشمیر چھوڑ کر گیا۔
 
آیت اللہ خامنہ ای نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے فکر مند ہیں، بھارت خطے میں مسلمانوں کو دبانے کی روش ترک کرے۔
 
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال برطانوی حکومت کے ان شیطانی اقدامات کا نتیجہ ہے جو اس نے برصغیر کو چھوڑتے وقت کیے تھے۔
 
 
ایران کے روحانی پیشوا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ کشمیریوں سے مناسب رویہ رکھے، بھارت اپنی کشمیر پالیسی کو مناسب بنائے۔
 
تازہ ترین خبریں پڑھیں: سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ
 
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ انھیں کشمیر میں مسلمانوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت سے توقع ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا اور خطے میں مسلمانوں پر ظلم کی روش کو ترک کرے گا۔
 
یاد رہے دو دن قبل تہران میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔
 
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
 
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، آج وادی میں نافذ کرفیو کو 17 دن ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں رابطے کے تمام ذرایع بھی منقطع ہیں۔