پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں گاڑیوں کی خریداری، ملازمتوں کی نئی اسامیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

وفاقی حکومت نے مالی کفایت شعاری پالیسی کے تحت رواں مالی سال2019-20 کے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں گاڑیوں کی خریداری، ملازمتوں کی نئی اسامیوں پر پابندی عائد کردی ہے اور صرف موٹر سائیکل خریدے جاسکیں گے۔

وزارتوں و ڈویژنوں میں نئی گاڑیوں اور نئی اسامیوں کی ناگزیر ضروریات کا جائزہ لینے کیلیے ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ (اخراجات)کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

کراچی: فیروز آباد پولیس نے عدالتی حکم پر گھریلو ملازمہ کی خودکشی کے واقعے کا قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

9 اگست کو فیروز آباد کے علاقے میں بنگلے سے تیرہ سالہ فضیہ کی لاش ملی تھی جوکہ چھت سے لٹکی ہوئی تھی ، مرنے والی لڑکی فضیہ کے والد غلام یاسین نے الزام عائد کیا ہے کہ بنگلے کے مالک نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ان کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے بعد انھوں نے قتل کرکے واقعے کو خودکشی کا رنگ دے دیا۔

واقعہ 9 اگست کو پیش آیا تھا لیکن پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے باعث عدالت سے رجوع کیا گیا جس کے بعد عدالتی حکم پر فیروز آباد پولیس نے جمعہ کو مقدمہ تین ملزمان کاشف ، ذیشان اور عثمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

غلام یاسین کے مطابق انھوں ںے پانچ ماہ قبل اپنی بیٹی کو فیروز آباد میں ذیشان اور اس کی اہلیہ سالکہ کے گھر بطور ملازم رکھوایا تھا جس کے عوض اسے تیرہ ہزار روپے ماہانہ ملتے تھے لیکن وقوعہ کے وقت اسے فون آیا کہ اس کی بیٹی کے ساتھ کچھ ہوگیا ہے۔ وہ فوری طور پر بنگلے پر پہنچے ، جب وہ بنگلے پر پہنچا تو اپنی بیٹی کی لاش کو لٹکا ہوا پایا جبکہ پولیس بھی موجود تھی۔

غلام یاسین کا الزام ہے کہ پولیس نے ان کی کوئی بات نہیں سنی اور واقعہ خودکشی قرار دے کر فائل بند کردی ، مجبوراً انھوں نے عدالت کا سہارا لیا ، اس سلسلے میں ایس ایچ او فیرو ز آباد اورنگ زیب خٹک نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی تھی جس میں تینوں نامزد ملزمان کے موبائل فون کی لوکیشن اور دیگر ضروری سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں، نامزد افراد کا گاڑیوں کا شوروم ہے۔

موبائل فون لوکیشن کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ وقوعہ کے روز تینوں افراد بنگلے پر موجود نہیں تھے تاہم چونکہ عدالت کا حکم ہے لہٰذا مدعی کے بیان کے عین مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں ںے بتایا کہ مرنے والی لڑکی کا موبائل فون پولیس نے حاصل کرلیا ہے جس میں کئی اہم معلومات ملی ہیں ، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

کراچی: ملک بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں امسال یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت داخلے ممکن نہیں۔
 
سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں امسال یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت داخلے ممکن نہیں، یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت ملک کے تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلیے بیک وقت انٹری ٹیسٹ منعقد کیے جاتے ہیں لیکن امسال سندھ اور بلوچستان میں 8 ستمبر جبکہ صوبہ پنجاب اورکے پی کے میں 25 اگست سے انٹری ٹیسٹ منعقدکیے جائیں گے لیکن پی ایم ڈی سی کے حکام سندھ اور بلوچستان کے امیدواروں کے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ مقررکرنے میں غلطی کر گئے۔
 
8 ستمبرکو محرم الحرام ہوگا جس کی وجہ سے مذکورہ تاریخ پر انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ممکن نہیں جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں داخلوں کیلیے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ کا دوبارہ اعلان کیا جا سکتا ہے اس طرح 2 صوبوں میں 25 اگست جبکہ 2 صوبوں میں محرم الحرام کے بعد انٹری ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے، امسال انٹری ٹیسٹ 2 مرحلوں میں لیے جائیں گے، انٹری ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروسزکے تحت لیے جائیں گے۔
 
ادھر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے نئے آرڈینس کی مدت 5 ستمبر کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد پی ایم ڈی سی عملاً غیر فعال ہو جائے گی جب ملک بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال برائے2019-20 میں داخلوں کا عمل شروع ہوگا، اس وقت پی ایم ڈی سی غیر فعال ہوجائیگی اورملک بھر میڈیکل ونجی کالجوں میں یونیفارم داخلہ پالیسی کے مطابق داخلے شروع نہیں کیے جا سکیں گے۔
 
کراچی سمیت سندھ کے پبلک و نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں امسال داخلے جامشورو میں واقع لیاقت میڈیکل یونیورسٹی (لمس) کے تحت دیے جائیں گے۔ لمس یونیورسٹی ہی میرٹ لسٹ جاری کرے گی،کراچی ، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں بیک وقت انٹری ٹیسٹ منعقدکیے جائیں گے۔
 
واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی کا نیا آرڈینس جو جنوری 2019میں صدارتی حکم نامے کے تحت جاری کیاگیا تھا سینیٹ سے منظور نہیں کیا جا سکا ،آرڈینس کے 240دن مکمل ہونے کے بعد5 ستمبر کو آرڈینس کی مدت ختم ہو جائے گی جس کے بعد ایک بار پھر نیا ترمیمی آرڈینس جاری کیا جائے گا، اس دوران پی ایم ڈی سی غیر فعال رہے گی۔
کراچی: پاکستان فری لانسنگ میں اضافے میں بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
 
ترجمان پنجاب آئی ٹی بورڈ کے مطابق عالمی ای پے منٹ کمپنی پایونیر نے فری لانسنگ میں سرفہرست 10 ممالک کی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان چوتھے اور بھارت ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔
 
امریکا پہلے، برطانیہ دوسرے، برازیل تیسرے، پاکستان چوتھے، یوکرائن پانچویں، فلپائن چھٹے، بھارت ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں، روس نویں اور سربیا دسویں نمبر پر ہے۔
 
ترجمان آئی ٹی بورڈ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس کے مقابلے میں فری لانسنگ میں 47 فیصد اضافہ ہوا اور سرکاری شعبہ ملک میں فری لانسنگ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
 
پنجاب کا ای روزگار فری لانسنگ پروگرام زرمبادلہ میں اضافے اور بیروزگار میں کمی کا باعث بن رہا ہے، ای روزگار سے فارغ التحصیل 12 ہزار نوجوان انٹرنیٹ سے کام کر کے 14 کروڑ روپے کما چکے ہیں۔
 
 
لاہور:عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی وسیع کردی۔
 
منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ سمیت کو آج انسدادمنشیات عدالت میں پیش کیا گیا۔
 
عدالت میں سماعت کے دوران اے این ایف حکام نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کی۔ عدالت نے رانا ثنااللہ کے دستخط کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج سیل کردی۔
 
رانا ثنااللہ کے وکلا کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جس پراینٹی نارکوٹکس حکام نے ضمانت کی درخواست پردلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔
 
وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اےاین ایف نے جو دستاویزات پیش کیں انھیں پڑھنے کا موقع دیا جائے۔ انسدادمنشیات عدالت نے درخواست ضمانت پر 28 اگست کو وکلا جرح کے لیے طلب کرلیا۔
 
عدالت نے گزشتہ سماعت پرملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع کی تھی۔ عدالت نے فوٹیج پیش کرنے، دیگر ملزمان کو وکیل فراہم کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
 
یاد رہے انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سےلاہورجاتےہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
 
اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کےخلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا ، ایف آئی آر میں کہا گیا رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ، برآمد منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ، روکنے پر راناثنااللہ نے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔
 
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا رانا ثنا اللہ نےاختیارات کاناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کی۔
 
 
 
 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں صحت کارڈ اسکیم کا اجرا کریں گے، دورے کے دوران وزیراعلیٰ شجرکاری مہم کے تحت پودا لگائیں گے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارآج ساہیوال جائیں گے، وزیراعلیٰ مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کریں گے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورے میں مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ سرکٹ ہاؤس میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگائیں گے۔
 
 
یاد رہے کہ رواں ماہ 2 اگست وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد اور چنیوٹ کے لیے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا تھا، انہوں نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے تھے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ االلہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے معاشرے کی خدمت کا موقع دیا، صحت انصاف کارڈ پاکستان کی تاریخ کا ایسا منصوبہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔
 
سردار عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب اور لاچار کے لیے کام کر رہی ہے، صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے، غریبوں کو اسپتال لانے لے جانے کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
 
 
 
 
 
 
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس 29 اگست کو شام پانچ بجے طلب کرلیا۔
 
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس 29 اگست کو شام پانچ بجے طلب کیا ہے، اجلاس کے پہلے دو روز 29 اور 30 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اس حوالے سے حکمت عملی پر بحث ہوگی۔
 
اس کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مسلے کو بین الاقوامی سطحی پر اجاگر کرنے کےلئے پارلیمانی ڈپلومیسی کو موثر طور پر بروئے کار لانے کی حکمت عملی پر بھی تجاویز دی جائے گی۔
 
اجلاس میں قانون سازی کے علاوہ اہم قومی وبین الاقوامی امور اور عوامی نوعیت کے اہم مسائل کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔ چیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ایوان بالا کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
 
 
اسی سلسلے میں گذشتہ روز وزیر اعظم کی زیرصدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں بھارت کےغیرآئینی اقدامات کے خلاف حکومتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
 
یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا، دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدام پر تبادلہ خیال کیا۔
 
 
 
 
 
کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
 
کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مشرق سے ہوا 23 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم کوہاٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے جس کے باعچ کراچی اور زیریں سندھ میں 28 اور 29 اگست کو درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت زیریں سندھ میں ہلکی سے متعدل بارش کا امکان ہے تاہم اس بار مون سون سسٹم پچھلے سسٹم کی طرح مضبوط نہیں ہوگا۔
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا
 
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو این ای ڈی یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے تھر میں ٹی آئی ای ایس ٹی کے حوالے سے بریفنگ دی
اجلاس سےخطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ ٹی آئی ای ایس ٹی تھر میں 18 مختلف شعبوں میں ڈگریاں، ماسٹر ڈگریز اور پی ایچ ڈی آفر کریگی اور داخلہ بھی رواں سال سےکئےجائیں گے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ تھر ملک کا مستقبل ہے، ٹی آئی ای ایس ٹی کا قیام بہتر بڑی کامیابی ہے ٹی آئی ای ایس ٹی کی فکیلٹی بہترین ہو تاکہ انجنیئرز اور ٹیکنیشنز پیدا کر سکیں جبکہ اس پروگرام کےلئے تھر میں دستیاب ٹیچنگ اسٹاف کو ترجیح دی جائےگی۔
 
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےمزیدکہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھر میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا آج چیئرمین کے کیئے گئے وعدے کی تکمیل ہو رہی ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح سکوں محسوس کر رہی ہوگی
 
اس موقع پر یونیورسٹی کےقیام کےلئے300 ایکڑ زمین دینے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگلے 20 سالوں میں 20000 میگاواٹ بجلی کوئلے سے پیدا ہو رہی ہوگی،
تھر میں اتنی اکنامک ایکٹوٹی ہوگی کے یہ یونیورسٹی دنیا کی بہتریں یونیورسٹیز میں شامل ہو جائے گی جبکہ یونیورسٹی میں انڈسٹریل پارک بھی قائم ہوگی
 
 
 وزیراعلیٰ سندھ نے یونیورسٹی، رہائشی کالونی، بہترین اساتذہ کو اچھی تنخواہ اور مراعات دینے کا فیصلہ کیاجبکہ بہتریں طلبہ کو اسکالرشپس تھر فائونڈیشن اور دیگر اداروں سے دلوائی جائے گی
تیونس سٹی : تیونسی وزیر اعظم یوسف الشاہد صدارتی انتخابات میں حصہ لینے لیے فرانسیسی شہریت سے دست بردارہوئے۔
 
تیونس کے وزیراعظم یوسف الشاہد نے اپنی فرانسیسی شہریت سے دست بردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ یہ اقدام ملک میں صدارتی انتخابات میں نامزدگی کے واسطے کیا گیا ہے کیوں کہ تیونس کا آئین صدارتی انتخابات میں نامزد ہونے والوں کو دہری شہریت رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔
 
عرب خبر رساں ادارے کاکہنا تھاکہ یوسف الشاہد نے آئندہ ستمبر میں مقررہ صدارتی انتخابات میں اپنے حریفوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھی یہ قدم اٹھائیں۔
 
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کی صدارت کی ذمے داری اٹھانے کے لیے کوشاں ہیں انہیں انتخابات میں کامیابی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے جس کے بعد وہ یہ قدم اٹھائیں۔
 
میں تمام امیدواروں کو اسی حالت میں دہری شہریت سے دست بردار ہونے کا کہتا ہوں۔سال 2016 سے تیونس کے وزیراعظم کے منصب پر فائز یوسف الشاہد کے فرانسیسی شہریت سے دست بردار ہونے کے فیصلے نے تیونس کے ان لوگوں کے بیچ تنازع پیدا کر دیا ہے جن کو یہ معلوم نہ تھا کہ یوسف الشاہد دہری شہریت رکھتے ہیں