پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو  ایک اور جھٹکا لگ گیا،  پنجاب حکومت نے میٹروبس کے کرایے بڑھا دئیے۔

غریب عوام کے لئے سستی میٹروبس کی موجیں ختم ہو گئیں،  پنجاب حکومت نے لاہور اور راولپنڈی کی میٹرو بس کے کرائے میں 10 روپے کا اضافہ کردیا جس کے بعد مسافر کو یک طرفہ کرایہ 20 کے بجائے 30 روپے ادا کرنا پڑے گا۔

پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد کیبنٹ ونگ نے کرایے میں ا ضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں میٹرو بس پر سبسڈی ختم کرنے اور ایندھن کی قیمت میں اضافے کے بعد مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا تھا۔

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریوینو(ایف بی آر) کیجانب سے کراچی کے کئی ہزار نجی اسکولز اور ٹیوشنز کا سروے کیا گیا ہے۔ایف بی آر حکام کیمطابق شہر میں اچھا منافع بنانے والے 6324 اسکولز ہیں، جن میں سے بیشتر اسکولز اور ٹیوشنز انکم ٹیکس ادا نہیں کررہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں اسکولز اور ٹیوشنزکی ٹیکس عدم ادائیگی سے قومی خزانے کو نقصان ہورہا ہے۔اسی حوالے سے نجی اسکولوں کی ایسویسی ایشن سے ایف بی آر کے مذاکرات ہوے،اسکول ایسوسی ایشن نے ٹیکس ادائیگی کے لیے اسکولز کی حوصلہ افزائی کی یقین دہانی کرادی۔
کراچی: وزیر اعلیٰ سندہ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندہ کے پرسنل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو،سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز،ایڈیشنل سیکریٹری علیم لاشاری اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندہ نے خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرز ٹریننگ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اساتذہ کی اچھی تربیت ہوگی تو وہ بہتر انداز میں پڑھائیں گے،مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ مڈل اور سیکنڈری لیول پر میتھ ،سائنس اور انگلش پڑھانے والے اساتذہ کی بہترین ٹریننگ ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پبلک سیکٹر میں چلنے والے اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر کرنا ہے،وزیر اعلیٰ سندہ نے کہا میں ضلعوں کا دورہ کرنے کے دوران اسکولوں کا دورہ کرتا رہوں گا مراد علی شاہ نے خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نصاب میں ہر لیول پر بہتری لائی جائے،پرائمری لیول پر اگر اچھی تعلیم،بہترین نصاب اور ایکٹیوٹی بیس ایجوکیشن ہوگی تو بچوں میں اعتماد بڑھے گا۔ایسے بچے آگے سیکنڈری میں بہترین طلبہ ثابت ہوں گے۔مڈل اور سیکنڈری لیول پر سائنس،میتھ اور انگلش پڑھانے والے اساتذہ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ میں اسکولوں کے دورے کے دوران کلاس میں جاکر خود طلبہ کا تعلیمی معیار دیکھوں گا۔
وزیر اعلیٰ سندہ مراد علی شای نے پرائمری لیول پر بہتری لانے کا ہدف سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو دیدیا۔
 
 
 
مکہ مکرمہ: مسجد الحرام کے صحنوں میں دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، 300 سے زائد دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی، اس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت نصیب ہو گا۔
 
مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا کہ مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) کے ساتھ مسجد نبوی شریف ( مدینہ منورہ ) کے صحنوں کے باقی حصے میں بھی دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رواں حج سیزن ختم ہوتے ہی شروع کر دیا جائے گا اور آئندہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔
 
ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تعمیر و توسیع اور تزئین و خدمات کے سارے منصوبے آئندہ 2برسوں کے دوران مکمل کر لئے جائیں گے۔
 
انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300سے زائد دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی، خانہ کعبہ کے اطراف صحن میں بھی سائبان نصب ہو گا، جس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت نصیب ہو گا۔
 
السدیس نے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان نے اس احساس کے تحت کہ زائرین کو طواف ، نماز ، عباد ت اور آنے جانے میں دھوپ کے مسئلے سے دوچار نہ ہونا پڑے دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، اعلیٰ قیادت کے حکم کے مطابق یہ کام اعلیٰ اور معیاری شکل میں انجام دیا جائے گا۔
 
واضح رہے کہ 2008 کے دوران سعودی حکومت نے مسجد حرام کے صحن کو ڈھانپنے کیلئے بہت ہی بڑی بڑی چھتریاں لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
 
سال 2014 میں اپنی وفات سے کچھ روز قبل سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ نے مسجد الحرام میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے خصوصی چھتریوں کی تنصیب کا فرمان جاری کیا تھا۔
 
 
 
 
نئی دہلی : بھارتی ایئر چیف نے اپنے ہی ادارے مخدوش حالات کابھانڈاپھوڑدیا اور کہا ہمارےطیارےبہت پرانےہیں، لوگ اتنی پرانی تو گاڑیاں بھی نہیں چلاتے۔
 
بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی دھمکی کے بعد بھارتی فضائیہ کتنی قابل ہے، سربراہ نے خود بتادیا، بھارتی فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنویا نے اعتراف کیا کہ ہیں ہمارے طیارے بہت پرانے ہیں، لوگ اتنی پرانی توگاڑیاں بھی نہیں چلاتے۔
 
ان کاکہنا تھا کہ مگ طیارے 44 سال پرانے پرانے ہو چکےہیں۔
 
خیال رہے پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے27فروری کو بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے، ایک طیارے مگ21کا ملبہ پاکستانی حدود میں گرا جبکہ دوسرا جہاز ایس یو 30 ایم کے آئی بھارتی علاقے میں جاگرا اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
 
دوسری جانب روایتی جنگ کےبعد پاکستان نے انفارمیشن وار فیئر میں بھی دشمن کے چھکے چھڑادیے۔ بھارتی آرمی چیف نے انفارمیشن وار فیئر میں بھارت کی شکست اور پاکستان کی جیت کااعتراف کرلیا۔
 
دہلی میں سابق فوجیوں سے خطاب میں بپن راوت نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ہفتے بھارت کی آپریشنل معلومات لیک ہونے کے سنگین واقعات پیش آئے ہیں، بھارتی آرمی چیف نے ریٹائرڈ فوجی افسران کو سوشل میڈیا کے استعمال میں محتاط رہنے کو کہا اور ہدایت کی کہ پاکستانی سائیبر واریرز سے چوکنا رہنے کے لیے سیکورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عمل کریں۔
 
یاد رہے گزشتہ سال بھی بھارتی ائیرچیف بریندرسنگھ نے اعتراف کیا تھا کہ بھارتی فضائیہ مہارت میں پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتی، دو سو طیارے بھی حاصل کرلیں تب بھی پاکستان اورچین کی فضائی مہارت سے پیچھے ہیں۔
 
واضح رہے 8 مارچ کو بھارتی فضائیہ کا ایک طیارہ مگ 21 راجھستان کے نل نامی ایئر بیس سے اڑنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے گرنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی، اس کے بعد 31 مارچ کو بھی لڑاکا طیارہ مگ 27 راجھستان کے علاقے جودھ پور میں گر کر تباہ ہوا، طیارے کا پائلٹ لا پتا ہو گیا تھا۔

 اسلام آباد: تربیلا ڈیم پانی سے بھرگیا اور مزید پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی۔

انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی انتہائی بلند سطح 1550 فٹ تک پہنچ گیا ہے اور اسپل ویز کھول دیئے گئے ہیں،  ڈیم میں پانی کی آمد اور اخراج 198300 کیوسک ہے جبکہ تربیلا بجلی گھر سے 4888 میگاواٹ بجلی کی پیداوار جاری ہے۔ تربیلا ڈیم کے تمام 17 یونٹ پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان برگیڈیئر مختار احمد کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کے بہاوٴ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ آج رات سے کل دوپہر تک گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس سے گزرے گا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے وفاقی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کےلیے پی ڈی ایم اے پنجاب، متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور پاک فوج کے دستوں نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، دریا کے اطراف نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کی منتقلی کا منصوبہ تیار ہے اور ہنگامی کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کاروباری طبقے اور بیوروکریٹس سے متعلق نیب قوانین پر نظرثانی کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے کاروباری طبقے اور بیوروکریٹس سے متعلق نیب قوانین پر نظرثانی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو ای بلنگ اور ای بڈنگ نظام متعارف کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلز کی ادائیگی اور ٹھیکوں کی بولی مکمل طور پر آن لائن کی جائے۔

وفاقی کابینہ نے پاک ترک اقتصادی فریم ورک اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔ مراد سعید نے وزارت مواصلات کی ایک سالہ کارکردی پر کابینہ کو بریفنگ دی اور وزیراعظم عمران خان نے وزارت مواصلات کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
 
 
 
 
 
کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کراچی والوں کو پیغام میں کہا ہے کہ کراچی کے عوام حکومت سندھ کو ٹیکس دینا بندکردیں،اپنا ٹیکس وفاق یا کے ایم سی کو دیں، کراچی کی صورتحال کی سندھ حکومت ذمہ دارہے۔
 
میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کراچی کی عوام سےکہتاہوں سندھ حکومت کوٹیکس دینا بند کردیں، ہم کبھی بحریہ ٹاؤن سے درخواست کرتے ہیں تو کبھی کسی اور سے، علی زیدی کراچی کے مسائل کے حل کیلئے چندہ جمع کر رہے لیکن چندے سے کب تک مسائل حل ہوں گے، وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
 
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری سےدرخواست کروں گا واٹربورڈکودیکھیں، پانی نہ ہونےکی وجہ سےکراچی کےلوگ مشکل میں ہیں، ایم پی اے ایم این اے واٹر بورڈ سے بات کرنے جارہے ہیں۔
 
وسیم اختر نے کہا ہم ایف ڈبلیو او اور بحریہ ٹاؤن سے مدد لے رہے ہیں، سیوریج کا پانی پورے شہر میں ابل رہاہے، ساراملبہ نالوں میں پھینکاجارہا ہےاس طرح نالے صاف نہیں ہوں گے۔
 
 
ان کا کہنا تھا کہ کراچی فیڈرل اورسندھ حکومت کوجوپیسہ دیتاہےوہ کہاں جاتاہے، کوئی نہیں آتاکراچی کیلئےکوئی نہیں پوچھتا، میرےاستعفیٰ دینے سے کچھ نہیں ہوگا، کراچی کےلوگ ٹیکس دیتےہیں لیکن سہولتیں نہیں مل رہیں۔
 
میئر کراچی نے کہا اپیل کرتاہوں کہ ہرپارٹی کاکارکن ہمارےساتھ کھڑاہو، آئیں ہم سب ملکرکراچی کوصاف کریں، شہرکوپانی دینااورسیوریج صاف رکھنا سندھ حکومت کا کام ہے ، وسائل نہیں ہیں اس لئےڈسٹرکٹس پوراکام نہیں کرسکتے۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال کی سندھ حکومت ذمہ دارہے، کراچی ہرجماعت کواقتدارمیں لیکرآیالیکن شہرکوکسی نےنہیں پوچھا، لوگوں سے کہوں گاکہ کراچی کےمسائل کیلئے آواز اٹھائیں۔
 
وسیم اختر نے کہا سندھ حکومت کیخلاف آوازاٹھائیں جوٹیکس کھارہےہیں، میرےپاس3کروڑکامینڈیٹ ہےمیں میئرہوں کراچی کا، اب تک کراچی کے مسئلے پر سندھ حکومت نہیں بیٹھی۔
 
ناصرحسین شاہ سے کہتاہوں کہ خدارا سنجیدہ ہوجائیں
انھوں نے کہا کہ کےالیکٹرک اگرفیل ہوگئی توبجلی کاکام کون کرے گاان کوفکرنہیں، سندھ حکومت نےتاحال کوئی بی پلان نہیں بنایا، میں ناصرحسین شاہ سے کہتاہوں کہ خدارا سنجیدہ ہوجائیں۔
 
 
 
 
 
 
کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے بہادر آباد میں کم عمر لڑکے ریحان کو چوری کا الزام لگا کر، برہنہ کر کے قتل کرنے والے ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے مزید ریمانڈ پر ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا۔
 
شہر قائد کے علاقے بہادر آباد میں مبینہ طور پر چوری کا الزام لگا کر قتل کیے جانے والے کم عمر ریحان کے قتل کیس کی سماعت سٹی کورٹ میں ہوئی۔
 
سماعت کے لیے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ گرفتار ملزمان نے معصوم بچے کو ظالمانہ طور پر قتل کیا، بچے کو گھر کے عقوبت خانے میں ظلم کا نشانہ بنایا گیا۔
 
وکیل کے مطابق ریحان جمعے کو کام سے پیسے لے کر گھر جارہا تھا، بچے کو چوری کے جعلی الزام کے تحت پنجرےمیں بند کر کے قتل کیا گیا۔ وکیل نے استدعا کی کہ مقدمے میں دہشت گردی اور 30 اے سمیت دیگر دفعات شامل کی جائیں۔
 
ملزمان کے وکیل صفائی نے کہا کہ بے گناہ افراد کو گرفتار کیا گیا، ایف آئی آر میں گھر میں موجود افراد شاہ رخ اور یاسین کا نام ہی نہیں لیکن پولیس کو جو ہاتھ آرہا ہے اسے گرفتار کر رہی ہے۔
 
ملزم دانیال نے عدالت میں بیان دیا کہ مقتول ریحان گھر میں گھسا تھا اور اس کے ساتھ 2 مزید افراد بھی تھے، ’ریحان سمیت 3 افراد میرے گھر میں چوری کی نیت گھسے تھے۔ اہل علاقہ اور ہم نے ریحان کو پکڑ لیا، 2 فرار ہوگئے‘۔
 
ملزم کے بیان پر جج برہم ہوگئے اور دریافت کیا کہ آپ کو کس نےحق دیا قانون اپنے ہاتھ میں لیں؟ جس پر دانیال نے کہا کہ ہم نے ریحان کو تھوڑا سا مارا تھا۔ جج نے مزید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جان سے مار دیا اور کہتے ہیں تھوڑا سا مارا ہے۔ دوسرے ملزم زبیر نے کہا کہ ہم نے چور پکڑا اور تھوڑا مارنے کے بعد رینجرز کو اطلاع دی۔
 
پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ واقعہ سائبر کرائم اور دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، مقدمے میں ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد اور دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرنا ہے، پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
 
عدالت نے ایک ملزم ایاز کی ضمانت منظور کرلی جبکہ مزید 5 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، ملزمان میں دانیال یوسف، زبیر، انس، شارق اور مسعود شامل ہیں۔
 
سماعت کے بعد ریحان کے لواحقین نے کمرہ عدالت کا گھیراؤ کرلیا، اہلخانہ نے فریاد کی کہ انصاف چاہیئے ملزموں کو ابھی پھانسی دو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو کمرہ عدالت سے باہر نکالو اور رینجرز کے حوالے کرو۔
 
لواحقین کا کہنا تھا کہ پولیس سے انصاف کی توقع نہیں۔
 
مقتول کے اہلخانہ کے حملے کے خوف سے ملزمان کو ججز کے زیر استعمال راستے سے باہر نکالا گیا، پولیس ملزموں کو دوڑاتے ہوئے گاڑی تک لے گئی جس کے بعد انہیں جیل لے جایا گیا۔
 
خیال رہے کہ 17 اگست کو سوشل میڈیا پر ایک دلدوز ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں ایک 15 سالہ لڑکے کے ہاتھ باندھ کر اور برہنہ کر کے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
 
پولیس کی کارروائی پر بہادر آباد میں ہونے والے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کا مؤقف تھا کہ ریحان اپنے ساتھیوں کے ساتھ چوری کی نیت سے ان کے گھر میں داخل ہوا تاہم موقع پر پکڑا گیا۔
 
ملزمان کے بیان کے مطابق موقع پر موجود افراد نے مل کر لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کے باعث لڑکے کی حالت غیر ہوئی تو رینجرز کو طلب کیا گیا۔ رینجرز اہلکاروں نے لڑکے کو چھڑایا لیکن اسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی ریحان نے دم توڑ دیا۔
 
دوسری جانب لڑکے کے اہلخانہ کا مؤقف تھا کہ ریحان قصائی کا کام کرتا تھا۔ اس نے عید پر مذکورہ افراد کا جانور ذبح کیا تھا اور ان کے گھر اپنے پیسے لینے گیا تھا جب مذکورہ واقعہ پیش آیا۔
 
لڑکے کی موت پر اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیٹے پر بد ترین تشدد کیا گیا، اگر اس نے چوری کی بھی تھی تو پولیس کے حوالے کیا جاتا۔
 
ورثا نے مطالبہ کیا تھا کہ ریحان کو سفاکی سے قتل کرنے کے بعد ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر ڈالی گئی، واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے
 
 
 
 
 
لاہور: دریائے ستلج میں آج اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ، سیلاب کے باعث قصور، بہاولنگر، پاکپتن، وہاڑی اور بہالپوراضلاع متاثر ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
 
بھارت کی جانب سےپانی چھوڑنےپر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کاخدشہ پیدا ہوگیا، دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
 
ایک لاکھ سے زائد کاسیلابی ریلاآج گنڈاسنگھ کے مقام پر پاکستان میں داخل ہوگا ، سیلاب سےقصور، بہاولنگر،پاکپتن،وہاڑی،بہالپوراضلاع متاثر ہونےکااندیشہ ہے جبکہ سیلابی ریلےسےمیلسی حاصل پورکےعلاقوں کےمتاثرہونےکابھی خدشہ ہے۔
 
ہیڈ سلیمانکی پرایک لاکھ پچاس ہزارکیوسک پانی کاریلہ آنےکا امکان ہے، جس سےمنڈی احمدآباد،قانون گوئی کےانتیس دیہات متاثر ہو سکتے ہیں۔
 
 
دریائے راوی میں 40ہزار کیوسک کا ریلا ہیڈبلوکی سےگزر رہا ہے ، دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں بھی آج تربیلا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
 
دریائےچناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ کیوسک ہے ، ہیڈمرالہ کے مقام پر گزشتہ دوروز سے پانی میں کمی ہورہی ہے۔
 
سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لئے قصور،لودھراں،اوکاڑہ ،پاکپتن میں انتظامیہ نےریلیف کیمپ قائم کرکے دریا کی قریبی آبادیوں کو منتقل کیا جارہا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکے لئےپاک فوج سے مدد طلب کرلی گئی ہے۔
 
بھارت نےلداخ ڈیم کے پانچ میں سے تین اسپل وے بھی کھول دیئے، پانی خرمنگ کےمقام پردریائے سندھ میں شامل ہوگا،کھرمنگ اسکردو، گلگت اوردیامرانتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
 
گذشتہ روز پاکستان اور بھارت کے انڈس واٹر کمشنرز کے درمیان پاکستان میں ممکنہ سیلابی صورت حال سے متعلق ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں انڈس واٹر کمشنر کا کہناتھا کہ کہ بھارت نے ٹیلی فون کے ذریعے پانی کا ڈیٹا فراہم کر دیا ہے، ڈیٹا کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج پر ابھی تک 24 ہزار کیوسک پانی چھوڑا۔
 
ذرایع کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہریکے بیراج اور فیروزپور بیراج پر پانی کا بہاؤ ڈیڑھ لاکھ کیوسک ہے، بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں 2 لاکھ کیوسک تک کا ریلا چھوڑا جا سکتا ہے۔