پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹسمین اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کردی۔

کراچی سٹی پریڈ میں شریک ریکارڈ ساز میانداد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کودکھانا چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان ایک ایجنڈے پر ہے،کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا بہت افسوس ہوتا ہے۔

بھارت میں ایک مسلمان کو 20،20 لوگ مارتے ہیں، وہاں رہنے والے مسلمان گھر سے نکلتے وقت اپنی حفاظت کیلیے چھری، خنجرساتھ رکھیں، مسلمان کا یقین شہادت کا ہے، جاوید میاں داد نے مزید کہا کہ جو کچھ بھارت میں ہورہا ہے وہ ناقابل قبول ہے اور میں شدید الفاظ میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔

 
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھرمیں ایک بارپھربارش کی پیشن گوئی کردی،
 
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے جبکہ پشاور، مردان، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی باران رحمت کا امکان ہے۔جبکہ کراچی میں بارش کو کوئی پیشن گوئی نہیں کی گئی۔
 
ادھر ملک میں حالیہ بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔ دریائے راوی اور چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ اور کابل میں بھی پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے۔
 
نارووال میں جسٹر کے مقام پر پانی کا بہاؤ 11 ہزار سے بڑھ کر 51 ہزار کیوسک ہو گیا ہے۔ لاہور کے قریب شاہدرہ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے قریبی آبادیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
 
سیالکوٹ کے قریب دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 24 ہزار 913 اور اخراج 102513 کیوسک ہے۔
 
جموں توی میں پانی کی آمد 11465 کیوسک اور مناور توی میں پانچ ہزار ایک سو اکہتر کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
 
دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں سے 67 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔
 
گڈو کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 68 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ خان پور کی نہر میں بستی پہوڑاں کے قریب 20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس سے فصلیں زیر آب آ گئیں اور پانی قبرستان میں بھی داخل ہو گیا۔

اسلام آباد: پاکستان نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج اور بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کے خلاف ورزی کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی ساوٴتھ ایشیا و سارک ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور سول آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ  2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارتی افواج نے تتہ پانی اور چیری کوٹ سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی، جس سے 2 بزرگ شہید جبکہ ایک معصوم شہری زخمی ہوا۔ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے،بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے،بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

کراچی: کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے تحت ای ایم بی اے(ڈھائی سالہ)اور ایم بی اے(ڈھائی سالہ)پروگرام کا داخلہ ٹیسٹ آج صبح 10:00 بجے جبکہ ای ایم بی اے (ڈیڑھ سالہ )پروگرام کا داخلہ ٹیسٹ دوپہر 2:00بجے جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات(پولیٹیکل سائنس) میں منعقد ہوا۔
 
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق ا ی ایم بی اے(ڈھائی سالہ)پروگرام اور ایم بی اے(ڈھائی سالہ)پروگرام کے لئے700فارم جمع کرائے گئے جبکہ627طلباوطالبات نے شرکت کی۔ ای ایم بی اے (ڈیڑھ سالہ )پروگرام کے لئے 271فارم جمع کرائے گئے جبکہ257طلباوطالبات نے شرکت کی۔
 
رئیس کلیہ نظمیات و انتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹرطاہر علی،ڈاکٹر صائمہ اختراور ڈاکٹر دانش صدیقی مانیٹرنگ کرتے رہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹر معیز خان کے ہمراہ امتحانی مراکز کا دورہ کیااور داخلہ ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا ۔ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود عراقی کی خصوصی ہدایت پر(واچ اینڈوارڈ ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا۔کمرہ امتحان کے ارد گرد غیر متعلق افراد کا داخلہ ممنوع تھا،ٹیسٹ انتہائی پرسکون ماحول میں منعقد ہوا۔
 
واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جانچ کر کامیاب ہونے والے امیدواروں کی فہرست جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کردی گئی ہے جبکہ حتمی فہرست26 اگست2019 ءکو جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کردی جائے گی۔

 اسلام آباد:حساس قیمتوں کے اعشاریہ(ایس پی آئی )کے لحاظ سے گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی اوسطً شرح0.64 فیصد اضافہ کے ساتھ بڑھ کر 19.01فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ڈبل روٹی، آلو، چکن،گھی،چینی اور دالوں سمیت 24اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ، ٹماٹر،پیاز اور لہسن سمیت 6اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 23 اشیائے ضرورت کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

وفاقی ادارے شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 8ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.57فیصد اضافے کے ساتھ15.58 فیصد، 8ہزار ایک روپے12 ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.61 فیصد اضافے کے ساتھ17.04 فیصد، 12ہزار ایک روپے سے 18 ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 0.64 فیصد اضافے کے ساتھ17.22 فیصد، 18ہزار ایک روپے سے 35ہزار روپے تک کی آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 064فیصد اضافے کے ساتھ 19.35 فیصد، جبکہ 35ہزار ایک روپے سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.64 فیصد اضافے کے ساتھ21.95 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 24 اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ان میں آلو، چکن، گھی، چینی، ماچس،گْڑ،ڈبل روٹی،کْکنگ آئل، کپڑے دھونے کا صابن، ویجی ٹیبل گھی،دال ماش، ایل پی جی سیلنڈر، انڈے، خشک دودھ،آٹا،آٹے کا تھیلا، گندم،دال مونگ،مٹی کا تیل،مٹن اور بیف سمیت دیگر اشیا شامل ہیں جبکہ جن 6 اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں، ٹماٹر،پیاز ، لہسن دال مسور،دال چنا،اور کیلے شامل ہیں جبکہ 23 اشیائے ضرورت کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

 ہریانہ:بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر تاریخی حقائق کو نظر انداز اور مودی سرکار کے جارحانہ عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذکارات مقبوضہ کشمیر پر نہیں بلکہ صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔ 

روایتی ہٹ دھرمی پر قائم بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ایٹمی حملے میں پہل کرنے کا عندیہ دینے کے بعد اپنی زہر فشانی سے باز نہیں آئے اور تازہ بیان میں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے تاریخی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے بھڑک ماری کہ پاکستان سے مذاکرات صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔

پاکستان کی درخواست پر مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال پر ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس پر بوکھلاہٹ کے شکار وزیر دفاع نے کہا کہ پڑوسی ملک نے عالمی دروازے پر دستک دی ہے لیکن ہم مصروف عالمی قوتوں کو ایسے معاملے میں الجھانا نہیں چاہتے جسے ہم خود حل کر سکتے ہیں۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہریانہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیر کی تعمیر اور ترقی کے لیے کیا گیا ہے جس سے وہاں کے شہریوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا جس پر پاکستان نے اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے میں کامیاب ہوگئے جو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے جس سے بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

  لاہور: پنجاب حکومت نے تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت ختم کردی ہے۔

پنجاب حکومت نے غریب عوام پر ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت ختم کردی، محکمہ صحت نے صوبائی کابینہ سے منظوری کے بعد نئے ریٹس کا مراسلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹوں کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔

سرکاری اسپتالوں میں سٹی اسکین ٹیسٹ ایک ہزار سے 2500 روپے جب کہ الٹرا ساونڈ 150 روپے میں ہوگا، ایمرجنسی کا ٹیسٹ ٹروپ ٹی 600 روپے اور تھائی رائڈ ٹیسٹ 200 سے 900 روپے میں ہوگا تاہم صرف ایمرجنسی وارڈمیں داخل مریضوں کے ٹیسٹ مفت کیے جائیں گے۔

پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے بنوں کے تاجروں کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کسی بھی صورت دہشت گردی سے کم نہیں ہے۔
 
بنوں کے تاجروں نے ہوشربا مہنگائی سے تنگ آکر پاکستان انسداد پولیو پروگرام کا بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجاً اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے نہ پلانے کی دھمکی دی ہے۔
 
پاکستان پولیو پروگرام کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وائرس کے خاتمے کے لیے پولیو ویکسین واحد حل ہے لہذا والدین مفاد پرست عناصر کی باتوں پر کان نہ دھریں۔
 
دوسری جانب وزیر اطلاعات کے پی کے شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ بنوں میں تاجروں کی جانب سے سیلز ٹیکس کو پولیو کے قطرے پلانے سے مشروط کرنے کا مطالبہ سمجھ سے بالاتر ہے اور پولیو کے قطرے پلانے کی مخالفت کر نے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔
 
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے پولیو کو دہشت گردی جیسا ناسور قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جیسے دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا بالکل اسی طرح ملک اور صوبے کو پولیو فری بنائیں گے۔
 
واضح رہے کہ پولیو وائرس سے متاثر افغانستان نائجیریا اور پاکستان سرفہرست ہیں۔
اسلام آباد: اوپن یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے نتائج کا اعلان کردیا
اوپن یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز ، پی ایچ ڈی، فزکس،کیمسٹری ، ایم فل، فزکس،کیمسٹری، ریاضی اور ایم ایس کیمسٹری،کمپیوٹر سائنس کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔اِن تمام پروگرامزکے نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔رزلٹ کارڈز طلبہ کو بذریعہ رجسٹر ڈ ڈاک ارسال کئے جارہے ہیں۔
جنیوا: مشرقی تہذیب میں چوٹ اور درد دور کرنے میں ہلدی کو کثرت سے استعمال کیا جاتا رہا ہے لیکن اب سائنس بھی اس کی معترف ہوگئی ہے اور سویٹزر لینڈ کے ماہرین نے ہلدی سے بنی پٹی (ڈریسنگ) بنائی ہے جو زخموں کو تیزی سے مندمل کرسکتی ہے۔
 
ہلدی باورچی خانے کے علاوہ دیگر کئی کاموں کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔ اس کے کئی استعمال ہیں مثلاً درد دور کرنے، چہرے کی تازگی، اور دیگر کاموں کے لیے بھی ہلدی ایک بہترین شے ہے۔ اب سویٹزر لینڈ کے ماہرین نے ہلدی سے بنی ایک پٹی بنائی ہے جو بہت تیزی سے زخموں کو ٹھیک کرسکتی ہے۔
 
ایمپا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے ایک ایسا فوم تیار کیا ہے جو کہنے کو تو ایک قسم کا پالیمر ہے لیکن وہ ازخود حیاتیاتی طور پر گھل کر ختم ہوجاتا ہے۔ ماہرین نے اس پر تھری ڈائمینشنل خردبینی ساختیں بنائی ہیں اور اس پر ہلدی میں پائے جانے والے ایک اہم مرکب ’سرکیومِن‘ کو شامل کیا ہے۔
جب سرکیومن سے بھرے اس فوم کا ایک ٹکڑا زخم کے اندر رکھا گیا تو ماہرین نے ایک حیرت انگیز بات نوٹ کی۔ زخم کے اندر جگہ کو بھرنے والے خلیات تیزی سے آگے بڑھے اور جلد اور گوشت کی بافتوں یعنی ٹشوز کو جوڑنے لگے۔
 
دوسری جانب زخم کی تکلیف اور جلن میں کمی واقع ہوئی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ زخم بھرنے کے بعد اس کا نشان بھی بہت ہلکا ہی رہ گیا۔ اس دوران خراش کی وجہ بننے والے کیمیکل بھی کم دیکھے گئے۔ دھیرے دھیرے پالیمر گھل کر ختم ہوگیا اور سرکیومن نے تیزی سے زخموں کو مندمل کردیا۔
 
سائنسدانوں کے مطابق اس طرح کی پٹیوں اور ڈریسنگ سے ذیابیطس کے ایسے زخم اور ناسوروں کا علاج کیا جاسکتا ہے جو بہت مشکل سے ٹھیک ہوتے ہیں۔