ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)اداکارہ میرا نے اپنے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے رشتہ تلاش کرنا والدین کاکام ہے۔ اپنے بے لاگ تبصروں اور گلابی انگریزی کے باعث میڈیا پر تنازعات کی زد میں رہنے والی پاکستانی شوبز کی ناموراداکارہ میرا کی ان کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان سے تنسیخ نکاح کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران میرا نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئےاپنے مبینہ شوہرعتیق الرحمان کو جھوٹا قرار دے دیا۔میرا نے کہا کہ عتیق الرحمان نے جو نکاح نامہ پیش کیا ہے وہ جعلی ہے اس کی کسی بھی یونین کونسل نے تصدیق نہیں کی ہے۔ عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میرے نکاح کا کیس جھوٹا ہے اور صرف مجھے پریشان کرنے کے لیے رچایا گیا ہے۔ میرا نے کہا کہ میرے لیے رشتہ ڈھونڈنا میرے والدین کا کام ہے۔
ایمزٹی وی(نئی دہلی)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں سے پاکستانی حکومت کو خطرہ ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے جہاں انہوں نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اور امریکا فطری اتحادی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہیں، امریکا کی افغان پالیسی میں بھارت کا اہم کردار ہے اور ہم خطے میں اس کے قائدانہ کردار کی حمایت کرتے ہیں۔ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان میں بہت ساری دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں جو اب پاکستانی حکومت کی سلامتی کیلئے خطرہ بن گئی ہیں، تاہم پاکستانی حکومت کا غیر مستحکم ہونا کسی کے مفاد میں نہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بہترین دفاعی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں بھارت کے قائدانہ کردار کی حمایت کرتا ہے اور خطے کی سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اس کی صلاحیتوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی فوج کو جدید بنانے کے لیے اپنی بہترین ٹیکنالوجی دینے کو تیار ہیں، جب کہ ایف 16 اور ایف 18 جنگی طیاروں کے معاہدے کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔ سشما سوراج نے کہا کہ امریکا کی جنوبی ایشیا پالیسی صرف اس صورت میں کامیاب ہوگی جب پاکستان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گا۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘کے دوپوسٹرز ریلیز کیے گئے ہیں۔ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اورباربی ڈول کترینہ کیف کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘کاانتظارشائقین طویل عرصے سے کررہے تھے، تاہم اب شائقین کا انتظارختم ہوا سلمان خان نے ٹوئٹر پرفلم کے دو پوسٹرز نہایت دلچسپ اندازمیں شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے’’ٹائیگر واپس آگیا‘‘۔ ایک اورٹوئٹ میں سلمان نے فلم کے پوسٹر کو دیوالی کا تحفہ قرار دیتے ہوئے مداحوں سے پوچھا ہے’’دیوالی گفٹ۔۔۔ پسند آیا، اب کرسمس پرملنا‘‘۔ فلم ’’ٹائیگرزندہ ہے‘‘ سلمان اور کترینہ کی 2012 میں ریلیز کی گئی سپر ہٹ فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘کا سیکوئل ہے۔ فلم میں سلمان خان نے بھارتی اور کترینہ کیف نے پاکستانی خفیہ ایجنٹس کا کردارنبھا یا تھا۔ دونوں ایجنٹس ایک مشن کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتارہوجاتے ہیں اور اپنی اپنی ایجنسیز سے بغاوت کردیتے ہیں۔ فلم کی کہانی نہایت دلچسپ تھی یہی وجہ تھی کہ فلم کو لوگوں خاص طور پرایکشن فلمیں پسند کرنے والوں کی جانب سے بے حد پزیرائی حاصل ہوئی اور فلم نے باکس آفس پر کروڑوں کی سینچری بنائی۔ بے تحاشہ کامیابی اورلوگوں کی پسند کو مدنظررکھتے ہوئے فلم کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیکوئل بنانے کے اعلان کے ساتھ ہی سلمان کے مداح شدت سے فلم کا انتظارکررہے تھے، بالآخرانتظار ختم ہوا۔ ریلیز کیے گئے دونوں پوسٹرز میں جنگ کامنظر پیش کیا گیا ہے، سلمان خان ہاتھ میں مشین گن لیے نمایاں نظرآرہے ہیں جب کہ کترینہ کیف بھی پستول تھامے کم خوبصورت نہیں لگ رہیں۔ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ ابوظہبی میں کی گئی ہے جب کہ کئی سینز کو ٹائیرول اور آسٹریا میں بھی شوٹ کیا گیا ہے۔ ان دنوں سلمان اور کترینہ فلم کےایک رومینٹک گانے کی شوٹنگ کے لئے روم میں موجود ہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ پاناما سے فارغ ہوگئے ہیں،اب سندھ پربھرپور توجہ دیں گے،کراچی میں ٹوٹی سڑکوں کی بنیادی وجہ کرپشن ہے،بجٹ کی بندر بانٹ ہو جاتی ہے۔ چیئرمین نیب دبئی میں پاکستانیوں کی 8ارب ڈالر کی جائیدادکی تحقیقات کریں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما سے فارغ ہوگئے ، اب پوری توجہ کراچی اور حیدرآباد سمیت اندرون سندھ دیگر شہروں پر ہوگی، کراچی میں ہر سطح پر میٹنگ ہوئی ہے، سیاستدانوں اور اقلیتوں سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں، اب سندھ کے تواتر کے ساتھ دورے کریں گے۔ انہوں نے 5 نومبر کو اوباڑو میں جلسے کا بھی اعلان کی چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کراچی میں خراب سیوریج کے نظام سمیت ٹوٹی پھوٹی سڑکیں کرپشن کی وجہ سے ہیں، جو پیسہ یہاں لگنا چاہیے تھا وہ باہر جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں 8 ارب ڈالر کی پراپرٹی چار سال میں لی گئی، یہ منی لانڈرنگ ہے جس کا دُگنا نقصان ہے، چیئرمین نیب اس معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کرتے کہ یہ پیسہ کون لے کر جارہاہے، تحقیقات سے سب سامنے آجائے گا جب کہ سندھ کی کرپشن کا پیسہ بھی باہر جارہا ہے، نیب کو ان تمام چیزوں پر تحقیقات کرنی چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی کا بلدیاتی نظام ٹھیک نہیں ہوگا عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، یہاں بلدیاتی حکومت کے پاس اختیارات نہیں ہیں، میئر کراچی کے پی کے والے اختیارات مانگتے ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اب کی بار ہم ٹکٹ سوچ سمجھ کردیں گے، پہلے انٹرا پارٹی الیکشن کے باعث وقت نہ ہونے کی وجہ سے امیدواروں کی ٹھیک سے اسکروٹنی نہیں کرسکے لیکن اب اس پر کام شروع کردیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک اداروں کو غیر سیاسی نہیں کیا جائے گا اور پیشہ ورانہ طریقے سے نہیں چلایا جائے گا یہ ادارے قوم پر بوجھ بنے رہیں گے، اداروں کا حل نجکاری نہیں انہیں غیر سیاسی کرنا ہے، پی آئی اے اور اسٹیل مل کو ٹھیک کرنے کے لیے پیشہ ورانہ سیٹ اپ لانے کی ضرورت ہے، پی آئی اے میں سفارشی بھرتی کیے گئے جس سے نقصان ہوا۔ چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں جب تک غیر جانبدار ہوکر کام نہیں ہوگا تب تک بیماریاں ختم نہیں ہوں گی، جس طرح یہاں مجرم پھررہے ہیں ان پر ہاتھ ڈالنا ہے، کسی بھی دہشت گرد کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے یہ نہ دیکھا جائے کہ اس کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اب تک مافیا کے گاڈ فادر نوازشریف سے مقابلہ ہورہا تھا جس پر پوری طاقت لگائی تھی، نوازشریف اکیلے نہیں ان کا پورا مافیا ہے، ہر ادارے میں ان کے لوگ بیٹھے ہیں، صرف فوج اور عدلیہ ان سے بچے ہوئے ہیں جن پر یہ سازش کا کہتے ہیں، ہماری جنگ نوازشریف سے نہیں بلکہ ان کے اداروں پر کنٹرول کے خلاف تھی۔ چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس طرح نوازشریف پنجاب میں مافیا کے سردار ہیں اس طرح آصف زرداری سندھ میں ہیں، یہاں بھرتیاں، پوسٹنگ ٹرانسفر اور فنڈز ان کی منظوری کے بغیر نہیں ہوتے، کوئی ادارہ ایسا نہیں جس پر ان کا کنٹرول نہ ہو، یہ لوگ پولیس سے جھوٹے مقدمات بنواتے ہیں۔ عائشہ گلالئی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے کہ جو پارلیمنٹرین خود استعفیٰ دینے کا کہے تو ظاہر ہے وہ جماعت میں نہیں، عائشہ گلالئی مخصوص نشست پر ہیں، اگر کوئی الیکشن جیتے تو وہ پھر بھی محنت کرکے جیت کا کہہ سکتا ہے لیکن مخصوص نشست والے ایسی حرکتیں کریں تو یہ سیدھی آئین کی خلاف ورزی ہے۔