ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اسد شفیق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچز میں یونس خان اور مصباح الحق کی کمی تو محسوس ہوگی ،لیکن کوشش کروں گا کہ بہتر پرفارمنس دے ان کا خلا پر کرسکوں۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ سری لنکن پلیئرز بھی ایسی کنڈیشنز سے واقف ہیں، رنگنا ہیراتھ اچھے بولر ہیں، شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ نائب کپتان نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی ٹیم میں کمی محسوس ہو گی، ان کی غیر موجودگی میں بیٹنگ آرڈر میں تبدیلیاں ہو رہی ہیں، مجھے پہلے بیٹنگ کرنے کا موقع ملے گا، سینئرز سے بہت کچھ سیکھا اور اب بیٹنگ میں بھرپور ذمہ داری سے اپنا کردار نبھانا ہوگا۔
انھوں نے کہا پلیئرز فٹ ہیں اور یو اے ای کی کنڈیشنز میں کھیلنے کا خاصا تجربہ رکھتے ہیں، اس وقت فٹنس پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ ٹیم بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں متوازن ہے، نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند ہے جبکہ یاسر شاہ، محمد عامر اور محمد عباس کی ٹیم میں موجودگی اہمیت کی حامل ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)احتساب عدالت کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد ہونے پر انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت میں اثاثہ جات کیس کی سماعت جاری ہے اس دوران عدالت نے اثاثہ جات کیس میں فرد جرم کے نقات پڑھ کر سنائے ،فرد جرم عائد ہونے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ نے الزامات کی صحت سے انکار کردیا ۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا ۔
اپنی بے گناہی عدالت میں ثابت کروں گا۔انہوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے اثاثے آمدن سے مطابقت رکھتے ہیں ۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وہ احتساب عدالت میں الزامات کا دفاع کریں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پرآمدن سے زائد اثاثہ جات کے نیب ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، جبکہ انہوں نے الزامات کی صحت سے انکار کردیا ہے۔ اسحاق ڈارکی پیشی کے پیش نظر جوڈیشل کمپلیکس کی سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی اور کسی کو بھی احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نیب کی جانب سے دائر کیے گئے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار پر فرد جرم کے الزامات پڑھ کر سنائے ، جن کی صحت سے ملزم نے انکار کردیا ۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پیشی کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور تمام لوگوں پر جوڈیشل کمپلیکس کے دروازے بند کردیے گئے ۔ جوڈیشل کمپلیکس میں 20 کے قریب عدالتیں کام کر رہی ہیں لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے سائلین کو بھی باہر روک دیا جبکہ میڈیا نمائندگان کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سکیورٹی اہلکاروں نے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری سمیت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب مظفر عباسی اور سپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کو بھی جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے سے روک دیا ۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پیشی کیلئے آئے تو انہیں مرکزی گیٹ سے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ عقبی دروازے سے عدالت لے جایا گیا ۔ واضح رہے کہ منگل کے روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی تھی اور نواز شریف کے ساتھ آنے والے افراد موبائل فون پر جج صاحب کی ویڈیو اور تصاویر بناتے رہے تھے ۔ گزشتہ روز ہونے والی بد نظمی کے باعث رجسٹرار نے سکیورٹی سخت رکھنے اور کسی کو بھی عدالت میں داخل نہ ہونے دینے کا حکم دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی سی بی نے کپتان ویمن قومی کرکٹ ٹیم ثنا میر کو پی سی بی ویمن ونگ کیخلاف بیان دینے پر نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے بیان کے بعد پی سی بی نے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے ،جس کے تحت ثنامیر کو اپنے بیان کی وضاحت دینی ہوگی ،اگر ان کاجواب تسلی بخش نہ ہوا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کاامکان ہے۔
واضح رہے کچھ روز قبل ثنامیر کی ایک ای میل لیک ہوئی تھی جو انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈکی تیاریوں میں لگے کیمپ میں شامل نہ ہونے کے بعد کی تھی ۔جس میں ثنا میر نے الزام لگایا تھا کہ موجودہ ویمن ونگ خواتین کھلاڑیوں کی عزت نہیں کرتا،اسی وجہ سے میں ان کے ساتھ کام نہیں کر سکتی اور نہ ہی میں نیوزی لینڈکا دورہ کروں گی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارکو ڈی جی ایس پی ڈی اور لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد کو سرجن جنرل تعینات کردیا ہے، پاک فوج کے دونوں افسران کی تعیناتی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میجر جنرل سرفراز ستار کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر ڈی جی ایس پی ڈی تعینات کردیا ہے ، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستاراس وقت کور کمانڈر ملتان ہیں ، اسی طرح میجر جنرل زاہد حامد کو ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنادیا گیا ہے جبکہ انہیں سرجن جنرل تعینات کردیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار اور لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد کی تعیناتی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)جمعیت علما اسلام (ف)نے این اے 4 ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے رہنما مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ پشاور ضمنی الیکشن میں ہم اپنا امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار کرا رہے ہیں ، جے یو آئی (ف)ضمنی الیکشن میں ناصر موسیٰ زئی کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار اداکرے گی،ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے ،ن لیگ کے رہنما امیر مقام کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ہماری اتحادی جماعت ہے ،این اے 4 ضمنی الیکشن میں حمایت پر جے یو آئی ف کے شکرگزار ہیں ۔ ادھر قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاﺅ نے بھی این اے 4 پشاور سے اپنے امیدوار کو مسلم لیگ ن کے امیدوار کے حق میں دستبردار کرنے کا اعلان کر دیا۔ امیر مقام اور مرتضٰی جاوید عباسی سے ملاقات کے بعد شیر پاﺅ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ناصر موسیٰ زئی کے حق میں اپنا امیدوار دستبردار کرتے ہیں۔ مشترکہ فیصلوں سے سیاسی جماعتوں میں مفاہمت پیدا ہوتی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ شیر پاﺅ سے این اے 4 پشاور کے ضمنی انتخاب میں تعاون کی درخواست کی، نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی شیر پاﺅ سے بات کر رکھی ہے گذشتہ انتخاب میں تحریک انصاف 34 ہزار ووٹوں سے سیٹ جیتی تھی یقین ہے مولانا فضل الرحمن ہمارا ساتھ دیں گے۔ مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ عمران خان آئین و قانون کا احترام نہیں کرتے۔

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک شخص کو بچانے کیلئے قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے ،ملک میں سیاست، جمہوریت اور ادارے یرغمال ہیں ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، قبل از وقت الیکشن کی بات عمران خان کی ذاتی رائے ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے قبل ازوقت الیکشن سے متعلق کوئی مشاورت نہیں،انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے جو اچھی بات ہے اب تو بڑے لوگوں نے بھی عدالتوںمیں حاضری دینا شروع کردی ہے ،سراج الحق نے کہا کہ غریب بندہ پارلیمنٹ تک نہیں پہنچ سکتا ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں سب کو برابر حقوق حاصل ہوں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٓمیں ایک دن کے لئے بھی لندن نہیں جانا چاہتا تھا لیکن اہلیہ کی طبیؑت کی وجہ سے رکنا پڑا۔ سابق وزیرِ اعظم نے اپنی نا اہلی کے بارے میں بتایا کہ وکلا ء کنونشن میں اٰٹھائے گئے 12 سوالات کے جوابات مجھے اب تک نہیں ملے، نیب کو میرے خلاف ضابطے توڑ کر ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا پانامہ کیس میں کچھ نہ ملا تو اقامہ پر فیصلہ بنا دیا گیا،جھوٹ پر مبنی کیس بنادئے گئے۔ بتا تو دیتے کے پانامہ میں کچھ نہ ملا تو اقامہ پر بنارہے ہے کیس؟؟؟؟ کیا ایسا ہوتا ہے انصاف ؟۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے آمریت کے دور میں بھی سر نہیں جھکایا اور اب بھی نہیں جھکاوں گا۔ میں 20 کروڑ عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا قائدِ اعظم کے پاکستان کا مقدمہ لڑتا رہوں گا۔ انکا کہنا تھا کہ مخالفت کے باوجود ڈیمز، میٹرو بس سروسز کس نے بنائے؟؟؟؟ جانتا ہوں مجھے کس بات کی سزا دی جارہی ہے۔۔

این اے 120 میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا اور 2018 میں بھی عوام بڑا فیصلہ سنائے گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کی عوام کو فیصلہ کرنے دو

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)ترجمان محکمہ زراعت شعبہ مارکیٹنگ پنجاب نے کہا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ بلوچستان میں فصل کا خراب ہونا ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے پاکستان کو ٹماٹر کی کمی کا سامنا رہا جس پر حکومت کو اپنا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا رہا اور صارف کو مہنگی قیمت پر خریدنا پڑتا رہا جس کی وجہ سے ہمارے ٹماٹر کے کاشت کار کی حوصلہ شکنی ہوتی رہی، ملک کو ٹماٹر میں خود کفیل بنانے کیلیے جامع حکمت عملی مرتب کی جس کے تحت دوسرے صوبوں کے محکمہ زراعت کو اس منصوبہ بندی کے بارے آگاہ کیا گیا۔؎ اس پالیسی پر دوسرے صوبوں نے جامع انداز میں عمل کیا، عید الاضحی تک ٹماٹر کی قیمت مستحکم رہی لیکن بارشوں کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ میں فصل خراب ہو گئی، خیبرپختونخوا میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے فصل بروقت نہ آسکی، عید پر ٹماٹر کی ضرورت میں اضافہ ہوگیا جس سے اس کی قیمت بھی بڑھ گئی ، حکومت نے صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے نجی طور پر افغانستان اور ایران سے ٹماٹرمنگوائے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پیاز کی قیمت کنٹرول میں ہے، پیاز بلوچستان اور سندھ سے آرہی ہے، پیاز کی قیمت میں مزید کمی متوقع ہے، جب سے قیمتیں بڑھی ہیں منافع خوروں نے بھی سر اٹھا لیا ہے اور ضلعی حکومتیں ڈپٹی کمشنر کی زیرنگرانی منافع خوروں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں، سبزیوں اور پھلوں کی رسد کو مناسب قیمتوں پرمہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) سپریم کورٹ نے نیشنل بینک کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ بحال رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین بنیادی تنخواہ کا 70 فیصد بطور پنشن ملنے کے حقدار ہوں گے۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں فل بینچ نے گزشتہ روز نیشنل بینک کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے بارے میں محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ نیشنل بینک سٹاف سروس رولز مجریہ1973ء کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین 1977ء کے سرکلر کے مطابق ریٹائرمنٹ پر بنیادی تنخواہ کا 70 فیصد بطور پنشن وصولی کے حقدار ہیں۔ عدالت نے ملازمین کی پنشن کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیشنل بینک کی اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ فنانس ڈویژن حکومت پاکستان سے جاری ہر نوٹیفکیشن اور سرکلر قانونی تصور ہوگا جس پرکئی دہائیوں تک عمل درآمد ہوا ہو۔عدالت نے نیشنل بینک کے ملازمین کی اپیل منظور کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک نے1999ء کو ایک سرکلر جاری کرکے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں اضافہ کیا اور ان کی پنشن ستر فیصد سے کم کرکے بنیادی تنخواہ کے33 فیصد کے برابرکردی جبکہ 1977ء کے سرکلرکے مطابق پنشن بنیادی تنخواہ کے ستر فیصدکے برابر تھی۔ریٹائر ملازمین نے پنشن کم کرنے کیخلاف لاہور اور پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشنز دائرکی تھیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے رٹ پٹیشن منظورکی جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے خارج کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیشنل بینک اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ملازمین نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائرکی تھیں۔جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں فل بینچ نے14سے16جون تک اپیلوں پر مسلسل تین روز سماعت کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔