پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تجارت) دہشت گردی سے پاکستانی معیشت کو2001سے اب تک123ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
سرکاری اعداد وشمارکے مطابق 2001-2میں 2 ارب 67 کروڑ ڈالر، 2002-3 میں 2 ارب 75 کروڑ 2003-4 میں 2 ارب 93 کروڑ، 2004-5میں3ارب41کروڑ 2005-6 میں 3 ارب 99کروڑ، 2006-7 میں4ارب 67 کروڑ، 2007-8 میں 6 ارب9 4 کروڑ، 2008-9 میں 9 ارب18کروڑ، 2009-10میں 13 ارب 56 کروڑ، 2010-11میں 23 ارب 77 کروڑ، 2011-12 میں 11ارب98کروڑ، 2012-13 میں 9ارب97کروڑ، 2013-14 میں 7ارب70کروڑ، 2014-15میں 9 ارب 24کروڑ، 2015-16میں 6ارب49کروڑ اور 2016-17 میں 3ارب88کروڑ ڈالر کا معیشت کو نقصان پہنچا۔
 

 

آج کی حدیث

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)موبائل فون ہو یا کمپیوٹر، ٹیبلٹ ہو یا اسمارٹ فون، ایموجیز الیکٹرانک آلات پر ہونے والی گفتگو کا لازمی حصہ بن چکے ہیں اور ایموجیز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرنا اور گفتگو کو زیادہ موثر بنانا انتہائی آسان ہو گیا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 90 فیصد انٹرنیٹ صارفین بات چیت کے لیے ایموجیز کا استعمال کرتے ہیں تاہم ایک برطانوی ماہر لسان کے مطابق ایموجیز گفتگو کو آسان بنانے کے علاوہ دیگر چیزوں میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
پروفیسر ویان ایوانز نے بتایا کہ ایموجیز کے ذریعے مردوں اور عورتوں کو ایک دوسرے کو زیادہ بہتر طورپر سمجھنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ ایموجیز سے پیغام کا مطلب واضح ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق جب کوئی مرد کسی عورت سے کہتا ہے کہ ’’میں دوستوں سے ملنے باہر جا رہا ہوں‘‘ تو عورت جواب میں کہتی ہے ’’ٹھیک ہے۔ جو جی چاہے کرو‘‘، حقیقت میں وہ مرد کے فیصلے کو جانچ رہی ہوتی ہے اور اس بات کا اصل مطلب ہوتا ہے کہ کوئی ضرورت نہیں دوستوں میں جانے کی۔
پروفیسر ایوانز نے مزید بتایا کہ اگر یہ بات چیت فون پر ہو رہی ہو تو مرد کو عورت کی بات اس وقت تک سمجھ نہیں آئے گی جب تک اس کے پیغام کے ساتھ ایموجی نہ لگا ہو۔ جب عورت پیغام کے ساتھ ’غصے والا‘ یا ’مایوسی والا‘ ایموجی لگائے گی تو الفاظ کچھ بھی ہوں، بات کا مطلب فوراً سمجھ آ جائے گا اور شوہر ادھر ادھر جانے کی بجائے سیدھا گھر کا رخ کرے گا۔
برطانوی ماہر لسان نے کہا کہ اکثر جب مرد میسیج پر اپنی بیویوں سے پوچھتے ہیں کہ کیا بات ہے ناراض ہو، تو جواب آتا ہے ’’نہیں کوئی بات نہیں‘‘۔ عموما سیدھے سادھے مرد بات کا وہی مطلب لیتے ہیں جس طرح کے الفاظ ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں عورت کی مراد اس کے برعکس ہوتی ہے لہذا ایموجی کی مدد سے بیویاں ’’ناراض‘‘ یا ’’غصے والا‘‘ ایموجی چہرہ بھیج کر شوہر کو قابو کر سکتی ہیں۔
پروفیسر ایوانز نے مزید کہا کہ آج کے ڈجیٹل دور میں جب زیادہ تر بات چیت آن لائن ہوتی ہے، ایموجیز اور تصویری پیغامات لازم و ملزوم ہو چکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ سندھ)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے شہید ذولفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء میں فوری طور پر مستقل وائس چانسلر کی تقرری کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ جب وائس چانسلر کی تقرر ی کے لیے درخواستیں مارچ میں لے لی گئیں تھیں اور اس سلسلے میں کمیٹی کا تقرر بھی کر دیا گیا تھا تو اتنے اہم ادارے کو عارضی تقرری کے ذریعے چلانا سمجھ سے بالا تر ہے جبکہ عدالتوں کی جانب سے عارضی تقرریوں کی مدت کے لیے واضح احکامات بھی موجود ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قانون کی تعلیم سے متعلق سندھ کی واحد یونیورسٹی کے ساتھ صوبائی حکومت کے اس طرز عمل کو مکمل طور پر مسترد کر تی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ پیپلز پارٹی کم از کم اپنی پارٹی کے بانی کے نام کی لاج رکھتے ہوئے اس تعلیمی ادارے پر بھر پور توجہ دے اور مکمل میرٹ ، شفافیت اور عدالتوں کے مقرر کردہ ضوابط کے مطابق وائس چانسلر کی تقرری فوری طور پر عمل میں لائے۔ انہوں نے گورنر سندھ محمد زبیر سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی اس سلسلے میں اپنابھر پور کردار ادا کریں۔

 

 

 
ایمزٹی وی (تعلیم/ سندھ)پاکستان پنشنرز فورم (سندھ) کاایک ہنگامی اجلاس پروفیسر سید طاہر علی جعفری کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔
اس اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی بجٹ 2017-18 کی تقریر اور سرکاری اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہ اور پینشن میں اضافہ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو بے توقیر کرنا اور انکے ساتھ نانصافی کرنا حکومت کا ایک مسلسل وطیرہ بن چکاہے۔ حکومت ان سرکاری ملازمین کی تمام خدمات کو بالکل فراموش کرچکی ہے جو وہ اپنی زندگی کے بہترین حصہ کو اپنے اپنے اداروں میں ملک و قوم کی خدمات اور ترقی میں صرف کر دیتے ہیں مگر ریٹائر ہونے کے بعد انکی خدمات کو یکسر فراموش کر دیا جاتا ہے۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ حکومت ہرسال 10 فیصد کا اضافہ کرکے ایسی مطمئن ہوجاتی ہے کہ جیسے پینشنرز پر ایک بہت بڑا احسان عظیم کر دیا ہو اور اس طرح وہ اپنے آپ کو اپنی ذمہ داری سے سبکدوش سمجھتی ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت میڈیکل الائونس کو تو بالکل ہی بھول گئی اس میں نہ تو کسی اضافے کا اعلان کیا اور نہ ہی کسی طبی سہولیات کی پالیسی کا اعلان کیا اس طرح حکومت بزرگ شہریوں اور پینشنرز کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ اسی قسم کا معیار اور پیمانہ اپنے صوبائی، قومی اور سینیٹ کے ممبران کی تنخواہوں اور بے پناہ مراعات میں اضافہ کے وقت بھی استعمال کیا کرے۔ اور اپنے وزراء اور ممبران کو علاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے سے گریز کرے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ سندھ جناب مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبہ سندھ کی روایات برقرار رکھتے ہوئے حسب سابق صوبہ سندھ کے بجٹ 2016-17میں پینشنرز کی ماہانہ پینشن میں زیادہ سے زیادہ اور میڈیکل الائونس میں 100 فیصد کا اضافہ اور دیگر مراعات کا اعلان کرکے اپنے بزرگوں اور پینشنروں کے ساتھ محبت، روداری، عزت و احترام سے پیش آکر انکےحقوق ادا کرے۔
اجلاس میں پروفیسر ہارون رشید، پروفیسر آفتاب دیوان، پروفیسر انیس زیدی، پروفیسر عبدالقدوس، پروفیسر سراج قاضی، پروفیسر قادر شیخ، اور پروفیسر ابرار علوی نے شرکت کی۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ سندھ)جامعہ سندھ جامشورو کے سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول میں پاکستان ریڈنگ پروجیکٹ، یو ایس ایڈ پروگرام اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس جامشورو کے تحت بچوں میں منہ کی صفائی، ان میں پڑھنے کے رجحان اور کہانی نویسی کے بارے میں آگہی پروگرام منعقد ہوا، جس میں پاکستان ریڈنگ پروجیکٹ کے پروگرام منیجر سہیل صدیقی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر غلام سرور ملاح ان کے ساتھ آئے ہوئے 20 ماہرین پر مشتمل وفد نے اسکول کے بچوں اور اساتذہ کو تربیت دی۔
پروگرام میں پہلی سے تیسری جماعت کے 4 سو سے زائد طلباء نے حصہ لیا، جبکہ پی آر پی کی جانب سے اسکول کی اساتذہ سحر لاشاری، شہزادی چنہ، منظوران اور ناہید اختر کو اسکول کے بچوں کو تربیت دینے کے ضمن میں رابطے میں رہنے کے لیے پی سی ٹیبلٹ دیئے گئے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ کا عمل درآمد بینچ پاناما جے آئی ٹی کے ارکان پرحسین نواز کے تحفظات کی سماعت آج کرے گا ۔ جےآئی ٹی نے کل حسین نواز سے تقریباً دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ حسین نواز بیان سے متعلق دستاویزات منگل کے روز جمع کرائیں گے۔
وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے حسین نواز نے کل پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ جے آئی ٹی میں حسین نواز کے پیش ہونے کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی ۔
جے آئی ٹی نے 27 تاریخ کو حسین نواز کو نوٹس بھجوایا کہ 28 مئی کو 11 بجے پیش ہوں، ذرائع کا کہناہے کہ جے آئی ٹی کے ممبران تفتیش کے لیے تیار نہیں تھے ۔ جے آئی ٹی کے 2ممبران ایک گھنٹے بعد اجلاس میں شریک ہوئے۔
جے آئی ٹی اراکین نے حسین نوازکے وکلا کو داخلے کی اجازت نہ دی، اصرارکے باوجود حسین نواز کو اکیلے بیٹھنے کا حکم دیا گیا۔
جے آئی ٹی کے جن اراکین پر حسین نواز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا وہ شدید غصے میں نظر آئے، اورسپریم کورٹ میں اعتراضات داخل کرنے پر گلہ بھی کیا

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) بے نظیر ائیرپورٹ سے پی آئی اے کے 2 ملازمین کو 3 افغان خواتین کو جعلی دستاویزات پر لندن بھجوانے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیاگیا ہے۔
پی آئی اے کے باکمال لوگوں کی لاجواب سروس سے دنیا بھر میں وطن عزیز کی بدنامی کی نئی داستانیں لکھی جارہی ہیں، ابھی بیرون ملک جانے والی پروازوں سے ہیروئن کی برآمدگی کا طوفان تھما نہیں کہ اس اہم قومی ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے لوگوں کو غیر قانونی طور پر برطانیہ بھجوانے کی خدمات کا بھانڈا بھی پھوٹ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بینظیر ایئرپورٹ پر 3 افغان خواتین نے کابل کے بورڈنگ پاسز لیے، ایف آئی اے کی کلیئرنس کے بعد افغان خواتین نے برطانیہ کی جعلی دستاویزات لیں اور کابل کے بجائے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 میں سوار ہونے کا انتظار کرنے لگیں۔ اسی اثنا میں ایف آئی اے اہلکاروں نے شبہ ہونے پر تحقیقیات کی تو سارا بھانڈا پھوٹ گیا۔
ایف آئی اے نے تینوں خواتین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو اس واقعے میں پی آئی اے کے 2 اہلکار نسیم اور اسرار براہ راست ملوث پائے گئے، دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات سے برطانیہ جانے والی تینوں افغان خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جب کہ پی آئی اے کے دیگر عملے کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیاہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان اپنا دوسرا اور آخری پریکٹس میچ برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں آج آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہا ہے۔ بنگلادیش کے خلاف پہلے ورام اپ مقابلے میں پاکستان ٹیم نے آخری لمحات میں فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی
بدولت دو وکٹ سے میدان مار لیا تھا، اس میچ میں گرین شرٹس کی بولنگ انتہائی مایوس کن رہی تھی خاص طور پر وہاب ریاض بھرپور پٹائی کے باوجود ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرپائے تھے جبکہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین اظہر علی اور بابر اعظم بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے میں ناکام رہے تھے۔ آخر میں فہیم اشرف نے 30 بالز پر ناقابل شکست 64 رنز بناکر اہم ترین ایونٹ سے قبل گرین شرٹس کو رسوائی کی گہری کھائی میں گرنے سے بچالیا تھا۔ اس میچ سے ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہوگئے ہیں۔
آسٹریلیا سے دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان ٹیم اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے کیونکہ اس کے بعد اس کا مین ٹورنامنٹ میں براہ راست بھارت سے ٹکراؤ ہوگا۔ ٹاپ آرڈر کو جلد سے جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا چیلنج درپیش ہے، خاص طور پر سینئر بیٹسمینوں کو صرف اپنا انفرادی اسکور ہی نہیں دیکھنا بلکہ رن ریٹ کو بھی مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
 
بنگلادیش کے خلاف میچ میں محمد عامر نے بالنگ نہیں کی تھی تاہم ان کو آسٹریلیا کے خلاف آزمایا جائے گا جبکہ وہاب ریاض کو باہر بیٹھانے کا امکان ہے۔ فہیم اشرف اپنی ایک اننگز سے ہیرو بن چکے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ اگرچہ پاکستان ٹیم کے لیے کسی ایک روزہ میچ
میں انھوں نے پہلی بار ایسی کارکردگی دکھائی تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ ایسی کئی اننگز کھیل چکے ہیں، ٹیل میں فہیم اشرف جیسے آل راؤنڈر کی موجودگی ٹیم کیلیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
 
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم بورڈکے ساتھ معاوضوں کے تنازع کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ صرف کھیل پر مرکوز کرنے کیلیے پراعتماد ہے، سری لنکا سے پہلے میچ میں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ایرون فنچ کو بطور اوپنر میدان میں اتارا گیا تھا جس میں وارنر تو ناکام رہے تھے تاہم فنچ نے سنچری جڑ کر ٹاپ آرڈر کیلیے اپنا کیس مضبوط کیا تھا، کینگروز کی جانب سے پاکستان سے میچ میں بھی اس کمبی نیشن کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
 
واضح رہے کہ کینگرو ٹیم مینجمنٹ کیلیے بھی اپنی تیاریوں کی جانب کا یہ آخری موقع ہے جبکہ کھلاڑی گرین شرٹس کو ٹف ٹائم دینے کیلیے پرعزم ہے۔ اس وارم اپ میچ میں بھی سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کینیڈا)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے ماہ رمضان کی آمد پر کینیڈا میں مقیم مسلمانوں سمیت دنیا بھرکے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کا اس ملک کی ترقی میں بہت بڑا ہاتھ ہے۔ کینیڈا سمیت پوری دنیا میں مسلمان رمضان کی تیاریوں میں مصروف ہیں، اس مقدس مہینے میں لوگ مسجدوں اور گھروں میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ اکھٹے ہوں گے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے بہت اہم ہوتا ہے جہاں اس ماہ مسلمان روزے اور نماز ادا کرتے ہیں او مستحقین کے ساتھ ہمدردی اور ان کی مختلف طریقوں سے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ رمضان المبارک میں مسلمان نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہیں اورمسلمان خاندان ایک دوسرے سے افطار کے اوقات میں ملتے ہیں جب کہ دنیا بھرمیں ہم سب کے لیے رمضان کا مہینہ تحفے تحائف دینے لینے اوران تحائف کی تعریف کرنے کا وقت ہوتا ہے۔