پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہےجس میں آئندہ مالی سال کے لیے تیار کئے گئے قومی بجٹ پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں بجٹ کی حتمی منظوری دی جائے گی، جس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔
اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے پانچویں اور آخری بجٹ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ کو بجٹ کے خدو خال پر بریفنگ دی جب کہ بجٹ کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے ارکان کی تجاویز بھی لی گئیں۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ 2013 میں ہمیں بڑے مسائل ورثے میں ملے ۔ ہم نیک نیتی کے ساتھ کام کررہے ہیں کیونکہ ہم عوام کے جواب دہ ہیں، ہرصورت میں اصلاحات کا ایجنڈا مکمل کریں گے ، ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر اورمستحکم ہوئی ہے ، پورے ملک کو موٹر وے اور سڑکوں کا جال بچھا کر جوڑ دیا گیا ہے۔ فاٹا ، گلگت بلتستان کی دیگر صوبوں کی طرح مساوی ترقی کے اقدامات کر رہے ہیں ۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کیاجا رہاہے۔ اب قوم فیصلہ کرے گی کہ کس نے کارکردگی دکھائی اور کس نے کچھ نہیں کیا، ہم نے بہت محنت کی اوراس کے نتیجے میں آج منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں 3600 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈار مالی سال 18-2017 کا بجٹ آج پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں وزیراعظم پارٹی رہنماؤں کو بجٹ کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے جب کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات کی حتمی منظوری دی جائے گی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد بجٹ دستاویزات قومی اسمبلی کے اسپیشل بجٹ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی۔
کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈار 5.5 ٹریلین روپے حجم پر مشتمل آئندہ مالی سال 18-2017 کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کریں گے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔
وفاقی وزارت مذہبی امورکے مطابق چیرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام ساڑھے 6 بجے اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں کمیٹی ارکان اورمحکمہ موسمیات کے حکام شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوں گے، جو چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی شہادتوں کو وصول اور اس کی تصدیق سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کریں گی۔
اجلاس میں کمیٹی ممبران اورمحکمہ موسمیات کے حکام شرکت کریں گے. وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ چاند کی حتمی رویت کا اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ہی کریں گے تاہم چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں دینے کے لئے 03009285203, 03006329700, 03335453499، 0519207880 اور 03006831822 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند گزشتہ شب 12 بج کر45 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے لیکن آج چاند دکھائی دینے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر18 گھنٹے 55 منٹ ہوگی اورچاند دکھائی دینے کے لئے کم ازکم عمر19 گھنٹے ہونی چاہیے اس لیے پہلا روزہ 28 مئی بروز اتوار ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزسعودی عرب سمیت خلیجی اور مشرق وسطیٰ میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور دنیا کے بیشتر ممالک میں ہفتے کو یکم رمضان ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (واشنگٹن)امریکا میں متعین پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہاپسندی کو ختم کیا جب کہ مستحکم افغانستان خطے کے امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہاپسندی کو ختم کیا جس کے باعث ملک کی سیکیورٹی صورتحال بہت بہتری ہوئی، یہ بہت اچھا موقع ہے کہ پاکستان میں سرمایا کاری کی جائے، پاکستان کی معیشت بھی دن بدن ترقی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مانچسٹر حملے میں بے قصور افراد کو نشانا بنانا بدترین دہشت گردی ہے لہذا دہشت گردوں کا خاتمہ ہونا چاہیے، عالمی سطح پر دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے مسلم ممالک کو ایک ساتھ مل کرکام کرنا ہوگا۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ مستحکم افغانستان خطے کے امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے جب کہ افغانستان میں استحکام وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (پشاور)طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے پریشان پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پشاور میں ہزار خوانی گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا ۔
زرائع کے مطابق کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے پی ٹی آئی کارکنوں کا حوصلہ جواب دے گیا جنہوں نے ایم پی اے فضل الٰہی کی قیادت میں ہزار خوانی گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا ۔
ایم پی اے فضل الٰہی نے ہزار خوانی گرڈ سٹیشن کے تمام فیڈرز آن کر دیے جبکہ واپڈا حکام کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ فضل الٰہی کا کہناہے کہ ہزار خوانی فیڈر سے منسلک100دیہات میں 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، بجلی بحال نہیں کرتے تو خود ہی آگے آئیں گے۔’’ پیسکو حکام سے مذاکرات کے بعد بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی گئی‘‘۔
دوسری جانب ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ ایم پی اے فضل الہٰی کے حلقے میں 70 فیصد خسارے کا سامنا ہے، رمضان کی وجہ سے ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی کرکے 16 گھنٹے کردی ہے، کوشش ہوگی کہ سحری اور افطاری میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ان علاقوں کے عوام کنڈے ہٹا کر میٹر لگوائیں اور بل ادا کریں

 

 


ایمزٹی وی (لاہور)بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے غلطی سے واہگہ بارڈر پار کرنے والے پاکستانی نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔
میڈیاذرائع کے مطابق لاہور کے واہگہ بارڈر پر پریڈ دیکھنے کا شوقین پاکستانی نوجوان غلطی سے بارڈر پار کرگیا جسے بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا ہے۔ پنجاب رینجرز کے مطابق بارڈر کراس کرنے والے 20 سالہ نوجوان کا نام عبداللہ ہے اور اس کا تعلق سوات سے ہے اور اکیلا ہی سوات سے پریڈ دیکھنے لاہور آیا تھا۔

رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ نوجوان پریڈ شروع ہونے سے پہلے ہی واہگہ بارڈر پہنچ چکا تھا اور اس کی حرکتوں سے لگتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ ابھی عوام پریڈ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں آہی رہے تھے کہ پریڈ شروع ہونے سے چند لمحے قبل ہی عبداللہ زیرو لائن پر پہنچ گیا، بارڈر پر موجود پاکستانی سنتری نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے چھلانگ لگا کر بھارتی حدود میں قدم رکھ دیا جس پر بی ایس ایف نے اسے فوراً اپنی حراست میں لیا۔

پنجاب رینجرز نے نوجوان کی واپسی کا مطالبہ کیا لیکن بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نوجوان کی واپسی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے عبداللہ کو پوچھ گچھ اور تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ممبر شب معطل کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کی بلڈنگ میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ذوالفقار علی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں گذشتہ دنوں وکلا ءکے کنونشن کے دوران بدنظمی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے ہائی کورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ لاہوربار ایسوسی ایشن کے مطابق گورنر پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے وکلاءکے ذریعے کنونشن میں بدنظمی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کرائی تھی انہیں اس واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کی ممبر شپ کو معطل کردیا گیا ہے اور آئندہ ہائی کورٹ کی بلڈنگ میں ان کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔
دوسری جناب گورنر پنجاب کے ترجمان نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر پنجاب قانون کی عملداری پر یقین رکھنے والے انسان ہیں اور وہ آئین اور وکلا ءکا احترام کرتے ہیں۔ اس واقعے کے ساتھ گورنر پنجاب کاکسی بھی حوالے سے کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ20جولائی کو وکلاءکنونشن کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وکلاءکا جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے وکلا ءکے ساتھ تصادم ہوا تھا، جس میں مخالفین نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف نعرے بلند کئے تھے، جب کے وکلاءکے درمیان ہاتھ پائی بھی ہوئی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ بار نے پانامہ کیس کے بعد وزیر اعظم پاکستان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ میرے ماتحت ہیں جب چاہے انہیں بلالوں گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل انور سیال نے کہا کہ 20 یا 21 گریڈ کا مسئلہ نہیں، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، موجودہ آئی جی کے آنے سے پہلے سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر تھی، آئی جی سندھ میرے ماتحت ہیں انہیں جب چاہے بلالوں گا، آئی جی سندھ کو باہر جانا تھا تو انہوں نے اجازت سیکرٹری داخلہ سے لی۔
 
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس ، رینجرز اور سندھ حکومت مل کر کام کررہی ہے، سندھ حکومت امن و امن برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور ضرب عضب کی طرح رد الفساد کو بھی کامیاب کریں گے، بلاول بھٹو اور پارٹی قیادت نے واضح کہہ دیاہے کہ بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، ایپکس کمیٹی اجلاس میں بھی واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، اب میں 20 گریڈ کے افسران کی وضاحت نہیں دے سکتا۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بھارتی فلم ’’باہوبلی ٹو‘‘ کی باکس آفس پر زبردست کامیابی کے بعد اداکارپربھاس نے اشتہار میں کام کرنے کے لیے اپنا معاوضہ 10 کروڑ روپے کر لیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’’باہوبلی ٹو‘‘ کے باکس آفس پر 1500 کروڑروپے سے زیادہ کاروبار کرلیا ہے جس کے بعد اداکار پربھاس نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اشتہار میں کام کرنے کا معاوضہ بڑھادیا ہے اور اب وہ اپنے کسی بھی اشتہارکا معاوضہ 10 کروڑ روپے لیں گے جو کہ بالی وڈ خانز سے کئی گنا زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ کچھ کارپوریٹ کمپنیوں نے اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے تاہم پربھاس کی ٹیم کو یقین ہے کہ انھیں اتنا معاوضہ ملے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اب ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار بریڈ پٹ کے بھی استاد بن گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی ووڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ اپنی نئی آنے والی فلم ’وارمشین‘ کی پروموشن کے لیے بھارت پہنچے، ممبئی کے ایک ہوٹل میں ان کی فلم کی تشہیر کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شاہ رخ خان بھی شریک تھے۔
شاہ رخ خان کے ساتھ بات چیت کے دوران اداکاربریڈ پٹ نے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں انٹری نہیں دے سکتے کیونکہ انہیں ڈانس کرنا نہیں آتا، جس پر شا ہ رخ کا ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ ہم کسی کو بھی ڈانس کرنا بہت آسانی سے سکھا دیتے ہیں، میں صرف اپنی باہیں کھولتا ہوں تو وہ ایک ڈانس اسٹائل کہلاتا ہے جب کہ اداکارنے بریڈ پٹ کو ڈانس کی کچھ ٹپس بھی دیں۔
بات چیت کے دوران جب گلوکاری کی بات آئی توایک دم بریڈ پٹ پھربولے کہ انہیں گلوکاری بھی نہیں آتی جس پرشا ہ رخ خان نے کہا کہ گلوکاری تو انہیں بھی نہیں آتی ہے اورفلموں میں سیٹ کے پیچھے کوئی اورہی گاتا ہے۔ بریڈ پٹ نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم ’ان ٹری آف لائف‘ میں انہیں پیانو بجانا تھا جو انہیں نہیں آتا تھا لیکن فلم میں میری جگہ کسی اور لڑکے کو پیانو بجاتے ہوئے دکھایا گیا جس کے ہاتھ میرے جیسے تھے۔