پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرنہال ہاشمی کی درخواست پر ان کا استعفٰی نامنظور کرلیا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس کے آغازپرچیرمین میاں رضا ربانی نے نہال ہاشمی کے استعفے سے متعلق رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی نے سیکرٹری سینیٹ کے دفتر میں آکر اپنا استعفیٰ پیش کیا، سیکرٹری سینیٹ نے بتایا کہ سینیٹر نے استعفیٰ دیگر افراد کے ہمراہ جمع کرایا، مجھے یکم جون کو آرڈر جاری کرنے کی فائل دی گئی، میں نے نہال ہاشمی کو 5 جون کو اپنے چیمبر میں یہ دیکھنے کے لیے طلب کیا کہ کیا ان کا استعفیٰ رضاکارانہ اور اس پر دستخط اصل ہیں۔
چیرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ نہال ہاشمی نے 6 جون کو میرے چیمبرمیں آکر درخواست دی اور زبانی بھی کہا کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لینا چاہتے ہیں، جس پر نہال ہاشمی کی استعفیٰ واپس لینے کی درخواست منظور کرلی گئی، جب تک کوئی رکن پارلیمنٹ چیئرمین کے سامنے ذاتی طورپرحاضر ہو کر اپنے استعفے کی تصدیق نہیں کرتا تو استعفیٰ منظور نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ متنازع تقریرمنظرعام پر آنے کے بعد حکومت نے نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دینےکی ہدایت کی تھی ، جس پر نہال ہاشمی نے اپنا استعفیٰ سینیٹ میں جمع کرادیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے اپنا استعفیٰ واپس لینےکی درخواست کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)رمضان میں ہزاروں گداگر کارندے اپنے گداگروں کی ٹولیاں لے کر کراچی پہنچ گئے گداگروں میں زیادہ تر خواتین ، کم عمر بچے ، ضعیف المعر افراد اور معذور افراد شامل ہے۔
جن کی تعداد ہزاروں میں تصور کی جائے تو غلط نہیں ہوگی رمضان المبارک کے پہلا عشرہ ابھی ختم نہیں ہوا لیکن گداگر کراچی کی اہم مارکیٹوں صدر ایمپریس مارکیٹ ، کوآپریٹو مارکیٹ ، الیکٹرنک مارکیٹ ،زینب مارکیٹ ،موبائل مارکیٹ ، شہاب الدین مارکیٹ ، بولٹن مارکیٹ ، طارق روڈ ، حیدری ، کلفٹن زمزمہ مارکیٹ ، کھڈا مارکیٹ ،جامع کلاتھ ، لائٹ ہاؤس ، جوبلی مارکیٹ ، ہوتی مارکیٹ ، جونا مارکیٹ ، واٹر پمپ انار کلی ، کریم آباد ، مینا بازار ،گلشن اقبال میں مختلف شاپنگ مال، لیاقت آباد، ناظم آباد و شہر کے دیگر مارکیٹوں میں پھیل گئے اور وہاں ڈیرے ڈال دیے گداگروں سے معاہدہ کیا جاتا ہے کہ کم سے کم 200 سے 400 اور زیادہ سے زیادہ500 سے800 روپے دہاڑی دی جائے گی جبکہ کھانا پینا اور رہائش بھی دی جاتی ہے،زیادہ تر گداگر روز کی بنیاد پر ٹھیکیدار سے اپنی دہاڑی وصول کرتے ہیں،شیر خوار بچے رکھنے والی خواتین ترجیح ہوتی ہیں، گداگرعورتیں گاؤں،گوٹھ سے کرائے پر شیرخواربچے لے کر آتی ہیں۔
۔
بھیک ٹائم ختم ہو نے کے بعد ایجنٹ بھکاریوں کو جمع کرکے ان کو عارضی رہائش گاہوں پر پہنچادیتے ہیں ،سروے کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ بھیک مانگنے والے افراد کا کام یہیں ختم نہیں ہو تا ہے بلکہ رات کے اوقات میں نیا دھندا شروع ہو جاتا ہے اور اس کا مافیا سے کوئی تعلق نہیں ہو تا بھیک مانگے والی خواتین مبینہ طور پر عصمت فروشی میں بھی ملوث ہوجاتی ہے جبکہ مرد اور نوجوان شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیاں اور گاڑیوںسے قیمتی سامان چوری کرتے ہیں، گداگروں نے بھی شہر کو نقشے کے حساب سے مارکنگ کرکے آپس میں تقسیم کرلیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فیروز آباد ، بہادر آباد ، نیوٹاؤن، پریڈی، صدر ، کھارادر ، میٹھادر ، لیاقت آباد ، سپر مارکیٹ ، یوسف پلازہ ، عزیزآباد ، نارتھ ناظم آباد ، تیموریہ ، حیدری ، مبینہ ٹاؤن ، گلشن اقبال، عزیز بھٹی ، شاہراہ فیصل ، کلٖفٹن ڈویژن پولیس نے پرائیوٹ بیٹرز کی ذریعے گداگرمافیا کے ٹھکیداروں سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کرکے بھیک مانگے کی اجازت دے رکھی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پولیس ٹھیکیداروں سے 50 ہزار سے لیکر 2لاکھ روپے پہلے ہی وصول کرلیتی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو 13 جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیزکے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز سے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنا جواب جمع کرائیں گے، جس پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں میرے خلاف توہین عدالت کی درخواست پردکھ ہوا ہے، میں وہ شخص ہوں جس نے عدلیہ کی خدمت کی ہے، میں نے تو کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ہی سماعت کا اختیار رکھتا ہے، میرے بیان کو توڑموڑ کرپیش کیا گیا، میں اس درخواست کا جواب دینا چاہتا ہوں، اس لئے وقت دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے دانیال عزیز کو 13 جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔
 

 

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)وزیراعلی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سازشوں کے باوجود ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔
 
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ چار سالہ دور میں شفافیت کے نئے مینار قائم کیے گئے ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں ہمارا ہرقدم عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھ رہا ہے جب کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو مستحکم بنایا ہے۔
 
وزیراعلی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ادارے پاکستان میں کرپشن کی کمی اورشفافیت میں اضافے کا اعتراف کررہے ہیں جب کہ سازشوں کے باوجودملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا ہے لگتا ہے کہ ہماری کسی مخالف سیاسی جماعت نے نہال ہاشمی کوگود لے لیا ہے۔
نہال ہاشمی نے ایک سیٹ کی خاطر اپنی سیاست اور عاقبت خراب کرلی
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزوزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے نہال ہاشمی کا سینیٹ سے استعفیٰ واپس لینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا نہال ہاشمی کو چاہیے تھا کہ استعفے پر قائم رہتے، انھوں نے جوقدم اٹھایا یا ہلکے پن کا ثبوت دیا ایک نشست کی خاطر اپنی سیاست ختم کرلی، نہال ہاشمی نے وعدہ خلافی اور اپنے بیان سے مکرجانے پر اپنی عاقبت بھی خراب کر دی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے قطری شہزادے کو جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے پر راضی کرنے کا ٹاسک مریم نواز اور سیف الرحمن کو سونپ دیا ہے۔
مریم نواز چند دنوں میں قطر کا دورہ کریں گی اور قطری شہزادہ حماد بن جاسم الثانی کو پاکستان آنے یا قطر میں جے آئی ٹی ممبران کو بیان ریکارڈ کرانے پر راضی کرنے کی کوشش کریں گی.
نواز شریف نے اپنے قریبی دوست سیف الرحمن کو بھی مریم نواز کی مدد کرنے کا پیغام بھیجا ہے، اعلیٰ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ قطری شہزادے کے جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے پر راضی کرنے کیلیے مریم نواز اور سیف الرحمن قطری حکمرانوں سے تعلقات سے بھی استفادہ کریں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاناما پیپرزکیس میں جے آئی ٹی نے 15روزہ پیشرفت رپورٹ کو حتمی شکل دے دی جو آج سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔
جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3رکنی خصوصی بینچ آج دوپہر ایک بجے رپورٹ کا جائزہ لے گا، گزشتہ روز مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا 29 واں اجلاس ہوا جس میں قطری شہزادے حماد بن جاسم کے جوابی خط اور حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا جبکہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کارپوریٹ سپروائزرونگ کے سربراہ عابد حسین نے حدیبیہ پیپر ملزکیس کا ریکارڈ جے آئی ٹی میں جمع کرا دیا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کا منی لانڈرنگ پراعترافی بیان بھی ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے جو پرویز مشرف کے دور میں مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کرایا گیا تھا، جے آئی ٹی نے ایس ای سی پی کے3 افسران سے تقریبا ایک ہفتہ قبل پوچھ گچھ بھی کی تھی۔
آئی این پی کے مطابق حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے بعد وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کی سیکیورٹی بڑھاتے ہوئے 24 گھنٹے نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کو بھی اس معاملے سے آگاہ کیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، احسن اقبال، مریم اورنگزیب ، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، شاہد خاقان عباسی شریک تھے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نوازشریف کو پاور پلانٹ کی پیداواربڑھانے اورنئے منصوبوں پربریفنگ دی گئی جب کہ ستمبر2018 تک طلب اوررسد کا جامع نظام بنانے کے لئے بین الوزارتی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس کے دوران کابینہ نے توانائی کمیٹی کی
ایل این جی کے 1200 میگاواٹ کا نیا منصوبہ لگانے کی منظوری دے دی۔
 
اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مستقبل میں توانائی ضروریات کوپورا کرنے کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جائے اوروزارت پانی و بجلی 2023 تک بجلی کی طلب اوررسد کی تجریہ رپورٹ تیارکرے۔ وزیراعظم نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ مینجمنٹ پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں ہرصورت صارفین کوبجلی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں، پاورپلانٹس کی مرمت اوردیکھ بھال کا کام بروقت مکمل کیا جائے جب کہ رمضان المبارک میں مرمتی کاموں کے نام پرکوئی پاورپلانٹ شٹ ڈاؤن نہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کومزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی طلب اوررسد برابرکرنے کے لیے مزید متحرک ہوجائیں جب کہ انہوں نے متعلقہ اتھارٹیزکی جانب سے حکمت عملی بناتے ہوئے کئی معاملات کو نظراندازکرنے پر افسوس کا اظہاربھی کیا۔

 

 

ایمزٹی وی (دوحہ)قطر کی پروازوں کیلئے سعودی سرحدیں بند ہونے کے باعث قطر ایئرویز سے عمرے پر جانے والے سیکڑوں پاکستانی معتمرین دوحہ ائیرپورٹ پر پھنس گئے۔
پاکستانی زائرین کو دوحہ ائرپورٹ سے جدہ اور مدینہ روانہ ہونا تھا تاہم پرواز کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے وہ کئی گھنٹوں سے ائرپورٹ پر محصور ہیں۔ مسافروں میں بزرگ مرد وخواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کے حکام جدہ اور مدینے کی پروازوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کررہے۔
پی آئی اے کے سی ای او نیئرحیات نے محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز قطر روانہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایئر لائن انتظامیہ کو سفارتی سطح پر رابطوں کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ قطر ایئر ویز اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے ۔سفارتخانے کو عمرہ زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دوحہ ائر پورٹ پر پھنسنے والے پاکستانی مسافروں میں سے 15 کا تعلق حیدر آباد سے جب کہ باقی مسافر ملک کے دیگر شہروں کے رہنے والے ہیں۔
سابق صدرآصف زرداری نے قطرمیں پاکستانیوں کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ ترجیحی بنیاد پر اہل وطن کی وطن واپسی یقینی بنایا جائے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2017ءکے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
برطانوی ٹیم کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن رائے، ایلکس ہیلز، جو روٹ، بین سٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، عادل راشد، لائم پلنکٹ، مارک ووڈ اور جیک بال شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کین ولیم سن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، لوک رانچی، راس ٹیلر، نیل بروم، جیمی نیشام، کورے اینڈرسن، مچل سینٹنر، ایڈم ملنے، ٹم ساﺅتھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا جس میں اسے فتح حاصل ہوئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ آسٹریلیا کے خلاف مد مقابل ہوئی تھی اور بارش کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔