پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ فیورٹ ہونے کے سبب چیمپینز ٹرافی کے میچ میں پریشر بھارت پر ہو گا۔
لاہور میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اچھا کھیلنا اور بھارت کو ہرانا اصل ہدف ہو گا ۔ ٹیموں کی رینکنگ سے فرق نہیں پڑتا ،فیصلہ اسی کے حق میں ہوتا ہے جو اچھا کھیلتا ہے اور پریشر کو ہینڈل کرتا ہے ۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ کھیل ہمیں وہ تمام باتیں سکھاتی ہیں جو ایک اچھے انسان اور لیڈر میں ہونی چاہیے ۔

 

 

ایمزٹی وی (چمن)چمن میں پاک افغان سرحد کھول دی گئی، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باب دوستی افغان حکام کی درخواست پرکھولا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نےمیڈیا کو بتایا ہے کہ باب دوستی سرحد افغان حکام کی درخواست پراحترام رمضان کے سلسلہ میں کھولی گئی ہے، سرحد پر ایف آئی اے کا امیگریشن اور کسٹم آپریشن بحال کردیا گیا ہے ۔
چمن سے دوطرفہ تجارت اور مسافروں کی پیدل آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔ اس سے قبل باب دوستی سرحد 4 مئی سے بند تھی ۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے محمد عامر، فخر زمان اور حارث سہیل کو آرام کا موقع دیا ہے۔ وارم اپ میچ سے قبل گزشتہ روز گرین کیپس نے برمنگھم میں بھرپور پریکٹس کی ۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پہلا معرکہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ 4 جون کو ایجبسٹن میں ہوگا۔ کھلاڑی میچ کی بھرپور تیاری کررہے ہیں اور کھیل کے ہر شعبے کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
عمر اکمل کی جگہ لینے والے حارث سہیل نے بھی ٹیم کو جوائن کرلی ہے۔ قومی ٹیم 29 مئی کو آسٹریلیا کے خلاف اپنا دوسرا وارم اپ میچ کھیلے گی۔
 

 

 

ایمزٹی وی (واشنگٹن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس رمضان کو عہد کریں اور یقینی بنائیں کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو دہشتگردی کی لعنت سے آزاد کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ مسلمان دہشتگردی کو ختم کرنے میں مدد کریں ۔دوسری جانب رمضان کے پیش نظر نیویارک پولیس نے مساجد کے ارد گرد سیکیورٹی بڑھا دی، جب کہ واشنگٹن، شکاگو اور دیگر شہروں میں بھی رمضان کے مہینے کے دوران سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ میں نان فائلرز پر ٹیکس کی شرحیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوشوارے داخل کرانے کے بعد ہی اپیل کا حق دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بجٹ میں نان فائلرز کے لیے مختلف مد میں ٹیکس کی شرحیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹیکس گوشوارے داخل نہ کرنے والوں کو اپیل کا حق دینے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں شامل کمپنیوں کوٹیکس کریڈٹ کی چھوٹ میں کمی، ڈیویڈنٹ پرانکم ٹیکس شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر15 فیصد کرنے کی تجویز شامل ہے۔
نان فائلرز پر ٹیکس شرح بڑھانے کا فیصلہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں اضافے کے لئے کیا گیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)قومی ہاکی ٹیم ورلڈ لیگ میں شرکت کیلئے آج لندن روانہ ہو گی ۔
ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم لندن میں ہونے والی ورلڈ لیگ میں شرکت کیلئے آج روانہ ہو رہی ہے ۔ ٹیم کی قیادت عبدالحسیم کریں گے ۔ ٹیم 16کھلاڑیوں اور 4آفیشلز پر مشتمل ہے ۔
ورلڈ لیگ میں شرکت کیلئے ٹیم کے ہمراہ مینجر حنیف خان اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید بھی لندن جائیں گے ۔ہاکی ورلڈ لیگ 15جون سے 25جون تک کھیلی جائے گی ۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ اسلام آباد)مالی سال2017-18کے لئے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 43.8ارب روپے کی کمی کردی ہے۔ جبکہ صحت کے سالانہ بجٹ میں گذشتہ مالی سال کی نسبت 26.6ارب روپے اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں کمی کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 35.7 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال 2016-2017 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے کل79.5 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔اسی طرح مالی سال 2015-16میں 71.5ارب جبکہ مالی سال 2014-15میں اعلیٰ تعلیم کے لئے 63ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔
دوسری جانب مالی سال 2017-18کے دوران حکومت نے صحت عامہ کو ترجیح میں رکھتے ہوئے بجٹ میں خطیر رقم کا اضافہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے بجٹ2017-18میں صحت کے مد میں 49 ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لیے 10ارب روپے مختص ہوں گے۔جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران بجٹ میں محض22.4ارب مختص کئے گئے تھے۔ جبکہ مالی سال2015-16میں 20ارب ،2014-15میں26.8ارب اور مالی سال2013-14میں صحت کے لئے 21ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)پشاور کی جامع مسجد قاسم کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ۔پہلی تراویح بھی ادا کردی گئی.
تفصیلات کے مطابق رات گئے پشاور کی جامع مسجد قاسم میں مفتی شہاب الدین نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہادت شرعی کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتے کو یکم رمضان المبارک ہوگا۔ اس اعلان کے بعد خیبر پختونخواہ کے شہری گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہوگئے ہیں ، مساجد میں پہلی نماز تروایح کے بعد شہریوں کی قلیل تعدا د نے مساجد کا رخ کیا۔
جامعہ مسجد قاسم میں پہلی تراویح کی نماز میں ڈیڑھ صف بھی پوری نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ جامع مسجد قاسم کے منتظمین کی جانب سے گواہوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ان کے رابطہ نمبرز دئیے گئے ۔
واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم رمضان المبارک اتوار کو ہوگا۔