پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (تجارت)اسٹیٹ بینک نے رواں برس کے لئے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے رواں سال کے لیے زکوۃ کا نصاب 38 ہزار406 روپے طے کیا گیا ہے، رواں سال زکوۃ کے نصاب میں 2 ہزار849 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
قانون کے مطابق ملک بھر میں کام کرنے والے تمام شیڈولڈ بینکوں میں سیونگ اکاؤنٹس کے حامل کھاتے داروں کے اکاؤنٹس سے یکم رمضان المبارک کو 38 ہزار406 روپے یا اس سے زائد رقم ہونے پر ازخود زکوٰة کی رقم منہا کرلی جائے گی تاہم خصوصی استثنیٰ کے حامل کھاتیداروں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ سال زکوۃ کا نصاب 35 ہزار557 روپے مقرر کیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)طیاروں کی کمی کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کاآئندہ ماہ سے فضائی آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
پی آئی اے کے افسرنے بتایاکہ پی آئی اے کے بیرون چلے جانے والے جرمن سی ای او نے 6 ماہ قبل ترکی سے 4 طیارے ویٹ لیزپرحاصل کیے تھے ان طیاروں کوپی آئی اے کے فضائی آپریشن میں استعمال کیا گیاتھاتاہم یکم جون کویہ طیارے ترکی کوواپس کردیے جائیں گے ، پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت فضائی بیٹرے میں 32 طیارے شامل ہیں۔
ان میں سے تین سے چار طیارے چیکنگ کے مراحل میں رہتے ہیں،پی آئی اے انتظامیہ کو طیاروں کی کمی کاسامناہے،ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کے چیف حج کوآرڈینٹر انور عادل نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دیدیا اور حج کوآرڈینٹر مقرر ہونے سے معذرت کرلی، اس وقت پی آئی اے انتظامیہ طیاروں کی کمی اور طیاروں سے ہیرون برآمدہونے کے واقعات کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار ہے ۔

 

 

(کراچی) سندھ ہائیکورٹ میں اووربلنگ اورلوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران درخواست گزارکے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ شہرمیں لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، کے الیکٹرک غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ کررہا ہے، کراچی کے مضافاتی اورغریب علاقوں میں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، نیپرا قوانین کے مطابق لوڈشیڈنگ کے احکامات جاری کیے جائیں۔
 
کے الیکٹرک کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جامشورو میں پول گرنے اورگیس کی کمی کی وجہ سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، سندھ حکومت بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ جسٹس عرفان سادات خان نے کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ 2015 میں سیکڑوں شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جاں بحق ہوئے، کیا کے الیکٹرک اب بھی لوگوں کے مرنے کا انتظار کررہا ہے، کیا کے الیکٹرک اورنیپرا لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو نہیں کرسکتا
، بتایا جائے کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کی روک تھام کیلیےکیا اقدامات کررہی ہے سندھ ہائیکورٹ نے 29 مئی کو کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسکردو) پاک فضائیہ نے بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے بعد کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے اپنے تمام فارورڈ ایئربیس آپریشنل کردیئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے پیش نظر پاک فضائیہ کے تمام فارورڈ آپریٹنگ بیسزمکمل آپریشنل کردیئے گئے ہیں اور مختلف جنگی طیاروں کی تربیتی پروازیں جاری ہیں۔
ایئرچیف مارشل سہیل امان سیاچن محاذ کے قریب اسکردو میں فارورڈ آپریٹنگ بیس پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے، ایئر چیف نے ناصرف فضائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبے کو سراہا بلکہ فارورڈ آپریشنل ایریا میں میراج طیارہ اڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ بھی لیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایئرچیف سہیل امان نے کہا کہ ہم سارا سال ہرلمحے تیار رہتے ہیں، یہ معمول کی آپریشنل سرگرمی ہے اور ہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم تیارہیں، قوم کو دشمن کے بیانات پر رتی بھر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسکردو) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اسکردومیں فارورڈ ایئربیس کا دورہ کیا، اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے ایئر چیف سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے لیے کوئی بھی صورتحال مشکل نہیں، ضرب عضب کے مشنز ہوں یا رد الفساد، پاک فضائیہ کا بھرپورکردارہے، ہم سارا سال ہرلمحے تیاررہتے ہیں، یہ معمول کی آپریشنل سرگرمی ہے اورہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم تیار ہیں۔
ایئرچیف نے کہا کہ قوم کودشمن کے بیانات پررتی بھر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، قوم کو اعتماد ہونا چاہیے کہ پاک فضائیہ سرحدوں کی حفاظت کے لیئے ہر دم تیار ہے۔ اگر کسی جانب سے بھی مہم جوئی کا سوچا گیا تو ہماری جانب سے پوری طاقت سے جواب ملے گا، اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے 50 فیصد اسٹریٹجک تیل ذخائر فروخت کرنے کی تجویز پیش کردی، جس سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے اوپیک کی کوششوں کو دھچکہ لگنے کا خدشہ ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردی بجٹ پروپوزلز میں اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو (ایس پی آر) کی اکتوبر2018 سے 10 سال کے اندر فروخت سے 16.5 ارب ڈالر کی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کے پاس 688 ملین بیرل اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر موجود ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت2 ڈالر کے اضافے سے1260 ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث گزشتہ روز فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب100 اور86 روپے کی کمی ہوئی۔

 

جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر50 ہزار 150 اور دس گرام 42 ہزار 985 روپے رہ گئی، اس کے برعکس چاندی کی تولہ قیمت کسی ردوبدل کے بغیر730 اور دس گرام 625.71 روپے رہی۔

 

 

ایمزٹی وی (تجارت)آئندہ مالی سال 2017-18 کے وفاقی بجٹ کا حجم 5.5 ٹریلین روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایاکہ اگلے مالی سال کے وفاقی بجٹ کے خدوخال کے مطابق آئندہ مالی سال کیلیے قومی ترقیاتی بجٹ(پی ایس ڈی پی) کا حجم2113 ارب روپے جس میں سے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1001 ارب روپے جبکہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کا حجم1112 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اگلے بجٹ میں دفاعی بجٹ کا حجم950 ارب روپے، مالیاتی خسارے کا ہدف1.5 ٹریلین روپے، اخراجات جاریہ کیلیے4.35ٹریلینروپے رکھے جارہے ہیں اورآئندہ مالی سال کے دوران کارپوریشن کا بجٹ 400ارب روپے ہوگا، 411 ارب انفرااسٹرکچر کے لیے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لیے 320ارب روپے، ریلوے کے لیے 43ارب روپے، ایوی ایشن کے لیے 44ارب روپے رکھے گئے ہیں، آئندہ مالی سال کے لیے توانائی کے منصوبوں کے لیے 404ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں اس کے علاوہ اخراجات کو پورا کرنے کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف4007 ارب روپے مقرر کیے جانے کی توقع ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں کا یہ ہدف حاصل کرنے کیلیے اگلے سال 5 کھرب روپے سے زائد کا اضافی ریونیو اکٹھا کرنا ہوگا جس کیلیے نئے ٹیکسوں کے اطلاق اور انتظامی و انفورسمنٹ اقدامات کے تحت مجموعی طور پر 187 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے اور باقی کے315 ارب معمول کی ریونیو گروتھ اور نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس واجبات کی ریکوری سے پورا کیا جائے گا اسی طرح اگلے بجٹ کیلیے ٹیکس ٹو جی ڈی کی شرح کا ہدف11 فیصد مقرر کیاجارہاہے۔
اقتصادی سروے میں بتایا جائے گا کہ رواں مالی سال کیلیے جی ڈی پی کی شرح 5.3 فیصد ہے جس میں زراعت کا حصہ 3.5فیصد ہے تاہم مجوزہ اکنامک سروے کے مطابق مینوفکچرنگ رواں سال 5.3 فیصد رہی جوگزشتہ سال کے دوران 3.7فیصد تھی، مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بہتری اس بات کی علامت ہے کہ صنعتی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، آئندہ سال مزید بجلی سسٹم میں شامل ہوگی جس سے صنعتی ترقی میں مزید مدد ملے گی، خدمات کے شعبے میں اس سال6فیصد گروتھ دیکھنے میں آئی جوگزشتہ سال 5.6فیصد تھی، خدمات کا شعبہ اپنے ہدف سے بھی بہتررہا جس کی وجہ اقتصادی بحالی اور اقتصادی راہداری منصوبہ ہیں۔
جولائی سے اب تک محصولات 3.146 ٹریلین ہیں جوگزشتہ سال 2.9ٹریلین تھے، اگلے سال کے لیے برآمدات کا ہدف 23ارب 10کروڑڈالر رکھا گیا ہے، اس سال برآمدات 21 ارب 70 کروڑ جبکہ گزشتہ سال یہ 22ارب ڈالر رہی تھیں، وزیراعظم کے پیکیج کے بعد یہ 24ارب ڈالر تک بڑھ جائیں گی، وزیراعظم کے حالیہ پیکیج سے برآمدات میں10فیصد اضافے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے افراط زر کی شرح 6فیصد مقرر کی گئی ہے، سرمایہ کاری کا ہدف 17.2فیصد مقررکیاگیا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی (چترال)عوامی نیشنل پارٹی کے نو منتخب صدر عیدالحسین نے گزشتہ روز چترال پریس کلب میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ سابق وزیر اعلی امیر حیدر ہوتی اپنے دور اقتدار میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے چترال میں تعمیر کئے ۔ جبکہ چترال کی سب سے پہلی ڈگری کالج اور چترال پاور ہاؤس بھی اے این پی کے مرحوم وزیر اعلی ارباب سکندر خان خلیل کے ہاتھوں تعمیر ہو ا ۔ چترال کو اے این پی نے پانچ سالوں کے دوران وہ کچھ دیا جو دیگرپارٹیاں مسلسل اقتدار کے باوجود اس کا عشر عشیر تک چترال کو نہ دے سکےاور یہ وہ پارٹی ہے جس میں ایک دوسرے کی عزت کی جاتی ہے ۔


اس موقع پر پارٹی کے دیگر عہدیدار اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے پارٹی کے سنئیر رہنماؤں کی طرف سے بطور صدر اُنہیں منتخب کرنے پر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا کہ وہ اُن کے اعتماد پر پورا اُترنے اور پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔ اور انشااللہ آیندہ الیکشن میں چترال کے عوام اور پارٹی کارکناں کے بھر پور تعاون سے تینوں نشستیں اے این پی کے حصے میں آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ چالیس سال پیپلز پارٹی کیلئے اپنا وقت ، وسائل سب کچھ قربان کیا ۔ لیکن اُن کو عزت عوامی نیشنل پارٹی نے دی ۔ اور یہ اُن کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے ۔نو منتخب صدر نے کہا کہ امیر حیدر خان ہوتی کی چترال سے دلی محبت ہے ۔ جس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے سات مرتبہ اپنے اقتدار کے دوران چترال کا دورہ کیا ۔ اور 19ارب روپے کے ترقیاتی منصبوں کا جال چترال میں پھیلایا ۔ جن کے افتتاح ان دنوں مختلف جگہوں میں زور و شور سے ہو رہے ہیں ۔ اور عوام کو یہ بہتر معلوم ہے ۔ کہ افتتاح کئے جانے والے منصوبے کس وزیر اعلی کے ہاتھوں ہوئے اور کس نے فنڈ فراہم کی ۔ انہوں نے کہا جو پارٹی ضلع میں اُن کا ایک بھی نمایندہ نہ ہونے کے باوجود چترال کے مسائل کے حل میں اتنی دلچسپی لیتا ہے ۔ اُس پارٹی کو اگر چترال سے نمایندگی ملے تو وہ چترال کی اس سے کئی گنا زیادہ خدمت کرے گا ۔

انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو حکومت چترال شہر کے اندر سیلاب سے متاثرہ دو پیدل پُل تین سال کے اندر بحال نہ کر سکا اُس سے مزید خیر کی کیا توقع رکھی جا سکتی ہے ۔ افسوس تو یہ ہےکہ ان کو اس بارے میں احساس بھی نہیں ہو رہا ۔ عیدالحسین نے کہا ۔ کہ ایم پی اے سلیم خان پُرانی قبروں پرتازہ مٹی ڈال کر خود کو دلاسہ دینے کی کوشش کر رہا ہے ۔ اور چترال کے لوگ اتنے سادہ لوح بھی نہیں ہیں کہ یہ شعبدہ بازی نہ سمجھ سکیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ الیکشن میں صوبائی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی ۔ وہ اُس پر عمل کے پابند ہوں گے ۔

قبل ازین ضلع کونسل حال چترال میں عوامی نیشنل پارٹی کے نو منتخب عہدہ داروں کی حلف بردادری کی تقریب ہوئی ۔ پارٹی کے بزرگ رہنما پروفیسر توفیق جان نے نومنتخب عہدہ داروں سے حلف لیا ،اس موقع پر ضلع کونسل ہال کارکنوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔ جبکہ پارٹی کے سنئیر رہنما ؤں سابق صدر سید مظفر علی شاہ جان، مولانا عبد الطیف ، صوبائی خواتین ونگ کی جوائنٹ سیکرٹری خدیجہ سردار ، کرنل ( ر ) سردار محمد خان ، محی الدین وغیرہ موجود تھے ۔ایم آئی خان سرحدی ایڈوکیٹ نے خدائی خدمتگار خان عبدالغفار خان کی انگریزوں کے خلاف معرکہ آرائی اور عدم تشدد کی سیاست پر روشنی ڈالی ، جبکہ محی الدین نے چترال میں پانج سالوں کے دوران ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا مکمل ریکارڈ پیش کیا ۔ جبکہ خدیجہ سردار نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز اور پی ٹی آئی کی ایم پی اے کی طرف سے اے این پی کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانے کے سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ اے این پی کے کارکنوں کو چاہیے  کہ اُن کو روکیں ۔ انہوں نے کہا اگر اُن کو افتتاح کا اتنا ہی شوق ہے تو اپنی کوششوں سے منصوبے تعمیر کروائیں اور اُن پر اپنا نام لکھوائیں ۔ لیکن انگلی کٹا کے شہیدوں میں نام لکھنے کی کوشش نہایت ہی مذموم عمل ہے ۔

تقریب سے نو منتخب عہدہ داروں سنئرنائب صدر قاری نظام الدین ، نائب صدر قربان علی ( ر) صوبیدار میجر ، مہمان مقررالحاج خورشید علی خان ،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری شیر آغا ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عابد حسین جان اور صدر محفل سید توفیق حسین جان نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں پاکستان پیپلز پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے پارٹی چھوڑ کر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ جن میں شہزاد علی ، امتیاز ، محمد اسلام ، محمد امین نے پی پی پی اور فواد اعظم ،شہریار خان وغیرہ نے تحریک انصاف سے اے این پی میں شمولیت اختیارکی ۔

 

 

ایمزٹی وی (گلگت بلتستان )وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے صوبائی سیکریٹری خزانہ کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی توقعات کے مطابق اور عوام دوست ہوگاصوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں گے صحت، تعلیم اور یوتھ پر خصوصی توجہ دی جائے گی صوبے کا آئندہ مالی سال کا بجٹ تاریخی ہوگاترقیاتی بجٹ 9 ارب بڑھ کر17 ارب پر جارہا ہے گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال ہوا ہے جس پر تمام ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ تمام اداروں نے متعین کردہ اہداف حاصل کرلئے ہیں ترقیاتی بجٹ کے 100 فیصد استعمال کی وجہ سے وفاقی اقتصادی کونسل میں گلگت بلتستان کے بجٹ میں 8بلین کا اضافہ ہوا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان میں اب کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ التواء کا شکار نہیں ہوگا تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے مشرف دور میں گلگت بلتستان کیلئے صرف 2 ارب بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور پیپلز پارٹی کے دور میں صرف ڈیڑھ ارب بجٹ کا اضافہ ہوا جبکہ قائد عوام و وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی واحد حکومت ہے جس میں گلگت بلتستان کیلئے بجٹ میں 8 ارب کا اضافہ ہواآئندہ مالی سال کا بجٹ عوام کے توقعات کے عین مطابق ہوگا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ حکومت ہسپتالوں، اسکولوں سمیت تمام شعبوں کی مزید بہتر بنائے گی پہلی مرتبہ ماسٹر پلان کیلئے بجٹ میں رقم مختص کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے سیمینارز کرائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ شہر میں ماسٹرپلاننگ میں روڈ انجینئرنگ، ٹریفک پلان جدید خطوط کے مطابق کیاجائے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں گلگت بلتستان کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی سٹڈ ی اور کنسلٹینسی کیلئے رقم مختص کیا جائے گاعوام کو صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کنوداس سکارکوئی اور کے آئی یو ایریا کیلئے واٹر سپلائی ماسٹر پلان کی منظوری دی۔ ا
س موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں خصوصی سیل قائم کیا جائے گا جو ترقیاتی منصوبوںکو ماسٹر پلان کے مطابق یقینی بنانے کا جائزہ لے گا ترقیاتی منصوبوں کیلئے حکومت کے پاس مالی وسائل کی کمی نہیں ہے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے گلگت میں بائی پاسسز، شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبے کا جلد آغاز کیا جائے گاشہر میں اربن ٹرانسپورٹ متعارف کرائیں گے تمام اداروں کو ہدایت کی جائے گی کہ پانچ سالہ منصوبہ بندی کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کوحتمی شکل دیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت شہر کے ماسٹرپلان کے حوالے سے محکمہ گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دیئے جانے والی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی کہ شاہراہوں کی پیج ورک پر جلد از جلد کام کا آغاز کیاجائے۔