پیر, 13 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (کراچی/ تعلیم)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق سالانہ امتحان کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔
انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوسرے مرحلے میں انٹر آرٹس ریگولر اور پرائویٹ امیدواروں کے امتحانات لئے جائینگے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وفاقی وزیراخلہ چوہدری نثار علی کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوشل میڈیا غیر منظم نظریہ ہے جس پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ، سوشل میڈیا میں کوئی بھی کسی بھی نام اور مذہب سے اکاؤنٹ بنا سکتا ہے جس کی وجہ سے بڑی مقدار میں توہین آمیز اور قابل اعتراض مواد سامنے آیا جس میں ہماری انتہائی مقدس ترین ہستیوں سے متعلق ہرزہ سرائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون پر سوشل میڈیا کے حملے ہوئے ہیں اور پچھلے چند ہفتوں سے پاک فوج کے حوالے سے تضحیک آمیز پوسٹ سامنے آئی ہیں، کوئی پاکستانی اپنی فوج کے بارے میں ایسی پوسٹس نہیں ڈال سکتا کیوں کہ ہم پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں اور فوج جانوں کا نذرانہ دے رہی ہے لہذا فوج سے متعلق توہین آمیز پوسٹس ناقابل قبول ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائی جارہی لیکن جمہوری ملک کے لیے مادر پدر سوشل میڈیا قابل قبول نہیں لہذا قانون آئین کی پاسداری کرنا لازمی ہے اس لیے سوشل میڈیا پرکچھ ایس اوپیز اتفاق رائے سے طے کی جائیں گے اور پوسٹس بے نام یا کسی اور نام سے نہیں ہونی چاہییں جب کہ نامناسب پوسٹ ڈالنے والوں کے لیپ ٹاپ کے فارنزک ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی پوسٹس کا تعلق چاہے میری پارٹی سے ہو ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے اور عمران خان شناخت کریں اگر (ن) لیگ کے کسی شخص نے فوج یا عدلیہ کے خلاف پوسٹ ڈالی ہوتو پکڑیں گے جب کہ پاکستان نے توہین مذہب سےمتعلق مواد کے خلاف بہت کچھ کیا جس کی وجہ سے گستاخانہ مواد کے خلاف کارروائی پر پوسٹس نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔
نیوز لیکس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی سے متعلق ضابطہ اخلاق پراتفاق طے پایا اور کمیٹی کی متفقہ مجوزہ سفارشات پر عمل درآمد ہو رہا ہے جب کہ میرا خیال ہے ہم مل کر سفارشات آگے لے کر چلتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت) کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں 5 سال تک کے 22 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائے گی۔
ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر ایم توفیق کا کہنا ہے کہ پولیومہم کے دوران پولیورضاکاروں، موبائل ٹیموں، فکس مراکز، بس اڈوں اور ریلورے اسٹیشنوں پر بھی پولیورضاکار فرائض انجام دے رہے ہیں، انسداد پولیو مہم کے لیے ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کیے ہیں رضاکاروں کی حفاظت کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکار موجود رہیں گے ۔
دوسری جانب ماہرین طب کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس مئی سے اگست تک گرمی کے موسم میں شدت اختیار کرتا ہے اس موسم میں پولیو وائرس تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے پاکستان میں گرم موسم شروع ہوتے ہی پولیو کے کیس بڑھتے ہیں کسی بھی علاقے میں پولیوکا ایک کیس بھی رپورٹ ہونے پر اسے وبائی مرض قرار دیا جاتا ہے کیونکہ پولیو وائرس ہوا میں شامل ہوکر 2 کلو میٹر تک فضا میں رہتا ہے جو 5 سال سے کم عمر کے بچوں پر حمل آور ہوتا ہے اور بچے کو ہمیشہ کے لیے معذور بنادیتا ہے پولیو وائرس حملہ آور ہوتے ہی بچے کو مفلوج کردیتا ہے، بچے کی ٹانگیں اور نچلادھڑ مفلوج ہوجاتا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)ڈی آئی جی ٹریفک کراچی آصف اعجاز شیخ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ٹریفک کا نظام مربوط انداز میں چلانے کے لیے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
آصف اعجاز شیخ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اورایف پی سی سی آئی کی لا اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین ندیم خان کی جانب سے دیے گئے استقبالیے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ہرممکن کوشش کہ شہریوں سے نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے لیکن شہریوں پربھی یہ لازم ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مثبت رویہ رکھیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی آصف شیخ نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں سڑکوں پر تیز رفتاری سے گاڑیاں چلا کر جلد گھر پہنچنے کے بجائے افطار سے ایک تا ڈیڑھ گھنٹہ قبل دفاتر سے اپنے گھروں کو روانہ ہوں تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا نہ ہو انھوں نے حالیہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے بارے میں کہا کہ قانون کی پاسداری ہمارا فرض ہے اور ہم عدالتی حکم پر اپنے فرائض ادا کررہے ہیں۔
اس موقع پر ندیم خان نے کہا کہ شہر میں چنگ چی رکشوں کی بھرمار کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے چنگ چی رکشوں کے ڈرائیور سڑک کے درمیان رکشے کھڑے کردیتے ہیں جس سے حادثات ہوتے ہیں چنگ چی رکشوں کی انجمن کو پابند کیا جائے گا کہ وہ چنگچی رکشا ڈرائیوروں سے قانون کی پاسداری کرائیں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ماہ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہے گی۔
واضح رہے کہ ادارے سڑکوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرلیں فیڈریشن ہاؤس میں پہلی بار ایسا اجلاس ہوا جس میں 130 ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار شریک ہوئے جن میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پیز، ایس پیز، ڈی آئی جی اور ایس او شامل ہیں اور اس اجلاس کا فائدہ یہ ہوا کہ ٹریفک پولیس نے تاجر اور صنعتکار برادری کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق امور پرغورکیا گیا۔ اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ عوام کی امیدوں کے مطابق ہوگا جس میں ترقیاتی شعبے پرخاص توجہ ہوگی، نیا مالی سال ترقی، روزگار، تعلیم اور اچھی صحت کا سال ہوگا، حکومت کی کوشش ہوگی کہ اہم منصوبوں کو وقت میں مکمل کیا جائے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم اورصحت کے شعبوں پربھی توجہ مرکوزکی جائے گی، توانائی کے بحران کی وجہ سے صنعتی ترقی میں مسائل ہیں، سندھ حکومت صنعتی ترقی کے لئے توانائی کے خاص پروگرام شروع کرے گی، نیا مالی سال کوئلہ، ہوا اور شمسی توانائی کا سال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے کچھ اہم منصوبے شروع کئے جائیں گے جب کہ کراچی کو ایک اور ترقیاتی پیکج دیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزارت مذہبی امور حکام نے ملک بھر میں ایک ہی روز پہلے روزے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس کے لیے چیف خطیب خیبر پختونخوا کو بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمٰن کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوگا جس کے لئے وزارت مذہبی امور نے چاروں صوبوں کے محکمہ اوقاف کے حکام سے رابطے کرکے درخواست کی ہے کہ رمضان المبارک پر قومی اتفاق نہایت ضروری ہے اور امید ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر پورے ملک میں رمضان المبارک ایک ہی روز میں شروع ہوگا۔
 
وفاقی وزارت نے خیبرپختون خوا کے ڈی جی مذہبی امور کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر اتفاق رائے کے لئے مسجد قاسم پشاور سے بھی رابطہ کیا جائے اور انہیں اس حوالے سے قائل کرنے کی کوشش کی جائے جب کہ چیف خطیب کے پی کو بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)سندھ حکومت نے متعدد وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلیاں کرکے ان کے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سہیل انور سیال جن کے پاس زراعت، معدنیات اور سپلائی اینڈ پرائسز کی ذمہ داریاں تھیں اب انہیں ایک بار پھر صوبے کا وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے اور دیگر وزارتیں بھی ان ہی کے پاس رہیں گی۔
سہیل انور سیال کے پاس یہ وزارت پہلے بھی تھی لیکن مراد علی شاہ کے وزیراعلی بنتے ہی ان سے یہ ذمہ داریاں واپس لے لی گئی تھیں اور وزارت داخلہ کا قلمدان بھی مراد علی شاہ کے پاس ہی تھا۔
ناصر حسین شاہ سے ٹرانسپورٹ اور زکوۃ عشر و مذہبی امور کی ذمہ داریاں واپس لے کر اب صوبے کے وزیرصحت ڈاکٹر سکندر میندھرو کے سپرد کردی گئیں ہیں لیکن ناصر حسین شاہ کو اب سندھ کا وزیراطلاعات بنا دیا گیا ہے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)عمران خان نے نااہلی کیس میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں کہا ہے کہ لندن میں فلیٹ کی خریداری کے بعد انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ کیپیٹل گین ٹیکس سے بچنے کے لیے آف شور کمپنی بنالیں اور نیازی سروسز لمیٹڈ کا صرف ایک فلیٹ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے سپریم کورٹ کے حکم پرنااہلی کیس میں 35 صفحات پرمشتمل جواب جمع کرا دیا ہے جس میں تین صفحات پر مشتمل ان کا بیان حلفی بھی شامل ہے۔ اپنے جواب میں انہوں نے بطور پارٹی چیرمین پی ٹی آئی کے تمام کھاتوں کی تصدیق کی ہے۔
اپنے تحریری بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے 1971 سے 1992 تک کرکٹ بطور پیشہ کھیلی، کرکٹ سے حاصل رقم بذریعہ چیک وصول کی اور اس پر تمام ٹیکس بھی ادا کئے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کمنٹری اور لیکچرزسے بھی رائلٹی لی۔ انہوں نے 2002 سے آج تک تمام ٹیکس ریٹرنز اور اثاثہ جات ظاہر کئے اور کبھی متعلقہ اتھارٹیز نے ان پر اعتراض نہیں اٹھایا۔
عمران خان نے کہا کہ لندن میں کرکٹ سے حاصل آمدنی سے ایک لاکھ 17 ہزار پاؤنڈ مالیت کا فلیٹ خریدا، فلیٹ کی خریداری کے بعد قانونی ماہرین نے کیپیٹل گین ٹیکس سے بچنے کے لئے انہیں آف شور کمپنیاں بنانے کا مشورہ دیا اور نیازی سروسز لمیٹڈ کا صرف ایک فلیٹ ہے، فلیٹ کی فروخت کے وقت وہ لندن میں مقیم نہیں تھے، اس سلسلے میں رقوم کی منتقلی بارکلیز بینک کے ذریعے کی گئی، بنی گالا میں اراضی اہلیہ اوربچوں کے لئے خریدی تھی، اسلامی قوانین کے مطابق طلاق کے بعد سابق میاں بیوی کا ایک دوسرے کی جائیداد میں کوئی حصہ نہیں ہوتا لیکن برطانوی قانون کے تحت دونوں ایک دوسرے کی جائیداد میں برابرکے شریک ہوتے ہیں لیکن طلاق کے بعد جمائما اپنے حصے سے دستبردارہوگئیں۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر نوشہرہ سیکٹر پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا ۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی چیک پیوسٹ تباہ کی تاہم پاک فوج نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نوشہرہ سیکٹر پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کے دعویٰ کو مکمل طورپر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔
 
 
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پار شہریوں پر فائرنگ کا بھارتی دعویٰ بھی غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
 
واضح رہے بھارتی فوج نے نوشہرہ سیکٹر پر پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو دن کی ہلچل کے بعد بالآخر چیمپینز ٹرافی میں عمر اکمل کی جگہ عمر امین کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جنہوں نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے دوران بکی سے رابطے میں ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔
تفصیل کے مطابق چیمپینز ٹرافی میں عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد باہر کر دیا گیا اور اب ان کی جگہ عمر امین کو ٹیم میں شامل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے جو برمنگھم میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے ۔
 
عمر امین 4ٹیسٹ اور15ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں ۔27سالہ عمر امین نے 2010میں ڈیبیو کیا اور انہوں نے آخری ون ڈے 2014میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا ۔واضح رہے کہ عمر امین نے پی سی بی کی اینٹی کرپشن کمیٹی کو بیان حلفی جمع کرایا ہے جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے بکی یوسف کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور بکی نے انہیں پی ایس ایل میں دو گیندیں روکنے کے لیے 20لاکھ روپے کی پیشکش بھی کی تھی