ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کراچی روانگی کیلئے ایئر پورٹ پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان ”کراچی حقوق ریلی “ کی قیادت کیلئے بنی گالہ سے کراچی کیلئے روانہ ہو گئے ۔انکے ہمراہ پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی کراچی حقوق ریلی مزار قائد سے جیل چورنگی تک نکالی جائے گی جس کی قیادت عمران خان کریں گے جس میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی کے کارکن بھی مزار قائد پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمارے ہیرو ہیں،پوری دنیا میں پاکستان کیخلاف شدت پسندی کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جس کا خاتمہ ہم کلچرل اور سافٹ امیج کے ذریعے کر سکتے ہیں، پاکستان ایک پر امن ملک ہے جہاں فنکاروں کی قدر کی جاتی ہے، وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق فلم اور کلچرل پالیسی لانچ ہونے جا رہی ہے جو پاکستان کے سافٹ امیج کو پروموٹ کرے گی۔ ایکسپو سنٹر میں ایک نجی ٹی وی کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں’’سرکاری خبر رساں ادارے ‘‘سے خصوصی بات چیت کر تے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور اس قسم کے ادارے اس ٹیلنٹ میں مزید نکھار پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت ہی ہمارا اصل رنگ ہے اور ثقافتی شو آرٹ اور کلچر کو پروموٹ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فیشن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈان لیکس پر حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کرنے کے بعد پاک فوج نے معاملے کی خود تحقیقات کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا۔ پاک فوج ڈان لیکس کی خود تحقیقات کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے کیونکہ پاک فوج کے خیال میں رپورٹ میں پوری حقیقت سامنے نہیں آئی اور فوج معاملے کی مکمل تحقیقات کروانا ضروری سمجھتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ میں پرویز رشید کو بری الذمہ قراسر نہیں دیا گیا تھا تاہم پاک فوج ڈان لیکس کے معاملے پر قوم کے سامنے مکمل سچ لانا ضروری سمجھتی ہے۔
ایمزٹی وی (دیربالا) دیر بالا میں لواری ٹاپ کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے 10افرادجاں بحق ا ور متعدد زخمی ہو گئے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق لواری ٹاپ کے قریب مسافروں سے بھری بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری ، حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 10افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہیں جنہیں نکال کر ہسپتال منتقل کرنے کیلئے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بس دیر بالا سے چترال جا رہی تھی کہ لواری ٹاپ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد امدادی ٹیموں کو روانہ کر دیا گیاہے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد)سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ڈان لیکس معاملے میں چھوٹوں موٹوں کی قربانی دیکر اصل مجرموں کو بچانے کی کوشش کی گئی ہے، قوم کو بتایا جائے معاملے کے اصل کرداروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟اصل رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔ سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا کہ ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لائی جائےاور بتایا جائے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے اندر کی خبر کس نے لیک کی؟ قومی سلامتی کو داؤ پر لگانے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں ہو سکتے اور نہ ہی قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہو سکتا ہے۔ پرویز مشرف مطالبہ کیا ہے بتایا جائے کہ قومی سلامتی کی خبر لیک ہونے میں اصل کردار کس کا ہے؟ چھوٹوں موٹوں کی قربانی دے کر اصل کردار کو چھپایا جا رہا ہے، بتایا جائے کہ اصل کردار کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے؟۔